رام بن انتظامیہ کی جانب سے شکایت ازالہ کیمپ کا اہتمام
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ کی صدارت میں ایک عوامی شکایت ازالہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں ایس ایس پی انیتا شرما، اے ڈی سی بشارت حسین ، اے آر ٹی او محمد سلیم، ڈی ایس پی ٹریفک سریش کمار ، صدر میونسپل کمیٹی رام بن امیت کمار بھارتی ، صدر بیوپار منڈل بھوشن لال گپتا، ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی، پی ایچ ای، بجلی ، گیمن اور بیکن کے انجینئر بھی موجود تھے۔ وہاں موجود لوگوں نے اس کیمپ میں اپنے کئی مسائل ابھارے ، افسران نے موقعہ پر ہی ان کے حل کے لئے احکامات جاری کئے۔ ان کی طرف سے بجلی، پانی اور راشن کی سپلائی، سڑکوں کی خستہ حالی اور دیگر مسائل شامل تھے۔ پی ایچ ای کے حوالہ سے ڈی ڈی سی موصوف نے ہدایت دی کہ پورے ضلع بالخصوص قصبہ جات میں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، پائپوں اور ہینڈ پمپوں کی مرمت کے علاوہ پانی کے ٹینکر لگائے جائیں اور ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے تا کہ لوگ اپنی شکایتیں درج کرواسکیں۔ گیمن کو رام بن قصبہ کی سڑک پر میکڈم بچھانے اور ڈرینیج سسٹم درست کرنے کے لئے کہا گیا۔ محکمہ بجلی کو سپلائی کی فراہمی میں بہتری لانے کے علاوہ بیکن کو میترا پل کی مرمت میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی۔ میونسپل کمیٹی ، بیوپار منڈل اور دیگر کئی تنظیموں کے وفود نے ڈی ڈی سی کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل کے بارے میں بتایا ۔
’طارق میموریل چیرٹیبل فائونڈیشن کا سالانہ دن
اسلامیہ فریدیہ اسکول کے طلاب کو کتب، وردیاں اور وظائف کا عطیہ
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//غیر سرکاری رضاکار تنظیم ’طارق میموریل چیرٹیبل فائونڈیشن کے سالانہ دن کے سلسلہ میں اسلامیہ فریدیہ ہائر سکینڈری اسکول میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ نے کی جب کہ ایڈیشنل ایس پی ناصر خان، چیئر مین فائونڈیشن غلام نبی شیخ،اعجاز احمد شیخ، عادل رشید شیخ، ایڈمنسٹرر اوقاف اسلامیہ مشتاق احمد قاضی، ڈاکٹر تبسم سلیم پرنسپل اسلامیہ فریدیہ ہائر سکینڈری کشتواڑ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ ۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، تلاوت کا اعزاز سلمان احمد کو حاصل رہا، اس کے بعد صہیب سجاد نے نبی کریمؐکے حضور نذرانہ عقیدت بصورت نعت پیش کیا۔ اپنے خطاب میںغیر سرکاری رضاکار تنظیموں کو اپنی سرگرمیوں کا دائرہ دورہ افتادہ مقامات تک وسیع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ان لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے آگے آنے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے طارق میموریل فائونڈیشن کی جانب سے عطیہ کئے گئے اسکول کے طلاب میں کتابو ںاور وردی کے 35سیٹ نیز وظیفہ کے طور پر 1,60,504روپے کی رقم کے چیک تقسیم کئے جب کہ اسلامیہ فریدیہ ہائر سکینڈری اسکول کی لیبارٹری کو آلہ جات کی فراہمی کا بھی اعلان ہوا ۔
’خواتین کی با اختیاری ‘
گرلز ہائی اسکول بدھلی میں تقریری مقابلہ
نصیر کھوڑہ
ڈوڈہ//خواتین کو با اختیار بنانے کے موضوع پر شاہین ٹرسٹ کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بدھلی میں ایک تقریری مقابلہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں کی 25مقررین نے حصہ لیا، تحصیلدر چلی پنگل دلجیت سنگھ پریہار اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اس مباحثہ کا مقصد خواتین کی بااختیاری کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ شاہین کے ٹرسٹی مہیش منہاس نے ٹرسٹ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور حصولیابیوں کا خاکہ پیش کیا۔ ٹرسٹ کو سراہتے ہوئے مہمان خصوصی نے مستقبل میں بھی اس قسم کے پروگرام جاری رکھنے کی تلقین کی۔ شاہین کے چیئر مین تسلیم جاوید وانی نے شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے خواتین کے اختیارات اور حقوق پر روشنی ڈالی ، سٹیج سیکرٹری شیخ شبیر تھے جب کہ گنیش سنگھ، زبیر گنائی اور مہیش منہاس نے ججوں کے فرائض سر انجام دئیے ۔ سکینڈری سطح پر پہلا انعام روہیل یونس ملک، دوسرا فیصل اسحاق ملک تو تیسرا انعام ہائر سکینڈری جکیاس کی اقراء تبسم نے حاصل کیا۔ پرائمری اور اپر پرائمری سطح پرپہلا انعام نرمل رانا، دوسرا منالی اور تیسرا انعام محمد آصف نے حاصل کیا۔ دیگران کے علاوہ توصیف ملک، اسحاق رشید، یونس رشید میر، دانش ملک، اسلم ملک، عارف نائیک، زبیر گنائی، وجے سنگھ ، شفقت کوکہ، رقیہ بیگم اور اختر بیگم بھی موجود تھے۔
بی ڈی او بونجواہ کا دفتر کشتواڑ قصبہ میں
پی ڈی پی ضلع صدر ضلع انتظامیہ سے ملاقی، مداخلت کی اپیل
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//بلاک ڈویلپمنٹ آفس بونجواہ بجائے علاقہ بونجواہ کے قصبہ کشتواڑ میں ایک کرایہ کے کمرہ میں اپنا کام کر رہا ہے جس سے کار سرکار بری طرح سے متاثر ہورہا ہے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر شیخ ناصر حسین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ BDO اپنی آسائش کے لئے بجائے علاقہ بونجواہ کے قصبہ کشتواڑ میں ہڈیا ل چوک کے مقام پر غیر قانونی طریقے سے اپنا دفتر قائم کر رکھاہے جس کی وجہ سے علاقہ کے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ہر روز ہزاروں کی تعداد میں غریب لوگ اور جاب کارڈ ہولڈر معمولی کام کے لیے بونجواہ سے کشتواڑ کا رخ کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر بونجواہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا دفتر واپس علاقہ بونجواہ میں قائم کرے لیکن بلاک ڈویلپمنٹ آفیسر ڈس سے مس نہیں ہوئے جس کے بعد علاقہ کے لوگوں کے ایک وفد کے ہمراہ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر،اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کے پاس جا کر یہ مطالبہ کیا کہ جلد از جلد بلاک ڈویلپمنٹ آفیسر بونجواہ کو واپس علاقہ بونجواہ میں جاکر اپنا کام کاج شروع کرنے کی ہدایت دے اور وہ بونجواہ سے لایا گیا تمام سرکاری ریکارڈ اور فائلیں واپس دفتر میں پہنچائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو لوگ مجبور ہو کر احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے اور اگر دفتر کشتوار سے نہ ہٹایا گیا تو وہ دفتر کو تالا لگانے پر مجبور ہوجائیں گے۔
شیعہ فیڈریشن ماہ صیام سے قبل سہولیات کی فراہمی کی متمنی
جموں//شیعہ فیڈریشن نے ماہ صیام سے قبل تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے پر زور دیاہے ۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ ماہ صیام سے قبل تمام تر ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور خاص طور پر پانی اور بجلی کی سپلائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ صفائی ستھرائی اور اشیائے خوردنی کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھاجائے ۔ عاشق خان نے کہاکہ ماضی میں ماہ صیام سے قبل ہر طرح کے انتظامات کرنے کایقین تو دلایاجاتارہالیکن پھر انتظامات کے حوالے سے بہت کم کام ہوا۔انہوں نے کہاکہ جہاں جموں شہر میں پانی و بجلی کی سپلائی بغیر کٹوتی کے فراہم کی جائے وہیں پیر پنچال اور چناب خطوں میں بجلی سپلائی کے نظام میں واضح تبدیلی لائی جائے جبکہ پانی کے بحران پر بھی قابو پایاجائے ۔ ان کاکہناتھاکہ ان دونوں خطوں میں پانی اور بجلی کا ہمیشہ ہی رونارہتاہے اور کبھی بھی لوگوں کو سہولیات فراہم نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہاکہ ماہ صیام میں عوامی شکایات کاازالہ کیاجائے اور پورے صوبہ میں ضرورت کے مطابق ہر ایک سہولت فراہم کی جائے ۔عاشق خان کاکہناتھاکہ اشیائے خوردنی کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھاجائے اور گراں فروشی پر قابو کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے انتظامیہ کی طرف سے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں لیکن سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
بھاجپا لیڈران بوکھلاہٹ کاشکار:رتن لعل گپتا
جموں //نیشنل کانفرنس کے ریاستی سیکریٹری و سابق ممبر قانون سا زکونسل رتن لعل گپتا نے کہاکہ بی جے پی لیڈران بوکھلاہٹ کاشکار بن کر نیشنل کانفرنس قیادت کے خلاف زہر افشانی کررہے ہیں ۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں انہوں نے کہاکہ جموں کے بھاجپا لیڈران نیشنل کانفرنس قیادت کے خلاف غیر اخلاقی زبان کا استعمال کررہے ہیں جو ان کی بوکھلاہٹ کا عکاس ہے اوراسی سے ان کی سوچ کا پتہ چلتاہے ۔ گپتا نے کہاکہ عوام کی طرف سے جھٹلائے جانے کے بعد ان لیڈران نے گندگی سیاست شروع کردی ہے جو جموں کے اخلاقیات کے منافی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی لیڈران نے اپنے تین سالہ دور اقتدار میں عوام کے ساتھ دھوکہ بازی سے کام لیا اور ان کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ یہ لیڈران اپنے دوہرے معیار کی وجہ سے بدنام ہوگئے اور ان کا خود ساختہ ایجنڈا بھی عوام کے سامنے عیاں ہوا۔گپتا کاکہناتھاکہ ان لیڈران کی طرف سے اپنائی جارہی سیاست انہیں ضمانت فراہم نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی ریاستی صدر نیشنل کانفرنس قیادت کے خلاف غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کررہے ہیں جس سے نہ صرف وہ عوام کے سامنے بے نقاب ہورہے ہیں بلکہ ان کی جماعت بھی بے نقاب ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں کے مہذب شہری کبھی بھی اس طرح کے دوہرے معیار کو قبول نہیں کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ جمہوریت مثبت سیاست کیلئے ہوتی ہے نہ کہ مفادات کیلئے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کو کسی سے سند کی ضرورت نہیں ہے اور اس جماعت نے ریاست کے تینوں خطوں کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔