جنگلاتی اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش ناکام
مہور میں 25 کنال بازیاب ،غیر قانونی ڈھانچہ منہدم
ریاسی //محکمہ جنگلات نے ضلع ریاسی کے مہور بلاک کے بودھن نامی گائوں میں جنگلات کے ایک بہت بڑے حصے پر ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔لاک ڈاؤن کے دوران کمپارٹمنٹ نمبر 128 / آر کے اندر غیر قانونی کنکریٹ ڈھانچے کی تعمیر کے بارے میں موصولہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد محکمہ حرکت میں آگیا۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ٹیریٹوریل اور فارسٹ پروٹکشن فورس کی ایک مشترکہ ٹیم نے زیر تعمیر کنکریٹ ڈھانچہ کو منہدم کیا۔بیان میں بتایا گیا کہ 'غیر قانونی پکاڈھانچہ تعمیر کرنے کی کوشش لیاقت علی ولد نور محمد کے ذریعہ کی جارہی تھی۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے اس ناجائز ڈھانچے کو منہدم کردیا اور تقریبا 25 کنال جنگلاتی اراضی کو دوبارہ حاصل کیا۔محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے بتایا کہ ٹیم نے تعمیر میں استعمال ہونے والے تعمیراتی سامان کو بھی ضبط کرلیا ہے اور ملزم کے خلاف معاملہ درج کیا ۔
موسم سرما کا کٹوتی شیدول آج بھی جاری
پانپور کے صارفین محکمہ بجلی سے برہم
سرینگر // پانپور میں بجلی کی آنکھ مچولی کے سبب لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کیا ہے کہ بجلی محکمہ علاقے کیلئے نئے بجلی شیڈول مرتب کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے اور گذشتہ سال جاری کیا گیا کٹوتی بجلی شیڈول آج بھی جاری ہے، جس کے سبب سحری اور افطارکے اوقات انہیںمشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ اس ضمن میں محکمہ کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا لیکن کوئی دادرسی نہیں ہوئی ۔لوگوں نے محکمہ بجلی کے چیف انجینئر اور ترقیاتی کمشنر پلوامہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بلا خلل بجلی فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں ۔