جے سی بی مشین پراسرار طور پر خاکستر
راجوری //منجاکوٹ کے کلالی علاقے میں ایک جے سی بی مشین پراسرار طور پر جل گئی ۔پرائیویٹ ٹھیکیدار کی ملکیت جے سی بی مشین کلالی ٹاپ میں پارک کرکے رکھی گئی تھی جس کو پراسرار طور پر آگ لگ گئی ۔واقعہ کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ دوڑ کر موقعہ پرپہنچے اور انہوں نے گاڑی سے آگ کے شعلے بھڑکتے دیکھے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شرو ع کردی ہے ۔
متنازعہ بیان پر مذہبی سکالر گرفتار
راجوری //پولیس نے راجوری میں ایک مذہبی سکالر کے خلاف مذہبی تقریب کے دوران حساس نوعیت کا بیان دینے پر کیس درج کیاہے ۔پولیس بیان کے مطابق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں مذہبی سکالر کو اپنی تقریر کے دوران ایسا حساس بیان دیتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے جس سے راجوری کا پرامن ماحول خطرے میں پڑ سکتاہے ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ راجوری میں ایف آئی آر زیر نمبر 285/2019کا کیس درج کرکے مذہبی سکالر کو گرفتار کرلیاگیاہے ۔
آتشزدگی میں مکان خاکستر
راجوری //راجوری کے گھمبیر مغلاں علاقے میں آتشزدگی کی پراسرار واردات میں مکان خاکستر ہوگیا ۔پولیس کے مطابق محمد شفیع ولد لعل دین ساکن گھمبیر مغلاں کے کچے مکان کو آگ لگ گئی جس کی وجہ سے وہ خاکستر ہوا۔اگرچہ اس دوران آگ بجھانے کی کوشش بھی کی گئی تاہم اس میں کامیابی نہیں ملی ۔
تھنہ منڈی کی سمیال برادری کو صدمہ
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کی سمیال برادری کوسردار محمد سرور سمیال کے انتقال پر صدمہ پہنچاہے ۔ تھنہ منڈی کے علاقہ ہسپلوٹ سے تعلق رکھنے والے سردار محمد سرور 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ وہ ایک ماہ قبل پائوں پھسل جانے سے گر گئے جس سے ان کی ایک ہڈی میں فریکچر آیا جس کے بعد سے وہ دن بدن کمزور پڑتے گئے اور پیر کی صبح اس دار فانی کو کوچ کرگئے ۔مرحوم کو اپنے آبائی قبرستان ہسپلوٹ میںپرنم آنکھوں کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔مقامی لوگوں نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔
راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر تقریب
نوشہرہ //ملک کے سابق وزیر اعظم و کانگریس لیڈر راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر پارٹی دفتر نوشہرہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران انہیں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ اس تقریب کی صدارت بلاک صدر ماسٹر سوم راج نے کی جبکہ اس موقعہ پر دیگر کئی کارکنان نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ بی جے پی والے یہ کہتے ہیں کہ انہوں نے پانچ سال میں سب کچھ کردیا مگر وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ آزادی کے بعد جس ملک میں سوئی نہیں بنتی تھی اس ملک نے 2014تک کتنی ترقی کی ۔ انہوں نے راجیو گاندھی کو ایک ایماندار و غریبوں کا مسیحا قرار دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ملکی ترقی کیلئے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔
کامسر وارڈ نمبر2کی سڑک کی حالت ناگفتہ بہ
حسین محتشم
پونچھ//قصبہ پونچھ کی وارڈ نمبر 2محلہ کامسر میں وا قع کثیر آبادی والی نئی بستی،محلہ شیر کشمیر اور محلہ پیراں کامسر کی رابطہ سڑک خستہ حال ہونے کی وجہ سے اب بڑے بڑے کھڈوں میں تبدیل ہوچکی ہے اورہلکی سی بارش کے بعد یہ سڑک ندی نالوں سے بدتر شکل اختیار کر لیتی ہے جس پر سفر کرنا مشکل ہوتاہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محلہ کامسر نئی بستی میں سینکڑوںگھروں کی آبادی ہے اوراس طرف کو جانے والی ڈیڑھ کلو میٹر رابطہ سڑک کا زمینی سطح پر کام2007سے مکمل ہوا ہے ،تب اس کے دونوں اطراف نالیاں بھی بنیں لیکن عرصہ دراز سے اس پر تارکول نہیں بچھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ محلہ شیر کشمیر، نئی بستی محلہ پیراں کامسر کی چار ہزار سے زائد آبادی سڑک کی اس خراب حالت کی وجہ سے بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سڑک سے روزانہ عوامی نمائندگان اور افسران کا گزر ہوتا ہے لیکن وہ بھی اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے غلام محمداور محمد شکیل نے کہا کہ ان کے محلہ کی سڑک کی حالت ویسی ہی ہے جیسے پہلے تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے بار ہا ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے گزارش کی لیکن ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کا یہ عالم ہے کہ برسات کے دنوں میں اس سڑک سے گزرنا مشکل ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کو دور کرنے کے لئے انتظامیہ سے مطالبہ بھی کیا لیکن اس کے باوجود اب تک نہ انتظامیہ اور نہ عوامی نمائندگان سڑک کی خستہ حالی کو دور کرنے لئے کوئی دلچسپی دکھائی جس کی وجہ سے اس سڑک کی حالت دن بدن بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ ان لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد سڑک کی مرمت کی جائے نہیں تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
پی ڈی پی لیڈر کا مختلف علاقوں کا دورہ
مینڈھر // پی ڈی پی کے ریاستی سیکریٹری ایڈووکیٹ محمد معروف خان نے مینڈھر کے علاقہ چھترال ،چک بنولہ، کالابن اور پٹھانہ تیر کا دورہ کیا جس دوران ان سے مختلف وفود نے ملاقات کرکے مسائل سے آگاہ کیا ۔لوگوں نے بتایا کہ ماہ رمضان میں بھی سحری اور افطاری کے وقت بجلی کا نہ ہونا باعث تشویش بناہواہے ۔انہوں نے کہاکہ مہاتماگاندھی نریگا کے تحت انہیں اجرت نہیں مل رہی اور یہ اجرت صرف اثر ورسوخ والے لوگوں کو ملتی ہے ۔ معروف خان نے کہا کہ چھترال میں جموں کشمیر بنک کی شاخ کھلنی چاہیے کیونکہ یہ علاقہ نہایت ہی پسماندہ ہے ۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایاکہ ان کے مسائل کو حکام کے نوٹس میں لاکر حل کروایاجائے گا۔انہوں نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ پی ڈی پی کو مضبوط بنائیںکیونکہ یہی ایک ایسی جماعت ہے جو ریاست کو مصیبت کی گھڑی سے نکال سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی کے خلاف مرکز سے لیکر ریاست تک ہر ایک سطح پر سازشیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خطہ پیر پنچال کیلئے پی ڈی پی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور تاریخی مغل شاہراہ ، بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی و دیگر ایسے کام مرحوم مفتی محمد سعید کی دین ہیں ۔ان کے ہمراہ ایڈووکیٹ اکبر حسین خان، ایڈوکیٹ انظار احمد خان، سجاد احمد خان، ابراہیم خان ،محمد خان ،محمد شوکت ،محمد فاروق قاضی اورکفیل خان بھی تھے۔
بدھل کے پنچایتی نمائندگان
ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی سے ملاقی
راجوری //راجوری کے راج نگر بدھل بلاک سے تعلق رکھنے والے پنچایتی نمائندگان نے ڈپٹی کمشنر محمد اعجازاسد اور ایس ایس پی یوگل منہاس کے ساتھ ملاقات کرکے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔پنچایتی نمائندگان کا وفد جموں وکشمیر سرپنچ و پنچ ڈیموکریٹک فورم کے بینر تلے ملاجس کی قیادت پیپلز مومنٹ لیڈر محمد فاروق انقلابی کررہے تھے۔پنچایتی نمائندگان نے محکمہ صحت کی حالت پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ نو مولود بچے کی موت ہوگئی جس پر ایف آئی آر درج کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ بدھل کالج کی کلاسزہائراسکینڈری سکول سے منتقل کی جائیں جبکہ ناجائز تجاوزات کو ختم کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ بلاک ڈیولپمنٹ افسر، سیکشن افسر، اسسٹنٹ اکائونٹس افسر اور اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کی اسامیاں خالی پڑی ہیں جس سے کام متاثر ہورہاہے ۔انہوں نے اضافی بجلی کھمبوں اور ٹرانسفارمروں و عید کیلئے راشن کی مانگ کی ۔انہوں نے سرپنچ ڈھنہ پنچایت لیاقت چوہدری کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کی مانگ کرتے ہوئے اس حوالے سے تحقیقات میں تیزی لانے پر زور دیا۔وفد میں شبیر کملاک، عاقب وانی، سلمہ چوہدری، خلیل الرحمن، لیاقت علی ، غفور بٹ ، ارشد میر، شبیر بڈیال ، غلام محی الدین اور شاہنواز میر بھی شامل تھے۔
جگلانوں میں بجلی نظام مفلوج
۔3ہزار کی آبادی کیلئے 1ٹرانسفارمر
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ضلع کوٹرنکہ کی پنچایت حلقہ جگلانوں میں محکمہ بجلی کی ناقص کار کردگی کی وجہ سے پچھلے ایک سال سے لوگوں کو مشکلات کاسامناہے ۔ تین ہزار کی آبادی کیلئے محکمہ کی طرف سے صرف ایک بجلی ٹرانسفارمر نصب کیاگیاہے جو ناکافی ہے اور بجلی کی وولٹیج بہت کم رہتی ہے۔ سماجی کارکنان محمد اسحق لون نے بتایا کہ ایک ہی ٹرانسفارمر ہونے کی وجہ سے بجلی کا نظام مفلوج ہوچکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹرانسفارمر پر لوڈ ہونے کی وجہ سے وہ ہر ماہ خراب ہوجاتاہے اور پھر اسے ٹھیک کرانے میں کئی دن لگتے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کی کہ آبادی کے تناسب مزید ٹرانسفارمر نصب کئے جائیں ۔
سرحدی گائوں میں رسوئی گیس گاڑی بھیجنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ //سرحد پر واقع مکڑی سیر گائوں کے عوام نے انتظامیہ سے ہر ہفتے گیس سلینڈر گاڑی گائوں میں روانہ کرنے کی مانگ کی ہے ۔ مکڑی ، سیر ،سریاہ ، کڈالی وغیرہ علاقہ جات کے رہنے والے لوگوں نے بتایاکہ نوشہرہ میں واقع بھارت گیس ایجنسی کی سلینڈروں والی گاڑی کو سرحدی دیہاتوں میں نہیں بھیجاجاتاہے جس کی وجہ سے ان دیہاتوں کے عوام نوشہرہ سے آکر گیس سلینڈر لیتے ہیں ۔ سبھاش چندر، سنسار چند، لیکھراج وغیرہ نے بتایاکہ نوشہرہ کے ان سرحدی دیہات سے نوشہرہ کی دوری چالیس کلو میٹر ہے اور ان کا بہت سا وقت سلینڈر لینے اور لیجانے میں ہی بیت جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ گیس ایجنسی کو یہ ہدایت دی جائے کہ گیس کی گاڑی سرحدی علاقوں میں بھیجی جائے اور ہوم ڈیلوری کے دعوئوں کو پورا کیاجائے ۔
نوشہرہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی قلت
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ضلع ہسپتال نوشہرہ میں طبی عملے کی قلت کی وجہ سے مریضوں کابروقت علاج نہیں ہورہاہے ۔ مقامی لوگوں نے ہسپتال میں طبی عملے کی تعیناتی کی مانگ کی ہے ۔ اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بیوپار منڈل نوشہرہ کے صدر سبھاش چندر کپور نے کہاکہ نوشہرہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی قلت بہت بڑا مسئلہ ہے اوراس وقت نہ ہی زنانہ امراض کے علاج کیلئے ڈاکٹر ہے اور نہ ہی آنکھ کان، ناک و گلے کی بیماریوں کے علاج کیلئے کوئی معالج تعینات ہے ۔انہوں نے چیف میڈیکل افسر اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ فوری طور پر ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقے میں واقع ہونے کی وجہ سے اس ہسپتال میں ہر وقت بھاری رش رہتاہے لہٰذا خالی پڑی ڈاکٹروں کی اسامیوں کو پُر کرکے مریضوں کو علاج کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں ۔
بیروزگار نوجوانوں کیلئے جانکاری پروگرام
کوٹرنکہ //سب ضلع کوٹرنکہ کی پنچایت حلقہ جمولہ لوہرمیں واقع ہائراسکینڈری سکول میں بیروزگار نوجوانوں کیلئے ایک پروگرا م منعقد کیاگیا جس کی صدارت سکول کے پرنسپل نے کی جبکہ اس موقعہ پر مقامی سرپنچ مہمان خصوصی کے طور پر موجو دتھے ۔اس موقعہ پر نوجوانوں کوبتایا گیا کہ وہ مرکزی سرکار کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں سے استفادہ کریں تاکہ غربت و افلاس کا خاتمہ ہوسکے اور روزگار کمانے کے مواقع ہاتھ آئیں۔
درہال میں فائر سرو س اسٹیشن کے قیام پر زور
محمد بشارت
درہال //درہال کے لوگوںنے ایک بار پھر سے فائر سروس اسٹیشن کے قیام کی مانگ کی ہے ۔سرپنچ عمر دراز مرازا کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سرپنچ بیت ملک ،اسلم ملک ،افسر ملک ،اقصیرملک ،ابرا ر،بلال میر اورانوار ملک بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر عمر مرزا نے کہا کہ درہال میں آئے روز آگ کی وارداتیں رونماہوتی رہتی ہیں جن پر بروقت قابو نہیں پایاجاسکتاکیونکہ یہاں فائر سروس کی سہولت ہی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ آتشزدگی کی وارداتوں میں لوگوں کو بھاری نقصان کاسامناکرناپڑتاہے اورگزشتہ روز تھنہ منگ میں گیس سلینڈر پھٹ جانے سے ایک شہری محمد ریاض کا گھر پوری طرح خاکستر ہو گیا جس کو بچایانہیں جاسکا۔انہوں نے کہاکہ اگر فائر سروس کی گاڑی ہوتی تو اس قدر نقصان نہیںہوتا۔اس دورا ن انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو پتہ ہی نہیں چلتاکہ ان کاکام کس ملازم کے پاس ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ بلاک دفتر میں عملے کی فہرست چسپاں کرکے رکھی جائے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ کونسا ملازم کہاں تعینات ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کے بگڑے ہوئے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔