کورٹروڑ کے ہول سیل ڈیلروں کیلئے جانکاری پروگرام کا اہتمام
سرینگر//محکمہ ناپ وتول کی طرف سے بمنہ میں کورٹ روڈ سرینگر کے ہول سیل ڈیلروں کے لئے ایک جانکاری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔پروگرام کی صدارت محکمہ کے کنٹرولر علی افسر خان نے کی ۔ پروگرام کے دوران مذکورہ ڈیلروں کو قانونی ضوابط کے تحت اپنے تجارتی یونٹ چلانے،گراں فروشی اورسازوسامان کو کم وزن پر بیچنے سے اجتناب کرنے کی تلقین کی گئی ۔ہول سیل ایسوسی ایشن کے صدر نے اس پروگرام کے اہتمام پر محکمے کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وہ من وعن محکمہ ناپ وتول کے قوانین پر عمل کریں گے۔
نقب زنی کی پے در پے وارداتیں
اقبال آباد زینہ کوٹ کے لوگوں میں تشویش کی لہر
سٹی رپورٹر
سرینگر//اقبال آباد زینہ کوٹ میں نقب زنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔تازہ واقعہ میں دوران شب چوروں نے برلب سڑک ایک دکان کا صفایا کرکے ہزاروں روپے مالیت کے سگریٹ پاکٹ اور دیگر سامان اڑا لیا ۔مقامی آبادی کے مطابق چور رات کے دوران موٹر سائیکلوں پر گھومتے ہیں اور چوریاں کرکے فرار ہوجاتے ہیں ۔ انٹی کورپشن ہیومن رائٹس سوسایٹی کے فردوس مدثر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے لوگ خوفزدہ ہیں ۔مقامی آبادی نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پارمپورہ میں شکایت دج کرائی ہے ۔
پانتہ چھوک میں منشیات فروش گرفتار
سرینگر //پانتہ چھوک میںپولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران منشیات فروش عبدل ماجد شیخ ساکنہ عمر آباد زینہ کوٹ کو روک کر اُس کی جامہ تلاشی لی جس دوران اُس کے قبضے سے پانچ سو گرام چرس برآمد ہوا۔ پولیس نے موقع پر ہی مذکورہ شخص کی گرفتاری عمل میں لاکر اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں تاکہ اس بدعت کا قلع قمع کیا جاسکے۔
ایس آر ٹی سی ملازم پولیس کی گرفت میں
مسافروں سے اضافی کرایہ وصولنے کا شاخسانہ
سرینگر// ایس آر ٹی سی بسوں میں بیرون ریاست سامان کی نقل و حمل کیلئے مسافروں سے اضافی کرایہ وصولنے کی پاداش میں پولیس نے ٹی آر سی سرینگر میں ایک شخص کو گرفتار کرکے کیس درج کیا ۔پولیس سٹیشن کوٹھی باغ نے شکایت ملنے کے بعد ایف آئی آر زیر نمبر08/2019 کے تحت کیس درج کرکے فاروق احمد بٹ عرف اختر ولد غلام محمدساکن تیل بل کو گرفتار کیا ۔