مزید خبرں

منشیات فروش گرفتار، 640گرام چرس بر آمد

ایم ایم پرویز
رام بن//بدھ کو بٹوت پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے 640گرام چرس بر آمد کی ۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن بٹوت نیاز الحسن کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم بھدرواہ موڑ بٹوت میں گشت پر تھی جس دوران ایک مشتبہ شخص نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تا ہم پولیس نے تعاقب کر کے اسے گرفتار کر لیا ۔تلاشی کے دوران اس کے قبضہ سے640گرام چرس بر آمد کی گئی اور اسے موقعہ پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے گرفتار شخص کی پہچان الف دین ولد حبیب اللہ ساکن رکھجروگ بٹوت کے طور سے کی ہے۔اس سلسلہ میں پولیس نے ملزم کے خلاف ایک کیس ایف آئی آر زیر نمبر69/2019زیردفعات 8/20این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقا ت شروع کردی ہے ۔
 
      

ایس ایس پی ڈوڈہ کے اعزاز میں الوداعیہ تقریب 

ڈوڈہ //ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے ضلع سے تبدیل ہونے والے ایس ایس پی شبیر احمد ملک کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی ۔اس سلسلے میں منعقدہ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئیفوڈ نے کی جبکہ اس موقعہ پر نئے ایس ایس پی ممتاز احمد و دیگرافسران اورمعززین بھی موجو دتھے ۔ڈپٹی کمشنر نے شبیر ملک کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست کے ایماندار ترین افسران میں شامل ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موصوف کی طرف سے انہیں بھرپور تعاون ملا جس کیلئے وہ ان کے شکر گزار ہیں ۔اس موقعہ پر شبیر ملک نے تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔
 

انفرادی بیت الخلائوں پر اجرت کی ادائیگی 

بے ضابطگیوں کے الزامات پر انکوائری کا حکم جاری 

ڈوڈہ //ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئیفوڈ کی طرف سے ڈوڈہ ، بھدرواہ اور ٹھاٹھری میں انفرادی بیت الخلائوں کی تعمیر پر رقومات کی ادائیگی میں بے ضابطگیوں کے الزامات پر انکوائری کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ایک خبر وائرل ہوئی ہے جس میں بتایاگیاہے کہ ڈوڈہ ، بھدرواہ اور ٹھاٹھری کی میونسپل کمیٹیوں نے انفرادی بیت الخلائوں کی تعمیر کیلئے ایک ہی غیر سرکاری تنظیم کی خدمات حاصل کی ہیں جسے شبے کی نظر سے دیکھاجارہاہے ۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے تحقیقات کرنے کا حکم جاری کیاہے اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کشوری لعل شرما کو انکوائری افسر مقرر کیاگیاہے جو دو ہفتوں کے اندراپنی رپورٹ پیش کریں گے ۔ 
 
 

مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام 

رام بن میں294مویشی بازیاب 

رام بن //مویشی سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کوناکام بناتے ہوئے رام بن میں پولیس نے 294مویشیوں کو بازیاب کروالیا ۔ یہ کارروائی ایس ایس پی رام بن انیتا شرما کی ہدایت پر انجام دی گئی ۔پولیس کی طرف سے جموں ۔سرینگر شاہراہ پر ناکہ لگایاگیاتھا جس دوران سات گاڑیوں کی تلاشی لی گئی جن سے 119مویشی بازیاب ہوئے ۔اسی طرح سے رام سو کے مقام پر بھی ایک ناکے کے دوران متعددگاڑیوں سے 175مویشی بازیاب ہوئے جنہیں غیر قانونی طور پر سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی ۔پولیس نے اس سلسلے میں سات مشتبہ افراد کو حراست میں لیاہے جن کی شناخت ظفر احمد ولد محمد یونس ساکن درشی پورہ بانہال ، جگنوشاہ ولد محمد اقبال ساکن شیر بی بی بانہال ، ذاکر حسین ولد احمد علی ساکن خان پورہ نگروٹہ ،محمد شاہد ولد غلا م شاہ ساکن چملواس بانہال،عادل منظور ولد منظور احمد ساکن درشی پورہ بانہال ،محمد شکیل ولد عبدالغنی ساکن میترہ اور عبدالرحمن ولد محمد بورا ساکن گاندرا اودھمپور کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے تمام گاڑیاں بھی ضبط کرلی ہیں ۔ اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔