مزید خبرں

بدھگیر عالی کدل میںبزرگ شہری لاپتہ

سرینگر// بدھگیر عالی کدل کا ایک معمر بزرگ شہری گزشتہ4روز سے لاپتہ ہے جس کے نتیجہ میں افراد خانہ میں تشویش پائی جارہی ہے۔ 75سالہ غلام نبی آرم کے اہل خانہ نے بتایا کہ3مارچ کووہ گھر سے ڈاکٹر کے پاس جانے کیلئے نکلا اور بعد میں واپس نہیں لوٹا۔ غلام نبی کے برادر نذیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے بھائی کی تلاش ہر ممکن جگہ کے علاوہ اسپتالوں میں بھی کی تاہم اس کا کوئی بھی سراغ ہاتھ نہیں لگا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس ڈاکٹر کے عملے سے بھی غلام نبی کے بارے میں پوچھ تاچھ کی،تاہم عملے کا کہنا تھا کہ غلام نبی ڈاکٹر کے پاس پہنچا ہی نہیں۔گمشدگی کے حوالے سے اہل خانہ نے پولیس چوکی اردو بازار میں رپورٹ بھی درج کرائی جس کے بعد پولیس نے بڑے پیمانے پر گمشدہ شخص کی تلاش شروع کی ہے۔اہل خانہ نے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو غلام نبی کے بارے میں کوئی علمیت ہو تو وہ اہل خانہ یا پولیس کو مطلع کریں۔
 

مابعد زینہ کدل گرینیڈ دھماکہ

شہر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی متحرک

سرینگر// زینہ کدل میں جمعہ شام کو ہوئے گرینیڈ دھماکے کے بعد سنیچر کو شہر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی کو متحرک کیا گیا۔ دستی بم دھماکے میں ایک شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا تھا،جس کے بعد شہر خاص کے حساس علاقوں میں سیکورٹی کو متحرک کیا گیا اور حساس علاقوں میں شبانہ گشت بھی کیاگیا۔ اس دوران سیول لائنز علاقوں میں بھی حساس تنصیبات کے اردگرد فورسز اور پولیس کو متحرک کیا گیاجبکہ کسی بھی طرح کی امکانی صورتحال سے انہیں نپٹنے کی تاکید کی گئی۔ سنیچر کو فورسز اور پولیس نے اضافی ناکے لگائے تھے جس کے دوران مشتبہ افراد کے علاوہ راہگیروں اور گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ یس ایس پی سرینگر ڈاکٹر حسیب مغل نے سنیچر کوشہر سرینگر کے کئی پولیس تھانوں کا دورہ کیا اور وہاں پر پولیس افسران کے ساتھ سیکورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ 
 

حضرت میر سید تاج الدین ہمدانیؒ کا عرس 

شہام پورہ نوہٹہ میں تقریب کا انعقاد 

سرینگر//شہام پورہ نوہٹہ میں بلند پایہ ولی کامل حضرت میر سید تاج الدین ہمدانی ؒ کا سالانہ عرس منایا گیا۔ نماز ظہر کے بعد آستانہ عالیہ پر دورد و ازکار ، ختمات العظمات کی محفلیں آراستہ ہوئیں جس کے دوران خصوصی دعاﺅں کا بھی اہتمام کیاگیا۔سالانہ عرس میں وادی کے دور دراز علاقوں سے زائرین نے شرکت کی۔ مقامی انتظامیہ نے عرس کے پیش نظر خاطر خواہ انتظامات کئے تھے۔ اس موقعہ پر انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے سفیر اول برائے اشاعت اسلام حضرت میر سید تاج الدین ہمدانیؒ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے عیش و عشرت کے تمام سہولیات کو یکطرف رکھ کر دین اسلام کی خدمات کیلئے اپنے آپ کو وقف کرتے ہوئے کشمیر میں دین اسلام کا پرچم نصب کیا اور حضرت شاہ ہمدانؒ کو اس دین کو شریعت مطہرہ کے سایہ میں کشمیر کے اطراف و اکناف میں پہنچانے کیلئے دعوت دی اور اسی دعوت پر حضرت شاہ ہمدانؒ کاقافلہ 700سادات لیکر واردِ کشمیر ہوئے۔ آج ہم جس کشمیر میں دینی، مذہبی ، ثقافتی و تہذیبی نوازشات دیکھتے ہیں ، یہ ان ہی حضرات کا دین ہے جس کیلئے ہم سب مرہون منت ہیں اور عرس مبارک کا منانا مقصد یہی ہے کہ ہم ان خدمات کی اظہار تشکر کرتے ہوئے اپنے آپ کو ان خدمات کیلئے مستعد کرے کیونکہ دین اسلام عملی لحاظ سے ایک آفاقی پیغام ہے، ہمارا دین خوابوں پر منحصر نہیں کرتا ، ان کی سب سے بڑی کرامات یہی ہے کہ انہوںنے قرآن و سنت پر عمل کرتے ہوئے عوام کو اس عظیم عمل پر قائم رہنے کی دعوت دی اور موجودہ علماءاور آنے والے لوگو ں کیلئے یہ مثال اور مشعل راہ ہے۔ (مشمولات یو پی آئی)
 

پرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن کا منظور وانگنو سے اظہار تعزیت 

سرینگر//پرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن، جموں کشمیر نے سنیچر محمد اشرف وانگنو کی وفات پر رنج وغم کا اظہار کیاہے۔موصوف پرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن کی اخلاقی اور ماحولیاتی کمیٹی کے چیئر مین منظور احمد وانگنو کے برادر تھے۔محمد اشرف وانگنو مختصر علالت کے بعد سرینگر میں فوت ہوگئے۔ ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار اور دوسرے ممبران نے مرحوم کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی اورمرحوم کی مغفرت کیلئے بھی دعا کی۔ایسو سی ایشن کے دفتر پر بھی ایک تعزیتی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں وانگنو خانوادے، خاص کر منظور وانگنو کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری ایسو سی ایشن اُن کے ساتھ ہے