جمہوریت کا کوئی متبادل نہیں :سیول سوسائٹی
جموں //سیول سوسائٹی فار ڈیولپمنٹ آف جموں وکشمیر نے ریاست میں جلد از جلد انتخابات کروانے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کا کوئی متبادل نہیں ۔یہاں جاری ایک بیان میں سیول سوسائٹی فار ڈیولپمنٹ آف جموں وکشمیر کے صدر پنیت سنگھ جموال نے چیف الیکشن کمیشن سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں جلداز جلد اسمبلی و پارلیمانی انتخابات منعقد کروانے کیلئے حکم جاری کیا جائے تاکہ عوام کو جمہوری طرز کی حکومت فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ یاست جموں وکشمیر میں عوامی مسائل کو حل کرنے اور عام لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ جمہوری اداروں کو مضبوط بنا یا جائے ۔موصوف نے کہاکہ اس سے قبل ریاست میں انتظامیہ کی جانب سے بلدیاتی اور پنچایتی اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے انتخابات منعقد کروائے گئے جبکہ اب اسمبلی انتخابات منعقد کر کے اس عمل کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے الیکشن کمیشن کے حالیہ دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ریاست میں صاف و شفاف انتخابات منعقد کروا کر کے جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا ۔
جموں مئیر نے عوامی مسائل کا جائزہ لیا
جموں //جموں مئیر چندر موہن گپتا نے وارڈ نمبر 12کا دورہ کر کے عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا ۔اس دورے کے دوران انہوں نے گورو روی داس سبھا میں چل رہے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا ۔اس موقعہ پر مقامی کونسلر اور جموں میونسپل کارپوریشن کے آفیسران بھی موجود تھے ۔مقامی لوگوں نے وارڈ میں نکاسی آب کے علا وہ صفائی ستھرائی کے فقدان ودیگر سہولیات فراہم نہ کئے جانے کی شکایت کیں ۔جموں مئیر نے متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ وارڈ میں نکاسی آب ،صفائی ستھرائی ،گلیوں میں نصب لائٹس کی مرمت کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔انہوں نو منتخب کونسلروں پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل کو حل کروانے میں اپنا رول ادا کریں گے جبکہ وہ جموں میونسپل کارپوریشن کے زیر تحت آنے والے تمام محکمہ میں شفافیت لانے کے وعدہ بند ہیں ۔
جموں بس اسٹینڈ پر گرینڈ حملے کی مذمت
جموں //جموں وکشمیر بٹوال یوتھ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے جموں کے جنرل بس اسٹینڈ پر گزشتہ روز ہوئے گرینڈ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرئے عوام سے امن و امان کی صورتحال بر قرار رکھنے کی اپیل کی ۔اس سلسلہ میں ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد اراکین نے شرکت کی ۔مقررین نے حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلدصحت یابی کی دعا کی ۔اپنے خطاب میں ایسوسی ایشن کے صدر وریندر پال لکھوترہ نے جموں میں ہوئے گرینڈ حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کہ ہے کہ وہ آپسی بھائی چارے کو قائم رکھیں ۔اس اجلاس میں سنی سنگھ ،بلبیر کمار ،کرنیال رام ،جرنیال رام ،جسویر لعل ،کلدیپ کمار ،راجندر کمار ودیگران موجود تھے ۔
کے سکندن نے جموں میں عوامی دربار منعقدکیا
جموں//ہفتہ وار عوامی دربار کے ایک حصے کے طور پر کئی وفود اور افراد گورنر کے مشیر کے سکندن سے ملاقی ہوئے اور اُنہیں اپنے معاملات و شکایات سے روشناس کیا۔لگ بھگ 36وفود اور افراد ریاست کے مختلف علاقوں سے آکر مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے۔جے اینڈ کے ہارٹیکلچر گریجویٹس ایک وفد نے ریاست میں رہبر باغبانی سکیم متعارف کرنے کا مطالبہ کیا ۔جے اینڈ کے ایس آر ٹی سی کے سبکدوش ہوئے ملازمین کے ایک وفد نے اُن کے حق میں کولا کے التوأمیں پڑے بقایاجات کی واگزاری کا مطالبہ کیا۔کشمیری پنڈت مائیگرنٹوں کے ایک وفد نے ریکروٹمنٹ رولز نرمی لانے کا مطالبہ کیا تاکہ خصوصی وزیر اعظم ایمپلائمنٹ پیکیج کے تحت منتخب شدہ امید واروں کے ویٹنگ لسٹوں میں اضافہ کیا جاسکے ۔مشیر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ یہ معاملہ چیئرمین ایس ایس بی اور محکمہ قانون کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔سابق رُکن قانون سازیہ چودھری قمر علی نے اپنے علاقے میں ماڈل ولیج قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔جموں۔ اکھنور علاقے کے ایک وفد نے جموں۔ اکھنور سڑکو وسعت دینے کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے حاصل کی گئی اراضی کے معاوضے میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔گول گلاب گڈھ علاقے کے ایک وفد نے گول گلاب گڈھ کے لئے ایک علاحدہ ضلع بنانے کا مطالبہ کیا۔پٹواری ایسو سی ایشن نے سٹیٹ پریذیڈنٹ کی قیادت میں مشیر موصوف سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات کی ایک فہرست اُنہیں پیش کی۔رِنگ روڑ تعمیر کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے جس اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اس کے مالکان نے مرکزی ایکٹ کے تحت اراضی کا معاوضہ منظور کرانے کا مطالبہ کیا۔جے اینڈ کے سیمنٹس کھریو کے ملازمین کے ایک وفد نے دیگر محکموںمیں اُنہیں تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔تمام وفود اور افراد کے مطالبات کے جواب میں مشیر موصوف نے کہا کہ گورنر انتظامیہ اُن کے تمام جائز مطالبات کو پورا کرنے کی متمنی ہے اور اِن معاملات کو حل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔ کمشنر ریلیف و باز آباد کاری ایم ایل رینہ ، جوائنٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ترویندر سنگھ اور مختلف محکموںسے تعلق رکھنے والے اعلیٰ افسران نے پبلک دربارمیں شرکت کی۔
حصولی اراضی ایکٹ
ریوینو افسران کی مالی اہلیت کے اختیارات میں اضافہ
جموں//ایک خصوصی فیصلے کے تحت گورنر انتظامیہ نے جموں اینڈکشمیر سٹیٹ لینڈ ایکوزیویشن ایکٹ سموت 1990 کے تحت ریوینو افسروں کے اختیارات میں اضافہ کیا ہے۔ریوینو محکمہ کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے فائنانشل کمشنر ریوینو کو 30کروڑ روپے ، صوبائی کمشنر کو 20کروڑ روپے جبکہ ڈپٹی کمشنر کو 10کروڑ روپے کی مالی اہلیت کے اختیارات دئیے ہیں۔ایک اور فیصلے کے مطابق گورنر انتظامیہ نے ریوینو حکام کو سٹیٹ / محکمانہ اراضی عوامی ضرورت / ترقیاتی پروگراموں کے لئے استعمال کرنے کے اختیارات دئیے ہیں۔ریاستی انتظامی کونسل کے ایک حالیہ فیصلے کے مطابق صوبائی کمشنر وں کوعوامی استعمال یا ترقیاتی پروگراموں کے لئے 10کنال سے 100کنال کی اراضی کو منتقل کرنے سے متعلق معاملات کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہے۔دریں اثنا کمشنر سیکرٹری شاہد عنایت اللہ نے کہاکہ ریوینو افسروں کے اختیارات میں اضافہ کرنے کی بدولت اراضی کے معاوضہ جات تقسیم کرنے اور ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لانے یقینی بن جائے گی۔اِن فیصلوں کو عوامی حلقوں میں بھی بڑی حد تک سراہا گیا ہے۔
دیہی خواتین کی بااختیاری کیلئے مہلا شکتی کیندرقائم کئے جائینگے:رفعت عارف
جموں//جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ کمیشن فار پروٹیکشن آف وومن اینڈ چائلڈ رائیٹس ( ایس سی پی ڈبلیو سی آر )نے گورنمنٹ ڈگری کالج مجالٹا ادہم پورکے اشتراک سے کالج میں بین الاقوامی یوم خواتین کی تقریب منعقد کی۔یہ دِن ہرسال مختلف مضامین کے تحت منایا جاتا ہے اور اس سال اس دِن کو ’’ بیلنس فار بیٹر‘‘ کے عنوان کے تحت منایا گیا۔اِس دِن کی افادیت کو اُجاگر کرتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود کی سپیشل سیکرٹری رفعت عارف جو اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھیںنے کہاکہ یہ دِن خواتین کی عزت ،عفت ، آبرو، عصمت کو تحفظ دینے اور خواتین کے سماج میں اعلیٰ کردار کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دینے کے لئے منایا جاتا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے تشددکی شکار خواتین اور لڑکیوں کے لئے ’’ وَن سٹاپ ‘‘ سہولیت شروع کی ہے تاکہ خواتین اپنی شکایات متعلقہ حکام تک آسانی سے پہنچاسکیں۔اس کے علاوہ خواتین طبی سہولیت ، ٹرانسپورٹ یا قانونی امداد حاصل کرنے کے لئے اپنا نام اِس مرکز پر رجسٹر کروا سکتی ہے۔’وَن سٹاپ‘‘ مرکز ریاست کے 9اضلاع میں قائم کئے گئے ہیں اور دیگر اضلاع میں اس سکیم کے تحت مراکز قائم کرنے کا عمل جاری ہے۔رفعت عارف نے مزید کہا کہ دیہی علاقوںمیں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ہر ایک ضلع میں مہلا شکتی کیندر قائم کئے جارہے ہیںاور سکیم کے تحت سکل ڈیولپمنٹ تربیت بھی خواتین کو فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنا روزگار پُر وقار طریقے پر کما سکیں۔کمیشن کی ممبر ڈاکٹر کویتا سوری نے خواتین کے حقوق اور ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس سے قبل کمیشن کے سیکرٹری لال چند نے کمیشن کی کارکردگی کی تفاصیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو خواتین اور بچوں کے حقوق کی پاسداری کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔پروفیسر مول راج نے اس موقعہ پر شکریہ کی تحریک پیش کی۔دیگر لوگوں کے علاوہ کالج کے فیکلٹی ، مقامی خواتین اور طالبات اس موقعہ پر موجود تھے ۔
پروفیسر ریتا جیتندرا کے اعزاز میں تقریب
جموں //جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی آف آرٹ ،کلچراینڈ لینگویجز کی طرف سے خواتین کے عالمی دن کے موقعہ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔گورنمنٹ پریڈ کالج کے اشتراک سے منعقدہ تقریب کے دوران اکیڈمی کی سابقہ سیکریٹری پروفیسر ریتا جتیندرا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔مقرین نے مرحومہ کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود اور ادب کے فروغ کیلئے دی گئی خدمات پر روشنی ڈالی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی آف آرٹ ،کلچراینڈ لینگویجز کے ایڈیشنل سیکریٹری جموں ڈاکٹر اروند سنگھ نے کہاکہ خواتین کا عالمی دن کے موقعہ پر ہر بار کلچرل اکیڈمی کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کے دوران خواتین فنکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کیا جاتی ہے ۔پروفیسر ریتا جتیندرا کے بارے میں بولتے ہوئے موصوف نے کہاکہ مرحومہ نے 7دہائیوں تک ادب کے فروغ کیلئے اپنی خدمات فراہم کیں ۔اس تقریب میں پریڈ کالج کے سٹاف ممبران کے علا وہ اکیڈمی کے اراکین وخواتین فنکاروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔
گورنمنٹ ڈگری کالج سانبہ میں ثقافتی پروگرام کااہتمام
سانبہ //گورنمنٹ ڈگری کالج سانبہ میں خواتین کے عالمی دن کے موقعہ پر ایک تمدنی و ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران کالج طلباء نے اپنے صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔کالج پرنسپل ڈاکٹر جی ایس رکھوال کی قیادت میں منعقدہ پروگرام کے دوران کالج طلباء کے علا وہ سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی ۔خواتین کے عالمی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کالج پرنسپل نے کہاکہ اس وقت خواتین کو ہر ایک شعبہ میں برابری کا درجہ حاصل ہے جبکہ خواتین ملکی تعمیر وترقی اور اقتصادیات میں ایک اہم رول ادا کرہی ہیں ۔
جموں یونیورسٹی میں بھی تقریب کا انعقاد
جموں //خواتین کے عالمی دن کے موقعہ پر جموں یونیورسٹی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔یونیورسٹی کے شعبہ پنجابی کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں پبلی کیشن سیل کی کنونیئر پروفیسر انوپم ووہرہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئیں ۔مہمان خصوصی نے یوم خواتین کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں مذکورہ دن کو اِنتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے اور اس موقعہ پر خواتین کی حصولیابیوں پر روشنی ڈالی جاتی ہے جسے خواتین کا حوصلہ بڑھانے کے علاوہ انہیں بہتر زندگی گزارنے کی آزادی حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سماج ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو باختیار بنانے اور ان کو برابر ی کا درجہ دینے کیلئے اپنا رول ادا کرے تاکہ ان کو اعلیٰ ترین زندگی فراہم کی جاسکے ۔اس موقعہ پر شعبہ پنجابی کی ایچ او ڈی ڈاکٹر بلجیت کور نے خواتین کے عالمی دن کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس جدید دور میں خواتین ہر ایک میدان میں ملکی تعمیر وترقی میں اپنا بہترین رول ادا کر رہی ہیں ۔اس تقریب کے دوران ناول نگار دویندر سنگھ ،سریندر کور ہرجیندر سنگھ ،ڈاکٹر پرتم سنگھ ،منجیت سنگھ ودیگران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سدھرامیں یوم خواتین کی مناسبت سے تقریب کااہتمام
جموں//وارڈنمبر71سدھرامیںعالمی یوم خواتین کی مناسبت سے تقریب کااہتمام کیاگیا۔اس دوران تقریب میں کونسلر سدھراشمع چوہدری مہمان خصوصی تھیں۔اپنے خطاب میں شمع چوہدری نے کہاکہ خواتین کاسماج کی ترقی میں کلیدی کردارہے اورکوئی بھی سماج خواتین کے بغیرترقی نہیں کرسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ سماج میں خواتین کوعزت کی نگاہ سے دیکھاجاناچاہیئے اوراس کی بااختیاری کیلئے سیاسی اپروچ بھی ضروری ہے۔انہوںنے سماج میں بچیوں کے ساتھ ناانصافی پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے وران کے ساتھ روارکھے جانے والے منفی سلوک کے خاتمہ پرزوردیا۔انہوں نے کہاکہ آج کسی بھی میدان میں بچیاں پیچھے نہیں اس لیے جوبھی لڑکی اچھاکام کرتی ہے اس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیئے۔شمع چوہدری نے کہاکہ اقوام متحدہ نے 1656 میں 8 مارچ کو عورتوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیاجس کی بدولت خواتین کوان کے حقوق ملنے کی راہ ہموارہوئی۔انہوں نے کہا کہ اس دن کو صرف عورتوں کا نام دیکر منانا ہی کافی نہیں ہے بلکہ معاشرے میں خواتین کے حقوق کی ادائیگی کے لئے بھی اقدام اٹھائے جانے چاہیے۔