مزید خبرں

گاندربل میں یوم آزادی کے سلسلے میں اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے منی سیکرٹریٹ میں یوم آزادی 2021ء کی تقریب احسن طریقے سے منانے کے سلسلے میں اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ مرکزی تقریب قمریہ گرائونڈ گاندربل میں منعقد ہوگی جہاں مہمان خصوصی ترنگا لہرائیں گے اور مارچ پاسٹ پر سلامی لیں گے جبکہ جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، فائراینڈ ایمرجنسی سروسز اور این سی سی کے دستے پیش کریں گے ۔اِس موقعہ پر خصوصی ثقافتی پروگرام پیش ہوگا جس کے بعد اَنعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔میٹنگ میں حفاظتی منصوبہ ، پینے کے پانی کی سہولیت ، صفائی ستھرائی ، نشستوں کا اِنتظام ، ٹریفک مینجمنٹ اور بجلی کی فراہمی اور دیگر ضروری اِنتظامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے اِس موقعہ پر تمام ضلعی سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ تقریب کے دوران شرکا کے نشستوں کے اِنتظامات میں مقررہ دوری برقرار رکھیں اور کووِڈ۔19رہنما اصولوں پرمن و عن عمل کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کے پی ڈی سی ایل اور جل شکتی محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ بلا تعطل بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ اِس کے علاوہ محکمہ صحت کو ایمبولنس اور ابتدائی طبی امداد ی ٹیم کے ساتھ ڈاکٹر اور پیرا میڈکس تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی۔کرتیکا جیوتسنا نے اَفسران پر زور دیا کہ پہلے سے تشکیل دی گئی کمیٹیاں 13؍ اگست سے پہلے تمام اِنتظامات کو حتمی شکل دیں گی ۔ڈی سی نے افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پہلے سے تشکیل دی گئی کمیٹیاں 13؍ اگست سے پہلے تمام انتظامات کو فل ڈریس ریہرسل کے دِن کے لئے حتمی شکل دیں گی۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر مظفر احمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فاروق احمد بابا ، چیف میڈیکل آفیسر اور مختلف ونگوں کے ایگزیکٹیو انجینئران کے علاوہ دیگر ضلع اور سیکٹورل اَفسران نے شرکت کی۔
 
 
 

سونہ مرگ میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی 

غلام نبی رینہ
کنگن//سیاحتی مقام سونہ مرگ کے ٹرک یارڈ میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے سبب ڈارئیوروں اور دکانداروں کو مشکلات درپیش ہیں۔ کئی افرادنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ نالہ سندھ کا پانی استعمال میں لاتے تھے لیکن اس میں بھی آج گندہ پانی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہاں پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ ان کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دریں اثنا ء دکانداروں نے بتایا کہ گذشتہ کئی دنوں سے بجلی کی عدم دستیابی سے بھی انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
 
 
 

 فرسلن پہلگام بنیادی سہولیات سے محروم

سرینگر//ضلع اننت ناگ کے فرسلن نامی گاؤں بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ پہلگام سے گیارہ کلومیٹر کی دوری پر واقع قریب ڈھائی سو گھروں پر مشتمل اس گاؤں میں ٹرانسپورٹ سروس دستیاب نہیں ہے۔یہاں کے طلبا کوتعلیم حاصل کرنے کیلئے پیدل سفر کرنا پڑتا ہے اور موسم سرما کے دوران اس علاقے کا رابطہ ہی ٹوٹ جاتا ہے۔مقامی سرپنچ محمد امین نے کہا کہ اگر کوئی ڈائیور اس علاقے تک گاڑی لینے کیلئے تیار ہو بھی جائے لیکن وہ زیادہ کرایہ وصول کرتے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی بار ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرانے کیلئے انتظامیہ سے رجوع کیا گیا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔سی این ایس 
 

جدیدٹیکنالوجی سے لیس گاڑی بارہمولہ پولیس کے سپرد

جنگجومخالف کارروائیوں میں استعمال ہوگی:ڈی آئی جی شمالی کشمیر

بارہمولہ//جموں کشمیر پولیس نے جدیدترین آلات اورٹیکنالوجی سے لیس دوسری ’بلیک پینتھرکمانڈکنٹرول ‘گاڑی حاصل کرلی ہے۔جنگجومخالف آپریشن کے دوران استعمال میں لائی جانے والی یہ گاڑی بارہمولہ پولیس کوسونپ دی گئی ہے ۔خیال رہے کہ کشمیرمیں پولیس کوحاصل ہونے والی اس نوعیت کی پہلی ایسی کمانڈکنٹرول گاڑی ہے جبکہ اسے پہلے جدیدترین آلات اورمواصلاتی ٹیکنالوجی سے لیس یہ گاڑی جموں میں پولیس کودی گئی تھی ۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس شمالی کشمیر سجیت کمارنے کہاہے کہ ’بلیک پینتھرکمانڈکنٹرول ‘گاڑی کوہم مختلف نوعیت کے جنگجومخالف آپریشنز کے دوران استعمال میں لاسکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کمانڈ کنٹرول گاڑیاں جدید آلات اورٹیکنالوجی سے لیس ہوتی ہیںاوران کومختلف طرز کی کارروائیوں کے دوران استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ڈی آئی جی کاکہناتھاکہ پہاڑوں اوربالائی علاقوں میں جنگجوئوںکے خلاف آپریشن کے دوران یہ بہت مشکل ہوتا ہے اور بعض اوقات ہمیں نیٹ ورک کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس مقصد کیلئے یہ گاڑی فائدہ مند ہوگی تاکہ سینئر حکام لائیو آپریشن کے دوران ہم آہنگی پیدا کریں۔سینئرپولیس آفیسر سجیت کمار نے مزید کہا کہ یہ شمالی کشمیر میں جموں و کشمیر پولیس کی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھائوا دے گی جبکہ یہ گاڑی جموں و کشمیر پولیس کے آپریشنل ، امن و امان اور ریسکیو فرائض کیلئے کمانڈ سینٹر کے طور پر کام کرے گی۔کے این ایس
 
 
 

اننت ناگ میں60عمارتیں مختلف محکموں کو منتقل

اننت ناگ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایات کے تحت ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے خالی پڑی 60عمارتوں کو متعدد محکموں کو منتقل کیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے آر ڈی ڈی، آئی سی ڈی ایس، صحت، مال اور دیگر محکموں کو خالی عمارتوں کے صحیح استعمال کیلئے منتقل کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا نے جمعہ کو اس حوالے سے باضابطہ احکامات جاری کئے تھے۔ حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ محکموں کے سربراہ الاٹ کی گئی عمارتوں کو فوری طور پر تحویل میں لیں۔ ضلع انتظامیہ کی اس کارروائی سے ضلع میں متعدد سرکاری شعبوں میں کام کرنے میں مزید آسانی ہوگی۔
 
 
 

ایوان صحافت کشمیر میں نعتیہ مشاعرہ

سرینگر//پریس کلب سرینگر میںکاروان شعرائے اردوکے زیر اہتمام ایک نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشاعرہ ایچ کے گروپ آف انڈسٹریز سرینگر کے اشتراک سے منعقد ہوا جس میں ہفتہ روزہ ’ندائے کشمیر‘ میڈیا پارٹنرتھا۔مشاعرے میںصدارت کے فرائض کشمیر عظمیٰ کے ایگزیکٹیو ایڈیٹر جاوید آذر نے انجام دئے اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر سید محمد حنیف بلخی نے مہمان خصوصی جبکہ اعجاز احمد ککرو (سابق ڈپٹی کمشنر )اور محمد سلطان میر منیجنگ ڈائریکٹر ایچ کے گروپ آف انڈسٹریز سرینگر مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ مشاعرے کی نظامت کاروان کے جنرل سیکریٹری عارض ارشاد نے انجام دی۔خطبہ استقبالیہ کاروان کے صدر ڈاکٹر تنویر طاہر نے جبکہ شکریہ کی تحریک سرپرست اعلیٰ پرویز مانوس نے پیش کی۔مشاعرے میںوادی سے تعلق رکھنے والے جن مایہ ناز شعرا ء نے شرکت کی اْن میں بشیر دادا، علی شیدا، محمد یوسف مشہور، غلام حسن غمگین، ڈاکٹر ستیش ومل، پرویز مانوس،ڈاکٹر تنویر طاہر، عارض ارشاد ، جاوید عارف، مصروفہ قادر، شبینہ آرا، عذرا حکاک، گلزار جعفر ،شفیع شاداب، تسنیم الرحمان حامی، فیصل امتیاز، محمد اشرف اور توصیف رضاشامل تھے۔ سی این ایس
 
 

منشیات مخالف مہم 

ایس ایس پی کپوارہ کا ٹنگڈارمیںعوامی دربار

کرناہ//سرحدی علاقہ ٹنگڈار کرناہ میں ایس ایس پی کپوارہ نے عوامی دربار منعقد کیا، جس میں عوام کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل سے متعلق ایس ایس پی کو آگاہ کیا۔ عوامی دربار میں ٹنگڈار علاقے کے ڈی ڈی سی ارکان، بی ڈی سی ارکان، پنچایتی اراکین کے علاوہ ٹرانسپورٹ اور تجارتی انجنوں سے وابستہ افراد لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل سے متعلق ایس ایس پی کو آگاہ کیا۔لوگوں نے منشیات مخالف مہم کو جاری رکھنے کا ایس ایس پی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوثین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ایس ایس پی کپوارہ ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ اس علاقے کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے اپنی جانب سے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں لوگوں کو آگے بڑھ کر پولیس کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ نوجوان نسل کو اسے بری عادت سے دور رکھا جاسکے۔عوامی دربار میں ڈی ایس پی ہیڈکواٹر راشد یونس، ایس ایچ او ٹنگڈار مدثر احمد کے علاوہ بی ایم او ٹنگڈار ڈاکٹر فاروق احمد بھی موجود تھے۔
 
 
 

مٹن اوراونتی پورہ میں 2افرادگرفتار

سرینگر//اننت ناگ اور اونتی پورہ میں پولیس نے دو افرادکو گرفتارکرکے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کرلیا ۔ مٹن تھانہ کی ایک ٹیم نے منظور احمدا یتو ساکن مٹی پورہ نانیل کے رہائشی مکان سے بڑی مقدار میں نشہ آور مواد ضبط کیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 79/2021 درج کیا ۔ اس واقع کی نسبت تلاشی ٹیم میں ڈی ایس پی ہیڈکواٹر اننت ناگ ، ایس ایچ او مٹن اور متعلقہ ایگزیکٹو مجسٹریٹ شامل تھے۔ تلاشی کے دوران مذکورہ مکان سے تقریباً45کلو گرام خشخاش پوست برآمد ہوا۔اس دوران اونتی پورہ پولیس نے ایگزکیٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں آزاد احمد شیخ بنی محلہ چندہارہ کے گاوَ خانے پر چھاپہ ڈالا۔ تلاشی کاروائی کے دوران 5.5 کلو گرام خشخاش پائوڈر برآمد ہوئی۔ اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر103/2021 درج کیا گیا۔ 
 
 
 

گاندربل میں 4قمار باز گرفتار

گاندربل//پولیس پوسٹ شادی پورہ نے ایک مخصوص اطلاع پرکمپارٹمنٹ نمبر 11 شادی پورہ میںقماربازی کے ایک اڈے پر چھاپہ مارکارروائی کے دوران 4افراد کو گرفتارکرلیاجن کی شناخت محمد اختر ڈار ساکن لاٹھو اتکھورو گاندربل ،غلام رسول گلہ ، فاروق احمد گورو اور بشیر احمد خان ساکنان نارائن باغ گاندربل کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے تاش کے پتے اور دائو پرلگائے گئے11ہزار300روپے بھی برآمد کئے۔ گاندربل تھانہ نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 144/2021درج کیا ہے۔
 
 

اننت ناگ انتظامیہ کی جانب سے ’سکون ‘نامی ایپ کا افتتاح

اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ’سْکون‘نامی ایپلی کیشن کا افتتاح کیا۔ اس ایپ کے ذریعہ ایس ڈی آر ایف کے تحت کسی آفت کے دوران متاثرین کو بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے غرض سے لانچ کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ سکون ایپ ضلع ادھمپور میں انتہائی کامیاب رہی ہے اور اس نے نیشنل ای گورننس ایوارڈ بھی جیتا ہے۔ضلع انتظامیہ اننت ناگ کی طرف سے آن لائن موڈ کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے کئے گئے اقدامات میں یہ ایک اورپہل ہے۔اس ایپلی کیشن کے افتتاح سے قبل انتظامیہ نے سہولت پورٹل اور ڈیش بورڈ تیار کیا تاکہ آن لائن موڈ کے ذریعے مستحقین کو لیگل ہیئر سرٹیفکیٹ فراہم کیا جا سکے۔سکون ایپلیکیشن کی تجویز ڈی سی نے پیش کی تھی، جبکہ اس سے نیشنل انفارمیٹکس سینٹر اننت ناگ نے تیار کیا ہے۔ڈسٹرکٹ انفارمیٹکس افیسر ، این آئی سی جان مبارک نے بتایا کہ یہ ایپلیکیشن سرکاری اہلکاروں کے لیے تیار کی گئی ہے اور اس ایپ کے ذریعہ پٹواری سے لے کر ڈی سی تک تمام دستاویزی کارروائی آن لائن موڈ کے ذریعے کی جائے گی، تاکہ کسی بھی آفت کے دوران متاثرین کو بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔اے ڈی سی غلام حسن شیخ اور گلزار احمد بٹ، اے سی آر سید یاسر تحصیلدار اننت ناگ عمر گلزار اور دیگر افسران نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
 
 
 

تلیل میں30مویشی سرحدپار 

 لیفٹنٹ گورنر سے مداخلت کی اپیل

بانڈی پورہ// تلیل گریزکے ڈی ڈی سی ممبر راجا اعجاز خان نے کہا ہے کہ حال ہی میں اس علاقے کے تقریباً 30 مویشی لائن آف کنٹرول کو عبور کرکے پاکستانی زیر انتظام کشمیر چلے گئے ہیں۔انہوں نے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ مویشی پسماندہ لوگوں کے ہیںجن میں سے کچھ لوگوں کا روزگار ہی یہی ہے۔
 
 
 

 خواجہ حبیب اللہ نوشہریؒکے عرس پر تقریب

سرینگر//حضرت خواجہ حبیب اللہ نوشہریؒ کے سالانہ عرس کے سلسلے اُن کے آستان عالیہ واقع نوشہرہ میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا ۔نمازِ ظہر کے بعد مولانا ریاض احمد ہمدانی نے ان کے تاریخ ساز اسلامی کارناموں پر روشنی دالی۔تقریب میں عقیدتمندوں کی بھاری تعداد نے  شرکت کی۔اس موقع پر مولانا شوکت حسین کینگ ،سجادہ نشین درگاہِ اکملیہ سید مقتدر کاملی، جمعیت کے جنرل سکریٹری حاجی پیرزادہ محمد اشرف عنایتی، شفاعت احمد کاملی اور شکیل قلندرسمیت کئی افراد نے شرکت کی۔ اس موقعے پر جمعیت ہمدانیہ کی طرف سے بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین غلام نبی فاروقی کی دستار بندی کی گئی۔
 
 

محکمہ باغبانی زیادہ کثافت والے پودے لگانے کیلئے پرعزم :ڈائریکٹر

سرینگر // محکمہ باغبانی کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل اعجاز احمد بٹ نے سنیچر کو جنوبی کشمیر کا وسیع دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈی جی نے حکومت کے تعاون سے علاقے میں قائم مختلف سی اے سٹورز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ،انہوں نے کٹائی کے بعد کے انتظام کے دائرہ کار کو اجاگر کیا اور سی اے سٹور کی صلاحیت بڑھانے پر زور دیا ، تاکہ پھلوں کی فصل کو کسی بھی پریشانی سے بچایا جا سکے۔بعد میں ڈی جی نے گگلورہ میں مختلف ہائی ڈینسٹی باغات کا دورہ کیا اور نوجوان تاجروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے ان کی محنت کو سراہا اور کہا کہ یہی کام دوسروں کے لیے بھی تحریک کا باعث بنے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ زیادہ کثافت کے پودے لگانے کیلئے پرعزم ہے جس کیلئے حکومت نے موڈیفائیڈ ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن سکیم شروع کی ہے۔بٹ نے پھلوں کی تنوع پر بھی زور دیا اور کہا کہ مذکورہ اسکیم کے تحت سیب کے علاوہ مختلف پھلوں کی فصلوں جیسے ناشپاتی ، ، گیلاس ، بادام وغیرہ کے تحت ایک اچھا علاقہ لایا جائے گا۔دورے کے دوران ڈی جی کے ساتھ محکمہ کے فیلڈ افسران اور جوائنٹ انسپکشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے عہدیدارن بھی تھے۔
 
 

۔آریانز گروپ 15 کروڑ روپے کی اسکالرشپ دے گا 

سرینگر//زیادہ سے زیادہ طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دینے کیلئے آریانز گروپ آف کالجز راج پورہ چندی گڑھ نے ان طلبہ کو 15 کروڑ روپے کی اسکالرشپ دینے کا فیصلہ کیا ہے جو سال 2021-22 میں اپنے 15 ویں تعلیمی سیشن کے تحت داخل ہوں گے۔گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے کہا کہ دسویں ، بارہویں اور گریجویشن پاس ہوئے طلباء وظائف کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ وظائف میرٹ کم ذرائع کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔ دلچسپی رکھنے والے طلباء 10 اگست سے پہلے آریانز کی ویب سائٹ www.aryans.edu.in پر اس ٹیسٹ کے لیے اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔کٹاریہ نے مزید کہا کہ آریانز جموں کشمیر کے طلباء کے لیے تعلیمی مرکز بن گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے باہر آرینز واحد کیمپس ہے جس میں 2000 سے زائد طلباء ہیں۔