مزید خبرں

بڈگام اور بانڈی پورہ میں صحتیابی کی شرح بالترتیب99.4اور98فیصد

بڈگام+بانڈی پورہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا اور ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کہا ہے یہ کورونا کے مثبت معاملات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ شہباز احمد مرزا نے کہاکہ بڈگام میں مثبت معاملات کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور اِس وقت مثبت معاملات کی شرح 0.5 فیصد ہے جبکہ شفایابی کی شرح 99.4فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگان نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں کووِڈ۔19 کی مجموعی صورتحا ل کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔اُنہوں نے کہا کہ اِس وقت ضلع میں 200 سے کم مثبت معاملات سرگرم ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے تفصیلات دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دِنوں سے ضلع میں کہیں بھی کسی کی کووِڈ ۔19 وبائی بیماری سے موت کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ گرین زون میں ضلع شامل ہونے سے پابندیوں میں بھی بڑی حد تک کمی کی گئیں۔اُنہوں نے ضلع کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تمام کووِڈ رہنما خطوط پر من و عن عمل پیر ا رہیں اور کووِڈتخفیفی اِقدامات اپنائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جب تک یہ وَبائی بیماری ختم نہیں ہوجاتی ہے تب تک ہم کووِڈمناسب طرز عمل اِختیار کرنا ہوگا۔ادھر  ڈاکٹر اویس احمد نے کہاہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مثبت معاملات میں بڑی تیزی سے کمی اور شفایابی کی شرح میں بہتری کے ساتھ کووِڈ۔19 کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔اِن باتوں کا اِظہار آج ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجودہ کووِڈ منظر نامے کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے پہلی بار مثبت معاملات کی تعداد 100 سے بھی کم ہو گئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 82 مثبت معاملات ہیں جن سے سے صرف 6 آکسیجن سپورٹ سسٹم پر ہیں جبکہ باقی مریضوں کی ہلکی علامت ہے یا کوئی علامت نہیں ہے اور انہیں گھریلو قرنطین رکھا گیا ہے۔ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ شفایابی کی شرح 98 فیصد تک بڑھ گئی جبکہ مثبت معاملات کی شرح 0.6 فیصد رہ گئی ۔اُنہوںنے ٹیکہ کاری مہم کے بارے میں کہا کہ 45 سے زیادہ عمر والے گروپ کو ویکسی نیشن کا ہدف حاصل ہوچکا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ 18 برس عمر سے 45برس عمر تک کے گروپ کو اَب تک 17,000 ٹیکے لگائے جاچکے ہیںاور آنے والے ہفتوں میں مذکورہ آبادی کو صدفیصد ٹیکے کا ہدف حاصل کرنے کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں۔
 
 
 

حاجن کے وفدکی ملاقات، مسائل گوش گزار کئے

سرینگر//حاجن سوناواری کے ایک وفد نے سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون سے ملاقات کی اور  اپنے مسائل گوش گزار کئے ۔وفد میں چیئرمین سینٹرل اَوقاف کمیٹی حاجن ٹائون ، چیئرمین تحصیل کوآرڈی نیشن کمیٹی حاجن سونا واری ، صدر وائس آف سوناواری اور صدر کنٹریکٹرس کو آرڈی نیشن کمیٹی اور علاقے کے دیگر معزز شہری شامل تھے۔وفد نے حاجن قصبے کی ترقی اور فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور اُٹھائے اور وہاں کے مقامی لوگوں کو درپیش مختلف مسائل کو بھی اُجاگر کیا۔ڈاکٹر سامون جو ضلع بانڈی پورہ کے اِنچارج سیکرٹری بھی ہیں ، نے وفد کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ ان کے تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کرنے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔
 

ہماچل کے سابق وزیر اعلیٰ ویرربھدرا سنگھ کو ڈاکٹر فاروق کا خراج عقیدت

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کانگریس کے رہنما اور ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ویربھدرا سنگھ کے انتقال ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔اپنے تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر فاروق نے کہا ’’ مجھے ویربدھرا جی کے انتقال کی خبر سے بہت صدمہ پہنچا ۔ وہ ایک دوست ، سیاسی ساتھی اور ایک مقبول عوامی رہنما تھے جنہوں نے تقریباً چھ دہائیوں تک ہماچل کے لوگوں کی بے لوث خدمت کی‘‘۔ انہوں نے آنجہانی کے آتما کی شانتی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، اراکین پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 

کسانوں کی فلاح و بہبود

محکمہ زراعت کا بی ای اے ایم کے ساتھ معاہدے پر دستخط

سری نگر//جموں و کشمیر ایگریکلچر پروڈکشن محکمہ کسانوں کی فلاح و بہبود اور بی ایس ای ای زراعت مارکیٹس لمٹیڈ ( بی ای اے ایم ) نے  دونوں صوبوں سے حاصل کردہ زراعت اور باغبانی کے اجناس کی ایک حد تک الیکٹرانک ویلیو چین ٹریڈنگ فریم ورک کو فروغ دینے کا معاہدہ کیا ۔ پرنسپل سیکرٹری محکمہ زراعت پیداوار و بہبودِ کسان نوین کمار چودھری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بی ای اے ایم راجیش سنہا نے اس سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر دونوں ڈویژنوں کے زراعت اور باغبانی کے ڈائریکٹرز اور اس اتحاد کو سہولت فراہم کرنے والے پالیسی ایڈوکیسی ریسرچ سنٹر ( پی اے آر سی ) ممبئی کے نمائندے موجود تھے ۔ اس اقدام کا مقصد جموں و کشمیر میں زرعی اور باغبانی اشیاء کے ابتدائی پروڈیوسروں کی فلاح و بہبود ہے جو انہیں پورے ملک میں ان کی مصنوعات کیلئے ایک شفاف ، جامع اور سراغ ای مارکیٹ میں آسان رسائی فراہم کر کے ہے ۔ یو ٹی کے بیچنے والے اور خریدار دونوں بیم کے صارف دوست ای پلیٹ فارم پر موجود ہوں گے جس کے تحت ہندوستان بھر میں خریداروں کو قیمتوں کا ایک شفاف  اور نقد لین دین کے طریقہ کار کے ذریعہ زراعت اور باغبانی اشیاء تک براہ راست رسائی حاصل ہو گی جس کے نتیجے میں کاشتکاروں کو اجناس کا بہتر معاوضہ ملے گا ۔ پالیسی ایڈووکیسی ریسرچ سنٹر ( پی اے آر سی ) ممبئی نے بی ای اے ایم پلیٹ فارم سے متعلق تربیت اور صلاحیت سازی کی سرگرمیوں کیلئے جموں و کشمیر میں بی ای اے ایم کے ساتھ قریبی ہم آہنگی میں کام کرنے کی پیش کش کی ہے ۔ سی ای او بیم نے خصوصی تجارتی یونٹ ( ایس بی یو ) قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی جس کا مقصد جموں و کشمیر کی آن لائین زراعت مارکیٹ کے انتظام کیلئے ہے ۔ 
 

آٹھ روز قبل غرقآب ہوا شہری پی سی ڈیپو کے قریب جہلم سے لاش برآمد 

سرینگر//دریائے جہلم میں غرقآب ہوئے کلاش پورہ سرینگر کے شہری کی لاش برآمد کی گئی۔ کے این ایس کے مطابق50سالہ شہری یکم جولائی کو دریائے جہلم میں پھسل کر ڈوب گیا۔ مذکورہ شہری کی لاش کی کوڈھونڈنے کیلئے گزشتہ ایک ہفتہ سے کوششیں جاری تھیں۔ جمعرات کو پی سی ڈیپو کے قریب جہلم سے غرقآب شہری کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کاکہنا ہے کہ قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لاش لواحقین کے سپرد کی گئی۔ 
 
 

نقب زنی کی کوشش،ڈورو میں شہری رنگے ہاتھوں گرفتار 

عارف بلوچ 
اننت ناگ //ڈورو میں چوری کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پولیس نے قاضی گنڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہزاروں روپئے ضبط کئے ۔پولیس کے مطابق گاگس گنڈ ڈورو میں نقب زنی کی ایک کوشش اس وقت ناکام ہوئی جب پولیس  نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک شہری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے ۔گر فتار کئے گئے شہری کی پہچان آکاش احمد پڈرساکن کیوہ قاضی گنڈ کے طور ہوئی ہے۔ اس کی تحویل سے 62150روپئے بر آمد کئے گئے اور ڈورو تھانہ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔
 

ادارہ تحقیق وادب کا علی محمد شہبازکو خراج عقیدت

سرینگر//ادارہ تحقیق وادب جموں وکشمیر کی طرف سے علی محمد شہباز کی 25ویںبرسی پورے جوش وخروش سے منائی گئی۔ادارے کے اراکین صدر فاروق شاہین کی سربراہی میں علی محمد شہبازکے مقبرے پرواقع شاٹھ گنڈ ہانگاہ ماور میں صبح ساڑھے دس بجے پہنچے جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی۔ شاہین نے اس موقع پر میڈیا کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ مرحوم علی محمد شہباز کے وہ سبھی خواب شرمندئہ تعبیرہوجائیں گے جو انہوں نے کشمیری زبان وادب کی ترقی وترویج کے حوالے سے دیکھے تھے اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ادارے نے اس سلسلے میں ایک سمینارکا انعقاد کیاجس کی صدارت ادبی مرکزکمراز کے صدر محمد امین بٹ نے کی۔ ایوان صدارت میں ان کے ساتھ پروفیسر شاد رمضان بحیثیت مہمان خصوصی تھے ۔کشمیری زبان وادب سے وابستہ جن شخصیات نے مرحوم شہباز کی شخصیت کے ہمہ جہت گوشوں پر روشنی ڈالی اور سیر حاصل بحث کی ان میں جاوید اقبال ماوری (نائب صدر دوم ادبی مرکز کمراز)، عنایت گل (جنرل سیکریٹری کشمیر مرکز ادب وثقافت)،کلچرل ٹرسٹ کپوارہ سے وابستہ ایوب دلبر،ڈاکٹر ریاض الحسن (صدر وہاب ڈراماٹک سوسائٹی حاجن سوناواری)، نزیر الحسن تبسم(صدر تحریک ادب کشمیر )، مقبول فائق (صدر جوئے ادب کاجی ناگ کشمیر )، غلام حسن عجمی(محبوب العالم ادبی سوسائٹی راجوار)، نوجوان شاعرگلزار جعفر، نزیر قریشی ابن شہباز(صدر شہبازکلچرل ٹرسٹ )اور سوکریٹ گل(سیکریٹری رہبر تعلیم ٹیچرس فورم جموں وکشمیر )شامل ہیں۔
 

نیشنل کانفرنس عوام کے مفادات کیلئے کوئی بھی قربانیانی دینے کیلئے تیار

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے جموںوکشمیر کے لوگوں کے مفادات کیلئے انمول اور لافانی جانی اور مالی قربانیاں پیش کی ہیں اور مستقبل میں بھی  یہ جماعت لوگوں کے تعاون سے جموں وکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت اور وحدت کیلئے کوئی بھی قربانی دینے سے پرہیز نہیں کرے گی۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی لیڈران نے ژولگام کولگام میں پارٹی لیڈر غلام نبی ڈار کی برسی پرکیا۔اس موقع پر مرحوم کے مقبرہ پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔بعد میں ایک مختصر تقریب پر پارٹی لیڈران نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست کے لوگوں کی خوشحالی کیلئے وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے کشمیری عوام کے جذبات اور اپنی جماعت کی سربلندی کیلئے اپنی قیمتی جان قربان کردی۔ اسی دوران پارٹی ہیڈکوارٹر پر خراج عقیدت کی ایک مجلس علی محمد ساگر کی قیادت میں منعقد ہوئی۔ 
 
 

پارٹی کے سینئر لیڈر غلام نبی میر کو چھٹی برسی پر خراج عقیدت

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے سینئر لیڈر مرحوم غلام نبی میر کو ان کی چھٹی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔پارٹی کی جانب سے موصولہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل کانفرنس ضلع پلوامہ کا ایک اجلاس پارٹی کے سینئر لیڈر،سابق ایم ایل اے اور صدر ضلع غلام محی الدین میر کی قیادت میں منعقد ہوا،جس میں پارٹی کے دیگر عہداروں نے شرکت کی۔غلام محی الدین میر نے فلسفہ موت و حیات پر روشنی ڈالتے ہوئے مرحوم کے علاوہ پارٹی کے ان شخصیات کا تفسیرہ بھی کیا جوپارٹی کی مضبوطی اور  اس کے منشور کو اپنی زندگی کا وظیفہ بناکر جاونداں کرگئے ہیں۔ضلع صدر پلوامہ نے مرحوم غلام نبی میر کے تحریکی کارناموں کو یاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
 

بشیراحمد قادری کے پسماندگان سے تعزیت پرسی 

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے مرحوم سید بشیر احمد قادری کے گھر واقع ریاضت ٹینگ خانیار جاکر ان کے پسماندگان سے تعزیتی پرسی کی ۔ اس موقع پر مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی گئی ۔انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ہمیشہ دینی خدمات کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبود میں پیش پیش رہتے تھے۔