’مولانامفتی بشیرالدین کی وفات ناتلافی نقصان‘
اسلامیہ فاطمۃ الزہراسدرہ اورتنظیم علمااسلام کاتعزیتی اجلاس
جموں// ادارہ اسلامیہ فاطمۃ الزہرا میں گزشتہ روزایک تعزیتی اجلاس منعقدہواجس کی صدارت صوبائی صدرمسلم پرسنل لا بورڈ و سربراہ اعلیٰ ادارہ اسلامیہ فاطمۃالزہرا مولانا مفتی نذیر احمد قادری نے کی۔اس دوران اجلاس میںریاست جموں کشمیر کے مفتی اعظم اور علمی شخصیت مفتی اعظم جموں کشمیر علامہ مولانا مفتی بشیر الدین کی وفات پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکیاگیااوراللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت کی دعااورقران خوانی کی گئی۔اس دوران مقررین نے کہاکہ مفتی اعظم مولانا مفتی بشیر الدین گزشتہ روز دار فانی کو خیرآباد کہہ گئے۔انہوں نے کہاکہ مرحوم مغفور بشیر الدین احمد اہلسنت و جماعت کی ایک بہت بڑی شخصیت تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی اہلسنت والجماعت کی بقاء اور دین اسلام کی خاطر اپنی پوری زندگی وقف کی۔ حضرت علامہ مولانا مفتی بشیر الدین مرحوم مغفور کے خاندان کوریاست جموں کشمیر میں دینی خدمات کو انجام دیتے ہوئے ایک صدی گزر چکی ہے اورموفی کافی عرصہ سے علیل تھے ۔مفتی نذیراحمدقادری نے کہاکہ مولانا مفتی بشیر الدین احمد کی وفات سے ریاست میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے جس کا پورا ہو امشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔مقررین نے مرحوم مغفور کے اہل خانہ بالخصوص مفتی اعظم موصوف کے فرزندان مفتی ناصر الاسلام اور مفتی فرید احمد کے ساتھ گہری ہمدردی اورتعزیت کااظہارکیا۔اس موقعہ پر مولانا مفتی نذیر احمد قادری و دیگر تنظیم کے اراکین نے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت مرحوم مغفور مفتی اعظم بشیر الدین احمد کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور درجات کوبلند عطا فرمائے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرماکراس صدمے کو برداشت کرنے کی قوت و ہمت عطا فرمائے ۔علاوہ ازیں جنرل سکریٹری آل انڈیا تنظیم علماء اسلام مولانا سخی خان نے کہاکہ مرحوم مفتی صاحب نے سنیت کے لئے بڑا کام کیا ۔انہوں نے بے حد ہمدرد اور فراخ دل شخصیت تھے۔ مفتی صاحب کی اللہ اپنے حبیب کے صدقے مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ضلع سانبہ تنظیم کے صدر مولانا حافظ حفیظ احمد جنرل سکریٹری ضلع سانبہ مولانا محمد شفیع صدر تنظیم مفتی سید فرید شاہ مصباحی نائب صدر مولانا عبدالرشید رضا نائب صدر تنظیم علماء اسلام مولانا لیاقت علی نعیمی حافظ شبیر رضا نے بھی کیا دکھ کا اظہارکیا۔ تنظیم کے تمام اراکین نے مرحوم مفتی اعظم کی مغفرت کے لئے دعا کی ۔اللہ رب العزت مرحوم کے درجات بلند فرما کر اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔اے مفتی موصوف اہلسنت و جماعت کی عظیم شخصیت تھی جن کے انتقال سے ریاست میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے ۔تنظیم کے تمام اراکین مفتی موصوف کے فرزندان اور دیگر لواحقین کے ساتھ اس دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔
جموں شہر کی مستقبل کی ضروریات
جدید بنیادی ڈھانچے کووجودمیں لانے کی ضرورت: کیول شرما
جموں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے جموں شہر کی مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جدید اور ضروری بنیادی ڈھانچے کو معرض وجود میں لانے کی ہدایت دی ہے۔مشیر موصوف یہاں جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے مختلف پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائیزہ لینے کی غرض سے طلب کی گئی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ وائس چیئرمین جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی وکاس شرما اور دیگر سنیئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔مشیر موصوف نے جے ڈی اے کے حکام سے کہا کہ وہ جموں شہر کی مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جدید بنیادی ڈھانچے کو قائم کریں ۔ اس سلسلے میں انہوں نے شہر میں بڑھتی آبادی کے مدنظر منظم منصوبہ بندی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے لوگوں کی سہولیت کے لئے شہر میں مناسب پارکنگ لاٹس کو ترقی دینے کی بھی ہدایت دی۔جے ڈی اے کی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر موصوف نے ادارے کو اپنی کالونیوں میں جدید بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے ہدایت دی۔انہوں نے ناجائیز تجاوزات کو ہٹانے اور جے ڈی اے اراضی کی حد بندی کرنے کی بھی ہدایت دی۔کیول کمار شرما نے وائس چیئرمین جے ڈی اے سے کہا کہ وہ اراضی اور ناجائز تجاوزات کی رپورٹ پیش کریں۔ اس کے علاوہ ایسی ناجائیز تجاوزات کو ہٹانے کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات کی بھی تفصیل پیش کریں۔مشیر موصوف نے حکومت کی طرف سے تجاوزات کو ہٹانے کے سلسلے میں پھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے اتھارٹی کے حکام سے کہا کہ وہ اتھارٹی کے اثاثوں کی فہرست تیار کریں بالخصوص اُس اراضی کی جو حالیہ ایام کے دوران ناجائز تجاوزات سے واپس چھڑائی گئی ہے۔مشیر نے وائس چیئرمین جے ڈی اے سے کہا کہ وہ اس ادارے کو خود کفیل بنانے کے لئے اپنی تجاویز پیش کرے۔مختلف پروجیکٹوں کی عمل آوری کا جائیزہ لیتے ہوئے کیول کمار شرما نے کہا کہ کسی بھی پروجیکٹ میں حائل رکاوٹوں کو دُور کرنے کے لئے متواتر میٹنگوں کا انعقاد کیا جانا چاہئے تا کہ ان پروجیکٹوں پر جاری کام میں تیزی لائی جاسکے اور لوگ زمینی سطح پر ان سے استفادہ کرسکیں۔توی ریور فرنٹ پروجیکٹ کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کے کام میں تیزی لائیں کیوں کہ یہ پروجیکٹ شہر کی دیدہ ذیبی کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے دریا کے کناروں کو مضبوط بنانے کی بھی ہدایت دی۔اس موقعہ پر مشیر موصوف نے جنرل بس سٹینڈ/ ملٹی لیول کار پارکنگ کم شاپنگ کمپلیکس پر جاری کا موں میں جدیدیت لانے کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ معیاد بند طریقے پر ان پروجیکٹوں کو مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو دکاندار اس پروجیکٹ کی وجہ سے متاثر ہوتے ہیں انہیں مناسب طریقے پر باز آباد کاری کے دائر ے میں لایا جائے۔میٹنگ میں مٹھی میں فلیٹ اکاموڈیشن کی تعمیر، پرگالتہ( بجالٹا) میں ہاؤسنگ کالونی کو ترقی دینے، پی پی پی موڈ، مٹھی ، اودھے والا، نگروٹہ اور مجیں میں1008 پی ڈبلیو ایس مکانات/ فلیٹس کی تعمیر، جموں شہر کو ترقی دینے، بھگت پور کُکریاں تک چوتھے توی پُل کی تعمیر اور جموں علاقہ کے زونل پلانز کی تیاریوں پر سیر حاصل بحث ہوئی۔اس سے قبل صلاحکار نے بڑی براہمناں کی صنعتی بستی کا دورہ کر کے مختلف صنعتی یونٹوں کا معائنہ کیا۔اُن کے ہمراہ محکمہ صنعت اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی تھے۔صنعت کاروں کے ایک وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مشیر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت اُن کے تمام جائیز مطالبات کو معیاد بند طریقے پر پورا کرے گی ۔ انہوں نے حکومت ریاست میں صنعتی شعبۂ کو فروغ دینے کی متمنی ہے۔
تمام خطوں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی جائے
بھیم سنگھ کی کرگل کے لوگوں سے اپیل
جموں//جموں وکشمیر پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے ریاست کے تینوں خطوں جموں پردیش، وادی کشمیر اور کرگل سیکٹر سمیت لداخ کے لوگوں سے کہا کہ ان تینوں خطوں کی 1842سے بادشاہت سے لیکر آج کی جمہوریت تک 170برس پرانی علاقائی ہم آہنگی اور تعاون کی تاریخ رہی ہے۔ علاقائی ہم آہنگی اور جمہوریت کے سبب تینوں خطے لداخ، وادی کشمیر اور جموں پردیش ایک کنفیڈریشن کی تین یونٹ کی طرح آگے بڑھتے رہے۔وقت کی ضرورت ہے کہ تینوں خطوں کے نمائندے مل بیٹھ کر ایک کنفیڈریشن کے لئے بات چیت کریں جس سے تینوں خطو ںکو ہندستانی آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق مل سکیں اور تینوں خطوں کو جمہوریت اور قانون کی حکمرانی ملے اور وہ ایک کنفیڈریشن کی طرح آگے بڑھ سکیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے جمو ں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک سے تینوں خطوں کے نمائندوں کی ’ہارٹ ٹو ہارٹ ٹاک‘ (دل سے دل کی بات) کا اہتمام کرنے کے لئے ریاست میں سرگرم قومی اور ریاستی تسلیم شدہ سیاسی پارٹیوں کی ایک میٹنگ بلانے کی اپیل کی۔انہوں نے گورنر پر زور دیا کہ انہیں کرگل اور لیہ کے نمائندوں سے بات چیت کرکے اگر ان کے کوئی شبہات ہیں تو انہیں دور کرنا چاہئے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کارگل علاقہ کی تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور لیڈرشپ سے پرزور اپیل کی کہ وہ لیہ کے لوگوں کے ساتھ 172برس پرانی تاریخ کے مدنظر آپس میں مل بیٹھ کر بات چیت کریں۔ پنتھرس پارٹی بلتستان (پاک مقبوضہ کشمیر) کوکارگل کے ساتھ لانے کی حمایت کررہی ہے جو 1948سے پہلے جیوگرافیائی اور ایک زبان ہونے کی وجہ سے جڑارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ممکن ہو تو ایسا خوش اسلوبی کے ساتھ لوگوں کی رائے لیکر کیا جائے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں وکشمیر میں آگ سے کھیلنے والوں کو یاد دلایا کہ جموں وکشمیر کا ریاست کے مہاراجہ ہری سنگھ کے 26اکتوبر، 1947کو الحاق نامہ پر دستخط کرنے سے ہندستان کے ساتھ الحاق ہوا تھا۔ بلتستان سمیت پوے گلگت علاقہ پر پاکستان نے مہاراجہ کے الحاق نامہ پر دستخط کے بعد قبضہ کرلیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرگل اور لیہ کے لوگ مل بیٹھ کر اپنی چھوٹی چھوٹی پریشانیوں کا حل نکال لیں گے جس سے لداخ سیکٹر (لیہ اور کارگل) متحد ہوکر وادی کشمیر اور جموں پردیش کنفیڈریشن کو مضبوطی فراہم کرے گا۔
پنڈت ودھیارتن ’’ آسی‘‘ کا انتقال
گورنر کا لواحقین کے ساتھ اظہارتعزیت
جموں/ گورنر ستیہ پال ملک نے ریاست کے مشہور اُردو شاعر پنڈت ودھیاکے اِنتقال پر گہرے رنج و غم کا اِظہار کیا۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں گورنر نے آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اِظہار کیا۔
خورشید گنائی مرکزی وزیر برائے سیاحت سے ملاقی
نئی دلی/ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے جو ریاستی حکومت کے محکمہ سیاحت کے انچارج بھی ہیں، نے آج یہاں مرکزی وزیر سیاحت کے۔جے۔الفونز کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں اور اُنہیں فروغ دینے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔مشیر موصوف نے مرکزی وزیر کوریاست کے تینوں خطوں میں سیاحتی ڈھانچے کو ترقی دی دینے کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔مشیر موصوف نے وزیر موصوف سے درخواست کی کہ وہ ریاست جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ یقینی بنانے میں اپنا تعاون پیش کریں اور وزارت برائے بین الاقوامی سیاحت بالخصوص ساوتھ ایسٹ ایشین ممالک جہاں سے سیاح بڑی تعدادمیں ریاست میں وارد ہوتے ہیں کے سلسلے میں ریاستی حکومت کو امداد فراہم کریں۔مشیر نے جموں ۔ کٹرہ سرکٹ میں پلگرم ٹوراِزم کو فروغ دینے کی ضرورت اُجاگر کی۔ اُنہوں نے پی ایم ڈی پی کے تحت پہلے سے ہی پیش کئے گئے پروجیکٹوں کی منظوری کی بھی درخواست کی۔مرکزی وزیر نے مشیر موصوف کو یقین دلایاکہ وہ ریاست میں سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو تعمیر کرنے کے لئے وزارت برائے فروغ سیاحت کی طرف سے بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے پی ایم ڈی پی اور پی آر اے ایس اے ڈی کے تحت جاری کاموں میں سرعت لانے اور رقومات کا بہتر تصرف یقینی بنانے پر زوردیا۔مرکزی وزیر سیاحت نے جموں وکشمیر کو مرکزی وزارت کے پرموشن پروگرام کوالیکٹرانِک اور سوشل میڈیا کے ذریعے فروغ دینے کی یقین دہانی کی۔خورشید گنائی نے مرکزی وزیر کوآنے والے ٹولپ سیزن کے دوران ریاست کے دورے پر آنے کی دعوت دی۔
ڈرائیوروں کی قوت بصارت کی جانچ متواتر عمل میں لائی جائے :سامون
جموں/ سڑک حادثوں میں کمی لانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پرمحکمہ ٹرانسپورٹ، پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے موٹر وہیکل محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی قوت بصارت کی جانچ متواتر طور پر عمل میں لائیں۔اُنہوں نے کہا کہ قوت بصارت کی جانچ Snellenچارٹ کے ذریعے عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کمرشل گاڑیاں چلانے والے ڈرائیوروں کو اس قسم کی جانچ سے ہر حالت میں گزرنا ہوگااور اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ محکمہ صحت کے ساتھ رابطہ کر کے اُن کی خدمات حاصل کرے گا۔اِن باتوں کا فیصلہ آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران کیا گیا جس کی صدارت ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے انجام دی۔ میٹنگ میں آئی جی پی ٹریفک آلوک کمار، ڈی جی بجٹس محمد یعقوب یتو،ڈائریکٹر ایس ایم جی ذاکر حسین چودھری ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، ایڈیشنل سیکرٹری روڑ سیفٹی ، آر ٹی او جموں دیپ راج ، ڈائریکٹر فائنانس رانسپورٹ مہیش کمار و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔میٹنگ میں آر ٹی او کشمیر احمد اللہ ٹاک کے علاوہ کشمیر خطے کے دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ایک کروڑ روپے کی لاگت سے فٹنس چیکنگ اکیوپمنٹ اور ا یم وی ڈی اور محکمہ ٹریفک کے فیلڈ سٹاف کے لئے 110 بائیکیں خریدنے کے عمل میں تیزی لائیں۔ڈاکٹر سامون نے تمام کمرشل ڈرائیوروں کے لئے ریفریشر ڈرائیونگ کورس کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے ایس آر ٹی سی افسروں کو ہدایت دی کہ وہ جموں سے سر ی نگر مسافروں کے لئے شبانہ خدمات کا اہتمام کریں۔
کسانوں کی آمدن بڑھانے کیلئے موثر حکمتِ عملی
ترقی پذیر مویشی بریڈنگ پالیسی اختیار کرنے کی وکالت
جموں //گورنر کے مشیر کے سکندن نے پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری سیکٹروں کے ساتھ جُڑے کسانوں کی آمدن میں اضافہ کرنے کیلئے ایک اختراعی لایحہ عمل وضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ متعلقہ محکموںم کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک فائدہ بخش لائیو سٹاک بریڈنگ پالیسی اختیار کی جانی چاہئیے ۔ پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری جموں ڈاکٹر وکٹر کول ، ڈائریکٹر پشو پالن کشمیر ڈاکٹر محمد یوسف چاپرو اور ان محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ علاوہ ازیں نبارڈ کے کئی سینئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ میٹنگ میں بہتر نتایج حاصل کرنے کیلئے کسانوں کو دیگر فائدہ بخش سیکٹروں کے ساتھ مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ مشیر نے نبارڈ افسروں پر زور دیا کہ وہ ایک کنسلٹینٹ کی سفارش کریں جو کسانوں کے مختلف امور کا جائیزہ لے سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیکٹروں میں کسانوں کی آمدن بڑھانے کیلئے ایک منصوبہ تیار کیا جانا چاہئیے اور اسے دو ہفتوں کے اندر اندر پیش کیا جانا چاہئیے ۔ کے سکندن نے کہا کہ مویشیوں کا شعبہ ایک اہم سیکٹر کے طور پر ابھر کر سامنے آ رہا ہے لہذا اس کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ایک منظم پالیسی اختیار کی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی پالیسی وجود میں لانے سے پہلے تمام متعلقین کی رائے ملحوظ نظر رکھی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے ریاست میں مویشیوں اور مویشی پالنے والوں کے عداد و شمار کو کمپیوٹرائیزڈ کرنے کی بھی ہدایات دیں ۔ اس موقعہ پر مشیر نے پشو پالن شعبے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ مشیر نے اس دوران ماہی پروری سیکٹر کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ ریاست میں ٹراؤٹ مچھلیوں کے کافی وسائل موجود ہیں اور ریاست پورے ملک میں اس قسم کی سب سے زیادہ مچھلیاں پیدا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سیکٹر کیلئے بھی ایک پالیسی وجود میں لائی جانی چاہئیے ۔ اس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے اپنے ماتحت محکموں کے کام کاج اور ان محکموں کی سکیموں اور پروجیکٹوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔