مزید خبرں

محکمہ تعلیم کیلئے لمحہ فکریہ 

نویں جماعت کے طلباء کوحروف تہجی سکھاناپڑا

طارق شال
 
تھنہ منڈی //سرکاری سکولوں کا نظام اس نہج پر پہنچ گیاہے کہ نویں جماعت کے طلباء کو بھی حروف تہجی سکھاناپڑرہاہے ۔یہ طلباء ایسے وقت میں حروف تہجی سیکھ رہے ہیں جب 3سے 4سال کے بچے کو بھی ان حروف کی پہچان ہوتی ہے اور اسے گھر میں یہ سب کچھ سکھادیاجاتاہے ۔ماڈل بوائز ہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں زیر تعلیم نویں جماعت کے طلباء کے لئے انگلش اور اردو کے حروف تہجی کی کلاسیں لگائی جارہی ہیں جو محکمہ تعلیم کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔سکول میں اس کام کیلئے باضابطہ تین اساتذہ کو مامور کیاگیا ہے ۔ سکول میں سال رواں آٹھویں جماعت پاس کرنے کر کے نویں جماعت میں داخلہ کی غرض سے آنے والے طلباء کا ٹیسٹ لیا گیالیکن اس ٹیسٹ کے دوران پایا گیا کہ گردونواح کے دیہاتوں سے آنے والے طلباء اتنے کمزور ہیں جن کو انگلش اور اردو کے حروف تہجی لکھنے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔ تاہم اسکول انتظامیہ نے محکمہ تعلیم ان طلاب کونویں جماعت میں داخل توکر دیا لیکن ان کی بنیادی کمزوری دور کرنے کے لئے اردو اور انگلش کے حروف تہجی پڑھانے کے لئے تین اساتذہ کو مامور کیاہے۔ اسکول انتظامیہ نے ان اساتذہ کو یہ ہدف دیا ہے کہ ان کمزور بچوں کی بنیادی کمزوری دور کر کے انہیں اہل بنایاجائے جس پر انہیں نقد پانچ ہزار روپے کے انعام سے نوازا جائے گا۔ سکول کے پرنسپل محمد صدیق گنائی کااس حوالے سے کہناہے کہ نویں جماعت کے طلباء کی کمزور حالت کے لئے جہاں اساتذہ ذمہ دار ہیں وہیں والدین بھی ذمہ دار ہیں جو اپنے بچوں کی کمزور حالت کو دیکھ کر اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے ذمہ دار آفیسران سے وجہ نہیں پوچھتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی کمزوری کی وجہ اس علاقہ کی موسمی صورتحال بھی کار فرما ہے اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی بھی رکاوٹ بن رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بچوں کی حالت کو سدھارنے کے لئے والدین اور اساتذہ کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔
 

ہائی سکول قلعہ درہال کا درجہ نہ بڑھنے پر احتجاج کا انتباہ 

رمیش کیسر
 
نوشہرہ //نوشہرہ کے قلعہ درہال ہائی سکول کادرجہ نہ بڑھانے پر مقامی لوگوں نے حکام کے خلاف احتجاج کرنے کا انتباہ دیاہے ۔سابق سرپنچ سردار پرمجیت سنگھ کی قیادت میں قلعہ درہال کے عوام کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں سکول کادرجہ بڑھانے کی مانگ کی گئی ۔اس موقعہ پرمقررین نے کہاکہ حکام کی طرف سے اس علاقے کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے اور ہائی سکول کادرجہ نہیں بڑھایاجارہا۔ ان کاکہناتھاکہ یہ ناانصافی اب ناقابل برداشت ہے ۔ مقررین نے کہاکہ جب اس علاقہ کو تحصیل کادرجہ دینے کی بات آئی تو اس وقت بھی ناانصافی کرکے تحصیل ہیڈ کوارٹر لڑوکا منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن سیاستدان اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکے اور اب جبکہ درہال سکول کادرجہ بڑھانے کیلئے کمیٹی نے سفارشات پیش کی ہیں لیکن پھر بھی اس علاقے کو نظرانداز کردیاگیاہے ۔ انہوں نے انتظامیہ کو انتباہ دیاکہ اگر سکول کادرجہ نہ بڑھاتو وہ سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہوں گے جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
 

بنکروں کی تعمیر میں بندر بانٹ اور غیر سنجیدگی کا الزام 

جاوید اقبال
 
مینڈھر//سرحدی علاقے بالاکوٹ کے لوگوں نے انتظامیہ پر بنکروں کی تعمیر میں غیر سنجیدہ رویہ اپنانے کا الزام عائد کیاہے ۔ نمبردار ایسوسی ایشن کے صدر بالاکوٹ نمبردار ایاز خان بالکوٹوی نے کہا کہ بالاکوٹ میں 200بنکروں کی تعمیر کا اعلان کیاگیا تاہم محکمہ تعمیرات عامہ نے بندر بانٹ سے کام لیتے ہوئے کئی علاقوں میں ایک بھی بنکر نہیں بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے بالاکوٹ پنچایت کیلئے 49،دھراٹی پنچایت کیلئے 59،بھروتی پنچایت کیلئے55اور دھارگلون کیلئے37بنکر رکھے لیکن ٹینڈرکے وقت دھارگلون اور سندوٹ علاقہ کو نظر انداز کر دیا گیا اور محکمہ کے افسران نے دھراٹی میں مزید بنکروں کاٹینڈر ڈال دیا۔انہوں نے کہاکہ فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں آنے والے کئی علاقوں کو چھوڑ دیاگیاہے جو مقامی لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہے ۔انہوں نے بنکروں کی تعمیر میں سست روی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کھڈے کھودنے کے بعد کام بند کردیاگیاہے اور ایک بھی بنکر مکمل نہیں کیاجاسکا ۔انہوں نے کہاکہ فوری طورپر یہ کام مکمل کیاجائے اور نظرانداز کئے گئے علاقوں میں بھی بنکر تعمیر کئے جائیں تاکہ لوگوں کوکشیدگی کے وقت تحفظ مل سکے ۔نمبردار نے انتباہ دیاکہ اگر بنکروں کی تعمیر کے حوالے سے انتظامیہ نے اپنا رویہ تبدیل نہیں کیاتو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔
 

میونسپل کمیٹی پونچھ کے ملازمین کی کام چھوڑہڑتال جاری 

حسین محتشم 
 
پونچھ // میونسپل کمیٹی پونچھ کے ملازمین کی طرف سے اپنے مطالبات کے حق میں مسلسل تیسرے روز بھی ایگزیکٹو افسر کے دفتر کے باہر کام چھوڑ ہڑتال اور دھرنا دیاگیا ۔ اس دوران ایک بار پھر سے ان ملازموں نے مطالبہ کیا کہ ناجائز تجاوزات ہٹاتے وقت میونسپل کمیٹی کے کونسلروں اور دیگر ملازموں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کیس درج کرکے انہیں فوری طور پر گرفتار کیاجائے ۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل پونچھ میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم میں قلعہ مارکیٹ میں کی گئی ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے دوران وہاں پر میونسپل کمیٹی کے کونسلروں، تحصیلدار اور دیگر ملازم پر حملہ کیا گیاجس کے بعد پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیاگیا جس دوران کچھ لوگ زخمی ہوئے۔ اس واقعہ پر کمیٹی کے صفائی کرمچاریوں، ملازمین اور کونسلروں کی طرف سے ہڑتال کی جارہی ہے جو تیسرے دن بھی جاری رہی۔اس موقعہ پرمقررین نے کہا کہ کچھ گنڈہ عناصر ناجائز تجاوزات کئے ہوئے ہیں جنہوں نے کارروائی کئے جانے پر حملہ کردیا۔انہوں نے کہاکہ ناجائز تجاوزات کو ہٹاتے ہوئے حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ان کاکہناتھاکہ اگران کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔
 

بالاکوٹ کا موہڑہ گائوں بجلی سے محروم

متعلقہ جونیئر انجینئر پر ٹرانسفارمر تبدیل کردینے کا الزام 

جاوید اقبال
 
مینڈھر//بالاکوٹ کی پنچایت کلر موہڑہ کے گائوں موہڑہ میں کئی ماہ سے بجلی نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ جونیئر انجینئر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے خراب ہوئے 100کے وی بجلی ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرانے کیلئے ورک شاپ میں منتقل تو کیاتاہم کچھ عرصہ گزر جانے کے بعد 100 کے وی کی جگہ 63کے وی کا ٹرانسفارمر لاکر لگادیاگیا جو پہلے سے ہی خراب تھا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ جے ای نے کسی دوسرے علاقے کے لوگوں کیساتھ مل کر ان کا ٹرانسفارمر تبدیل کردیاہے اور ایک خراب ٹرانسفارمر نصب کیاگیاجس کے نتیجہ میں بہت بڑی آبادی بجلی سے محروم ہے اور اسے ماہ صیام میں بھی اندھیرے میں رہناپڑرہاہے ۔اس سلسلے میں ممبر پنچایت کی قیادت میں ایک وفد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے بھی ملا جس نے متعلقہ جونیئر انجینئر کے خلاف قانونی کارروائی کی اپیل کی ۔رابطہ کرنے پر ایگزیکٹو انجینئر پونچھ نے بتایاکہ وہ یہ معلوم کروائیں گے کہ 100کے وی کی جگہ کیوں 63کے وی کا ٹرانسفارمر لگایاگیا۔
 

خبر کا اثر

ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ کی اٹیچ منٹوں کا نوٹس لیا 

سمت بھارگو
 
راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجازاسد نے گریٹر کشمیر کے 13مئی کے شمارے میں شائع خبر کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم کے دفاتر کادورہ کرکے اساتذہ کی اٹیچ منٹوں کو ختم کرنے کی ہدایت جاری کی ۔ موصوف نے زونل ایجوکیشن دفتر بالجرالاں اور دیگر دفاتر کادورہ کرکے صورتحال کاجائزہ لیااور اس دوران پایاگیاکہ کچھ ملازم بغیر کسی اجازت کے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں ۔ساتھ ہی کئی اساتذہ کو اٹیچ منٹ پر بھی پایاگیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے ان کی اٹیچ منٹ فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ اگراگلے تین دنوں کے اندر اندروہ اپنی اصل پوسٹ پر حاضر نہیں ہوئے تو انہیں ڈیوٹی سے غیر حاضر ماناجائے گا۔
 

کوٹرنکہ بازار میں صفائی کروائی گئی 

 محمد بشارت 
 
کوٹرنکہ//سب ضلع کوٹرنکہ بازار میں سڑکوں کی نالیوں میں عرصہ دراز سے گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے دکانداروں کے ساتھ ساتھ مسافروں و راہگیروں کومشکلات کاسامناتھا۔تا ہم بلاک ڈیولپمنٹ افسر بدھل سمت سوری نے کوٹرنکہ بازار کی صفای ستھرائی کاکام شروع کیاہے اور گندگی کو ہٹایاجا رہاہے۔بی ڈی او نے کہاکہ دکانداروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے صفای ستھرائی کا دھیان رکھیں ۔انہوں کہا کہ کوٹرنکہ بدھل شہر کو میونسپلٹی کا درجہ حاصل نہ ہونے کی وجہ سے  مشکلات کاسامناہے اور فنڈز بھی رکے پڑے ہیں جس وجہ سے کام نہیں ہورہا۔انہوں نے کہاکہ آج انہوں نے اپنے بل پر بازار کی صفائی کروائی ہے۔
 

مینڈھر میں سولر لائٹیں تقسیم 

مینڈھر //مینڈھر کی پنچایت اپر کاسبلاڑی میں سولر لائٹوں کی تقسیم عمل میںلائی گئی ۔ متعلقہ محکمہ نے سرپنچ پنچایت چوہدری باغ حسین کی قیادت میں لائٹوں کی تقسیم کی ۔ یہ علاقہ دور افتادہ ہے جہاں بجلی کی ہمیشہ قلت رہتی ہے ۔ مقامی لوگوں نے لائٹیں تقسیم کرنے پر حکام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے علاقے میں بجلی کا نظام بہتر ہوجائے گا۔
 

رہبر تعلیم اساتذہ کا الیکشن ڈیوٹی کی تنخواہ کا مطالبہ 

منجاکوٹ//پرویز خان//رہبر تعلیم ٹیچرفورم نے الیکشن ڈیوٹی کی تنخواہ واگزار کرنے کا مطالبہ کیاہے۔اس سلسلے میں فورم کا ایک وفد ضلع صدر منظور خان کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر راجوری سے ملاقی ہوا۔وفد نے ڈپٹی کمشنر راجوری کو بتایاکہ رہبر تعلیم اساتذہ نے پانچ سالہ مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد الیکشن کیلئے بھی ڈیوٹی انجام دی ہے اور انہیں ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے ۔ڈپٹی کمشنر راجوری نے یقین دلایا کہ الیکشن ڈیوٹی دینے والے ملازمین کو تنخواہ دی جائے گی۔