مزید خبرں

 پوٹھی شریف زیارت پر عرس کا اہتمام کیا گیا 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ سکمن میں عرس کا اہتمام کیا گیا ۔پوٹھی شریف زیارت کے عرس میں علاقہ کے معززین ،علماء ،مذہبی سکالروں اور عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا سلطان نقشبندی کی قیادت میں منعقدہ عرس کے دوران حتمات شریف کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ مذہبی سکالروں او ر علما ء نے دینی تعلیم کی اہمیت پر خصوصی روشی ڈالی ۔انہوں نے لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم کی جانب راغب کریں تاکہ سماجی برائیوں کو ختم کرنے میں مدد مل سکے ۔انہوں نے کہاکہ دینی تعلیم میں آج سے ئی سو برس قبل زندگی بسر کرنے کے طریقہ کار کے سلسلہ میں تفصیلی طورپر بیان کردیا گیا ہے جبکہ ہر ایک مسلمان کو چاہئے کہ وہ رسول پاک ﷺ کی جانب سے دی گئی تعلیم پر عمل کرتے ہوئے برائیوں کو ختم کرنے میں اپنا رول ادا کرئے ۔اس موقعہ پر ملک اور جموں وکشمیر میں خصوصی امن اور وبائی بیماری کے خاتمے کیلئے دعائیں کی گئی۔
 

پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ میں ڈینٹل سرجن کی کرسی خالی 

پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجاکوٹ میں قائم کر دہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں ڈینٹل سرجن کی کرسی گزشتہ 4ماہ سے خالی پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو راجوری و دیگر نجی کلینکوں میں دربدر ہونا پڑرہا ہے ۔مریضوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کے نام پر ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا تھا لیکن اب کووڈ میں فرق پڑنے کے بعد بھی ڈاکٹرکو پرائمری ہیلتھ سنٹر واپس نہیں بھیجا گیا جس کی وجہ سے ان کو راجوری کے سرکاری ہسپتالوں و نجی کلینکوں میں دربدر کی ٹھوکریاں کھانا پڑرہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کی جانب سے پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ میں تعینات ڈاکٹر کو واپس بھیجنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایاجارہا ہے ۔مریضوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی ملازمین کووڈ ڈیوٹی کا بہانہ بنانے میں مصروف ہیں ۔منجا کوٹ کے مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ منجا کوٹ میں تعینات ڈینٹل ڈاکٹر کو جلدازجلد واپس بھیجا جائے ۔
 
 

پونچھ کے معذور محکمہ سماجی بہبود سے ناراض 

حسین محتشم
پونچھ//محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے جاری ایک حکم نامہ میں تمام معذوروں کو اپنی اصل اسناد محکمہ کے دفتر میں جمع کرنے کے سلسلہ میں جاری کیا گیا ہے جس پر پونچھ کے معذوربرہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔معذور یونین پونچھ کے صدر عبدالرشید شاہ پوری نے کہا کہ ان کی اسنادانھیں بہت ہی محنت اور مشقت کے بعد دستیاب ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر معذور افراد مذکورہ اسناد کی اصلی کاپی ہی دفترمیں جمع کر دیں گے تو ان کے پاس کیا رہے گا۔انھوں نے کہا کہ اس سے قبل وہ اپنی اسناد کی نقل کسی افسر سے ٹیسٹ کروا کر جمع کرتے تھے اب یہ نیا ہی سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے حکم نامہ کو مسترد کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کریں۔انھوں نے انتباہ دیا کہ اگر ایسا نہ کیاگیا تو معذور احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
 

 کرشی وگیان کیندر کے اشتراک سے باغبانی ہفتہ منایا گیا 

حسین محتشم
پونچھ//جموں کی شیر کشمیر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ایس کیو اے ایس ٹی جے کے) پونچھ نے کرشی وگیان کیندر پونچھ میںباغبانی ہفتہ منانے کے لئے کے وی کے کیمپس میں کسان گھوشٹی سکیم کے تحت کسانوں کا اجلاس کیا جس میں چوہدری عبدالغنی ڈی ڈی سی ممبر پونچھ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔اس اجلاس میں ابتدائی کلمات حمید کوہلی ہارٹیکلچر ڈیو لپمنٹ آفیسر نے نے پیش کر کے کاشتکاروں کا خیرمقدم کیا اور اس پروگرام کے انعقاد کی وضاحت کی۔ انہوں نے اہم پھلوں پیداوار کی سائنسی کاشت کے طریقوں کو اپنانے پر زور دیا اور محکمہ باغبانی کے ذریعہ چلائی جانے والی مختلف سکیموں کے بارے میں بھی شرکاء کو بتایا۔ ڈاکٹر اجے گپتا سینئر سائنسدان اور سربراہ  کے وی کے پونچھ نے ضلع میں باغبانی کی وسعت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مشن موڈ پر ضلع میں اعلی کثافت اور الٹرا ہائی کثافت والے سیب کے باغات کے فروغ کے لئے محکمہ ہارٹیکلچر کے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے میں پیکا نٹ کی اہمیت کی بھی وضاحت کی کیونکہ یہ ضلع میں کاشت کے لئے انتہائی مناسب فصل ہے۔ پونچھ کے کامیاب ترین کاشتکاروں جن میں کلدیپ سنگھ اور محمد صادق شامل ہیں نے بھی اس موقعہ پر اپنے تجربات سے شرکاء کو روشناس کیا ۔ ڈاکٹر مظفر میر نے کاشتکاروں سے آن لائن موڈ کے ذریعہ بات چیت کی اور زیادہ آمدنی حاصل کرنے کے لئے مربوط غذائی اجزاء کے انتظام ، جرگ اور متعدد پودے لگانے والے مواد کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔