مزید خبرں

سرنکوٹ میں دو کنبوں میں آپسی تصادم، 2زخمی 

بختیار حسین
 
سرنکوٹ//سرنکوٹ میں دو کنبوں میں ہوئے آپسی تصادم میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق سرنکوٹ کے گائوں مرہوٹ سے تعلق رکھنے والے دو کنبوں میں کسی معاملہ پر لڑائی ہو ئی جس کے بعد کچھ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے ۔عبدالرزاق اور محمد آصف نامی افراد نے بتایا کہ حالیہ پنچایتی انتخابات کے دوران کامیاب ہوئے سرپنچ کیساتھ ان کا پیسوں کا معاملہ کافی عرصہ سے چل رہا ہے ۔انہوںنے الزام عائد کر تے ہو ئے کہاکہ سرپنچ نظیر حسین نے مبینہ طورپر ان سے کچھ پیسے لئے ہوئے تھے جو وہ واپس نہیں کر رہا تھا جبکہ پیسے مانگنے پر ان کو لگا تار دھمکیاں مل رہی تھیں ۔انہوں نے بتایا کہ جیسے وہ سرنکوٹ آئے تو مذکورہ سرپنچ کے کنبہ کے افراد نے ان پر حملہ کردیا جس کے کی وجہ سے دو افراد زخمی ہوگئے ۔اس دوران پولیس نے بیچ آکر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا اور کچھ افراد کو حراست میں بھی لیا ۔زخمیوں کی شناخت منظور حسین ولد حسن محمد سکنہ مرہوٹ ،محمد یونس ولد سلہ محمد سکنہ مرہوٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔زخمیوں کو سرنکوٹ ہسپتال میں ابتدائی علا ج فراہم کرنے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں ریفر کردیا گیا ہے ۔ایس ایچ او سرنکوٹ نے بتایاکہ اس سلسلہ میں کیس درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
 
 

راجوری کالج میں ’وقت کی پابندی ہفتہ ‘کی اختتامی تقریب

راجوری //گور نمنٹ پی جی کالج راجوری میں ’وقت کی پابندی ہفتہ ‘کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی ۔اس سلسلہ میں منعقدہ اختتام پروگرام میں طلباء ،سٹاف ممبران ودیگر اراکین نے بھی شرکت کی ۔اس ہفتے کے دوران راجوری کالج میں طلباء و سٹاف ممبران کی جانب سے ’وقت کی پابندی کا عہد ‘کالج میں نظم و ضبط ‘پوسٹر بنانا ،سمپوزیم ودیگران پروگرام کااہتمام کیا گیا ۔اس ہفتے کے اختتامی پروگرام کے دوران کالج طلباء و سٹاف ممبران کی ایک سے ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران انہوں نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر وقت کی پابندی اور اس کی اہمیت کے بارے میں نعرے تحریر کئے گئے تھے ۔کالج پرنسپل جاوید احمد قاضی نے اپنے خطاب میں وقت کی پابندی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ وقت کا بہترین استعمال کریں تاکہ ان کا مستقبل روشن ہوسکے ۔اس موقعہ پر پروفیسر فاروق مرزا ،پروفیسر انور شاہ ،پروفیسر اسد اللہ خان ،پروفیسر وائی پی شرما ،پروفیسر اقبال رینہ ودیگران بھی موجود تھے ۔
 
 

مینڈھر کالج میں توسیعی لیکچر کا اہتمام

جاوید اقبال 
 
مینڈھر //گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر میں شعبہ عربی کی جانب سے ایک توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس میں باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے پروفیسر ڈاکٹر شمس کمال انجم بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔’قرآن کریم کے جمالیاتی اسرار ورموز‘کے عنوان سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ موضوع کے ہر ایک پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ قرآن کریم عقیدے اور احکام کی کتاب ہونے کے ساتھ ساتھ عربی زبان وادب کا سب سے اعلی نمونہ ہے اور یہ رسول اکرمﷺ کا معجزہ بھی تھا ۔اس موضوع کے اعتبار سے طلباء نے کئی ایک سوالات بھی پوچھے جن کا خاطر خواہ اور تسلی بخش طریقے سے جواب دیا گیا۔انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھرکو NAAC کی جانب سے بی گڑیڈ ملنے پر پرنسپل ، اساتذہ اور طلبہ کو مبارک باد پیش کی۔ پروفیسر انجم  کے علاوہ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے بعض اسکالروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کالج کے وائس پرنسپل ڈاکٹر عبد الرؤف نے اپنے صدارتی خطبہ میں شعبہ عربی کے اساتذہ کی سراہنا کرتے ہوئے اسطرح کے پروگراموں کی افادیت واہمیت پر روشنی ڈالی۔طلباء کے علا وہ اس پروگرام میں ڈاکٹرعبد الرئوف ، پروفیسرسرشاد حسین ، ڈاکٹر معروف خان ، پروفیسر محمد اکرم ، ڈاکٹر جمیل احمد ، ڈاکٹر اعجاز احمد، ڈاکٹر شاہد عزیز ، ڈاکٹر ذوالفقار علی شاہ ، ڈاکٹر رفعت ناز کوثر ، راہل سانگرہ ، لکشمی دیوی ، سونیکا کماری ، ڈاکٹر مکھن دین ودیگران نے بھی شرکت کی۔
 
 

مینڈھر میں کانگریس کے اجلاس منعقد

جاوید اقبال
 
مینڈھر //کانگریس پارٹی کی مینڈھر اکائی کی جانب سے اسمبلی حلقہ مینڈھر کے مختلف علاقوں میں میٹنگوں کا اہتمام کیا گیا ۔آل انڈیا کا نگریس کمیٹی کی رکن پروین سرور خان کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کی جانب سے سلواہ اپر کھوڑبنی ،بھیروٹ اوربسونی علا قوں میں پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں اجلاس منعقد کئے گئے جن میں پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔پروین سرور خان نے اس دوران بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی ہیں جبکہ اقتدار میں آتے ہی پارٹی نے ملکی عوام کو سیاسی مفاد کیلئے تقسیم کرنے کی کوششیں کی ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے اس وقت ریاستی عوام پانی ،بجلی ،سڑکوں کی خستہ حالی ،سکولوں اور طبی اداروںمیں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ کانگریس امید وار رمن بھلہ کے حق میں ووٹ دے کر کامیاب کریں ۔اس دوران ان کے ہمراہ سردار نور محمد خان،محمد تعظیم ،شمشیر خان، وسیم احمد راجہ ،ضلع نائب صدر عبدالحمید ،ہدایت اللہ پنچ ،حاجی محمد حنیف ،حاجی محمد ظہیر خان ، محمد عظیم ،سردار محمد، یعقوب خان ودیگران بھی شامل ہیں۔
 

محکمہ پی ایچ ای کے افسر کی غیر حاضری سے عوام پریشان 

جاوید اقبال 
 
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر میں محکمہ پی ایچ ای کے ا سسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر کی دفتر میں عدم موجودگی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ آفیسر نے اپنا چار ج سنبھالنے کے بعد مبینہ طور پر دو سے تین مرتبہ دفتر میں حاضری دی ہے تاہم دوسری جانب مقامی لوگ دفتر کے کئی چکر کاٹ چکے ہیں جبکہ ان کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مذکورہ آفیسر چلنے کے قابل نہیں ہے جبکہ اس کو مینڈھر میں تعینات کیا گیا ہے لیکن مینڈھر میں پینے کے صاف پانی کی ہمیشہ قلت رہتی ہے جس کی وجہ سے لوگ کئی مرتبہ دفتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہو تے ہیں ۔ محمد خورشید ،اشتیاق احمداور ذاکر خان نے کہاکہ ا سٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر کسی حادثے میں زخمی ہوئے تھے جوکہ ابھی تک مکمل صحت یاب نہیں ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب عوام مشکلات کا سامنا کر رہی ہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں کو ئی متبادل آفیسر تعینات کیا جائے تاکہ لوگوں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔اس سلسلہ میں ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ اعلیٰ انتظامیہ نے ا سٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر کی مینڈھر میں تعیناتی عمل میں لائی ہے جبکہ عوامی مسائل کو دیکھتے ہوئے پارلیمانی انتخابات کے بعد اس سلسلہ میں اعلیٰ انتظامیہ سے بات کی جائے گی۔
 

کانگریس ضلع صدر پونچھ کا دورہ ٔ منڈی 

انتخابات میں پارٹی امید وار کو کامیاب بنانے کی اپیل

عشرت حسین بٹ 
 
منڈی//پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر کانگریس ضلع صدر چوہدری عبدالغنی کی سربراہی میں کانگریس کارکنان نے تحصیل منڈی کے مختلف علاقہ جات کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے عوام سے کانگرس کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل بھی کی۔کانگریس ضلع صدر نے لورن، پلیرہ اوربراچھڑ میں عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ پارلیمانی انتخابات میں سیکولر طاقتوں کاساتھ دے کر فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے کانگریس امید وار کو منتخب کریں ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے ہرایک محاذ پر ملکی وریاستی عوام کا استحصال کیا ہے جبکہ عوام بھاجپا کی طرف سے اعلان کردہ 15لاکھ روپے کا انتظار کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کے دور حکومت میں مہنگا ئی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے جبکہ بے روز گاروں کو بھی شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امید وار رمن بھلہ کے حق میں ووٹ ڈال کر کامیاب کریں ۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ پارٹی سنیئر لیڈر نعیم میر، گلزار احمد جاٹ، بلاک صدر منڈی امیر دین ہمدانی ودیگران بھی تھے ۔

 

تھنہ منڈی میں’ وقت کی پابندی اور اس کی اہمیت ‘پر سیمینار 

طارق شال 
 
تھنہ منڈی //گور نمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں وقت کی پابندی کے ہفتے کی مناسبت سے ایک سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا ۔’ وقت کی پابندی اور اس کی اہمیت‘ کے عنوان سے منعقدہ سمپوزیم میں کالج طلباء و سٹاف ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔کالج کے وومن ڈیولپمنٹ سیل کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام میں کالج پرنسپل پروفیسر شکیل احمد رینہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اس سمپوزیم میں صغیر احمد نے پہلی ،صنا فردوس دوسرے اور شبنم ملک تیسری پوزیشن پر رہی ۔سمپوزیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔اس موقعہ پر سٹاف ممبران نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ وقت کی پابندی کریں تاکہ آئندہ وہ کامیاب ہو سکیں ۔کالج پرنسپل نے طلباء کو تلقین کرتے ہو ئے کہاکہ اپنے بہترین مستقبل کیلئے وقت کی پابندی کیساتھ کوشاں رہیں۔
 

بھاجپا کی بدھل اور سندر بنی میں انتخابی ریلیاں 

راجوری//پارلیمانی انتخابات 2019کے سلسلہ میں بھاجپا کی جانب سے سندر بنی اور بدھل میں ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ۔پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ کی قیادت میں منعقدہ ریلیوں میں مقامی لوگوں و پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں بھاجپا کے ریاستی صدر نے کہاکہ پارٹی کی مرکزی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا تھا اور اسی وجہ سے متعدد فلاحی اسکیموں کو بھی لاگو کیا گیا جن سے عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت نے پسماندہ طبقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے کئی خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی فلاح  و بہبود کو قائم رکھنے کیلئے جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے پارٹی امید وار کو کامیاب کرنے کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر سنیئر لیڈران بھی موجود تھے۔