عرفان نقیب کا کانگریس کو خیرباد
سرینگر//کانگریس پارٹی کے ضلع صدر سرینگر عرفان نقیب نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔عرفان نقیب نے سنیچرکو پارٹی کے جموں کشمیر صد ر غلام احمد میر کو ایک تحری خط لکھ کر اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا ہے ،تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کن وجوہات کی بنیاد پر وہ پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نقیب سید الطاف بخاری کی جانب سے بنائی گئی سیاسی جماعت ’اپنی پارٹی‘ میں شمولیت اختیار کر ینگے ۔
پکھرپورہ ہسپتال میں بچوں کا ڈاکٹر ایک سال سے دستیاب نہیں
سرینگر//پکھرپورہ بڈگام کے سب ضلع ہسپتال میں بچوں کا ڈاکٹر دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کو سرینگر یا دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک سال قبل ہسپتال میں ایک ماہر مراض اطفال تعینات تھا تاہم اُس کی تبدیلی کے بعدیہاں کسی نئے ڈاکٹر کوتعینات نہیں کیا گیا ۔مقامی آبادی کے مطابق کہ اگر چہ اس بارے میں متعلقہ محکمہ کو کئی بار آگاہ کیا گیاتاہم تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔مقامی آبادی نے ایک بار پھرسرکار سے مطالبہ کیا گیا کہ علاقے کی کثیر آبادی کو مد نظر رکھ کر اس دور افتادہ علاقے میں بچوں کے ڈاکٹرکو تعینات کیا جائے ۔بلاک میڈیکل افسر چرار شریف ڈاکٹر مستورا نے ہسپتال میںماہر امراض اطفال کی کمی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ محکمہ صحت نے گزشہ تین روز قبل بچوں کے ایک ڈاکٹر کو سب ضلع اہسپتال پکھر پورہ کیلئے تعیناتی کے احکامات صادر کئے تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پرمذکورہ ڈاکٹر ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اونتی پورہ اور گاندربل میں5 منشیات فروش گرفتار
سید اعجاز
اونتی پورہ//اونتی پورہ اورپولیس نے منشیات کے خلاف کاروائیاں جاری رکھتے ہوئے 5 افرادکوفکی، چرس، ہیروئن اور کوڈین سمیت گرفتار کرلیا ۔پولیس تھانہ کھریو نے شارشالی کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی زیر نمبر CH01M-9839 کی تلاشی کے دوران عرفان احمد بٹ ساکن اورشبیر احمد شیخ ساکنان شارشا لی، تنویر احمد آہنگر ساکن کھنموہ اور عرفان نذیر ساکن اونتی پورہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گرفتار کئے گئے افراد کے قبضے سے 6 کلو گرام فکی، 440 گرام چرس اور 10 گرام ہیروئن برآ مدکرلیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف ائی آر زیر نمبر 10/2020 کے تحت کھریو تھانہ میںکیس درج کیاہے ۔ایس ایس پی اونتی پورہ طاہرسلیم خان نے علاقے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ سماجی بدعات کے خاتمہ میں لوگ پولیس کو اپنا تعاون دیں ۔ادھر گاندربل پولیس نے مانسبل علاقے کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا جس کی شنا خت رضوان احمد خان ساکن پنزی گام کے بطور ہوئی ہے ۔گرفتار کئے گئے شخص کے قبضے سے 48 بوتلیں کوڈین ضبط کر لی ہیں ۔ پولیس نے اس سلسلے میں تھانہ صفاپورہ میںایک ایف آئی آر زیر نمبر4/2020 کو متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا ہے۔
ٹر یفک قوانین کی خلاف ورزی
پٹن میں69500ہزارجرمانہ وصول ،نجی تعلیمی ادارے کی گاڑی ضبط
سرینگر//موبائل مجسٹریٹ کشمیر یحیٰ فردوس اور سپیشل موبائل مجسٹر یٹ بارہمولہ جہا نگیر احمد بخشی نے پٹن میں ٹر یفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں سے69500 روپے بطور جرمانہ وصول کیا ہے جبکہ ایک نجی تعلیمی ادارے کی بس کو بھی ضبط کر لیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹیو جج بارہمولہ جسٹس علی محمد ما گر ے بھی موجود تھے۔ سپیشل موبائیل مجسٹریٹ کشمیر نے ڈرائیورحضرات کو ہدایت دی کہ وہ ٹر یفک قوانین پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔ اس کارروائی کے دوران سوپور کے ایک نجی تعلیمی ادارے کی ایک اسکول بس زیر نمبرJK05B-8563 بارہمولہ سر ینگر جارہی تھی ،کو پٹن کے نزدیک روک دیا گیا اور جب بس ڈرائیور سے دستاویزات طلب کئے گئے تو وہ انشورنس پیش کرنے میں ناکام ہوا۔
وائس چانسلر کشمیر یونیور سٹی نے کپوارہ کیمپس میں انتظامات کا جائزہ لیا
اشرف چراغ
کپوارہ//وائس چانسلر کشمیر یونیور سٹی پروفیسر طلعت نے سنیچرکوکپوارہ میں قائم یونیور سٹی کیمپس کا دورہ کر کے وہا ں تعلیمی سیشن شروع کرنے کے انتظامات کاجائزہ لیا ۔ انہو ں نے وائن میں قائم یونیور سٹی کیمپس جا کر طلبہ کو دستیاب بنیادی سہولیات جن میں بجلی ،پانی اور سڑک بہم رکھنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ سے مکمل جانکاری حاصل کی ۔انہو ں نے کہا کہ پہلے یونیور سٹی کیمپس میں دو مضامین پڑھائے جائیں گے ۔یہ کیمپس پانچ سو کنا ل اراضی پر تعمیر ہوگا اور تعلیم شروع کرنے سے قبل اس کی مکمل طور دیوار بندی کی جائے گی ۔واضح رہے کہ ایک دہائی قبل کپوارہ ضلع میں یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کو منظوری دی گئی تھی اور امسال کیمپس میںتدریسی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی ۔
اننت ناگ میں حادثہ
سومو گاڑی پلٹ گئی،8افرادزخمی
سرینگر// اننت ناگ میں ایک سومو گاڑی زیر نمبرJKO3C-3021لانو کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی جس دوران گاڑی میں سوار8افراد زخمی ہوگئے جن کو فوری طورہسپتال منتقل کیا گیاجنہیں فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس نے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے ۔
لنگیٹ میںکنٹنجنٹ پیڈ ایمپلائز یونین کا اجلاس منعقد
سرینگر//لنگیٹ میںکنٹجنٹ پیڈ اینڈ کک ایجوکیشن ایمپلائز یونین ضلع کپوارہ کا ایک اجلاس لنگیٹ میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ باڈی کے علاوہ ایجوکیشن زون لنگیٹ کے بیشتر زعماء موجود تھے ۔اس موقعہ پر تمام کنٹجٹنٹ پیڈ ملازمین اور کک نے ایجوکیشن ڈیپاٹمنٹ کی طرف اس طبقے کے ساتھ ہو رہے سلوک پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔اس موقع پر ضلع صدر عبدالغنی ملک نے کہا کہ متعلقہ محکمہ ان سے بغیر اجرت کام لیکر انہیں سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر مزید لعت ولعل کے بغیر ان کے مطالبات کو حل نہیں کیا گیا تو وہ ہمہ گیر احتجاجی مہم چھیڑنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔
ہلال راتھر کی بیرونِ ملک کوئی جائیداد نہیں: وکیل
سرینگر//سابق وزیرخزانہ عبدالرحیم راتھر کے فرزند ہلال راتھر کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے اور نہ ہی اس کا تخریبی عناصر سے کوئی تعلق ہے۔ان باتوں کااظہار ہلال راتھر کے وکیل نے ایک بیان میں کیا ہے ۔بیان میں انہوں نے وضاحت کی ہے کہ اُن کے خلاف کیس میں تحقیقاتی ایجنسی جون2019کے بعد 9ماہ تک کسی بھی بنک افسر کی شناخت نہیں کرسکی جنہوں نے اُن کے مطا بق پیراڈائزایونیوکے ساتھ بینک کو دھوکہ دینے کی سازش کی تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک اہم تحقیقاتی ایجنسی 9ماہ تک تحقیقات کے بعد بے بنیاد بہانوں کا سہارا لے رہی ہے ، یہ ہتھکنڈا صرف اور صرف اپنی ناکامی کا اعتراف نہ کرنا ہے اور کسی دوسری ایجنسی کو کیس سونپ کر معاملے کو میڈیا ٹرائیل کیلئے زندہ رکھنا ہے۔
ہسپتال کی تکمیل میں تاخیر
گتی پورہ شوپیان کے لوگ برہم،انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل
نیوز ڈیسک
سرینگر//جنوبی ضلع شوپیاں کے گتی پورہ علاقے کے لوگوں نے گزشتہ کئی برسوں سے زیر تعمیر اسپتال کے مکمل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے فوری طور پر ہسپتال کو مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اوقاف کمیٹی گتی پورہ شوپیاں سے وابستہ وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گتی پورہ میں کافی عرصے سے ہسپتال زیر تعمیر ہے اور اس میں ایک بار کام کو روک دیا گیا ۔اُن کا کہنا ہے کہ ہسپتال کی عدم تکمیل کے نتیجے میں اہل علاقہ کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفد نے بتایا کہ ڈھانچہ مکمل ہوتے ہی کام کو ایک بار پھر روک دیا گیا اور کسی بھی حکومت نے اس کی طرف کوئی بھی توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کا کام 2013میں ہاتھوں میں لیا گیا تھا۔انہوں نے اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کو مکمل کرکے اہل علاقہ کے لوگوں کے مسائل کا سدباب کیا جائے۔
جل جیون مشن
دسمبر 2021 تک پانی فراہم کرنے کا صد فیصد نشانہ پورا کیا جائے گا
جموں//جموںوکشمیر کی حکومت نے خطے میں جل جیون مشن کے تحت تمام گھروں کو نل کے ذریعے پانی پہنچانے کا سو فیصد نشانہ 2024ء کے بجائے دسمبر 2021ء تک حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اِس مشن کے تحت جموںوکشمیر کے تمام دیہی علاقوں میں ہر گھر کو مناسب مقدار میں مسلسل بنیادو ںپر پینے کا معیاری پانی فراہم کیا جائے گا۔ جس سے دیہی آبادی کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی۔اس سلسلے میں جموںوکشمیر جل شکتی محکمہ دیہات کے اندر ہی ایک ڈھانچہ تیار کرے گی تاکہ متعلقہ گائوں کے ہر گھر کو نل کے ذریعے پانی پہنچایا جاسکے۔اس کے علاوہ پینے کے پانی کے پائیدار وسائل کو مزید مستحکم بنایا جارہا ہے۔ضرورت پڑنے کی صورت میں محکمہ پانی کی بڑی مقدار کی منتقلی کے علاوہ ٹریٹمنٹ پلانٹوں کے علاوہ تقسیم کاری کے نظام کو مستحکم کو بھی یقینی بنائے گا۔اس مقصد کے لئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لائی جارہی ہے جبکہ کئی دیگر محکموں کا تعاون بھی حاصل کیا جارہا ہے۔جل شکتی مشن کے تحت سال 2021ء تک تین مرحلوں کے تحت ایسے 10.65لاکھ دیہی گھرانوں کو نل کے ذریعے پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا جنہیں ابھی تک یہ سہولیت فراہم نہیں کی گئی ہے۔پہلے مرحلے کے تحت سری نگر ، گاندربل ،پلوامہ ،شوپیان ، ریاسی ، سانبہ اور پونچھ اضلاع میں 281858 کنکشن جبکہ دوسرے مرحلے میں ڈوڈہ ، اودھمپور ، کٹھوعہ ، جموں ، بانڈی پورہ ، کولگام اور بڈگام اضلاع میں 466404 کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔تیسرے مرحلے اننت ناگ ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، رام بن ، کشتواڑ اور راجوری اضلاع میں 317634 کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2019-20ء کے دوران محکمہ نے جموںوکشمیر کے مختلف علاقوں میں ایک لاکھ سے زائد نل کنکشن فراہم کئے ہیں۔محکمہ نے جے جے ایم کے تحت جموںمیں فروری کے دوران مینو فیکچرررس اینڈ سروس پرووائیڈرس کانفرنس منعقد کی جس کا مقصد جل جیون مشن میں استعما ل کی جانے والی ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
10ویں جماعت کے سوالنامے میں’آزاد کشمیر‘ کی اصطلاح کااستعمال
مدھیہ پردیش بورڈ کے 2اہلکار معطل
بھوپال// دسویں جماعت کے امتحانی سوالنامے میں پاکستانی زیرانتظام کشمیر کو’آزاد کشمیر‘کے طور لکھنے کیخلاف مدھیہ پردیش میں حزب اختلاف کی جماعت بھاجپا نے کانگریس پرحملہ کیاہے۔سنیچر کو مدھیہ پردیش بورڈ آف اسکینڈری ایجوکیشن کے دسویں جماعت کے سوشل سائنس کے امتحانی سوالنامے میںیہ اصطلاح استعمال کی گئی تھی۔’آزادکشمیر‘کی اصطلاح پاکستان ،پاکستانی زیرانتظام کشمیر کیلئے استعمال کرتا ہے ۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کمل ناتھ کی ہدایت پر مدھیہ پردیش بورڈ آف اسکینڈری ایجوکیشن کے دوافسروں کومعطل کیاگیا ہے ۔ ایک سوال میں امیدواروں سے پوچھا گیاتھا کہ وہ نقشے میں’آزادکشمیر‘ کی شناخت کریں۔یہ اصطلاح ایک اور سوال میں بھی استعمال کی گئی تھی۔بھاجپا کے ترجمان رجنیش اگروال جس نے سوالنامے کی تصویرٹوئٹر پر شیئرکی،نے کہا،’’کشمیربھارت کااٹوٹ انگ ہے ۔بھارت کی حکومت نے پارلیمنٹ میں اس سلسلے میں ایک قرارداد بھی پاس کی ہے ۔کیامدھیہ پردیش کی کانگریس حکومت نے آزادکشمیرکوتسلیم کیا ہے؟‘‘انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کے سینئررہنما بھی پاکستان اورعلیحدگی پسندوںکی ہی اصطلاح استعمال کرتے ہیں ۔انہوں نے اس لغزش کے ذمہ دار کیخلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کرنے کابھی مطالبہ کیا۔ کانگریس ترجمان نریندرسلوجہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے اس واقعہ پر ناراضگی کااظہار کیا ہے اور اُن کی ہدایت پردوافسراں کومعطل کیاگیا ہے ۔مدھیہ پردیش اسکینڈری بورڈ آف ایجوکیشن کے حکام نے کہا کہ سوالنامہ ترتیب دینے والے اور ماڈیریٹر کومعطل کیا گیا ہے اور اُن کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔جس سوال میں آزادکشمیرکی اصطلاح استعمال کی گئی تھی،اُسے منسوخ کیاگیا ہے اور اب اس پرچے کے نمبرات100کے بجائے صرف90ہوں گے۔
خواتین کے حقوق
گاندربل کے نوجوان کی جانکاری مہم
گاندربل //ارشاد احمد//خواتین کے عالمی دن کے موقع پرجہاںجموں وکشمیر میں کئی تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور خواتین کی حوصلہ افزائی پر زور دیا گیاوہیں ضلع گاندربل میں بھی ایک نوجوان سماج میں عورتوں پر ہورہے گھریلو تشدداور ظلم و زیادتیوں کے خلاف اپنی مہم میں گھر گھرجاکر خواتین کو انصاف دلانے کیلئے دن رات محنت کررہا ہے۔ بلال احمد بٹ ساکن تولہ مولہ گاندربل نے 2018 سے آج تک 36 ہزار سے زائد خواتین کو ومنز ہیلپ لائن 181 کے بارے میں جانکاری دی جو جموں کشمیر سرکار کی جانب سے قائم کی گئی ہے۔مذکورہ نوجوان نے بہت کم وقت میں حوصلہ بخش کام انجام دیا ہے ۔ بٹ نے بانڈی پورہ، بڈگام،سرینگر،گاندربل، کولگام اور دراس وکرگل جاکر سکولوںاور کالجوں سمیت گھر گھر جاکر خواتین کو ان کے حقوق کے بارے میں جانکاری فراہم کی ہے۔
عوامی رابطہ مہم
نلہ ناگ میں پی ڈی پی لیڈر کئی لوگوں سے ملاقی
بڈگام//پی ڈی پی لیڈر انجینئر نذیر احمدا یتو نے عوامی رابطہ مہم کو جاری رکھتے ہوئے چرار شریف کے بزگو نلناگ میں پارٹی ورکروں کی ایک میٹنگ کا انعقاد کیا۔ ایتو نے پارٹی ورکروں کو بنیادی سطح پر متحد رہنے کی ہدایت دی۔ نلناگ جاتے ہوئے انہوں نے نائوپورہ، ہفرو ، لولی پورہ اور لادن میں کئی عوامی وفود سے ملاقات کی ۔ اپنے ایک بیان میں انجینئر نذیر احمد یتو نے کہا کہ چرار شریف کے دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بجلی اور پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سورسیار سے لیکر گوگجہ پتھری تک کی سڑک کو بنانے کیلئے غیر معیاری ادویات کا استعمال کیا گیا کیونکہ سڑک کئی مقامات پر خستہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ کسانوں کے کے سی سی قرضے معاف کرے کیونکہ ہڑٹال کی وجہ سے لوگ کام کاج نہیں کر پارہے تھے۔