سونہ مرگ میں پھر چہل پہل
کنگن//غلام نبی رینہ//لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی سیاحتی مقام سونہ مرگ کو عام لوگوں کے لئے کھول دیا گیاہے ۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق عالمگیر وباء کورونا وائرس کی روکتھام کیلئے ضلع انتظامیہ گاندربل نے سونہ مرگ جانے پر پابندیاں عائد کی تھیں اور گگن گیر سے آگے بغیر سرکاری ملازمین اور دکانداروں کے علاوہ کسی کو بھی آگے جانے کی اجازت نہیں تھی جس کے نتیجے میں جھلستی گرمی سے راحت پانے کے لئے مقامی سیلانی مایوس ہوکر گگن گیر سے ہی واپس لوٹ جاتے تھے، تاہم گذشتہ روز سے اب گگن گیر کے پولیس ناکہ پوسٹ پر کسی بھی گاڑی کو روکا نہیں جارہا ہے جس کے بعد جھلستی گرمی سے راحت پانے کے لئے سرینگر، گاندربل کے علاوہ دیگر علاقوں کے لوگ سونہ مرگ کے دلفریب پہاڑوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ اس دوران بیوپار منڈل سونہ مرگ کے صدر شبیر احمد لون نے یہاں آنے والے مقامی سیلانیوں سے کہا ہے کہ وہ انتظامیہ کی طرف سے جاری کی گئی گائیڈ لائنس پرعمل کرے تاکہ خود اور دوسرے لوگ اس مہلک وباء سے بچ سکیں۔
بارسواونتی پورہ میں کمین گاہوں سے اسلحہ کی برآمدگی کادعویٰ
اونتی پورہ//سید اعجاز // اونتی پورہ کے باروسو جنگلات میں فوج ،فورسز اور پولیس نے جنگجوئوں مخالف کارروائیوں کے دوران جنگجوئوں کی دو کمین گاہیں تباہ کرنے کر کے یہاں سے باری مقدار میںا سلحہ اور گولہ بارود ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔پولیس نے بتایا انہیں بدھ کو رات دیر گئے یہاں کے جنگلات میں لشکر طیبہ کے جنگجوئوں کی موجود گی کی اطلاع موصول ہوئی ۔اس دوران فورسز نے اطلاع موصول ہونے کے بعد ہی علاقے کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو فوج کے50RR،سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے جنگلات کے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر جمعرات کی صبح تلاشی کارروائیوں کا آغاز کیا، جس دوران فورسز نے یہاں 2جنگجو کمین گاہوں کا پتہ لگایا ۔اس دوران دو نوں کمین گاہوں سے قابل اعتراض چیزیں اور دھماکہ خیز مواد کے علاوہ اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا۔برآمد کی گئی چیزوں میں 1918گولیاں،2گرینیڈ،یو بی جی ایل تھرور،4یو بی جی ایل گرینیڈ،جیلی ٹن ،پائپ بم، کوڈ شیٹ شامل ہیں۔اس کے علاہ کمین گاہ سے ہندوستانی کرنسی کے5400روپے بھی برآمدکئے گئے ۔
ٹنگمرگ شیخ پورہ سڑک ناقابل آمدورفت
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //ٹنگمرگ شیخ پورہ سڑک خستہ حال ہونے کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔چار سال قبل سڑک کی کشادگی عمل میں تو لائی گئی لیکن میکڈم نہیں بچھایا گیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہوم سے کھئی پورہ اورکھئی پورہ سے شیخ پورہ تک سڑک کی خستہ حالی سے عام لوگوں کا پیدل چلنا بھی دشواربن گیا ہے،ٹریفک کی نقل و حرکت تو دور کی بات ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ چار سال قبل ہوم نالے پر ایک رابطہ پل تعمیرکرنے کی شروعات کی گئی ،وہ بھی چار سال بعدنامکمل ہی ہے ۔یہ پل ٹنگمرگ کو ضلع صدر مقام بارہمولہ سے جوڑ دے گا۔
جی ڈی اے کا تعمیراتی مواد
چرانے کے الزام میں دو افراد گرفتار
گلمرگ//مشتاق الحسن//گلمرگ پولیس نے گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا تعمیراتی مواد چرانے کے الزام میں ایک ہوٹل کے دو ملازمین کو رنگے ہاتھوں دھر لیا۔ پولیس نے گلمرگ میں ایک معروف ہوٹل کے دو ملازمین شبیر احمد چڑہ اور بشارت احمد چوپان ساکن خمیریال لولاب کو گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا تعمیراتی مواد چراتے ہوئے دھر لیا اور گلمرگ تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر 8 زیر دفعہ379 درج کیا۔متعلقہ ہوٹل گزشتہ سال آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوا تھا اور ابھی نئے سرے سے زیر تعمیرہے۔
قاضی پورہ میں موبائل نیٹ ورک ناقص ، لوگ پریشان
سرینگر//بڈگام کے قاضی پورہ علاقے میں ناقص موبائل نیٹ ورک کی وجہ سے موبائل صارفین سخت پریشان ہیں ۔ لوگوںنے کہا کہ علاقے میں کوئی موبائل ٹاور نہ ہونے کی وجہ سے ان کے ہاتھوں میں موبائل کھلونے بن کر رہ گے ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں بھی موبائل ٹاور سے محروم ہے ۔لوگوںنے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
سوپور میں دو افراد گرفتار، نشیلی ادویات ضبط
سوپور//غلام محمد//سوپور پولیس نے قصبہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے محمد اشرف گنائی ساکنہ ریبن رفیع آباد اور عبدالحمید میر ساکن جانوارہ سوپور کو گرفتار کیا جو اپنے اپنے علاقوں میں منشیات کے دھندوں میں ملوث تھے۔اور ان کے قبضے سے نشیلی ادویات برآمد کی گئیں۔دونوں افراد کے خلاف ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبرات 2020/ 213 اور 216/2020 درج کیا گیا۔ ایس ایچ اوسوپور عازم خان نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔
آریانزکے ’آئی کے جی،پی ٹی یو‘ میرٹ لسٹ میں دو کشمیری طلاب کی کامیابی
سرینگر//آریان کالج آف انجینئرنگ (اے سی ای) راج پورہ ، چندی گڑھ کے دو طلباء مبشر احمد ڈار اور ہمایوں لون نے آئی کے جی-پی ٹی یو جالندھر کی میرٹ لسٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔اننت ناگ کے مبشر احمد ڈار نے 7.75 ایس جی پی اے اسکور کرکے 5 ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ اننت ناگ کے ہمایہ لون نے 2019-23 بیچ کے بی ٹیک سول انجینئرنگ میں 7.25 ایس جی پی اے گول کرکے 9 ویں پوزیشن حاصل کی۔آریانز گروپ کے چیئرمین ، ڈاکٹر انشو کٹیریا نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کالج کے لئے فخر کی بات ہے کہ اس کے 2 طلباء کو پی ٹی یو کی میرٹ لسٹ میں رکھنا ہے۔ کٹیریا نے کہا کہ اس عمدہ کامیابی کا سہرا اساتذہ ، والدین کے ساتھ ساتھ طلباء کو بھی جاتا ہے۔کاس کامیابی پر خوشی محسوس کرتے ہوئے آریانز گروپ کے ٹاپرز نے کہا کہ میرٹ کی فہرست میں سر فہرست ہونے کا احساس ایک ایسی چیز ہے جس کا اظہار الفاظ میں نہیں کیا جاسکتا۔
پروفیسرنصیر اقبال اسلامک یونیورسٹی کے رجسٹرار تعینات
سرینگر//پروفیسر نصیر اقبال کو اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ کا رجسٹرار تعینات کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی رجسٹرار یونیورسٹی کی طرف سے 13اگست کو ایک آرڈر جاری کیا گیا ہے۔ پروفیسر نصیر کشمیر یونیورسٹی میں فزیکس کے ایک مایہ ناز استاد ہیں اور فی الوقت شمالی کیمپس کے ڈائریکٹر ہیں۔
آریانز گروپ کی رشید مخدومی سے تعزیت
سرینگر//آریانز گروپ آف کالج کی انتظامیہ، طلاب اور عملہ نے کشمیرعظمیٰ اور گریٹر کشمیر کے پرنٹروپبلشر رشید مخدومی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کااظہا رکیاہے۔ ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے مرحومہ کی جنت نشینی اور سوگوار کنبہ خاص کر رشید مخدومی کو یہ صدمہ برداشت کرنے کیلئے دعا کی۔
ستھرینہ کنگن میں پینے کے پانی کی قلت
سرینگر//ستھرینہ کنگن کے آوان محلہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے نتیجے میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مرگنڈ اور ستھرینہ میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کاو ڑیرون کے مقام پر ایک فلٹریشن پلانٹ تعمیر کیا گیا لیکن فلٹریشن پلانٹ سے مبینہ طوردیگر علاقوں کو پانی سپلائی کیا گیااور آوان محلہ کو نظرانداز کیا گیا۔مقامی شہری محمد اسحاق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ہم کئی مہینوں سے فلٹرکئے بغیر ہی پانی استعمال کررہے ہیں‘‘۔ جل شکتی محکمہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر افروز احمد نے اس سلسلے میںکہا کہ چند روز کے اندر آوان محلہ ستھرینہ میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
شمالی کشمیر میں بارشیں نہ ہونے کے سبب فصلیں تباہ:پیپلز کانفرنس
سرینگر// پیپلز کانفرنس لیڈر محمد سلیمان بٹ کا کہنا ہے کہ راجوار میںآبپاشی نہ ہونے کے سبب نہ صرف کھیت سوکھ چکے ہیںبلکہ علاقے میں پینے کی پانی کی قلت کا سامنا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کے لوگ پینے کے پانی کیلئے پہلے ہی ترستے تھے اوراب گرمی نے اس میںمزید اضافہ کردیا ہے۔راجوار کے راجپور،اہگام،سرمرگ چک،سرمرگ،لچھم پورہ،ڈگری پورہ،زچلڈارہ،بہنی پورہ،لچھی پورہ،کرمہورہ،وڑیپورہ،یملر،شاٹھی گام، وارپورہ، سلطان پورہ، کھی پورہ، بدکل،بڈکوٹ،باکی آکر،دودھی پورہ،مچھی پورہ،بدرھر،بدہشنگی،بھون اورڑجمولہ کے علاقے پینے کے صاف پانی اورسینچائی کیلئے ترس رہے ہیں۔