مزید خبرں

چنائوکے پیش نظر خواتین کیلئے 3روزہ تربیتی پروگرام شروع

ڈوڈہ //پارلیمانی چنائو کے پیش نظر ڈوڈہ میں خواتین کیلئے تین روزہ تربیتی پروگرام شروع کیاگیا ۔یہ تربیتی پروگرام ڈپٹی کمشنر دفتر میں ضلع الیکشن افسر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئیفوڈ کی قیادت میں شروع ہوا۔اس دوران ماسٹر ٹرینروں فیاض مہتا، ڈاکٹر اختر حسین اور محمد عرفان نے خواتین پولنگ عملے کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور ووٹر ویریفائبل پیپر آڈٹ ٹریل مشینوں کے بارے میں تفصیل سے جانکاری فراہم کی ۔انہوںنے بیلٹ یونٹ ، کنٹرول یونٹ اور اس سے جڑے دیگر امور کے بارے میں بتایا ۔تربیتی پروگرام کے دوران کنٹرول یونٹ کی سیلنگ اور وی وی پی اے ٹی کو بھی دکھایاگیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے قصبہ ڈوڈہ میں آئندہ پارلیمانی چنائو میںخواتین کیلئے دو ماڈل پولنگ اسٹیشن قائم کئے ہیں ۔اس تربیتی پروگرام کے نوڈل افسر اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ڈوڈہ دیوندر سنگھ باہو ہیں ۔
 

کالج پروفیسر کی سیاسی ریلی میں شرکت

ویڈیو وائرل ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہوئی 

ڈوڈہ//ڈگری کالج ڈوڈہ کے ایک پروفیسر کی سیاسی ریلی میں سابق ایم ایل اے ڈوڈہ کو پھولوں کی مالائیں پہناتے ہوئے ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو17 مارچ کی ہے جب شکتی پریہار نے جودھپور میں جلسہ کیا تھا۔اس سلسلے میں ایم اسی سی کمیٹی کے پاس شکایت بھی درج کی گئی تھی جبکہ عوامی حلقوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق اس معاملہ میں ڈی ایف او ڈوڈہ جو نوڈل آفیسر بھی ہیں، نے بھی تحقیقات کو کسی انجام تک نہیں پہنچایا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس ویڈیو کے متعلق تاحال کوئی نوٹس نہ لیا گیاہے۔اس سلسلے میں جب ضلع ترقی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ڈائفوڈ ساگر جو ضلع الیکشن آفیسر بھی ہیں،نے بتایا کہ وہ معاملہ کی جانچ پڑتال کریں گے اوراگر کوئی بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا تواس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
 
 

ڈوڈہ کے عبدالقیوم بانڈے رحمت حق 

ڈوڈہ //مرحوم ماسٹر عبدالطیف بانڈے کے فرزند و نیشنل کانفرنس کے دیرینہ رکن عبدالمنان بانڈے، عبدالحفیظ بانڈے عبدالحکیم بانڈے کے برادر اکبر عبدالقیوم بانڈے مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 58 سال تھی اور محکمہ زراعت میں ملازم تھے ۔پسماندگان میں زوجہ کے علاوہ دو پسران موجود ہیں۔سماج کے تمام طبقوں نے مرحوم کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ایڈوکیٹ غلام حسن پاٹیگڑو، خالد نجیب سہروردی، شاد مسگر، اشتیاق احمد دیو، نثار احمد بانڈے ڈاکٹر بشارت فریدی، نصیر احمد کھوڑا، غلام حسن پامپوری، نعمت اللہ ٹاک، ایڈوکیٹ حسان بابر نہرو، نیاز احمد راہی نے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں غمزدہ عیال سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔