پیرپنچال میں موسم میں بہتری ، لوگوں نے راحت کی سانس لی
راجوری // لگاتار تین دنوں تک موسم خراب ہونے کے بعد ہفتہ کے ورز موسم میں بہتری کی وجہ سے لوگوں خصوصاً راجوری اور پونچھ اضلاع کے بالائی علاقوں کے عوام نے راحت کی سانس لی۔کشمیر عُظمیٰ کو دستیاب اطلاعات کے مطابق ان دونوں اضلاع میں دھوپ کھلی اور کہیں سے بھی بارش یا برفباری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ہفتہ کے روز درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ہی لوگوں کو تین دنوں کے بعد روزمرہ کی کاروائیوں میں مشغول دیکھا گیا ۔دریں اثنا ، دو روز تک ٹریفک متاثر رہنے کے بعد ہفتہ کے روز اکثر سڑکوں پرٹریفک کی نقل و حرکت دیکھی گئی ،ماسوائے چند ایک سڑکو ںکی ،جو کہ ا بھی بھی بند ہیں۔ضلع راجوری میں کوٹرنکہ سے خواس تک کی سڑک ہفتہ کے روز چوتھے دن بھی بند رہی ،جبکہ تھنہ منڈی سے سرنکوٹ براستہ ڈی کے جی بھی بند رہی۔اسی طرح سے ضلع پونچھ میں منڈی سے ساوجیاں تک کی سڑک کھیٹ سے ساوجیاں تک بند رہی ، جس سے عوام کو منڈی اور پونچھ جانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کوٹرنکہ ومضافاتی علاقوں میں تین دنوں سے بجلی سپلائی بند
کوٹرنکہ// ضلع راجوری کے کوٹرنکہ و مضافاتی علاقوں میں بھاری برف باری ہونے کی وجہ سے معمولات زندگی تیسرے روز بھی متاثررہے اور تمام کارو باری سرگرمیاں اور بجلی سپلائی ٹھپ رہی ۔ ذرائع کے مطابق کوٹرنکہ کے مضافاتی علاقوں میں تین دن سے شدید سردی اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کھاہ جمولہ، خواص و دیگر سڑکوں پرآمدورفت بھی متاثرہوئی۔ اس کے ساتھ ہی بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔علاقے میںبجلی نہ ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے سے موبائل رابطے بھی منقطع ہوگئے ہیں ،بچوں کی تعلیم بھی شدید متاثر ہے۔ اس کے علاوہ تمام کاروباری نظام جس کاانحصاربجلی پرہی ہے بھی ٹھپ ہے لیکن انتظامیہ کے کا نوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ذرائع کے مطابق تین دن سے کوٹرنکہ کے قصبہ کے علاوہ کہیں پر بھی بجلی سپلائی بحال نہیں کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کوٹرنکہ کے بعض مقامات پر خاکی تیل کی عدم دستیابی کی وجہ سے بھی عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میںپنچ شوکت علی نے کہا ہے کہ علاقہ میں سڑکیں پرآمدورفت ،بجلی سپلائی کی بحالی کیلئے فوری طورپراقدامات اٹھائے جانے چاہیئں۔اس ضمن میں محکمہ بجلی کے جے ائی مشتاق احمد سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ برفباری ہونے کی وجہ سے بہت سی ترسیلی لائنوں اور کھمبوں کو نقصان پہنچاہے جس کا پتہ لگایاجارہاہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ بہت جلدی بجلی سپلائی بحال کردی جائے۔
محمد فضل ملک کے انتقال پراظہارتعزیت
پونچھ// ضلع کے بنوت گائوں کی سماجی شخصیت محمد فضل ملک کی رحلت پرمتعددلوگوں نے تعزیت کااظہارکیاہے۔اس سلسلے میںایک تعزیتی اجلاس منعقدکیاگیاجس میںمقررین نے مرحوم کی رحلت پر گہرے رنج ودُکھ کااظہارکیا اوران سے اپنے ذاتی مراسم کے حوالے سے مختلف پہلوئوں سے اظہار خیال کیا ۔اپنے تعزیتی پیغام میں شاہ پوری نے کہا کہ موصوف ہمیشہ سماجی پہلو کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہتے تھے اور بڑی شد ومد کے ساتھ مسائل اٹھاتے تھے، نیز ہمدرد اور غریبوں کی غم خواری میں موصوف کی شخصیت منفرد مزاج کی حامل تھے۔ان کی رحلت پر اپنے علاقہ اور گردونواح کے علاقوں کے لیے عظیم خسارہ ہے۔اس دوران تعزیتی اجلاس میںمحمد فاروق، بشیر قریشی، سید شوکت علی بخاری ،جاوید ریشی، سہیم جعفر،فوجی رشید ،،خورشید شاہ ،راجہ شیر خان ،محمد عظیم بجاڑ،سید شکیل شاہ،معروف چوہان،سابقہ سرپنچ سراج دین سابقہ چیرمین قصبہ افضل اعوان،چوہدری محمد شریف کولی ودیگران نے شرکت کر کے مرحوم کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی کی اور اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام نصیب کرے۔
رینج آفیسرجنگلات نثارحسین کے اعزازمیں الوداعیہ تقریب
کوٹرنکہ//سب ضلع کوٹرنکہ کے ترالا گائوں سے تعلق رکھنے والے رینج افسرجنگلات نثار حسین چوہان کی سبکدوشی کے سلسلے میں متعلقہ محکمہ کی طرف سے ایک تقریب کااہتمام کیاگیاجس میں ملازمین نے ان کی محکمہ کیلئے انجام دی گئی 40سالہ خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے شاندارمستقبل کی خواہشات کااظہارکیا۔تقریب میں تحصیلدار کوٹرنکہ امتیاز چوہدری مہمان خصوصی جبکہ محمد اقبال پوسوال بلاک آفیسر جنگلات،مہمان ذی وقارتھے۔۔اس موقعہ پر محمد شریف بلاک آفیسر جنگلات ، ایس ایچ او کنڈی منظور کوہلی و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجودتھیں۔۔اس دوران شبیر احمد فارسٹ گارڈ ،الحاج چوہدری میر حسین، الحاج راجہ منشی عالم دین ،الحاج چوہدری محمد شفیع،زیڈ ایی او کوٹرنکہ چوہدری سلام محمد ، ایوب پہلوان، بلونت سنگھ ،شفیق چودری ،بھولا رام، مشتاق پوسوال، نظارت حسین اور وجاید چوہدری وغیرہ نے نثارحسین کی خدمات کوسراہا۔
پیرپنچال پیپلزویلفیئرفورم کااجلاس
پرویز خان
راجوری //تحصیل منجاکوٹ میں پیرپنجال پیپلز ویلفیئر فورم کے چئیرمین ایڈوکیٹ استخار علی خان کی قیادت میں ایک اجلاس منعقدہواجس میںعوامی مسائل پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقعہ پرایڈوکیٹ استخار علی خان نے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد کہا کہ سابقہ سرکاروں نے پسماندہ علاقوں کو نظرانداز کیاجارہے جس کی وجہ سے غریب شخص غریب ترہوتاجارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجرز،آنگن واڑی ملازمین اور دیگر ملازمین کے بھی مطالبات حل کرنے میں سرکار ناکام رہی ہے اور لوگوں کو مختلف اسکیموں کے بارے میں بھی آگاہ نہ کیا گیا ہے جس سے غریب وہاں کا وہاں ہی پڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان سرکاروں پر عارضی ملازمین کے ساتھ ساتھ بے روزگار نوجوانوں کو بھی بڑی توقعات تھیںکہ حکومت ان کے مسائل حل کرے گی مگر سب کچھ اس کے برعکس ہی ہوا۔ایڈوکیٹ استخار نے کہا کہ میں آنے والے اسمبلی الیکشن میں امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اتروں گا۔۔۔اس موقعہ پر نواز شاہ،محمد معروف خان،شیخ محمد اقبال،رشید خان،ظفر مرزا،چوہدری حنیف،نمبردار خادم اور نمبردار رفیق اور سرپنچوں و پنچوں کے علاوہ دیگر لوگ بھی موجود تھے۔
مڈل اسکول لاہ کی تعمیرتعطل کاشکار،سرپنچ کااظہارتشویش
طارق شال
راجوری/ تعلیمی زون تھنہ منڈی کے مڈل اسکول لاہ کی عمارت کی تعمیر عرصہ دوبرس گزرنے کے باوجود بھی نامکمل ہے اورشبہ ظاہرکیاجارہاہے کہ فنڈزکوخردبردکردیاگیاہے جس کی وجہ سے سکول کاتعمیراتی کام ٹھپ ہوکررہ گیاہے۔اس سلسلے میںپنچایت لاہ کے سرپنچ عبدالرشید ٹھکر نے مڈل اسکول لاہ کا دورہ کیااور اسکول کے طلبہ و طالبات اور اسکول عملہ کے مسائل کاجائزہ لیا۔ مڈل اسکول لاہ جس میں تقریبا ڈیڑھ سو سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جوکہ دور دراز علاقہ جات سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل محکمہ تعلیم نے ایک عمارت شروع کرائی ہے جو اس وقت تک نا مکمل ہے اور دیگر کمرہ جات جن کی چھت بغیر سیلینگ کی ہے۔ اسکول کی عمارت میں شدت کی سردی ہے جہاں طلبہ و طالبات کا بیٹھنا کافی مشکل ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ اسکول کے گردونواح میں پانی کاکوئی نکاسی نظام نہیں ہے اور اسکول کی چار دیواری نہ ہونے سے مال مویشی دن بھر آتے رہتے ہیں۔اسکول کے احاطہ میں مویشیوں کے گوبرکی وجہ سے طلبہ اور اساتزہ کا بیٹھنا مشکل ہوجاتاہے ۔سرپنچ نے شبہ ظاہرکیاکہ رقومات کاخردبرد کیاہے جس کی وجہ سے سکول کی تعمیرمکمل نہیں کی جارہی ہے۔اس ضمن میں زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی عبدالقیوم ندوی سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ مڈل اسکول لاہ اور مڈل اسکول کھبلان میں ایڈیشنل کلاس روم تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا عوام کی طرف سے ادھورے کاموں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکے بارے میں چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کو بھی آگاہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زون تھنہ منڈی میں ایسے بہت سارے مسائل ہیں۔ زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی نے کہا کہ یہ کلاس روم محکمہ دیہی ترقی و پنچائتی راج کی زیر نگرانی میں تعمیر کئے جارہے ہیں۔ جبکہ بلاک ڈویلپمنٹ آفیسر پلانگڑھ حکیم محمد انور نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایڈیشنل کلاس روم RMSA اسکیم کے تحت تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتا یا مڈل اسکول لاہ کی نا مکمل عمارت کی مفصل رپورٹ ایس ڈی ایم تھنہ منڈی کو بھیج دی ہے۔
رہبرکھیل سلیکشن فہرست میں مستحقین کونظراندازکرنے کاالزام
جاوید اقبال
مینڈھر//گزشتہ ہفتے ضلع انتظامیہ پونچھ کی طرف سے رہبرِ کھیل کی سلیکشن فہرست جاری کی گئی تھی جس پرلوگوں نے اعتراض جتاتے ہوئے الزام عائدکیاہے سلیکشن کمیٹی نے مستحق اورتعلیم یافتہ نوجوانوں کونظرانداز کرکے ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیاہے اورمنظورنظرامیدواروں کوفائدہ پہنچایاہے۔اس سلسلے میںطارق خان ,نظارت حسین خان,غلام مصطفے،ذاکر حسین,امتیاز خان وغیرہ کا الزام لگایاکہ مذکورہ فہرست میں سلیکشن کمیٹی نے دیدہ دانشتہ طور پر قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں جس کا تحریری ثبوت ان پاس موجود ہے ۔نوجوانوں نے سرکار پر الزام عائد کیاکہ آج تک کوئی بھی سرکار بیروزگار نوجوان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ثابت نہیں ہوئی ہے کیوں کہ سرکار اس نسبت کوئی خاطرخواہ پالیسی بنانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ آج اس سرحدی خط کے نوجوان باقی علاقوں کی نسبت کچھ زیادہ ہی پریشان ہیں ۔سرحدی سب ڈویژن مینڈھر سے تعلق رکھنے والے ان بیروزگار نوجوانوں کی ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے گزارش کی ہے کہ اس ناانصافی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ سلیکشن فہرستوں میں شفافیت یقینی بن سکے۔
میں ماحولیات سے متعلق پروگرام اختتام پذیرBGSBU
راجوری// بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی ٹی کے منعقدہ پروگرام اختتام ہوگیاہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر اشفاق احمد ازہری، پروفیسر اقبال پرویز ، پرنسپل یونیورسٹی پولی ٹیکنیک انجینئر مبشر ملک موجود تھے۔ یہ پروگرام 28 جنوری کو ملک کے مختلف حصوں میں شروع ہوا اور ماہرین نے اس پروگرام میں انفرادی طور پر خصوصی شرکت کی اور مختلف معاملات پر بات چیت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق حوالے ارکان نے شرکت کی اور کہا کہ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی ریاست کی ایک مشہور و معروف پولی ٹیکنک یونیورسٹی ہے۔ جو اپنی مثال آپ ہے مقررین نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اس طرح کے پروگرام ورکشاپ کروانے میں مصروف عمل ہے اور انجینئرنگ کے طالب علموں کو مدد فراہم کرنے میں ہم رول ادا کررہی ہے۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر ایس کے شرما ڈاکٹر ایس این جین ، ڈاکٹر سنجیو اگروال ڈاکٹر ایل این شرما ، پونیم شاہی،ڈاکٹر ایس کے ایس نے ماحولیاتی انتظام پر مذاکرات کیے۔ انہوں نے ماحولیاتی انتظام پر پائدار جامع معلومات فراہم کی یہ پروگرام 1جنوری 2019 کو منعقد کو آر آر کیا ساتھ مل کر کیا گیا تھا۔
نوشہرہ میں محکمہ جنگلات کے ملازمین سراپااحتجاج
رمیش کیسر
نوشہرہ//محکمہ جنگلات کے مستقل وعارضی ملازمین نے گزشتہ روز اپنے مطالبات کولے کرڈی ایف اودفترنوشہرہ کے باہردھرنادیا اورگورنرانتظامیہ سے مانگوں کوپوراکرنے کامطالبہ کیا۔ اس موقعہ پر مظاہرین نے کہاکہ وہ جنگلوں میں اپنے فرائض تندہی سے انجام دیتے ہیں ،اگرآپکے ساتھ کوئی حادثہ ہوجاتاہے تو انکے عیال کیلئے سرکارکی طرف سے کوئی الائوس نہیں دیاجاتاہے اورمستقل ملازمین تنخواہ میں تفاوت کودورنہیں کیاجارہاہے اورنہ ہی عارضی ملازمین کی خدمات کومستقل کیاجارہاہے جس کی وجہ سے ہمارے کنبے پریشان ہیں۔
یوم نوشہرہ کے موقعہ پر ’رن فارفن‘دوڑکااہتمام
نوشہرہ//فوج کی نوشہرہ برگیڈکی طرف سے یوم نوشہرہ کے سلسلے میںنوجوانوں کیلئے رن فارفن دوڑکااہتمام کیاگیاجس میں کثیرتعدادمیں نوجوانوں نے حصہ لیا۔یوم نوشہرہ کے موقعہ پر فوج نے نوشہرہ گرائونڈسے برگیڈیئرمحمدعثمان سٹیڈیم تک نوجوانوں کیلئے دوڑکااہتمام کیاجس میں نوشہرہ سب ڈویژن کے مختلف دیہات کے نوجوانوں نے جوش وجذبے کے ساتھ شمولیت کی اورپانچ سے دس کلومیٹرتک دوڑمیں پہلے،دوسرے نمبرپرآنے والے نوجوانوں میں نوشہرہ برگیڈنے ٹرافی اورانعامات بھی تقسیم کئے ۔ اس دوران مقررین نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ صحت مندزندگی کیلئے اچھی عادتوں کواپنائیں،صبح جلدی اٹھیں،موبائل کاکم استعمال کریں اورنشے سے دوررہیں اورکثرت کومعمول بنائیں۔