مزید خبرں

ریاسی کے دیہات میں سہولیات کی عدم دستیابی سے لوگ پریشان 

 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پرصارفین برہم 

دکانداروں پرلوٹ کھسوٹ اورانتظامیہ پرغفلت برتنے کاالزام 

زاہد ملک
 
مہور//ضلع ریاسی کے مختلف علاقہ جات کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ ماہ رمضان شروع ہونے کے باوجودبھی ضلع انتظامیہ کی جانب سے بہتر سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق درماڑی ،ریاسی ،ارناس،مہور،سونگڑی،چسانہ،ٹکسن وغیرہ میں رمضان کا مہینہ شروع ہوتے ہی دکانداروں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔لوگوں نے بتایا کہ بازاروں میں سبزیوں,پھلوں اور گوشت  کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے مارکیٹ چیکنگ کیلئے بازاروں میں کوئی ٹیم دکھائی نہیں دے رہی ہے اور دوکاندار من مرضی سے قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف سے بازاروں میں قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں وہیں دوسری جانب بجلی کٹوتی کا کوئی شیڈول نہیں ہے۔یہاں گلابگڑھ کے لوگوں نے کشمیرعظمیٰ کوبتایا کہ گزشتہ دو روز سے لگاتار گلابگڑھ علاقہ میں سحری اور افطاری کے اوقات بجلی کاٹ دی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سحری اور افطاری کے وقت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اسی طرح ریاسی کے ڈیرہ ،کنڈرہ,پائی علاقہ  کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں بجلی اور پانی سپلائی بہتر فراہم نہیں کی جارہی ہے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے جب کشمیر عظمیٰ نے تحصیل سپلائی آفیسر مہور نظیر احمد سے بات کی توانہوں نے یقین دلایا وہ کل انتظامیہ افسران کے ہمراہ مارکیٹ چیکنگ کریں گے اور جو دکاندار قصور وار پائے جائیں گے ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 

فرقان پبلک سکول میں آمد ِماہ رمضان پروگرام منعقد

نصیراحمد کھوڑا
 
ڈوڈہ //فرقان پبلک سکول دالی میں آمدِ رمضان کی مناسبت سے ایک پروگرام کاانعقادکیاگیاجس میں طلباوطالبات نے حصہ لیا۔اس دوران طلباکوماہ رمضان کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔اس کے علاوہ ایک مباحثے کابھی اہتمام کیاگیا ۔اس دوران پروگرام میں مفتی تاسراورعرفان فلاحی مہمانان خصوصی تھے۔انہوں نے ماہ رمضان کے مقدس مہینے کی اہمیت کے بارے میں طلباکوروشناس کرایا۔
 
 

تتہ پانی پاڈرمیں آتشزدگی کی واردات میں رہائشی مکان خاکستر

عاصف بٹ
 
کشتواڑ ضلع ہیڈ کوارٹر سے ساٹھ کلومیڑ دور پاڈر کے علاقہ تتہ پانی میں گزشتہ  شب آگ کی ایک ہولناک واقعہ میں ایک رہائشی مکان مکمل طور خاکستر ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق آگ نیپال سنگھ کے رہایشی مکان سے اس وقت نمودار ہوئی جب گھرکے تمام افراد سو رہے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ تیزی سے پھیل گئی جس نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لیا جس میں موجود لاکھوں کی ملکیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔ اگر چہ مقامی لوگوں نے کافی مشقت کی لیکن اس پر قابو نہ پایا جاسکااورآگ  کافی تیزی سے پھیلتی چلی گئی جس کی وجہ سے مکان پوری طرح خاک کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پاڈ رمیں فائر سروس عملہ نہ ہونے کی وجہ سے اکثر ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں اگر فائر سروس عملے کی گاڑی کو یہاں ہر وقت دستیاب رکھی جائے تواس طرح کی واردات پرقابوپایاجاسکتاتھا۔انھوں نے مانگ کی کہ جلد از جلد یہاں پر فائر سروس عملے کو تعینات کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات پر بروقت قابو پا یا جا سکے۔تاہم آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ہے۔
 

لیہہ میں صحافیوں میں نوٹوں کی تقسیم معاملہ 

کانگریس کمیٹی کشتواڑکابھاجپالیڈروں کیخلاف کارروائی کامطالبہ 

کشتواڑ//ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کشتواڑکے جنرل سیکریٹری ٹھاکررندیپ بھنڈاری نے الیکشن کمیشن آف انڈیااورچیف الیکٹورل افسرجموں وکشمیرسے بی جے پی کے ریاستی صدررویندررینہ اورایم ایل سی وکرم رندھاوا کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کامطالبہ کیاہے۔بھنڈاری نے کہاکہ بی جے پی لیڈران نے لیہہ پریس کلب میں صحافیوں کوپیسے کے بل بوتے پرخریدنے کی کوشش کرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ لیہہ پریس کلب نے بی جے پی لیڈران کے خلاف تحریری شکایت کی ہے اوربتایاہے کہ لفافوں میں صحافیوں کوپیسے دینے کی کوشش کی گئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوچکی ہے۔رندیپ بھنڈاری نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا اورسی ای او جموں وکشمیرکوضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پربی جے پی لیڈران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہیئے۔
 

حسان بابرکے خلاف جھوٹاکیس درج کرنے کی مذمت 

نصیراحمدکھوڑا
 
ڈوڈہ //کانگریس کے نوجوان لیڈر وپنچایت طرون کے سرپنچ ریاض احمدزرگرنے ڈوڈہ کے معروف سماجی کارکن ایڈوکیٹ حسان بابرنہروکے خلاف ڈوڈہ میڈیکل کالج ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے پولیس کے پاس من گھڑت ،بے بنیادمقدمہ درج کرانے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔یہاں جاری بیان میں کانگریس کے نوجوان لیڈروسرپنچ پنچایت طرون ریاض احمدزرگرنے کہاکہ اس وقت ڈوڈہ میں غریب عوام کے لئے ایک ہی طبی مرکز ہے جوکہ ضلع ہسپتال ڈوڈہ ہے اورضلع ڈوڈہ میں صحت وصفائی ،ادویات اوردیگرضروریات کی شدیدقلت ہے اورایسے حالات میں لوگوں کی اُمیدجن سماجی کارکنان پرہوتی ہے ان میں حسان بابرنہروبھی ایک ہے جوگزشتہ لگ بھگ ایک دہائی سے مسلسل غریب عوام کی بلالحاظ مذہب وملت ورنگ اورنسل کے صرف انسانی جذبے کے تحت بے لوث خدمت کرتاآرہاہے مگربدقسمتی کی بات ہے کہ کچھ سیاسی جماعتوں میں اورآفیسرشاہی میں ودیگراداروں میں جومافیابیٹھاہے انہوں نے نوجوان سماجی کارکن کوتختہ مشق بنایا اوراب تک درجنوں جھوٹے کیس درج کرکے اسے روندنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ وپولیس انتظامیہ سے اپیل کی ہے وہ محض چندلوٹ مارکرنے والے عناصرکے دبائومیں آکرشریف لوگوں اورمخلص عوام دوست طبقہ کے خلاف ناجائزکاروائی بندکرکے اس ایف آئی آرکوواپس لیں جس کاحقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیکل کالج ڈوڈہ کے پرنسپل سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ رضاکارانہ طورپرمریضوں کوکھاناکھلاتے خون کاعطیہ کرنے،مریضوں کی مالی امداد کرنے والے رضاکاروں کوہسپتال میں سرگرمیوں میں بازرکھنے کی کوششوں کوناکام بنانے کے لئے سامنے آئیں۔