مزید خبرں

بھیمداسہ میں درخت سے گر نے سے چرواہا لقمہ اجل

زاہد بشیر
گول// یہاں علاقہ بھیمداسہ میں گزشتہ شام ایک شہری درخت سے گر کرلقمہ اجل بن گیا۔ عبدالغنی بنیار گوجرولد بیرو بنیار گوجر ساکنہ سمڑ انکر جو یہاں مال مویشی کے ساتھ تھا، فرنباس بھیمداسہ کے مقام پر کل تین بجے کے قریب ایک درخت پر پتے کاٹنے کی غرض سے گیا جہاں سے اچانک گر گیا جس وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا۔ اگر چہ اسے ہسپتال لے جانے کی بھی کوشش کی گئی تا ہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔
 
 

لعل درمن فیسٹیول 

ڈپٹی کمشنر نے سرپنچوں سے میٹنگ کی 

ڈوڈہ //لعل درمن فیسٹیول میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئیفوڈ کی طرف سے مختلف بلاکوں کے سرپنچوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیاگیا ۔اس موقعہ پر انہوں نے پنچایتی نمائندگان سے تعاون طلب کرتے ہوئے انہیں ان کے رول کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کوکامیاب بناناہے جس سے سیاحتی سرگرمیاں بھی فروغ پاسکیں گی ۔اس دوران فیسٹیول کے دوران پیش کئے جانے والے پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا ۔اس موقعہ پر ضلع انتظامیہ کے افسران بھی موجو دتھے ۔
 
      

بھدرواہ میں پولیس کا عوامی دربار

بھدرواہ //ایس ڈی پی او بھدرواہ عادل حسین ریشو کی قیادت میں دردو میں ایک عوامی دربار منعقد کیاگیا جس میں ایس ایچ او بھدرواہ انسپکٹر گرمیت سنگھ بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میںلوگوںنے شرکت کرکے اپنے اپنے علاقائی مسائل کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ انہوںنے دردو میں کھیل کود کے میدان کی تعمیر،کیمونٹی ہال کی تعمیر، سڑک پر بنائے گئے سپیڈ بریکروں کو ختم کرنے ،آنگن واڑی مراکز کا معائنہ کرنے ،صفائی ستھرائی کا انتظام کرنے کے مطالبات کئے ۔ ایس ڈی پی او نے یقین دلایاکہ ان کے مسائل کوسیول انتظامیہ کے نوٹس میں لایاجائے گا۔ انہوں نے عوام سے منشیات کے خلاف مہم میں تعاون طلب کرتے ہوئے کہاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں مدد دی جائے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جرائم پیشہ افراد کے متعلق بھی جانکاری فراہم کی جائے اور علاقے میں امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھی جائے ۔
 
            

ڈپٹی کمشنر رام بن کاچکا کنڈی میں عوامی دربار

رام بن //ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ نے چکاکنڈی علاقے کادورہ کرکے وہاں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ایک دربار منعقد کیا جس میں ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوں کے مسائل سننے کے بعد انہیں حل کرنے کا یقین دلایاگیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اے سی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ مڈل سکول کنڈی کے اردگرد دیوار کی تعمیر کیلئے تخمینہ رپورٹ تیار کروائیں ۔انہوں نے اے سی آر کو ہدایت دی کہ وہ ایک کیمپ لگاکر موقعہ پر اسناد جاری کریں ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے چار ایل اے ڈی لائٹیں فراہم کیں ۔انہوں نے دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی متعلقہ حکام کو ہدایا ت جاری کیں ۔اس موقعہ پر افسران نے مقامی لوگوں کو مختلف سرکاری سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی اوران سے استفادہ کرنے پر زور دیا ۔
 
 

سالانہ کوثر ناگ ساروور یاترا 2اگست سے شرو ع ہوگی

زاہد ملک 
مہور//ریاسی کی تحصیل چسانہ میں ہر سال ہونے والی کوثر ناگ ساروور یاترا دو اگست کو شروع ہورہی ہے ۔یاترا کمیٹی کے مطابق امسال یہ دسویں یاتراہوگی اور چھڑی مبارک بھی نکالی جائے گی ۔ کمیٹی نے بتایاکہ یہ یاترا ریاسی سے شرو ع ہوکر کوثر ناگ میںختم ہوگی ۔ کمیٹی کے مطابق یاترا میں شامل ہونے والے افراد جسمانی طور پر تندرست ہونے چاہئیں جو پہاڑی علاقے میں چل سکیں ۔ کمیٹی نے بتایاکہ یاتریوں کے ساتھ ضروری سامان بھی ہوناچاہئے جیسے سونے کا بیگ ، ٹارچ، چھاتا، بارش کیلئے کوٹ، ڈرائی فروٹ، گرم کپڑے وغیرہ ۔ کمیٹی نے یہ بھی بتایاکہ پیر پنچال پہاڑی پر موبائل فون کی کوئی سہولت نہیں ہے لہٰذا یاترا پر آنے والے افراد اپنے گھر والوں کو پہلے سے ہی صورتحال کے بارے میں مطلع کردیں ۔