بوائز ہائر سکینڈری سکول پونچھ میں منشیات مخالف پروگرام
حسین محتشم
پونچھ //ضلع پولیس پونچھ کی جانب سے پونچھ میں منشیات مخالف مہم جاری ہے۔اس سلسلہ میں جہاں منشیات فروشوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں وہی ضلع پولیس کی جانب سے ڈی وائی ایس پی ہیڈ کواٹر محمد اعجاز بھٹ کی قیادت میں مختلف اسکولوں اور دیگر اداروں میں تقریبات منعقد کر کے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔اس سلسلہ میں بوائز ہائر سکنڈری اسکول پونچھ میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا جس میں پونچھ ڈرگ ایڈیشن سنٹرکی انچارج ڈاکٹر تفیض خان نے شرکت کر کے طلباء کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے پونچھ ضلع ہسپتال میں ایک ڈرگ ایڈیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں منشیات کے عادی افراد کا بہتر علاج کیا جا تا ہے۔انہوں نے طبلہ کو ہدایت کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور اگر ان کا کوئی دوست یا جانکار شخص منشیات کا عادی ہے تو اس کی اطلاع اس کے گھر والوں کو دیں یا پھر پولیس کو تاکہ اس نوجوان کو بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ منشیات نوجوانوں کے لئے زہر ہے جو کچھ بگڑے ہوئے نوجوان استعمال کر کے موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ ڈی وائی ایس پی ہیڈ کواٹر محمد اعجاز بھٹ نے بھی طلبہ کو اپیل کی کہ وہ منشیات سے خود کو دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے پوری کوشش کی جارہی ہے کہ اس زہر کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب عوام ان کا بھرپور تعاون کریں گے۔انہوں نے نوجوانوں کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی طرف بھی دھیان دینے کی ہدایت کی تاکہ وہ صحت مند رہیں۔
کنڈی ۔کھاہ جمولہ سڑک کی خستہ حالت پر لوگوں کا احتجاج
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی کنڈی کھاہ جمولہ سڑک کی خستہ حال ت سے تنگ آکر مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کیخلاف احتجا ج کیا ۔مظاہرین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے مشکلات میں مبتلا کر رہا ہے لیکن کئی بار انتظامیہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی مذکورہ سڑک کو درست نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوران سفر کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔نائب سرپنچ رگو بیر سنگھ نے کہاکہ محکمہ تعمیر ات عامہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے نام پر مشینیں لگا کر سڑک کی حالت اور بھی خراب کر دیتا ہے جس کی وجہ سے بارشوں کے دنوں میں مقامی لوگوں کا چلنا بھی مشکل ہو جا تا ہے ۔مقامی لوگوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی خراب حالت کو بہتر بنایا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔
حدمتارکہ پر امن قائم کیا جائے :جان
پونچھ //نیشنل کا نفرنس کے سنیئر لیڈر اور یوتھ صوبائی صدر اعجاز احمد جان نے سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ حدمتارکہ پر امن و مان کی صورتحال قائم کرنے میں اپنا رول ادا کرئے ۔گور نمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال جموں میں گزشتہ روز پونچھ کے سرحدی علا قوں میں ہوئی شدید فائرنگ کی وجہ سے زخمی ہو ئے افراد کو فراہم کی جارہی سہولیات کا جائرہ لیتے ہوئے کہاکہ خطہ پیر پنچال کے سرحدی علا قوں میں عوام کو فائرنگ کی وجہ سے کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حالیہ دن ایک کمسن بچہ دونوں ممالک کی فوجیوں کے درمیان ہوئی فائرنگ کا شکار ہو گیا ۔انہوں نے مانگ گزشتہ روز ہو ئی فائرنگ کی وجہ سے زخمی ہونے والے افراد کو 5لاکھ جبکہ ہلاک ہوی کمسن کے لواحقین کو 10لاکھ روپے بطور ریلیف دی جائے ۔موصوف نے کہاکہ دونوں ممالک کی قیادت کو تمام مسائل کو آپسی بات چیت کے ذریعہ حل کر نا چاہئے ۔
مڈل سکول نیلی کا درجہ بڑھانے کی مانگ
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے نیلی گائوں کے لوگوں نے ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ گور نمنٹ مڈل سکول نیلی کا درجہ بڑھایا جائے تاکہ مذکورہ دیہی علا قہ کے بچوں کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مدد مل سکے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ کی جانب سے 1952میں نیلی گائوں میں پرائمری سکول قائم کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد مقامی لوگوں کی مانگ کو دیکھتے ہوئے ریاستی انتظامیہ نے 2004میں سکول کا درجہ بڑھا کر مڈل سکول کر دیا تھا ۔اس سلسلہ میں مقامی لوگوں کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں علا قہ کے سرپنچ ونمبر دار کے ساتھ ساتھ پنچوں نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے کہاکہ نیلی علا قہ میں قائم مڈل سکول میں علاقہ کے بچوں کی ایک بڑی تعداد زیر تعلیم ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے بچوں کو معیاری سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے ان کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ علا قہ کی عوام کی طرف سے ایک لمبے عرصہ سے سکول کو درجہ بڑھانے کی مانگ کی جارہی ہے لیکن ریاستی انتظامیہ اس طرف کوئی دھیان نہیں دے رہی ہے ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گور نمنٹ مڈل سکول کا درجہ بڑھا کر ہائی سکول بنایا جائے تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم دستیاب ہو سکے ۔
احتجاج میں شرکت پر نمبردار معطل
سمت بھارگو
مینڈھر //مینڈھر انتظامیہ نے ایک نمبردار کو انتظامیہ مخالف احتجاج میں شرکت کرنے پر معطل کر دیا ۔ذرائع کے مطابق سوئیاں اور دھار گلون کے مقامی لوگوں کی جانب سے جموں مینڈھر شاہراہ پر بند کر کے احتجاج کیا گیا جبکہ ا س احتجاج میں نمبردار بالاکوٹ ایاز خان بالا کوٹی کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔تحصیلدار بالاکوٹ عبدالقدیر نے کہاکہ سوئیاں اور دھار گلو ن کے لوگ سڑک اور پل کے معاملہ پر احتجاج کر رہے تھے تاہم اس دوران مذکورہ نمبردار بھی شامل پایا گیا جس کیلئے انتظامیہ کی جانب سے نمبردار کو آئندہ حکم تک معطل کر دیا گیا ہے ۔
سرنکوٹ میںگند گی کے ڈھیر جمع
مقامی لوگوں نے میونسپل حکام کیخلاف احتجاج کیا
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ قصبہ میں گندگی کے ڈھیر جمع ہونے اور میونسپل کمیٹی کے غفلت شعاری کیخلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کیا ۔مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ قصبہ میں گزشتہ کئی دنوں سے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع ہو ئے ہیں لیکن میونسپل کمیٹی کی جانب سے صفائی ستھرائی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گندگی جمع ہو نے کی وجہ سے قصبہ میں نکاسی آب کا پورا نظام بھی مفلوج ہو چکا ہے لیکن اس کے باوجود بھی انتظامیہ صفائی ستھرائی کی جانب دھیان نہیں دے رہی ہے ۔سرنکوٹ کے کونسلر اظہر منہاس نے کہاکہ میونسپلٹی کے پاس 48عارضی ملازمین ہیں جبکہ صفائی کرم چاری صرف چار ہیں جو کہ کافی نہیں ہیں ۔مظاہرین نے ریاستی گورنر اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں میونسپلٹی کے نظام کو درست کیا جائے اور صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں ہدایت جاری کی جائیں تاکہ مقامی لوگوں کو مسائل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔