مزید خبرں

راجوری میں اینٹ کی بھٹوں کامعائنہ 

۔5مالکان کے خلاف اظہار وجوہ کا نوٹس جاری 

راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے ضلع میں اینٹ کی بھٹیوںکے غیر قانونی طور پر کام کرنے کی شکایات ملنے پر ان کی چیکنگ کا حکم جاری کیا جس پر معائنہ کیاگیا ۔اس دوران غیر قانونی طور پر کام کرتے پائی گئی اینٹ بھٹیوں کے 5مالکان کو اظہار وجوہ کانوٹس جاری کیاگیاہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سختی سے ہدایت جاری کی ہیں کہ کسی بھی اینٹ بھٹے میں ماحول مخالف کام نہیںہوگا اور قواعد و ضوابط کا بہر صورت لحاظ رکھاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ اینٹ کے بھٹے تعمیراتی کاموں کیلئے انتہائی اہم ہیں لیکن کسی کو بھی قواعد کی خلا ف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انتظامیہ کی طرف سے اینٹ بٹھوں کے مالکان کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ان سے جڑے دستاویزات ایک دن کے اندر ضلع مجسٹریٹ کے دفتر میں پیش کریں نہیں تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے کام کاج کو غیر قانونی قرار دیاجائے گا۔
 

موٹرسائیکل حادثے میں 2زخمی 

راجوری //راجوری کے جگلانو علاقے میں موٹرسائیکل حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق اتوار کی شام جگلانو کے نزدیک ایک موٹرسائیکل زیرنمبر JK11C 2130دراج سے کوٹرنکہ جاتے ہوئے حادثے کاشکار ہوکر سڑک سے لڑھک گیا جس کے نتیجہ میں سترہ سالہ سنجیوکمار ولد کرشن سنگھ ساکن جگلانو اور پندرہ سالہ محمد رضوان ولد محمد رفیق ساکن کوٹرنکہ زخمی ہوئے ۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں وہ زیرعلاج ہیں۔
 

مغل شاہراہ بند رہنے سے بکروال کنبے پریشان

رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے دورافتادہ علاقوں سے ہر سال ڈھوکوں میں جانے والے خانہ بدوش طبقہ کے لوگوںمیں مغل شاہراہ تاحال بند رہنے پر سخت مایوسی پائی جارہی ہے۔غور طلب ہے کہ یہ لوگ ہر سال گرمیوں کے موسم میں پہاڑی علاقوں میں واقع بہکوں میں چلے جاتے ہیں اور وہ اپنے ہمراہ مال مویشی بھی وہیں لیجاتے ہیںتاہم اس مرتبہ ابھی تک مغل شاہراہ بند پڑی ہے جس سے ان کو آگے جانے میں مشکلات کاسامناہے ۔ مغل شاہراہ کی تعمیر سے قبل یہ لوگ پیدل سفر کرتے تھے لیکن پچھلے کئی برسوں سے وہ ٹرکوں میںمال مویشی بھر کے لیجاتے ہیں ۔بکروال کنبوںنے حکام سے اپیل کی ہے کہ مغل شاہراہ کو فوری طور پر بحال کیاجائے تاکہ وہ ڈھوک جاسکیں ۔
 

دوگنی رقم واپس لوٹانے کا جھانسا دینے واالا گرفتار

پرویز خان
 
منجاکوٹ //منجاکوٹ میں پولیس نے سادہ لوح عوام سے پیسے اینٹ کران کی جگہ دوگنا رقم واپس دینے کا جھانسا دینے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیاہے ۔ ایس ایچ او منجاکوٹ منظور کوہلی کی قیادت میں ٹیم نے افتخار احمد عرف ساگر ولد فقر دین سکنہ سلواہ تحصیل مینڈھرضلع پونچھ کو حراست میں لیکر اس سے پوچھ تاچھ شروع کردی ہے ۔ افتخار پر الزام ہے کہ وہ سادہ لوح افراد کو دوگنارقم واپس لوٹانے کا جھانسا دے کر ان سے پیسے اینٹ رہاتھا۔بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ شخص محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل کام کررہاہے اوراس کی ڈیوٹی پولیس لائن راجوری میں ہے۔اس کے خلاف پولیس تھانہ منجاکوٹ میں کیس بھی درج کیاگیاہے ۔
 

سری لنکا حملوں کی مذمت 

پونچھ//سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہوئے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بار ایسو سی ایشن پونچھ نے اسے انسانیت پر حملہ قرار دیا ۔بارصدر ایڈووکیٹ محمدزمان نے سری لنکن حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ انسانیت کو شرمسار کردینے والے واقعات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہو پاکستان ہو یا اور کوئی ملک کو جہاں بھی اس طرح کے خودکش حملے ہو رہے ہیں ،وہ ان کی مذمت کرتے ہیں۔
 

عالمی یوم ارض پر بیداری پروگرام 

نوشہرہ //عالمی یوم ارضی پر نوشہرہ میں غیر سرکاری تنظیم بھارت رتن ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر یوتھ آرگنائزیشن کی رف سے نوجوانوں کیلئے ایک بیداری کیمپ منعقد کیاگیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے تنظیم کے چیئرمین صنم رانا نے کہاکہ اس وقت ماحول میں بہت زیادہ آلودی پائی جارہی ہے جو درختوں کی بے دریغ کٹائی کا نتیجہ ہے ۔ انہوںنے جنگلات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں پر یہ لازم ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شجرکاری کریں تاکہ ماحولیاتی توازن مزید خراب ہونے سے بچ سکے ۔انہوںنے کہاکہ جنگلات کی کٹائی سے ہی پانی کے بحران کا مسئلہ بھی درپیش ہے ۔ 
 

راجوری یونیورسٹی میں سینئر طلاب کیلئے الوداعی پارٹی کا اہتمام

راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں جونیئرطلبا نے فارغ ہونے والے سینئرطلبا کیلئے الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا جس میں پروفیسر جی ایم ملک ڈین آف اسٹوڈنٹس ویلفیئر،ڈاکٹر شمس کمال انجم صدر شعبہ عربی،اردو اور اسلامک اسٹڈیز ،شعبے کے اساتذہ ڈاکٹر رفیق انجم،ڈاکٹر نسیم گل ،اشرف امین ملک،بلال احمد، ڈاکٹر مشتاق احمد ونی اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو ، ڈاکٹر محمد آصف ملک اور ڈاکٹر عقیلہ اسسٹنٹ پروفیسر شعبئہ عربی کے علاوہ پی ایچ ڈی کے ریسرچ اسکالرس اور ایم اے اسلامک اسٹڈیز کے طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔پروفیسر جی ایم ملک نے کہاکہ وہ طلبہ جو اس دانش گاہ سے علم وادب اور تہذیب وشائستگی کی روشنی لے کر یہاں سے فارغ ہورہے ہیں ،کو چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل کو مزید تابناک بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ محنت اور کوشش سے کام لیں کیونکہ زندگی آزمائشوں اور امتحانات کا نام ہے۔ڈاکٹر شمس کمال انجم نے کہاکہ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے تمام اساتذہ اور طلبا مبارک باد کے مستحق ہیں کہ جو اسلامی اقدار کی افہام وتفہیم کی بات کرتے ہیں اور اسلام کی روح کو سمجھتے ہیں ۔ 
 

یوم ارض پر کوٹرنکہ میں ریلی نکالی گئی 

کوٹرنکہ //فوج کی 60 آر آر ناگا کی طرف سے یوم ارضی پر ریلی کا اہتمام کیاگیا جس میں ہائر سکینڈری سکول کے طلباء نے بھی شرکت کی ۔یہ ریلی ہائر سکینڈری سکول کوٹرنکہ سے شروع ہوکر بازر سے بیچ سے گزرتے ہوئے مین چوک کوٹرنکہ پہنچی جس دوران طلباء نے اپنے ہاتھوں پر ’پیڑ لگائو۔زمین بچائو‘کے نعروں والے بینر بھی اٹھارکھے تھے ۔ریلی کے ذریعہ یہ پیغام دیاگیاکہ زمین کا تحفظ ہر ایک شہری کی ذمہ داری ہے اوراس کامنصفانہ استعمال کیاجاناچاہئے ۔ ہائراسکینڈری سکول کے پرنسپل نے ماحولیات اور ارضیات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی نسلوں کی تباہی کا سبب بن سکتی ہے جس پر قابو پانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر ہم انسانی نسل اور جانوروں کی بقاچاہتے ہیں تو اس بات کو یقینی بناناہوگاکہ اگر ایک پیڑ کاٹاجاتاہے تواس کی جگہ دس لگائے جائیں ۔