مزید خبرں

ڈوڈہ میں کووڈ19سے مزید ایک ہلاکت

۔ 3نئے مثبت معاملات،29مریض صحتیاب

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع سے کووڈ 19 کے 3نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 29مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ جی ایم سی میں ایک مریض فوت ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں ہوئی کوڈ جانچ کے دوران تین افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں میں رکھا گیا ہے۔اس دوران گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں ایک شخص فوت ہوا ہے اور اس طرح سے ضلع میں اب تک کورونا وائرس سے 122 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 6801 و فعال کیسوں کی تعداد 162 رہ گئی ہے۔ضلع میں 167365 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
 
 
 
 

کشتواڑ قصبہ میں نکاسی آب نظام کی خستہ حالی

انتظامیہ بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکام، اپنی پارٹی کا احتجاج

عاصف بٹ
کشتواڑ//اپنی پارٹی انچارج چناب ویلی ملک محمد عمر نے پارٹی کے دیگر ممبران کے ساتھ کشتواڑ کے نکاسی آب نظام کی خستہ حالی کے خلاف ملک مارکیٹ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عمرنے جاری ایک بیان میں بتایا کہ متعلقہ محکمہ کو متعدد بار پانی کی نکاسی نظام کے بارے میں بتایا جس کی وجہ سے مارکیٹ کی روزانہ کی تجارت میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے لیکن کچھ نہ ہوا۔انہوںنے کہا کہ میں ان شکایات کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں اور اس بات کو یقینی بنارہا ہوں کہ ہر شکایت کا ازالہ ممکن ہو۔عمر نے کہا کہ انتظامیہ غیر فعال ہے جبکہ اپنی پارٹی عزم اور جوش و جذبے کے ساتھ عوام کے لئے کھڑی رہے گی۔ انہوں نے نکاسی آب کے نظام کو ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کرنے کا مطالبہ کیا ۔
 
   
 

کڈولہ رام بن میںلوگوں کے خوابوں کوتعبیر مل گئی

پہلی بار بجلی کی فراہمی پر لوگوں کا جوش و جذبہ دیدنی

رام بن//کڈولہ رام بن میں رہائش پذیر 25کنبوں کو ابھی بھی اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آرہا ہے کہ گائوں میں پہلی بار بجلی کی فراہمی اایک خواب نہیں بلکہ یہ  حقیقت ہے۔لوگوںنے گائوں میں پہلی بار برقی رو پہنچنے پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی سراہنا کی ہے۔ رام بن بس سٹینڈ سے 12کلومیٹر دور لڈھر پہاڑی علاقہ میں آخری بستی کڈولہ گائوں دور جدید میں بھی ابھی تک بجلی سپلائی سے محروم تھا۔ لوگوں کو موبائل ریچارج کرنے کیلئے رام بن قصبہ جانا پڑتا تھا جبکہ گھروں کو روشن کرنے کیلئے وہ صدیوں پرانے طرز کے مشعل جلاتے تھے جو مضر صحت اور جان لیوا ہے۔ جموں پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ کے ایگزیکٹیو انجینئر  نثار حسین کاکہنا ہے کہ سوبھاگیہ یوجنا سکیم کے تحت کڈولہ میں موجود 25گھرانوں تک بجلی پہنچانے کا کام رواں برس7جولائی کو مکمل ہوا۔ انہوںنے کہاکہ 25کے وی ٹرانسفارمر نصب کیا گیا جبکہ 3کلومیٹر تک HTلائن، 69کھمبے اور 2.8کلومیٹر LTلائن اور50کھمبے نصب کئے گئے جن پر مجموعی طور پر 28.64لاکھ روپے صرف ہوئے۔ کڈولہ کے رہائشی محمد اقبال کاکہنا ہے کہ’ ’ہمیں پہلی بار بجلی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے اور علاقہ میں25گھربرقی رو سے روشن ہوگئے ہیں، ہمارے بچے تعلیم حاصل نہیں کرپاتے تھے حتیٰ کہ موبائل فون کو ریچارج کرنے کیلئے رام بن قصبہ جانا پڑتا تھا اور اب ہم دنیا میں پیش آنے والے واقعات سے آگاہ رہنے کیلئے ٹیلی ویژن خریدنے کا سوچ رہے ہیں‘‘۔ علاقہ میں ایک اور مکین شیورام کاکہنا ہے کہ ’ایک وقت ایسا بھی تھا جب دکاندار ان کے موبائل فونوں کو چارج کرنے کیلئے چارجر بھی نہیں دیتے تھے ، اب ہم خوش ہیں‘۔ محمد ارشاد کاکہنا ہے کہ ’ہم انتظامیہ کا اس بات کیلئے مشکور ہیں کہ انہوںنے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی، اس سے قبل ہم گھروں کو روشن کرنے کیلئے مشعل جلاتے تھے اور دھویں کی وجہ سے ہمارے پھیپھڑے خراب ہوتے تھے اوربہت ساری بیماریوں میں مبتلا ہوتے تھے‘‘۔ صدام حسین کاکہنا ہے کہ برقی رو کی فراہمی سے دھویں سے چھٹکارا مل گیا ہے ، اب ہم موبائل فونوں ، ٹیلی ویشن اور دیگر فائندہ مند الیکٹرک آلات کی سہولیات کا استعمال کرسکیں گے جبکہ ہمارے بچے اب آن لائن کلاس میں شرکت کرسکتے ہیں‘‘۔
 

ڈوڈہ بھلیسہ میں خانہ بدوشوں کی مردم شماری کا آغاز

ڈوڈہ//پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے بھلیسہ میں انتظامیہ نے خانہ بدوش قبائلی آبادی کے سروے کے لیے فیلڈ ورک کا آغاز کر دیا ہے۔ جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے گندوہ، بھلیسہ میں انتظامیہ نے خانہ بدوش قبائلی آبادی کے سروے کے لئے متعدد ٹیموں کو روانہ کر دیا ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی تعلیم، صحت، معاش اور دیگر بنیادی ضرورتیں بہم پہنچانے اور نقل مکانی کرنے والی آبادی کے لئے مختلف فلاحی اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔تحصیلدار بھلیسہ نے کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سروے کی نگرانی کر رہے عملہ کو مقررہ وقت پر اور شفاف طریقے سے سروے انجام دیے جانے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سروے سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی اصل تعداد اور خانہ بدوش قبائلیوں کو درپیش مسائل کا پتہ لگا کر انکے لیے بہتر انتظامات کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سروے میں گجر بکروال طبقہ کے علاوہ ان سبھی افراد کی مردم شماری کی جائے گی جو بین ریاستی یا بین اضلاع نقل مکانی کرتے ہیں۔
 
  
 

واڑون  میں مویشی سمگلنگ کی پاداش میں شہری گرفتار

 عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے واڑون سے 03 مویشیوںکو بازیاب کر کے سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا نے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق ایک مخصوص اطلاع پر ایس ڈی پی او مڑواہ نثار احمدخواجہ کی نگرانی میں ایس آئی عبد الرشید ایس ایچ او پولیس سٹیشن واڑون کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم نے ناکہ لگایا اور ایک شخص کو روکا جس کی شناخت جہانگیر احمد ولد قاصم بکروال ساکنہ گڈول اننت ناگ کے طورہوئی ۔پولیس کے مطابق یہ شخص بغیر کسی اجازت کے مویشیوںکو کشمیر کی طرف لے جارہا تھا۔ اس کے سلسلے میں پولیس نے تھانہ واڑون میں  ایف آئی آر نمبر 01/2021 زیردفعہ188/IPC، 11پی سی اے ایکٹ کے تحت درج کرلیا۔
 

درابشالہ قصبہ میں شبانہ نقب زنی 

 لاکھوں روپے مالیت کا سامان چور ی

عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع ہیڈکوارٹر سے 25کلومیٹر دور کشتواڑ ٹھاٹھری شاہراہ پر واقع درابشالہ علاقہ میں بدھ کی شب چوروں نے کی دوکانوں میں نقب زنی انجام دی اور لاکھوں روپے ملکیت کا سامان چوری کیا۔تفصیلات کے مطابقدرابشالہ مارکیٹ میں جب صبح دوکاندار اپنی دکانیں کھولنے آئے تو انھوں نے اپنی دوکانوں کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے جسکے بعد انھوں نے پولیس کو مطلع کیا اور پولیس نے موقعہ پر آکر جائزہ لیا ۔ ایک ساتھ قریب چار دوکانوں کے تالے ٹوٹے پائے گے جن میں رکھی نقدی و دیگر سامان چور لے اڑے ۔پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
 
 
 

 پنتھرس ضلعی صدور ضلع کمیٹیوں کی رپورٹ جلد بھیجیں : بھیم سنگھ

جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے صدر پروفیسر بھیم سنگھ نے پنتھرس پارٹی کے ضلعی صدور کو خط تحریر کرکے ان سے پارٹی کی ہدایات پر عمل کرنے اور ضلع کمیٹیوں کی رپورٹ دس دنوں کے اندر پارٹی کے جموں دفتر میں ای میل یا دستی بھیجنے کے لئے کہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی ضلع صدر اپنے کام ناکام رہتا ہے تو اسے وضاحت پیش کرنی ہوگی۔ انہوں نے ہر ایک ضلعی صدر کو ضلع کمیٹی میں ضلعی صدور ، ضلعی سکریٹریوں و بلاک صدور کے نام بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔