مزید خبرں

خواتین سی ایس ڈی میں شمولیت کا دعویٰ 

جموں //متعدد خواتین نے سیول سوسائٹی فار ڈیو لپمنٹ آف جموں وکشمیر میں شمولیت اختیار کرلی ۔ان خواتین کا تنظیم میں استقبال کرنے کیلئے پنیت سنگھ جموال کی قیادت میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کے دوران سیول سوسائٹی فار ڈیو لپمنٹ آف جموں وکشمیر کے صدر پنیت سنگھ جموال نے کہاکہ سماج میں عوامی مسائل کو دور کرنے کیلئے مجموعی کوشش کی اشد ضرورت ہے جبکہ ان خواتین کی تنظیم میں شمولیت سے عوامی مسائل کو حل کر نے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ سماج کی تعمیر و ترقی میں خواتین ایک اہم رول اد ا کر سکتی ہیں ۔موصوف نے تنظیم کے ممبران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے اپنی آواز بلند کرتے ہوئے قانون نافذکرنے والی ایجنسیوں کیساتھ تعاون کریں ۔
 
 

این ایچ پی سی کے ریجنل دفتر میں طبی کیمپ منعقد

جموں //این ایچ پی سی کی جانب سے ریجنل دفتر جموں میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔شری ماتا ویشنو دیوی سپر سپشلٹی ہسپتال انتظامیہ کے اشتراک سے منعقدہ اس طبی کیمپ کے دوران 62ملازمین اور ان کے کنبے کے دیگر افراد کا ارتھو پیڈک چیک اپ کے علا وہ مفت ادویات فراہم کی گئیں ۔اس طبی کیمپ کے دوران ڈاکٹروں کی ایک ماہر ٹیم نے مریضوں کی طبی جانچ کرنے کے علا وہ ان کو قیمتی مشورے بھی دئیے ۔طبی کیمپ کا افتتاح ایگز یکٹو ڈائریکٹر این ایچ پی سی ریجنل دفتر جموں چندر موہن نے کیا جبکہ ان کے علا وہ کیمپ میں شری ماتا ویشنو دیوی سپر سپشلٹی ہسپتال کٹرہ کے آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر عمران غنی ،ڈاکٹر پوجا گپتا ،ڈپٹی سی ایم او این ایچ پی سی ودیگر ملازمین بھی مو جود تھے ۔
 
 

محبو بہ مفتی نے نیتی کور کی حوصلہ افزائی کی 

جموں // پی ڈی پی صدر اور سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پاور لفٹنگ میں گولڈ میڈل جیتنے والی نیتی کور کی حواصلہ افزائی کی ۔انہوں نے نیتی کور کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ وہ کھیل کے سلسلہ میں ان کی ہر مدد کیلئے تیار ہیں ۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ ان کی جانب سے دکھائی گئی کارکردگی کے بعد ریاست میں لڑکیاں پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی جانب بھی راغب ہو نگی ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں کھیلوں کی جانب راغب کیا جائے تاکہ وہ منشیات ودیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی جانب راغب نہ ہوں ۔اسی دوران کٹھوعہ اور آر ایس پورہ کے لوگوں کا ایک وفد پرویز وفا کی قیادت میں پی ڈی پی صدر سے ملا قی ہوا ۔وفد نے ان دونوں اضلاع میں عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کی۔پی ڈی پی صدر نے عوامی مسائل کو بغور سننے کے بعد یقین دلایا کہ ان کی جائز مانگوں کے سلسلہ میں اعلیٰ احکام کیساتھ بات کی جائے گی ۔
 

چائلڈ لائین سروس سے متعلق ورکشاپ کا افتتاح 

جموں//جموں اینڈ کشمیر انٹی گریٹیڈ چائلڈ پروٹیکشن سروسز( جے کے آئی سی پی ایس) اور چائلڈ ریسورس سینٹر( سی آر سی) نے چائلڈ لائین سروس سے متعلق یک روزہ خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔چائلڈلائین انڈیا مرکزی وزارت خواتین و بچوں کا ایک پروجیکٹ ہے اور چائلڈ لائین انڈیا فاؤنڈیشن ایک رضا کارانہ تنظیم ہے جو بچوں سے متعلق ٹیلی فون ہیلپ لائین چلارہا ہے تا کہ تکلیف میں مبتلا بچوں کی طرف سے اطلاعات حاصل کی جاسکیں۔یہ ملک کا بچوں کے لئے پہلا ٹول فری فون آؤٹ ریچ سروس(1098 ) جو24 گھنٹے چالو رہتی ہے۔اس موقعہ پر ایس سی او سی کے چیئرپرسن جسٹس حسنین مسعودی مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے جسٹس حسنین مسعودی نے چائلڈ لائین کے رول کو اُجاگر کیا جو بچوں تک پہنچنے کے لئے ایمرجنسی آؤٹ ریچ سروس ہے۔انہیں بتایا گیا کہ2020 تک ریاست کے تمام22 اضلاع میں چائلڈ لائین انڈیا فاؤنڈیشن کے ذریعے چائلڈ لائین سروسز کے مراکز قائج کئے جائیں گے۔ممبر ایس سی او سی راجیو کھجوریہ نے اس موقعہ پر ریاست میں چائلڈ لائین کے خدو وخال بیان کئے۔چائلڈ ویلفیئر کمیٹیز کے چیئرپرسن اس موقعہ پر موجود تھے۔اس سے قبل آئی سی پی ایس جے اینڈ کے کے ایڈمنسٹریٹو افسر ڈاکٹر محمد حُسین نے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔
 

خورشید گنائی نے مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا

جموں//مہا تما گاندھی کو اُن کے72 ویں یوم وصال کے موقعہ پرگورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی ملک کے تئیں جنگ آزادی میں حصہ لینے کے رول کو اُجاگر کیا ہے۔اس موقعہ پر مشیر موصوف نے گاندھی گلوبل فیملی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں بھی شرکت کی جس کا اشتراک یونائٹیڈ نیشنز انفارمیشن سینٹر، ایسوسی ایشن آف پیوپلز آف انڈیا، گاندھی پیس فاؤنڈیشن اور دیگر منسلک تنظیموں نے بھی کیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید گنائی نے مہاتما گاندھی کو مُلک کا سب سے بڑا لیڈرقرار دیا جنہوں نے جنگ آزادی کے دوران ملک کی بقاء کے لئے تمام تر کوششیں انجام دیں اور آزادی کے بعد ہمارے لئے ایک مشعلِ راہ تعمیر کی۔انہوں نے کہا کہ ملک تبھی ترقی کر سکتا ہے جب ہم مہا تما گاندھی جی کے دکھائے ہوئے راستے پر گامزن ہوں۔صلاحکار نے کہاکہ گاندھی جی نے بھائی چارے، مختلف مذاہب کے درمیان صبر و استقلال، قومی ہم آہنگی کا درس دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ستیہ، آہنسا اور ستیہ گرہ کے اصول سکھائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی عوام گاندھی جی کی عزت اور محبت کرتے ہیں۔ملک کے نوجوانوں کو اس کی تعمیر میں حصہ لینے کا ذکر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے طُلباء پر زور دیا کہ وہ گاندھی جی کے دکھائے ہوئے راستے پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ مہاتما گاندھی کی طرف سے ملک کے تئیں کئے گئے کاموں کے بارے میں بچوں میں بیداری پیدا کریں۔ پریذیڈنٹ جی جی ایف، ایس پی ورما نے صلاحکار اور دیگر شخصیات کا تقریب میں شرکت کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔وائس چانسلر جموں یونیورسٹی انجو بھسین، سابق وزیر ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، ڈویثرنل کمشنر جموں سنجیو ورما،لیفٹنٹ جنرل راکیش شرما( ریٹائرڈ) ڈپٹی میئر جے ایم سی پورنیما شرما اور پریذیڈنٹ جی جی ایف، ایس پی ورما نے بھی مہا تما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
 

کیول کمار شرما یکم فروری کو عوام سے ملاقات کریں گے

جموں//گورنر کے صلاحکار کیول کمار شرما یکم فروری بروز جمعہ کو کنونشن سینٹر کنال روڈ میں عوامی شکائت کے ازالہ کا کیمپ منعقد کریں گے۔عوامی وفود، تنظیموں اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ جنہوں نے پہلے ہی صلاحکار کے دفتر میں اپنا نام درج کرایا ہے، وہ مقررہ تاریخ پر صُبح10بجے سے دوپہر12 بجے تک مشیر موصوف سے ملاقات کرسکتے ہیں۔
 
 

مہاجرین کو معیاری خدمات کی فراہمی 

بنیادی ڈھانچہ اور افرادی قوت فراہم کی جائے: فاروق شاہ

جموں//ڈیزاسٹر مینجمنٹ، امداد، باز آباد کاری اور تعمیر نوکے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے کہا ہے کہ مائیگرینٹوں کو معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن محکمہ کو ضروری بنیادی ڈھانچہ اور افراد قوت فراہم کر کے استحکام بخشنا ہوگا۔ان باتوں کا اظہار سیکرٹری موصوف نے ریاست کی مائیگرینٹ کالونیوں میں ای۔ این آئی ٹی کے مرمت کے کام انجام دینے کے سلسلے میں بلائی گئی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ کے دوران ان کالونیوں میں صحت و صفائی کے کاموں کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا گیا۔افسروں سے خطاب کرتے ہوئے فاروق شاہ نے کہا کہ مائیگرینٹ کالونیوں میں وقت پر مرمت اور تجدید کے کام شروع کئے جائیں۔انہوں نے اس سلسلے میں رقومات کا بہتر تصرف یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ ان کاموں کے لئے ٹینڈر جاری کریں تا کہ ان کالونیوں میں ضروری کام جلد شروع کئے جاسکیں۔انہوں نے جگٹی ٹاؤن شِپ میں جاری تجدیدی کام مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ شوراتری میلے کے دوران لوگوں کو کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ کے دوران ریلیف اور ری ہیبلی ٹیشن محکمہ میں اسامیوں کو معرض وجود میں لانے کے عمل کا بھی جائیزہ لیا گیا۔ریلیف کمشنر( مائیگرینٹس) جموں، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈائریکٹر فائنانس اور متعلقہ محکموں کے افسران میٹنگ میں موجود تھے۔
 
 

گورنر اور راج بھون عملے نے مجاہدین آزادی کوخراج پیش کیا

جموں//گورنر ستیہ پال ملک اور راج بھون کے سول اور سیکورٹی عملے نے آج صبح 11بجے دومنٹ کی خاموشی اختیار کر کے اُن مجاہدین آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی آزادی کی جدوجہدکے دوران اپنی جانوں کی قربانی  پیش کی۔
 

کرنل جموال کی گورنر کے ساتھ ملاقات 

جموں//ضلع سانبہ کے ایک گائوں سے تعلق رکھنے والے کرنل رنویر سنگھ جموال نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔کرنل جموال جنہیں سال 2017 ء کے دوران انڈین مونٹینرنگ فائونڈیشن کی طرف سے ملک کا بہترین کوہ پیما قرار دیا گیا ،نے گورنر کے ساتھ ریاست میں ایڈونچر سپورٹس کو فروغ دینے کے تعلق سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے ریاست میں سپورٹس پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔گورنر نے کوہ پیمائی کے شعبے میں کرنل جموال کی حالیہ کامیابیوں کے لئے انہیں مبارک باد دی۔کرنل جموال نے ساتوں برصغیروں میں اونچے پہاڑوں پر چڑھنے اور دس دِن میں 6000میٹر سے زیادہ اونچائی والی  6پہاڑی چوٹیوں پر چڑھنے کا کار نامہ انجام دیا ہے۔وہ دنیا کے ایسے چند کوہ پیمائوںمیں سے ایک ہے جنہوں نے دنیا کی سب سے بڑی چوٹی مائونٹ ایورسٹ تین مرتبہ سر کی ہے۔
 

 ذہین طلباء کیلئے 50لاکھ روپے وظیفہ کو منظوری 

جموں//سرکاری سکولوں کے طالب علموں کی بہتر کارکردگی کے بعد اُن کی حوصلہ افزائی کے لئے سکولی تعلیمی محکمہ نے دسویں اور بارہویں جماعت کے 400ذہین طالب علموں کے لئے 50لاکھ روپے کے وظیفے کو منظوری دی ہے۔کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے بارہویں جماعت کے 99 اور دسویں جماعت کے 100 طالب علموں کو بالترتیب  15000روپے اور 10,000 روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔اسی طرح جموں خطے سے تعلق رکھنے والے بارہویں جماعت کے 100اور دسویں جماعت کے 98 طالب علموں کو بالترتیب 15000روپے اور 10,000روپے کا وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ دریں اثنا سکولی تعلیم محکمہ نے ریاست جموںوکشمیر سے تعلق رکھنے والے ان 12 کیڈٹوں ، جو راشٹریہ انڈین ملٹری کالج دھیرا دون میں زیر تربیت ہیں کے حق میں 3.5لاکھ روپے کے وظیفے کو منظوری دی ہے۔
 

وِجے کمار 31 جنوری کو جموںمیں لوگوں کی شکایات سنیں گے

جموں//گورنر کے مشیر کے ۔ وِجے کمار کل یعنی 31؍ جنوری جمعرات کو کنونشن سینٹر کنال روڑ جموں میں ایک عوامی دربار منعقد کریں گے۔خواہشمند افراد اور وفود مشیر موصوف سے صبح 10 سے دوپہرساڑھے 12بجے تک ملاقات کرسکتے ہیں۔
 
 

جموں وکشمیر کی بہترین کارکردگی

 ایف ایس ایس اے آئی ایوارڈ حاصل 

نئی دلی//جموں وکشمیرریاست نے سواستھ بھارت یاترا 2018ء میں سرگرم شرکت اور اس پروگرام کی مؤثر عمل آوری کے علاوہ متحرک ہونے میں جموں اور سری نگر شہروں کی بہترین کارکردگی کے لئے بہترین ریاست ہونے کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔دشوار ترین پہاڑی ریاستوں کے زمرے میں بہترین ریاست کا ایوارڈ کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار نے جبکہ بیسٹ پرفارمنگ سٹی ایکٹویشن کا ایوارڈ اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر پرویش کمار نے نئی دلی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب پر حاصل کیا۔اس تقریب کا انعقاد فوڈ سیفٹی اینڈ سٹنڈاڈس اتھارٹی آف انڈیا( ایف ایس ایس اے آئی ) نے کیا تھا۔ایک سو دِنوں پر مشتمل ’’بہتر کھائو انڈیا مومنٹ ‘‘اور ’’ سواستھ بھارت یاترا ‘‘ 16؍ اکتوبر 2018ء کو ورلڈ فوڈ ڈے کے موقعہ پر لیہہ سے شروع کی گئی تھی۔اس یاترا کے دوران ریاست بھر میں مفید کھانے کے تعلق سے جانکاری عام کی گئی ۔ اس مہم میں دس ہزار سے زائد رضاکار سائیکل سواروں نے 36ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کے دورے کے دوران  20ہزار کلومیٹر کا سفر طے کیا اور مقوی غذا کے بارے میں لوگوں کو ضروری جانکاری دی۔ریاست جموںوکشمیر اگر چہ ایک پہاڑی اور دشوار گزار ریاست ہے تاہم یہاں پہلے ٹریک کی مہم 46دنوں میں مکمل کی گئی جس دوران رضاکاروں نے 1600 کلومیٹر کا سفر کیا۔یہ یاترا ریاست میں کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار کی نگرانی میں نکالی گئی۔جموں اور سری نگر شہروںکو سٹی ایکٹویشن کے زمرے میں بہترین کارکردگی کیلئے انعام سے نوازا گیا۔ جموںمیں بڑے پیمانے پر سواستھ میلہ منعقد کیا گیا جس میں غذائی اجناس کی جانچ کے عمل کا لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مشاہدہ کیا۔لوگوں کو صفائی ستھرائی کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔اس موقعہ پر قدرتی غذائی اجناس کو فروغ دینے کے لئے کئی سٹال قائم کئے گئے تھے اور تحریری مواد بھی تقسیم کیا گیا۔سری نگر میں اس سلسلے میں جھیل ڈل میں ایک شکارہ ریلی نکالی گئی ۔ اس کے علاوہ ڈلگیٹ سے نشاط باغ تک ایک سائیکلو تھان کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اعزا ز حاصل کرنے کے تعلق سے کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار نے کہا کہ ریاست نے ان پروگراموں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے یہ ایوارڈ حاصل کئے۔انہوں نے متعلقین سے تلقین کی کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کے لئے بھرپور تعاون فراہم کریں۔ 
 

چناؤ فہرستوں کی اشاعت 

مدت میں7 فروری تک کی توسیع

جموں//الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں کشمیر میں حتمی چناؤ فہرستوں کی اشاعت کی تاریخ 7 فروری 2019 تک بڑھا دی ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر جے اینڈ کے شیلندر کمار کے مطابق اُن کا دفتر تمام سیاسی پارٹیوں کو چناؤ فہرستوں کی حتمی اشاعت کی تاریخ میں توسیع کرنے کے تعلق سے  باخبر کر رہا ہے کیونکہ یہ ایک آئینی ضرورت ہے ۔ شیلندر کمار نے نئے ووٹروں کے اندراجات اور اپ ڈیشنز کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک مسلسل عمل ہے اور نئے ووٹر کسی بھی وقت آن لائین ویب سائیٹ www.nvsp.in  پر اپنے اندراجات عمل میں لا سکتے ہیں یا وہ گوگل پلے سٹور سے ووٹر ہیلپ لائین ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹر یونیورسل ووٹر ہیلپ لائین 1950 سے بھی جانکاری حاصل کر سکتے ہیں ۔