مزید خبرں

وِکاس کنڈل کی صدارت میں میٹنگ

جاری پروجیکٹوں کی فوری تکمیل کی ہدایت

سرینگر// جموں و کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن (جے کے پی سی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے چارج سنبھالنے کے بعد وِکاس کنڈل نے کارپوریشن کے ذریعہ چلائے جانے والے مختلف منصوبوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے تعارفی میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں چیف انجینئر جے کے پی سی سی این ڈی خواجہ ، مختلف یونٹوں کے ایگزیکٹیو انجینئروں اور کارپوریشن کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وِکاس کنڈل نے اَفسران کو جموں و کشمیر میں سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر کے لئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرنے پر زور دیا اور ان منصوبوں میں معیاری مواد کا اِستعمال کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے مالی ترقی کے ساتھ ساتھ منصوبوں کے عملی اور زمینی سطح کے مضمرات کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے سائٹ کے دوروں کا اِنعقاد کریں تاکہ اِن کے محکموں کے اصل حالات اور اِن سے متعلق مسائل سے بخوبی واقف ہوں۔ اُنہوں نے جاری پروجیکٹوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور ان کی فوری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ وِکاس کنڈل نے اَفسران کو تمام منصوبوں پر کام کی رفتار میں سرعت لا کرفوری طور مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی اور جے ٹی ایف آر پی منصوبوں سے نمٹنے کے دوران اُنہیں عالمی بینک کی رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔ تاہم میٹنگ میں اِس بات پر زور دیا گیا کہ تمام کام اِی۔ ٹینڈرنگ کے کئے جائیں گے۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِن منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں عوامی بہبودکے لئے وقف کیا جاسکے۔
 
 
 

بارہمولہ میں آج سے سخت لاک ڈائون کا نفاذ

سوپور //غلام محمد// کورونا وائرس کے کیسوں میںا ضافہ کے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو نے ضلع میں3دنوں کیلئے لاک ڈائون کا اعلان کیا ہے۔ حکمنامہ میں کہاگیا ہے کہ قصبہ سوپور میں لاک ڈائون کے نفاذ کو سختی سے عملایاجائے۔ ڈاکٹر جی این ایتو نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیاجس میں کہا گیا کہ ضلع میں17جولائی سے لاک ڈائون کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ دفعہ144 اور آفات سماویٰ قانون مجریہ2005کے تحت امتناعی احکامات جاری رہیں گے اور تمام ضلع میں سر نو اس کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا جس کے دوران تجارتی مراکزبند رہیں گے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ان ایام میں مسافربردارٹرانسپورٹ اور نجی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد رہے گی تاہم صرف اجازت نامہ والی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔حکم نامہ میں ایس ایس پی بارہمولہ،سوپور کے علاوہ تحصیلداروں،نائب تحصیلداروں،ڈپٹی سپر انٹنڈ آف پولیسز اور تھانہ افسران کے علاوہ دیگر ڈیوٹی مجسٹریٹوں کو ان احکامات کو عملانے کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
 

راجوری میں حدمتارکہ پر فوجی اہلکار زخمی 

راجوری // سمت بھارگو//ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں حد متارکہ پر ایک بارودی سرنگ دھماکے میں فوجی اہلکار زخمی ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے نوشہرہ سیکٹر کے کلال علاقے میں ایل او سی پر فوجی اہلکاروں کی ایک ٹیم معمول کی گشت پر تھی کی اس دوران ایک بارودی سرنگ پھٹ گئی جس کے نتیجے میں فوجی اہلکار معمولی طور پر زخمی ہوا۔ذرائع نے بتایاکہ زخمی فوجی اہلکار کی شناخت فی الوقت نہیں ہوپائی ہے۔
 

ویری ناگ میں پولیس اہلکار حرکت قلب بند ہونے سے فوت

اننت ناگ//عارف بلوچ//ویری ناگ میں پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوا ۔سلیکشن گریڈمشتاق احمد پرے ولد غلام قادر بیلٹ نمبر 878/AR/0ساکنہ اُگجن دیالگام اننت ناگ پولیس پوسٹ ویری ناگ میں تعینات تھا ۔جمعرات دوپہر کو مذکورہ اہلکار کو دوران ڈیوٹی اچانک دل کا دورہ پڑا ہے ،جس کے سبب وہ بیہوش ہوگیا ۔اہلکار کو فوری طور پرائمری ہیلتھ سنٹر ویری ناگ لایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُس سے مردہ قرار دیا ہے ۔پولیس کا نسٹبل کی موت کی خبر پھیلتے ہی پولیس پوسٹ ویری ناگ اور مہلوک کے آبائی علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی۔
 

2,26,071 درماندہ شہریوں کی واپسی 

 جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے2,26,071شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔سرکاری اعداد و شما ر کے مطابق جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کی اِنتظامیہ نے ملک کی مختلف ریاستوں اور یوٹیز سے 70,836درماندہ مسافروں کو لے کر جبکہ براستہ لکھن پور1,55,235افراد کو حکومت نے85کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوںکے ذریعے اودھمپو ر اور جموں ریلوے سٹیشوں پر خیرمقدم کیا ۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اب تک بیرون ملک سے823مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔ اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اب تک 85 کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اب تک بیرون یوٹی درماندہ 2,26,071شہریو ں کو کووڈِ۔19 وَبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق 15؍ جولائی سے 16؍ جولائی 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے 3724 بشمول کویت سے تعلق رکھنے والے 60 درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے جبکہ 842مسافر آج 64ویں دلّی کووِڈ خصوصی ریل گاڑی سے جموں پہنچے ۔اَب تک 64ریل گاڑیاں یوٹی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے55,140درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
 

پروازوں کے ذریعہ2,995مسافریوٹی لوٹے 

 جموں//جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں گھریلو پروازوں کے دوبار ہ چالوہونے کے53واں دِن 2,995مسافروں کو لے کر 5 2 پروازیں جموں اور سری نگر ہوائی اڈے پر اتریں ۔630مسافروں سمیت9کمرشل پروازیں جموں ہوائی اڈے اور 2,365  مسافروں کو لے کر16 پروازیں سرینگر کے ہوائی اڈے پر اتریں۔واضح رہے کہ25؍ مئی سے اب تک جموں ایئر پورٹ پر 385گھریلو پروازیں اتری ہیں جن میں 28,407مسافروں نے سفر کیا ۔ اسی طرح سری نگر ائیر پورٹ پر630 گھریلو پروازیںاتریں ہیں جن میں82,456مسافروں نے سفر کیا ہے۔نیز جموں وکشمیر حکومت نے عالمی وَبا کے پیش نظر اَب تک متعدد ممالک سے تقریباً 3,331مسافروں کو خصوصی انخلأ پروازوں کے ذریعے جموںوکشمیر یوٹی میں واپس لایا ہے۔ہوائی اڈے پر اُترتے ہی تمام مسافروں کا کووِڈ۔19ٹیسٹ کیا گیا اوردونوں ہوائی اڈوں سے  اپنے منازل کی طرف تما م احتیاطی تدابیر پر عمل پیر ا رہ کر روانہ کئے گئے۔حکومت نے ہوائی پروازوں کے ذریعے یوٹی میں وارِد ہونے والے تمام مسافروں کی آمد سکریننگ نمونے لینے اور قرنطین مراکز کی طرف لے جانے کے لئے معقول ٹرانسپورٹ اِنتظامات کئے گئے ہیں اور اِس دوران مرکزی  شہری ہوا بازی اور صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارتوں کی جانب سے مقرر کئے گئے رہنما خطوط اور ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔
 

بانڈی پورہ اور بڈگام میں نوعمر لڑکے اور مزدور کا انتہائی قدم 

بانڈی پورہ //عازم جان //لاوے پورہ بانڈی پورہ میں نوعمر لڑکے اور بڈگام میں ایک مزدورو نے خودکشی کی۔ لاوے پورہ بانڈی پورہ میں 16سالہ لڑکے نے خود کشی کی۔ جمعرات کی صبح جب والدین وسیم احمد خان کے کمرے میں داخل ہوئے تو اسے بیہوشی کی حالت میں پاکرفوری طور ضلع ہسپتال بانڈی پورہ پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری طور پر لاش تحویل میں لیکر قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد وارثین کے حوالے کی اور تحقیقات شروع کر دی ہے ۔اس دوران بڈگام میںایک غیر ریاستی مزدور نے خود کشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر پور چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک غیر ریاستی مزدور نے یہاں اینٹ بھٹ پر کام کرنے کے دوران خوف کو پھانسی دیکر خود کشی کی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں تمام طبی و قانونی لوزامات پورے کر کے واقعے کے حوالے سے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 

سروس سلیکشن بورڈ کی درجہ چہارم کی اسامیاں

۔10جولائی سے 47,950درخواستیں موصول

قریب 1,13,200 اُمید واروںنے نام درج کرائے

جموں//جموںوکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے درجہ چہارم اَسامیوںکے لئے جموںوکشمیر بھرتی ( خصوصی بھرتی) قواعد 2020 کے تحت مختلف محکموںمیں ضلع صوبائی یونین ٹریٹری کیڈر کے لئے 8575 درجہ چہارم اسامیوں کو اشتہاری نوٹیفکیشن نمبر 1آف 2020 ، بتاریخ 26.06.2020مشتہر کیا ہے۔بورڈ نے جے کے ایس ایس بی کے آن لائن ایپلیکیشن پورٹل پر آن لائن درخواستیں جمع کروانے کے لئے 10؍ جولائی 2020 ء کو شروع ہونے کی تاریخ مقرر کی تھی۔جمعرات کی صبح تک 1,13,200اُمید واروں نے بورڈ کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کی جبکہ 47,950 اُمید واروں نے درجہ چہارم اسامیوں کے آن لائن درخواست پیش کرنے کا عمل مکمل کیاجبکہ روزانہ بورڈ کے آن لائن ایپلیکیشن پورٹل پر 80,000 منفرد اَفرادتک رسائی حاصل کرتے ہیں۔بورڈ نے سرینگر اور جموں میں دو ہیلپ لائن اُمید واروں کی سہولیت کے لئے شروع کی ہے اور اگر کسی فرد کو درخواست پیش کرنے میں تکنیکی یاکسی وجہ سے مشکل پیش آرہی ہو توو ہ اِس ضمن میں مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے [email protected]پرمیل بھیج سکتا ہے۔
 

کورونا سے بگڑتی صورتحال قابل تشویش: قیوم وانی 

سرینگر// سول سوسائٹی فورم چیئرمین عبدالقیوم وانی نے جموں کشمیر میں کورونا وبا کی بگڑتی صورتحال تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے بیان میں کورونا مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی ناگفتہ بہہ حالت سے متعلق کئی سوالات اْٹھائے ہیں، جو انکے بقول ہسپتالوں میں وینٹیلیٹرس سے لیکر سماج میں نابرابری کے شکار بن کے رہ گئے ہیں۔قیوم وانی نے کہا’’ اب یہ پانچواں مہینہ چل رہا ہے جب کوڈ کے خلاف لڑنے کے لئے تیاریاں نہ صرف حکومت نے شروع کی تھیں بلکہ اس کام میں حکومت کا ساتھ نجی اداروں، سماجی تنظیموں، سرکاری ملازمین نے بھی رقومات وقف کردئے تھے تاکہ اس وبا کے خلاف بنیادی ڈھانچہ کھڑا کیا جاسکے لیکن پانچ ماہ گزرجانے کے باوجود افسوس کے ساتھ کہا پڑتا ہے کہ اب جبکہ مریضوں کی تعداد بے تحاشہ طور پر بڑھتی جارہی ہے تو نہ کہیں وینٹیلیٹر ہیں اور نہ ہیں باقی ضروری میڈیکل سازوسامان۔وانی نے کہا کہ سول سوسائٹی فورم اپنے قیام کے روزِ اول سے سے ہی یہ مانگ کرتی آرہی ہے کہ ماہرین کی ایک کمیٹی بنائی جائے جو اس معاملے میں حکومت کو رہنمائی بھی کرے اور معاملات کی نگرانی بھی کرے لیکن ہماری تجویز کو کوڈ دانے میں ڈالا گیا۔
 
 

گنڈ قیصر بانڈی پورہ اور ریزن گنڈکنگن میں پانی کی قلت

عازم جان +غلام نبی رینہ
 
بانڈی پورہ+کنگن//بانڈی پورہ کے گنڈ قیصر علاقے میں گذشتہ بیس روز سے پانی کی سخت قلت کا سامنا ہے۔ ڈیڑھ سو کنبوں پر مشتمل اس بستی کے لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے محض آدھے کلو میٹر کے فاصلہ پر قائم بستی نے اس سلسلے میںکئی بار جل شکتی محکمہ کے افسران کو اپنے اس اہم مسئلہ سے آگاہ کیا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں پانی کی سپلائی بحال کرانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ادھر ریزن گنڈ علاقے میں گذشتہ ایک ہفتہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت سے لوگ ندی نالوں کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ ایک مقامی شہری جاوید احمد نے بتایا کہ انہوں نے پانی کے قلت کے بارے میں محکمہ کو مطلع کیا لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے جل شکتی محکمہ کے افسران سے مطالبہ کیا کہ ریزن میں پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
 

منشیات مخالف مہم

 سوپور میں دو اشخاص گرفتار، نشیلی ادویات ضبط

غلام محمد
 
سوپور//سوپور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے قصبہ میں دو الگ کارروائیوں کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے نشیلی ادویات برآمد کیں۔ پولیس نے مین چوک سوپور میں ایک ناکہ کے دوران منیر احمد بلاکی المعروف منا ساکن بٹہ پورہ سوپور کو گرفتار کر لیا جو علاقے میں منشیات کے دھندے میں ملوث تھا اور اس کے قبضے سے 30 کوڈین بوتلیں برآمد کی گئیں ۔ مذکورہ شخص کے خلاف ایک کیس زیر ایف آئی آر، نمبر 2020/ 190 پولیس تھانہ سوپور میں درج کیا گیا ۔ایک اور کارروائی کے دوران تارزو پولیس تھانہ سوپور کی ناکہ ٹیم نے ریلوے کراسنگ سیر روڑ پر ایک اور منشیات فروش عادل اشرف خان ساکن پیٹھ سیر سوپور کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 200 نشیلی ٹکیاں(سپاسمو پرکسوان) برآمد کی گئیں اور اس کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر 2020 /67 پولیس تھانہ تارزو سوپور میں درج کیا گیا ۔
 

گاندربل کی کئی اندرونی و بیرونی سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ

ارشاد احمد
 
گاندربل//ضلع گاندربل کی بیشتر علاقوں کی رابطہ و ذیلی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گاندربل قصبہ سے دودہرہامہ سالورہ رابطہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے اس پر سفر کرنا وبال جان بن چکا ہے۔دودہرہامہ سے لیکر سالورہ تک ڈیڑھ کلومیٹر مسافت والی اہم رابطہ سڑک پر جگہ جگہ تارکول اکھڑ جانے سے سڑک کے بیچوں بیچ بڑے بڑے کھڈ بن چکے ہیں۔سالورہ کے ایک مقامی شہری شیخ جنید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’سات سال قبل سڑک پر میکڈم بچھایا گیا اور دوسال قبل کچھ جگہوں پرپیوند کاری کی گئی جو پھر سے اکھڑ گئی‘‘۔لوگوں نے مطالبہ کیاکہ سالورہ رابطہ سڑک پر فوری طور پر میکڈم بچھایا جائے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال نے اس ضمن میںکہا کہ رواں سال پورے ضلع میں 80 کلومیٹر سڑکوں پر میکڈم بچھایا جارہا ہے جن میں سالورہ رابطہ سڑک بھی شامل ہے۔
 

ویری ناگ جنگل میں آگ ، عارضی ملازم زخمی

عارف بلوچ
 
اننت ناگ//ویری ناگ جنگل میں گذشتہ رات آگ نمودار ہوئی جس نے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔آگ بجھانے کے دوران محکمہ کا ایک عارضی ملازم زخمی ہوا ۔نوگام ویری ناگ جنگل کے کمپارٹمنٹ نمبر 17اور18میں بدھ کی شام اچانک آگ نمودار ہوئی ،جس نے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا ۔اس دوران محکمہ کے ملازمین نے فوری طور علاقے میں پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ہے ۔آگ لگنے کے سبب کئی سر سبز درختوں کو جزوی نقصان پہنچا ۔اس بیچ دوران کارروائی محکمہ کا ایک عارضی ملازم جاوید احمد راتھر زخمی ہوا ۔رینج آفیسر ویری ناگ شیخ امتیاز نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ نمودار ہوتے ہی محکمہ کا عملہ موقع پر پہنچا اورکافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔اُنہوں نے کہا کہ آگ زمینی سطح کا تھا لہٰذادرخت محفوظ رہے ۔آگ لگنے کی وجہ مسلسل خوشک سالی بتائی جارہی ہے ۔
 

چوکی بل میں عمارتی لکڑی ضبط 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ// محکمہ جنگلات اور فارسٹ پروٹیکشن فورس نے منز پتھر چوکی بل کے کمپارٹمنٹ 26میں گذشتہ شب ایک ٹاٹا موبائل گا ڑی زیر نمبر JK01-9542کو روک لیا اور اس کی تلاشی کی جس کے دوران گا ڑی میں سوار جنگل سمگلر فرار ہونے میں کا میاب ہو گئے جبکہ گا ڑی میں  چھپائی گئی لاکھو ں روپئے مالیت کی غیر قانونی طور کاٹی گئی عمارتی لکڑی سمیت ضبط کر لیا گیا ۔ڈویژنل فارسٹ آفیسر کہمل ڈویژن کرالہ پورہ نے عمارتی لکڑی ضبط کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ اس جرم میں ملو ث ایک شخص کی نشاندہی کی گئی جو ریڈ ی چوکی بل کا رہنے ولا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ محکمہ نے با ضابطہ طور پولیس کو بھی اس حوالہ سے مطلع کیا ۔اس دوران یمرل وڈر بالا راجواڑ میں کمپارٹمنٹ 10میں غیر قانوی لکڑی ضبط کرنے کے دوران فارسٹ پروٹکشن فورس پر جنگل چورو ں نے حملہ کیا جس میں ایک فارسٹ گارڈ عا شق حسین شدید طور زخمی ہوا جس کے بعد پولیس نے ایک کیس درج کرلیا۔
 

سنگرامہ اسمبلی حلقہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان:اپنی پارٹی

سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی لیڈرشعیب لون نے اسمبلی حلقہ سنگرامہ کے مکینوں کو درپیش مشکلات ومسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جوکہ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے پریشان ہیں۔ ایک بیان میں لون نے کہا ہے کہ سنگھ پورہ نوپورہ سڑک جو کنڈی کے وسیع علاقہ کو قصبہ بارہمولہ سے جوڑتی ہے، کی حالت خستہ ہے اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر اِس پر میکڈم نہیں بچھایا جارہا ہے ۔ اسی طرح سیر پورہ مرئیں، نوپورہ، سرکواڑہ، واگورہ، میراں گنڈ کے اندرونی رابطہ سڑکیں اور گلیوں کی حالت خستہ ہے ، جہاں پر بڑے بڑے کھڈبن چکے ہیں ۔انہوں نے پورے سنگرامہ حلقہ میں پینے کے صاف پانی اور بجلی کی فراہمی پرزور دیتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے کہا ہے کہ میران گنڈ، نوپورہ، سرکوارہ، واگورہ اور دیگر درجنوںمضافاتی گاؤں کے لوگوں کو درپیش مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے جوکہ صاف پانی اور بجلی سپلائی کے بغیر رہنے پر مجبور ہیں۔ شعیب لون نے دلنہ اور سیر میں آبپاشی نہر کی صفائی کرنے پربھی زور دیا ہے تاکہ سنگرامہ حلقہ کے کسانوں اور باغ مالکان کو کاشتکاری کی سرگرمیوں میں کوئی مشکل درپیش نہ آئے جن کا انحصار ہی آبپاشی سہولت پر ہے۔ انہوں نے واگورہ میں ڈگری کالج قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔
 

ڈاکٹر فاروق پارٹی لیڈر کی صحت یابی کیلئے دعاگو

سرینگر//ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سینئر پارٹی لیڈر ناصر خان کی فوری صحتیابی کیلئے دعا کی ہے ،جو اس وقت صدر ہسپتال سرینگر میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہسپتال کے ذمہ دار ڈاکٹر حضرات کے ساتھ رابطہ کیا اور ناصر خان کی صحت اور انہیں بہم پہنچائے جارہے علاج و معالجہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
 

 گلزار پورہ اونتی پورہ میں جیوکی سگنل کمزور

سرینگر//گلزار پورہ اونتی پورہ میں نصب جیو ٹاور عوام کے لئے راحت کے بجائے پریشانی کا باعث بن گیا ہے جس کے نتیجے میں یہاں تمام لوگوں کے ساتھ خاص کر طلبا ء ،ملازمین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گائوں میں ٹاور نصب کرتے وقت انہیںبہتر سروس فراہم کرنے کی یقین دہانی کی گئی تھی جو ایک مذاق ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ سہولیات تو دور انہیں کال کرنے کیلئے بھی سگنل صحیح نہین مل رہی ہے۔انہوں نے کمپنی کے اعلیٰ حکام سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ 
 

دین دیال اپادھیائے سکیم 

بانڈی پورہ میں رہنما خطوط نظرانداز،لوگوں کا الزام

عازم جان 
 
باندی پورہ//ضلع بانڈی پورہ میں دین دیال اپادھیائے سکیم کے تحت بجلی محکمہ کی جانب سے اگرچہ ترسیلی لائینوں اور ٹرانسفامرنصب کرنے کا کام جاری ہے تاہم لوگوں کا الزام ہے کہ اسکیم کے رہنما خطوط کو نظراندازکیاجارہا ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ پیسوں کے عوض اور اثر رسوخ کی بنیاد پر متعلقہ ٹھیکیداراوربجلی ملازمین مبینہ طورمن مانے ڈھنگ سے کام کر رہے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلے پہل جو سروے کیا گیا تھا اس کے مطابق کام نہیں ہورہا ہے۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرمحکمہ بجلی نے اس سلسلے میں کہا کہ رہائشی مکانات یا دیگر تعمیرات کی وجہ سے کہیں کہیںٹرانسفارمر اور بجلی کھمبوں کو تبدیل کرنا پڑ رہا ہے ۔
 

 اننت ناگ میں محکمہ مال کی انہدامی کارروائی 

عارف بلوچ 
 
اننت ناگ//ضلع انتظامیہ نے اُرن ہال اننت ناگ میں غیر قانونی طور تعمیرکی گئی ایک عمارت کو منہدم کیا ۔محکمہ مال کے عہدیداروں کے مطابق اس ڈھانچہ کوآبی اول اورشاہراہ کے نزدیک تعمیر کیا گیا تھا ۔حکام کے مطابق تعمیراتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں اسے منہدم کیا گیا ۔
 

 کولگام کیلئے انجمن علماء کی مجلس شوریٰ منتخب

سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجدجموں کشمیرنے ضلع کولگام کیلئے دس رکنی مجلس شوریٰ کا انتخاب عمل میں لایا۔موصولہ بیان کے مطابق مجلس شوریٰ نے متفقہ رائے سے مفتی شبیر احمد رحیمی کوضلع کولگام کا صدر منتخب کیاجبکہ مولانا حشمت اللہ ،قاری طارق احمد، حافظ امتیاز احمد،مولانا سجاد احمد، مولانا زاہدالاسلام ، مفتی شوکت احمد، مولانا رفیق احمد ،مفتی منیب الاسلام ، مفتی جاوید احمد، مولانا معراج الدین اورحافظ شوکت احمد شوریٰ کے ممبران ہونگے۔ دریں اثنا ء انجمن کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی اور سرپرست اعلیٰ مفتی محمد قاسم قاسمی نے نو منتخب مجلس شوریٰ  ممبران اور مولانا شبیر احمد کو صدر ضلع کولگام منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔
 

تحصیلدار شاہ آباد کو ڈورو کا اضافی چارج دیا گیا

عارف بلوچ
 
اننت ناگ //ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے ایک حکمنامہ کے مطابق تحصیلدار شاہ آباد بالا کو تحصیل ڈورو کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کشمیر عظمیٰ نے اس ضمن میں ایک خبر شائع کی تھی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تحصیلدار شاہ آباد بالا کو ڈورو تحصیل کا اضافی چارج دیا ہے۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیلدار کو اقامتی اسناد اجراء کرنے و دیگر دفتری کام کرنے کی بھی اجازت دی جانی