راجور ی کے 8تعلیمی زون میں زیڈ ای پی او کی اسامیاں خالی
تھنہ منڈی زون میں محکمہ کا کام کاج متاثر ،انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل
طار ق شال
تھنہ منڈی //ضلع راجوری کے 15تعلیمی زونوں میں سے 8زون میںزونل ایجوکیشنل پلانگ آفیسر( ZEPO )کی اسامیاں خالی ہو نے کی وجہ سے محکمہ کا کام کاج بُری طرح سے متاثر ہو رہاہے پورے ضلع میں صرف 7زون ایسے ہیں جن میں مذکورہ پوسٹ پر آفیسران کو تعینات کیا گیا ہے ۔ان تمام زون میں زونل ایجوکیشنل پلانگ آفیسر کی عدم موجودگی کی وجہ سے منصوبہ بندی اور فنڈز کو استعمال کر نے کیساتھ ساتھ محکمہ کے دیگر کام بھی متاثر ہو رہے ہیں ۔ضلع کے ایجوکیشنل زون راجوری، سندر بنی،نوشہرہ، کالا کوٹ، منجاکوٹ، درھال اور زون کوٹرنکہ ایسے تعلیمی زون ہیں جہاں پر زونل ایجوکیشنل پلانگ آفیسرتعینات کئے گئے ہیں جبکہ تھنہ منڈی،خواس، پیڑی، ڈنڈیسر، بلجرا لاں، ڈونگی، موگلہ، لورتن وغیرہ ایسے زون ہیں جہاں پر مذکورہ اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔تھنہ منڈی کی عوام نے ریاستی انتظامیہ کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ضلع میں جن زونوں میں زونل ایجوکیشنل پلانگ آفیسرتعینات کئے گئے ہیں ان میں سے کو ئی نہ کوئی سیاستدان کابینہ میں شامل رہا ہے جس کی وجہ سے ان زونوں میں مذکورہ اسامیوں کو پُر کیا گیا ہے لیکن دیگر پسماندہ علا قوں کی عوام کو سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے یکسر نظر انداز کیا گیا ہے ۔ان میں سے تعلیمی زون تھنہ منڈی سب سے پرانا زون ہے جس میں 1 کستوربہ گاندھی بالیکہ ودھیالہ کو چھوڑ کر 132 سرکاری پرائمری ومڈل اسکول چل رہے۔ اس زون میں 650سے زائد ٹیچر اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں جبکہ ان کیساتھ ساتھ کئی ایک نجی تعلیمی ادارے بھی چل رہے ہیں اور ان تمام اداروں کے نتائج بھی کنفرم کئے جاتے ہیں لیکن ان تمام کاموں کیلئے صرف ایک زونل ایجوکیشن آفیسر تعینات کیا گیا ہے ۔ تھنہ منڈی کی سرکا ری اور غیر سرکاری تنظیموں کا کہنا ہے کہ ریاستی گورنر انتظامیہ کو سنجیدکا کا مظاہرا کرتے ہوئے ضلع کے تمام زونوں میں زونل ایجوکیشنل پلانگ آفیسر تعینات کرنے چاہیے تاکہ تعلیمی نظام متاثر نہ ہو ۔اس ضمن میں چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری محمد ا شرف راتھر کا کہنا ہے کہ ان پوسٹوں کی عدم موجودگی سے تعلیمی نظام متاثر ہو تا ہے لیکن یہ ایک سیاسی معاملہ ہے جو کہ ایک خط تحریر کرنے سے حل نہیں ہو سکتا ۔
کوٹر نکہ بدھل میں بجلی نظام سے عوام پریشان
محمد بشارت
کوٹر نکہ //کوٹرنکہ بدھل میں محکمہ پی ڈی ڈی کی ناقص کارکرد گی کی وجہ سے کئی جگہوں پر ترسیلی لائنیں سبز درختوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جبکہ اسی دوران پنچایت حلقہ گنڈی کی متعدد وارڈوں میں بجلی گزشتہ کئی دنوں سے دستیاب ہی نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی ترسیلی لائنیں کی مرمت کیساتھ ساتھ بجلی کے بوسیدہ کھمبوں کومنتقل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کئی ایک علا قوں میں بجلی کی لائنیں زمین سے چند ہی فٹ کی دوری پر ہیں جو کہ انسانوں کیساتھ ساتھ مویشیوں کیلئے بھی خطہ بن سکتی ہیں ۔وسیم احمد نامی ایک شخص نے بتایا کہ بجلی کے خراب نظام کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ آفیسران سے رجوع کیا گیا لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ بدھل کے دیہی علا قوں میں بجلی نظام کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھا ئے جائیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات دستیاب ہو سکیں۔
منشیات مخالف کارروائی
پونچھ پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کر نے کا دعوا کیا
عشرت حسین بٹ
پونچھ// گزشتہ دنوں ضلع پونچھ میں منشیات کی وجہ سے نوجوانوں کی اموات کے بعد پونچھ پولیس نے منشیات مخالف کارروائی کو شروع کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرنے کا دعوا کیا ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں پولیس انتظامیہ نے کہا ہے کہ گرفتار شدہ افراد کا تعلق سرحدی ضلع پونچھ سے ہے جبکہ ان افراد کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے اور ان کے خلاف ضابطہ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔پولیس انتظامیہ کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے سلسلہ میں مزید جانکاری جمع کی جارہی ہے تاکہ تمام افراد کو قانون کی گرفت میں لا یا جاسکے ۔یہا ں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل انتظامیہ کی جانب سے چھ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
مینڈھر تا بھمبر گلی 22کلو میٹر سڑک خستہ حالی کا شکار
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر تا بھمبر گلی سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی حالت بہتر بنانے کیلئے متعدد بار انتظامیہ سے رجوع کیا گیا لیکن ہر بار ان کو صرف یقین دہانیاں ہی کروائی گئی جبکہ عملی طور پر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی جانب کو ئی توجہ نہیں دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گریف کی عدم توجہی کی وجہ سے سرحدی علا قوں کی واحد سڑک اس وقت نا قابل استعمال ہو تی جارہی ہے ۔عوام نے کہاکہ کئی جگہوں پر سڑک کے کناروں نالیوں کی عدم دستیابی کے ساتھ ساتھ کناروں پر کچھ افراد کی جانب سے غیر قانونی طورپر ریت اور بجری جمع کی جاتی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مینڈھر کے سرحدی علا قوں میں رہائش پذ یر عوام بھی اسی سڑک کو استعمال کر تے ہیں اور اس سڑک پر روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں چلتی ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر تا بھمبر گلی سڑک کو بہتر بنایا جائے تاکہ مسافروں کو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
سرنکوٹ میں عوام غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی سے پریشان
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مقامی انتظامیہ اور محکمہ پی ڈی ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہاہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ طلباء کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔سرپنچ مڑا ،سرپنچ سنئی ،سرپنچ فضل آباد ودیگر علا قوں کی عوام نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ ماہ صیام سے قبل ہی دیہی علا قوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین صرف علا قوں میں بجلی کے بل تقسیم کرنے کیلئے ہی آتے ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ سرنکوٹ کے سیاسی نمائندے صرف انتخابات کے دنوں میں ووٹوں کیلئے دیہی علا قوں کا رخ کرتے ہیں لیکن عوامی مسائل کو اجاگر کروانے اور مشکلات کو حل کروانے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔عوام نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے اور عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔متعلقہ محکمہ کے ایگز یکٹو انجینئر نے بجلی نظام درست کرنے کی وجہ سے کچھ علا قوں میں بجلی کی کٹوتی کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان میں بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔
لو ہیل بیلا سٹیلاں میں پانی کے ٹینک کی تعمیر زیرالتواء
مقامی لوگوں نے کام مکمل کرنے اورسہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا
حسین محتشم
ہونچھ// محکمہ صحت عامہ کی جانب سے لوہیل بیلا سٹیلاںعلا قہ میں عوام کو پانی فراہم کرنے کیلئے بنائے جانے والے ٹینک کی تعمیر پر محکمہ جنگلات کی جانب سے روک لگائے جانے پر مقامی لوگوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینک کی تعمیر جلداز جلد مکمل کر کے عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں۔مقامی لوگوں کے مطابق ٹینک کی تعمیر سے قبل متعلقہ محکمہ سے این او سی لی گئی تھی لیکن اس کے باوجود بھی اس کی تعمیر روک دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کام کو شروع کروانے سے پہلے باضابطہ طور پر محکمہ کی جانب سے تمام محکمہ جات کو پوچھا گیا تھا اور ان سے این او سی بھی لی گئی تھی لیکن نہ جانے کیوں کام کافی حد تک ہونے کے بعد محکمہ کی طرف سے کام بند کروا دیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا ان کے گاؤں میں کافی حد تک پانی کی قلت ہے لوگوں کوکئی کلو میٹر کی دوری سے پینے کا صاف پانی لانا پڑتا ہے جبکہ گزشتہ کئی عرصہ سے عوام کی جانب سے کی جارہی مانگ کے بعد ٹینک کی تعمیر کا حکم نامہ صادر کیا گیا تھا ۔اس ٹینک کی تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار شکیل احمد نے بتایا کہ انہیں باضابطہ محکمہ صحت عامہ کی جانب سے ورک آرڈر دیا گیا ہے جس کے مطابق تعمیراتی کام شروع کیا گیا ہے لیکن اب ان کو کام نہیں کرنے دیا جارہا ہے۔ محکمہ پی ایچ ای کے ایگز یکٹو انجینئر نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے تمام تر لوازمات پورے کیے جانے کے بعد ٹینک کی تعمیرات کا کام شروع کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے فائدے کے لئے کام کروایا گیا ہے اسے وہاں کے عوام کو بڑا فائدہ مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ جانے کس وجہ سے محکمہ جنگلات اس کام میں خلل ڈال رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ کے اعلی افسران لوگوں کے فائدہ کو سمجھتے ہوئے اس کام کو جاری رکھنے کے سلسلے میں اقدام اٹھائیں گے۔
ڈاکہ بنگلہ سرنکوٹ میں عوامی دربار منعقد
ڈی سی پونچھ نے ماہ صیام کے سلسلہ میں کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا
بختیار حسین
سرنکوٹ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی جانب سے ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں عوامی دربار منعقد کیا گیاجس کے دوران آئندہ ماہ صیام کے سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔مقامی لوگوں نے معیاری ضروری اشیاء کی فراہمی کیساتھ ساتھ سبزی اور پھلوں کا ریٹ کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی ،بجلی کی عدم دستیابی اور کٹوتی ،کے علاوہ دیگر مسائل کی شکایت کی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ بنیادی سہولیات کو ترجیح بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ماہ رمضان میں عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔انہوں نے میونسپل کمیٹی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مساجد ودیگر مقامات پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم سرنکوٹ ،تحصیلدار ،مونسپلٹی آفیسرو دیگر محکموںکے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔
ایس ڈی ایم کا ٹوپہ گائوں میں عوامی دربار
جاوید اقبال
مینڈھر //ایس ڈی ایم مینڈھر ساہل جنڈیال کی جانب سے تحصیل منکوٹ کے ٹوپہ گائوں میں ایک عوامی دربار لگایا گیا جس کے دوران علا قہ کی عوام کو درپیش مسائل کاجائزہ لیا گیا ۔اس عوامی دربار کے دوران ٹوپہ بھاٹی دھار اور سمکن چھجلہ کے لوگوں نے عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں انتظامیہ کو جانکاری فراہم کی ۔مقامی لوگوں نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ علا قہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کے ساتھ ساتھ بجلی نظام کی خستہ حالی کی وجہ سے ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس کے علا وہ مذکورہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے ان کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے ۔ایس ڈی ایم نے عوامی مسائل کو سننے کے بعد یقین دہانی کروائی کہ ان کو ترجیح بنیادوں کو حل کیا جائے گا ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہو ئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے آپسی اشتراک سے کام کیا جائے ۔اس موقعہ پر مختلف محکموں کے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔