بانڈی پورہ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی رینڈومائزیشن
ضلع کے تین اسمبلی حلقوں کیلئے 1094ووٹنگ مشینیں مختص
بانڈی پورہ//ضلع انتخابی آفیسر بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا کی نگرانی میںکل الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی رینڈومائزیشن عمل میں لائی گئی ۔اس موقعہ پر مختلف سیاسی پارٹیوں کے علاوہ دیگر سینئر آفیسران بھی موجود تھے۔پہلے مرحلے میں بیلٹ یونٹوں ،کنٹرول یونٹوں اور وی وی پیٹ کی رینڈومائزیشن کی گئی ۔ ضلع کے تین اسمبلی حلقوں کے لئے 1094ووٹنگ مشینیں مختص کی گئی ۔اس موقعہ پر ڈی ای او نے کہا کہ رینڈومائزیشن کا مقصد صاف وشفاف انتخابات یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو یہ یقین دہانی کرانی ہے کہ انتخابات صاف وشفاف طریقے سے منعقد ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ ان مشینوں کو متعلقہ حلقوں کے سٹرانگ رومز میں کڑے سیکورٹی بندوبست میں منتقل کیا جائے گا۔میٹنگ میں ڈپٹی الیکشن آفیسر بلال مختار ،اسسٹنٹ ریٹریننگ آفیسر ان جہانگراحمد سدارتھ زتشی ،سید شاہنواز بخاری ،نوڈل آفیسر محمد قاسم اوردیگر آفیسران بھی موجود تھے۔
نور محمد نندہ کو چہارم پر خراج عقیدت پیش
سرینگر //سرکردہ سیاسی وسماجی لیڈر مرحوم نور محمد نندہ کے رسم چہارم کے سلسلے میں سرینگر میں ایک تعزیتی اجلاس خواجہ محمد امین صوفی ،صدر جموں وکشمیر این جی اوز یونائٹیڈ فرنٹ سیول سوسائٹی منعقد ہوا ۔اجلاس میں نور محمد کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ نور محمد نے طالب علمی کے دور سے ہی کشمیری عوام کیلئے اپنے آپ کو وقف کیا تھا۔ اس موقعہ پر محمد امین صوفی نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔
رضوان پنڈت کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی
سرینگر//مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار اور محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میرنے ایک وفد کے ہمراہ حراست کے دوران جاں بحق کئے گئے رضوان پنڈت کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔
قانون ساز کونسل چیئرمین کی مبارکباد
جموں//جموں وکشمیر قانون کونسل کے چیئرمین حاجی عنائت علی نے ریاستی عوام کو نو روز اور ہولی کی مبارک باد دی ہے۔انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ریاست میں امن اور خوشی کا پیغام لے کر آئیں گے۔
اجڑو قاضی گنڈ سے جواہر ٹنل تک سڑک کھنڈرات میں تبدیل
لوگوںکوشدید مشکلات کا سامنا
سرینگر// قاضی گنڈ اجڑو سے جواہر ٹنل تک سڑک خستہ حالت میں ہے اور کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ گاڑیوں میں سوار افرادکو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ لوگوںنے مذکورہ سڑک پر فوری طور پر میکڈم بچھانے اور مرمت کا کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق حالیہ بھاری برفباری اور بارشوں نے خستہ حال سڑک کی کو مزید بگاڑ دیا ہے جسکے نتیجے میں گاڑیوں میں مسافروںکو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تقریبا15کلومیٹر روڑ اس قدر خستہ ہوچکا ہے یہاں سے گزرنے والی گاڑیاں حادثات کی شکار ہورہی ہے ۔ سڑک کھنڈرات میںتبدیل ہوچکی ہے او ر جگہ جگہ گہرے گڑھے بن چکے ہیں۔ لوگوں نے اس ضمن میں متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک پر میکڈم بچھانے اور مرمت کا کام فوری طور پر شروع کریں۔
چاڈورہ میں ٹریفک جام کا سنگین رخ
ملازمین گھنٹوں گاڑیوںمیں محصورہو جاتے ہیں
سرینگر //چاڈورہ میں ٹریفک جام کی بدعت نے سنگین رخ اختیار کیا ہے ، چرار شریف ، پکھر پورہ اور دوسرے علاقوں میں تعینات ملازمین چاڈورہ میں گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنس کر رہ جاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ڈیوٹیوں پر وقت پر حاضر نہیں ہو پاتے ہیں۔ ٹریفک جام کے خلاف لوگوں نے سڑکوں پر آکرا حتجاجی مظاہرئے کئے اور حکام کے خلاف زبردست ناراضگی کا اظہار کیا ۔مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہر روز چاڈورہ پُل پر گھنٹوں ٹریفک جام ہوتا ہے جس کی وجہ سے چرار شریف ، پکھر پورہ اور دوسرے علاقوں میں تعینات سرکاری ملازمین وقت پر ڈیوٹیوں پر نہیں پہنچ پاتے ہیں۔ ٹریفک جام کے خلاف لوگوں نے پُر امن احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ حکام کی ناکامی کے باعث ٹریفک جام ہو رہا ہے۔ احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ چاڈورہ پُل کے دونوں اطراف سڑکوں پر گاڑیاں کھڑاکی جارہی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جا م ہو رہا ہے حالانکہ محکمہ ٹریفک کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں تاہم وہ ٹریفک جام کی بدعت سے لوگوں کو نجات دلانے میں ناکام ثابت ہو گئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے اس سلسلے میں فوری اصلاح کا مطالبہ کیا ۔