مزید خبرں

دارلعلوم پیام میں اجلاس منعقد

ادارہ میں بچوں کاداخلہ 20 تا30 جون ہوگا

ریاسی//دارلعلوم پیام رضازیروموڑتلواڑ ہ ریاسی میں علماء کرام کاایک اجلاس منعقدہوا جس کی صدارت مولاناریاض احمدرضوی درماڑوی نے کی۔اس دوران مقررین نے کہاکہ ادارہ دارالعلوم ’پیام رضا‘زیروموڑتلواڑہ ضلع ریاسی میں بچوں کاداخلہ شروع ہوچکاہے جو16 شوال بمطابق 20جون 2019 بروز جمعرات سے شروع ہوکر 26شوال مطابق 30 جون 2019 بروزاتوارتک جاری رہے گا۔مولاناریاض احمدودیگرعلماء کرام نے تمام خواہشمندطلبا ء اوران کے والدین سے اپیل کی کہ وہ جلدی سے جلد ی ادارہ میں تشریف لاکر داخلہ کے لئے فارم بھریں۔ دارلعلوم میںدرجات ،حفظ ،ناظرہ، قرآت، دینیات اورامامت کورس کامعقول انتظام ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ داخلہ لینے والے خواہشمندطلباء اپنے سرپرست کے ساتھ تشریف لائیں اورشناختی کارڈ ورہائشی پتہ کے ثبوت کے طورپراپناآدھارکارڈساتھ لانانہ بھولیں۔مزیدجانکاری کیلئے خواہشمندطلباء اوران کے والدین بانی ومہتمم دارالعلوم ہذا مولاناریاض احمد رضوی درماڑوی سے 9906647346 اورحافظ شاہنواز رضوی ۔صدرمدرسین دارلعلوم پیام رضا۔7051082682 کے ساتھ رابطہ کرسکتے ہیں۔ 
 

خبر کا اثر

خانہ بدوشوں کو ڈھوک جانے کیلئے اجازت میں توسیع 

زاہد ملک
مہور// مہور میں احتجاج کی خبرکشمیر عظمیٰ میں شائع ہونے کے بعد سب ڈیویژن انتظامیہ نے خانہ بدوش کنبوں کو ڈھوک جانے کیلئے اجازت میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ لیاہے ۔منگل کے روز لوگوں نے انتظامیہ کیخلاف مظاہرے کئے تھے کہ انہیں ڈھوکوں میں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ ہر سال ڈھوکوں میں مویشی لیکر جاتے ہیں لیکن اس سال انہیں اجازت نہیں دی جارہی ہے۔یہ خبر کشمیرعظمیٰ میں شائع ہوئی تھی اور اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجندر شرما سے بھی بات کی گئی جنہوں نے یہ یقین دلایاتھاکہ اس معاملہ کا حل نکالاجائے گا۔اپنی یقین دہانی پر عمل کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاسی نے ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں انہوں نے ڈھوکوں میں جانے والے لوگوں کو ایک ہفتے کیلئے یعنی 21جون سے 27جون تک لوگوں کو اجازت نامہ دینے توسیع کی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے حکم نامہ میں ایس ڈی ایم درماڑی اور ایس ڈی ایم مہور کو حکم دیا ہے وہ ڈھوکوں میں جانے والے لوگوں کو ایس ایچ او اور تحصیلدار کی رپورٹ کے مطابق اجازت دیں۔حکم نامہ کے مطابق اس کے بعد کوئی توسیع نہیں کی جائے گی اور جن لوگوں کو ڈھوکوں کی طرف جانا ہے وہ 27جون تک پورے کاغذات پورے کرنے کے بعد ایس ڈی ایم سے اجازت لیں۔
 
        

یتیم خانہ گلشن اطفال اور مدرسہ نورالاسلام 

لینٹر آئندہ اتوار کو پڑے گا، عوام سے تعاون کی اپیل 

محمد تسکین  
 بانہال // جموں و کشمیر یتیم خانہ گلشن اطفال زنِہال بانہال اور مدرسہ نورالسلام لامبر بانہال کی نئی عمارتوں کے سلیب 23 جون 2019 بروز اتوار ڈالنا طے پائے ہیں اور اس سلسلے میں امت مسلمہ خاص کر بانہال کے مقامی مسلمانوں سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں یتیم خانہ گلشن اطفال زنِ ہال بانہال اور نور السلام لامبر نے امت مسلمہ سے خاص کر بانہال کے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے وہ اس کار خیر میں حصہ لیکر اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور قیامت تک اس کے اجر سے مستفید ہوتے رہیں۔ تمام مخلص اور مخیر حضرات کو شرکت کی پرخلوص درخواست ہے۔ جموں وکشمیر یتیم خانہ کے زیر اہتمام یتیم خانہ گلشن اطفال کا قیام بانہال کے ہالیمیدان علاقے میں ایک بزرگ کی طرف سے عطیہ کی گئی اراضی پر 2005 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس عطیہ کی ہوئی اراضی پر جموں و کشمیر یتیم خانہ کی طرف سے  دومنزلہ عمارت اور مسجد شریف  تعمیر کی گئی اور تقریباً دس سال بعد فریقین کے ساتھ تنازعہ کی وجہ سے جموں وکشمیر یتیم خانہ اس املاک سے دستبردار ہوا اور بانہال کے زنِہال علاقے میں اب گلن اطفال کی نئی عمارت تعمیری کی جا رہی ہے او اس کا سلیب اب آئندہ اتوار کو ڈالا جارہاہے۔  
 

ڈوڈہ میں ’بیک ٹو ولیج ‘پروگرام میں لوگوں کی بھاری شرکت 

ڈوڈہ //جمعرات سے شروع ہوچکے بیک ٹو ولیج پروگرام میں ڈوڈہ کے لوگوں نے بھاری تعداد میں شرکت کرکے اپنے اپنے مسائل افسران کے سامنے رکھے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئیفوڈ کی قیادت میں ضلع کی کئی پنچایتوں میں یہ پروگرام شروع کیاگیا جوستائیس جون تک جاری رہے گا۔ اس پروگرام کے دوران ہر ایک پنچایت میں ایک گزیٹیڈ افسر دو دن تک قیام کرے گی اور لوگوں کے مسائل سن کر رپورٹ حکام کو پیش کرے گا۔ ساتھ ہی اس دوران گرام سبھا بھی منعقد ہوگی ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ کی 237پنایتوں میں 237گزیٹیڈ افسران تعینات کئے گئے ہیں تاکہ اس پروگرام کو کامیابی سے چلایاجاسکے ۔