سول سیکریٹریٹ کا اچانک معائینہ
دفاترمیں کام کاج کا جائیزہ اورافسران کی غیر حاضری کا سنگین نوٹس لیا
سرینگر //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے صبح سول سیکرٹریٹ کا اچانک دورہ کیا اور مختلف انتظامی شعبوں کا معائینہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے در در جا کر سول سیکرٹریٹ کے مختلف شعبوں اور احاطوں کا معائینہ کیا اور مختلف محکموں کے دفاتر میں کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، اعلیٰ پولیس اور سول افسران اُن کے ہمراہ تھے ۔ افسران اور ملازمین کی غیر حاضری کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت موثر عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے پُر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات نظام میں بہتری لانا اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس نوعیت کا غیر پیشہ وارانہ رحجان برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے افسروں اور عملے کو ایک پیشہ وارانہ کام کاج کلچر اختیار کرنے اور وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی ۔
معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے تجارتی شعبہ سے تجاویز طلب کی جائینگی
ملاقات کے دوران پی ایچ ڈی چیمبر وفد کو لیفتنٹ گورنر کی یقین دہانی
سرینگر//پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کشمیر کا ایک وفد یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملا ۔ وفد میں بلدیو سنگھ رینہ اور مشتاق احمد چایہ شامل تھے جنہوں نے 20 نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس کے تحت جموں کشمیر یو ٹی میں تجارتی شعبے کی امداد اور بامعنی بحالی کیلئے مختلف اقدامات تجویز کئے گئے ۔ وفود کے ارکان نے یو ٹی حکومت کی تجارتی طبقے کے مسائل کی جانب فوری توجہ مرکوز کر کے یو ٹی میں معثیت کی بحالی کیلئے آراء طلب کرنے کے اقدام کو سراہا ۔ انہوں نے پی ایچ ڈی سی سی آئی جموں کشمیر کو تمام بورڈوں ، مشاورتی کمیٹیوں ، ٹاسک فورسوں ، چوٹی کی سطح کی مشاورتی کمیٹیوں اور ضلع سطح کی نگرانی کمیٹیوں کیلئے نامزد کرنے کیلئے کہا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت تاجر طبقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور بڑے معاشی شعبوں میں اصلاحات لانے کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے اور کووڈ 19 وباء کے سبب معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے بھی کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یو ٹی حکومت عوام کے مفاد کیلئے تمام اقدامات کر رہی ہے اور پالیسی سازی اور دیگر معاملات کیلئے تمام متعلقین سے مشورے طلب کئے جائیں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ مشیر کے کے شرما کی سربراہی میں پہلے ہی جموں اور کشمیر میں تجارتی شعبے کی امداد و بحالی کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تجارتی طبقے کو امداد فراہم کرنے کے اقدامات تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی بحالی کیلئے طریقہ کار بھی وضح کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی فیس کی معافی سکیم سے استفادہ کرنے کی تاریخ میں توسیع کی ہے اور یہ سکیم اب 30 ستمبر 2020 تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ اُن کی تجاویز پر غور کیا جائے گا اور اُن کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کا بغور جائیزہ لے کر اُن کا بروقت حل یقینی بنایا جائے گا۔
بحالی کمیٹی کی تاجر برادری اور وفود سے ملاقات
کاروباری شعبے کی بحالی کیلئے طریقۂ کار کی کوشش کی جارہی ہے: شرما
سرینگر//جموں و کشمیر میں تجارتی شعبے کی بحالی کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی جس کی سربراہی لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما کر رہے تھے، نے سیلز ٹیکس کمپلیکس میں کشمیر ڈویژن کے صنعتوں اور تجارت برادری کے وفود اور نمائندوں سے ملاقات کی ۔ فائنانشل کمشنر خزانہ ڈاکٹر ارون مہتا ، کمشنر سیکرٹری سیاحت زبیر احمد ، چیئرمین جموں کشمیر بینک آر کے چبر ، خصوصی سیکرٹری خزانہ شمیم وانی ، ڈائریکٹرصنعت و حرفت کشمیر، محمود احمد اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔مشیر نے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کمیٹی تشکیل دے کر جموں و کشمیر میں کووِڈ۔ 19 وبائی بیماری کے سبب تجارت کو نقصان کی تلافی کے لئے کاروبار سرگرمیوں کی بحالی کے طریقوںکی کوشش کر ر ہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں جموں و کشمیر میں کاروبار احیائے نو کے لئے ضروری مداخلت کرنے کے لئے مطلوبہ تجاویز اور آرأ مرتب کرکے متعلقہ افراد کو بھیجی جائیں گی۔کمیٹی کو معاونت کرنے والے نمائندوں میں کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچرس فیڈریشن ، کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ، کشمیر ٹرانسپورٹرس ویلفیئر ایسوسی ایشن ، کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن اور کشمیر اکنامک الائنس ، فیڈریشن چیمبر آف انڈسٹریز کشمیر ، کشمیر ہوٹل اور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن فیڈریشن ،کشمیر اکنامک فورم ، کشمیر یوتھ انٹرپرینیور فیڈریشن ، ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن ، ہاؤس بوٹ ایسوسی ایشن ، کشمیر انڈسٹریل ریوالول اینڈ ڈیولپمنٹ فورم ، پی ایچ ڈی چیمبر ، جے کے اکنامک کنفیڈریشن ،کھنموہ انڈسٹریل ایسوسی ایشن اور ٹیلی ویژن پروفیشنل فورم شامل تھے ۔میٹنگ میں آتما نربھر بھارت سکیم کے بارے میںجانکاری پیدا کرنے کے لئے یوٹی اضلاع میںبیداری کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں معاشی پروفائل اور سرگرمیوں کو نئے سرے سے بحال کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی گئی ہے۔محکمہ خزانہ ، محکمہ صنعت اور جموں و کشمیر بینک پورے جموں و کشمیر کے کیمپوں میں ہم آہنگی پیدا کریں گے تاکہ تاجروں کو مرکزی حکومت کی سکیم کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کئے جاسکیں۔جی ایس ٹی سے متعلق وفود کے مطالبات پر ردِّعمل ظاہر کرتے ہوئے کمیٹی نے یقین دہانی کرائی کہ اسے صنعتی اکائیوں کے مفاد کے لئے خودکار بنایا جائے گا تاکہ دعوئوں کا تصفیہ بروقت یقینی بنایا جاسکے۔صنعتی ایسوسی ایشنوں اور فیڈریشنوں نے کاروبار میں آسانی ، جی ایس ٹی معاوضہ ، بجلی کے نرخوں ، قرضہ جات میں سود کی معافی ، جی ای ایم کے معاملات اور ان سے وابستہ دستکاری اور کاریگروں کے مسائل سے متعلق متعدد مطالبات اُٹھائے۔نوجوان کاروباری افراد نے اپنے مقدمات کی جلد وِنڈو کلیئرنس کے لئے جے کے بینک میں ان کے لئے الگ ڈیسک کا مطالبہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ خواتین کاروباری تنظیم کار سکیموں کا بھی خیال رکھا جائے جب کہ یو ٹی میں کاروبار کے احیائے نوکے لئے منصوبہ مرتب کریں۔ہوٹل ایسوسی ایشن نے ان کو صنعتی شعبے کے طور پر نامزد کرنے کا معاملہ اٹھایا تاکہ صنعتی شعبے کو ملنے والے فوائد بھی انہیں دیئے جائیں اوربجلی کے بلوں کو چھوٹ دی جائے۔ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنوں نے عوامی ٹرانسپورٹروں کو معاوضے ، ہر قسم کی تجارتی گاڑیوں کے پرانے انشورنس پالیسیوں کی توثیق ، دستاویزات کی وجہ سے دیر سے فیس / جرمانے کی معافی ، ٹوکن ٹیکس میں اضافے کا رول بیک ، خصوصی معاشی پیکیج،پرانی میڈیم بسوں کی تبدیلی اور دیگر متعلقہ امور اور بجٹ میں تعاون کا معاملہ اٹھایا۔ہاؤس بوٹ مالکان ایسوسی ایشن نے مالی معاونت ، بجلی فیس کی چھوٹ اور دیگر مطالبات بھی پیش کئے۔ی کا مسئلہ اٹھایا۔کمیٹی نے کشمیر کی کاروباری اور صنعتی ایسوسی ایشنوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کو یقین دِلایا کہ پیش کردہ تجاویز پر غور کیا جائے گا جبکہ یوٹی میں کاروبار کے احیائے نو کے لئے ایک جامع پروگرام تشکیل دیاجائے گا۔
مینڈھر میں گولہ باری ،نوجوان زخمی
جاوید اقبال
مینڈھر//پونچھ کے مینڈھراوربالاکوٹ سیکٹروں میں ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں ایک نوجوان زخمی ہوا،جسے سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیاگیاہے۔ صبح ساڑھے گیارہ بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک ایک گھنٹے کیلئے فائرنگ اور گولہ باری ہوئی اورپھر شام کو بھی فائرنگ اور گولہ باری ہوئی جس کے نتیجہ میں یہ عام شہری زخمی ہوا۔اس کی شناخت پچیس سالہ واجد علی شاہ ولد قربان حسین شاہ ساکن رہلاں گوہلد تحصیل مینڈھر کے طور پر ہوئی ہے۔وہ شام کو گھر کے باہر تھا جس دوران ایک مارٹر گولے کی زد میں آکر زخمی ہوا۔اُسے فور ی طور سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیاگیاجہاں اس کا علاج کیاجارہاہے۔ بلاک میڈیکل افسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان نے بتایاکہ نوجوان کو ہسپتال لایاگیاہے اور وہ زیر علاج ہے۔انہوں نے بتایاکہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔وہیں مقامی لوگوں نے سرحدی علاقوں کیلئے ایمبولینس گاڑیوں کی فراہمی کی مانگ کی ہے۔قبل ازیں گزشتہ شب پونچھ کے متعدد سیکٹروں میں بھی گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ ہواتھا۔
کووِڈ- 19کی روکتھام
دہلی اور تلنگانہ ماڈل کامطالعہ کرنے کی مرکزی ٹیم کی تجویز
سرینگر//دو رُکنی مرکزی ٹیم نے جموں کشمیر کی انتظامیہ کو کووڈ 19 کی روکتھام کیلئے مرتب کی گئی حکمتِ عملی اختیار کرنے کیلئے سراہا اور چند ریاستوں کی جانب سے وباء کی روکتھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو اختیار کرنے کی تجویز پیش کی ۔ ٹیم نے متعلقہ حکام کو لوگوں میں اس بیماری سے متعلق جانکاری فراہم کرنے کیلئے مہم تیز کرنے اور متاثرہ علاقوں میں ٹیسٹنگ پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے کہا ۔ دو رُکنی ٹیم نے جمعرات کی شام کو سول سیکرٹریٹ میں جموں کشمیر کی جانب سے کووڈ 19 کی روکتھام کیلئے اختیار کی گئی حکمتِ عملی کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم ، صوبائی کمشنر کشمیر ، ڈائریکٹر سکمز صورہ سرینگر ، ایم ڈی نیشنل ہیلتھ مشن جے اینڈ کے ، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر ، پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر موجود تھے جبکہ جموں ، اننت ناگ ، بارہمولہ ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ کے میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں اور ڈائریکٹر محکمہ صحت جموں نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ نیتی آیوگ کے رُکن ڈاکٹر ونود کمار پال نے ڈائریکٹر نیشنل سنٹر فار ڈزیز کنٹرول نئی دہلی ،ڈاکٹر ایس کے سنگھ کے ہمراہ وادی کے دو روزہ دورے پر آئے تھے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر پال نے کہا کہ جموں کشمیر میں کووڈ 19 کی روکتھام کیلئے تمام بہتر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تا ہم انہوں نے انتظامیہ کو دہلی ماڈل اور تلنگانہ کے ایچ آئی ٹی اے ایم کا مطالعہ کرنے کی تجویز پیش کی تا کہ کووڈ وباء کے مثبت معاملات میں مزید کمی لائی جا سکے ۔ ٹیم نے کووڈ 19 ٹیسٹنگ اور اس وباء کے علاج و معالجہ پروٹوکول پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 24X7 کال سنٹر کو اعلیٰ معیار کے ہیلپ لائین سنٹر کی حیثیت سے توسیع دینے کی بھی تجویز پیش کی تا کہ لوگوں کی با وقتِ ضرورت بہتر رہنمائی کی جا سکے ۔ ارکان نے اموات کے عداد و شمار کا جائیزہ لینے پر بھی زور دیا اور گھروں اور کووڈ کئیر مراکز سے آ رہے مریضوں کا تجزیہ کرنے کی تجویز پیش کی ۔ تا کہ اموات اور ہسپتالوں تک مریضوں کو پہنچانے میں تاخیر کی وجوہات کا مطالعہ کیا جا سکے ۔ ٹیم نے گنجان آبادی والے علاقوں پر توجہ مرکوز کرنے اور متاثرہ زونوں کی نئی حد بندی کرنے اور ان علاقوں پر کڑی نگاہ رکھنے ، رابطوں کو تلاش کرنے اور تمام مثبت افراد کے رابطوں کو کورنٹین کرنے کی ہدایت دی اور انہوں نے اس کیلئے آروگیہ سیتھو اور اتہاس ایپ استعمال کرنے کیلئے بھی کہا ۔ اس سے قبل فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم نے مرکزی ٹیم کو جموں کشمیر میں کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال میں تفصیل دی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں چھ لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں اب تک 888177 ٹیسٹ کئے گئے ہیں اور روزانہ 12 سے 14 ہزار ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان میں 20 ہزار سے 25 ہزار تک کا اضافہ کیا جائے گا ۔
29 اگست سے 5ستمبر تک
ضلع گاندربل میں پھر سے لاک ڈائون
ارشاد احمد
گاندربل// گاندربل میں کووڈ19 کے متاثرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے سنیچر 29 اگست سے 5ستمبر تک دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لاکر مکمل لاک ڈائون نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام کاروباری سرگرمیوں اورگاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے چند روز سے کوروناوائرس میں مبتلا متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر 29 اگست سے ایک ہفتہ کا لاک ڈاون عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم طبی عملہ،ہنگامی صورتحال اور لازمی خدمات کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ بانڈی پورہ ، بارہمولہ اور اننت ناگ میں بھی پھر سے لاک ڈائون کیا جاچکا ہے۔
اگلے پانچ برس کے دوران مویشیوں کی تعداد دوگنی ہو گی
پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنااورنیشنل لائیواسٹاک مشن ایکشن پلان منظور
سرینگر //چیف سیکرٹری بی وی آر سبھیرامنیم نے پردھان منتری کرشی سنچائی یوجنا کیلئے سٹیٹ لیول سینکشنگ کمیٹی( ایس ایل ایس سی ) کی میٹنگ کی صدارت کی اور سکیم کے تحت درج حصولیابیوں کا جائیزہ لیا ۔ پشو و بھیڑ پالن ، جنگلات ، ماحولیات ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج محکموں کے انتظامی سیکریٹریوں کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سربراہوں نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ کو مختلف سکیموں کے تحت کوششوں کو مجتمہ کر کے خامیوں کو پُر کرنا چاہئیے تا کہ ہر کھیت تک آبپاشی سہولت پہنچائی جا سکے ۔ کمیٹی نے پردھان منتری کرشی سنچائی یوجنا کیلئے 601.12 کروڑ روپے کا 2020-21 کا سالانہ ایکشن پلان منظور کیا ۔ سالانہ منصوبے کے تحت پر ڈراپ مور کراپ ( پی ڈی ایم سی ) ، ہر کھیت کو پانی ( ایچ کے کے پی ) ، انٹی گریٹڈ واٹر شیڈ منیجمنٹ پلانٹ اور ایکسلریٹڈ ایری گیشن بینی فٹ پروگرام سکیموں کے تحت مختلف عناصر پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ گذشتہ سال کی کوششوں سے بور ویل ، کمیونٹی ڈبلیو ایچ ٹی اور کھیتوں میں بنے تالابوں سے 6798 ہیکٹر اراضی کا اضافہ ہوا ہے جبکہ مائیکرو ایری گیشن ۔ ڈرپ ، سپرنکلر اور رین گنز کے استعمال سے 6766 ہیکٹر اراضی سیراب ہوئی ہے ۔ ان اقدامات سے فصلوں کی پیداوار میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ 70 فیصد پانی کی بچت ہوئی ہے اور زراعت سے وابستہ 7 ہزار کنبے مستفید ہوئے ہیں ۔ رواں مالی سال کے دوران محکمہ نے 12 ہزار ہیکٹر اضافی اراضی کو آبپاشی سہولت کے دائرے میں لانے کا منصوبہ بنایا ہے اور مجوزہ آبپاشی صلاحیت اور موجودہ آبپاشی صلاحیت کے مابین تفاوت کو 144 موجودہ سکیموں کو مجتمہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ سٹیٹ لیول فنکشنگ کمیٹی نے 10.26 کروڑ روپے کی سبسڈی بشمول 55 فیصد مرکزی معاونت نبارڈ سے بطور مائیکرو ایری گیشن فنڈ کو بھی منظوری دی ہے جس کے تحت اُن کسانوں کو مالی مدد فراہم کی جائے گی جو پائیدار زرعی سرگرمیوں کے حصہ کے طور پر مائیکرو ایری گیشن تکنیکیں اختیار کر رہے ہیں ۔ اس سے قبل سٹیٹ نیشنل لائیو سٹاک مشن کی سٹیٹ لیول ایگزیکٹو کمیٹی برائے نیشنل لائیو سٹاک مشن کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے 32.24 کروڑ روپے کا سالانہ ایکشن پلان برائے سال 2020-21 منظور کیا ۔ مجوزہ ایکشن پلان کے تحت پولٹری ڈیولپمنٹ پروجیکٹوں اور ہیچریز کو ترقی دی جائے گی اور بھیڑوں کی افزائش کے فارموں کو مستحکم بنایا جائے گا ۔اس کے علاوہ گریزی بھیڑوں کی افزائش کیلئے بھی یونٹ قائم کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ چارہ کی جانچ پڑتال کیلئے لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی اور نئے آبی وسائل کو وجود میں لایا جائے گا ۔
عدالت عظمیٰ نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے ضابطوں کو صحیح ٹھہرایا
طلاب کوامتحان کے بغیر فائنل ائر میں ترقی نہیں دی جاسکتی
نئی دہلی//عدالت عظمیٰ نے جمعہ کو کہا کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی کالجوں اور یونیورسٹیوں کو اس سال 30ستمبر تک امتحان منعقد کرنے کی ہدایت اِس کے دائرہ اختیار میں ہے اوران امتحانات میں کارکردگی’’طلاب کی اہلیت کی عکاس ‘‘ہوگی۔عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ریاست اور یونیورسٹی طلاب کو آخری سال /سیمسٹرمیں بنا آخری/حتمی امتحان لئے بناپاس نہیں کرسکتی ۔عدالت نے کہا کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی نظر ثانی کئے گئے ضوابط کے تحت حتمی/آخری سیمسٹر کاامتحان لینے اوراس سے پہلے کے سیمسٹر/انٹرمیڈیٹ کاامتحان نہ لینے کے متبادل کی عقلی بنیاد ہے اوراِسے طلاب کے درمیان امتیاز سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے کہا کہ ریاستی حکومتیں یاریاستی آفات سماوی سے بچائو ادارے آفات سماوی بچائو قانون2005کے تحت اس بات کا فیصلہ لینے کااختیار نہیں رکھتے کہ فائنل ائر طلاب کوگزشتہ سال کی کارکردگی اور داخلی کارکردگی کی بناپر ترقی دی جائے ۔ جسٹس اشوک بھوشن اور آر ایس ریڈی پر مشتمل بنچ نے کہا کہ انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کے آخری سیمسٹر کے طلاب کیلئے یہ ایک موقعہ ہے کہ وہ اپنی قابلیت دکھائیں جو آگے ان کے مستقبل اور روزگار کیلئے راستہ ہموار کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ فائنل ائر یاآخری سمیسٹر کے امتحان اہم ہوتے ہیں کیونکہ سیکھنے کاعمل ایک قوی تامل ہے جہاں طلاب کی اہلیت جانچنے کاایک ہی راستہ ہے کہ ان کے علم کاامتحان لیاجائے.۔عدالت عظمیٰ نے کہا کہ اگر کسی ریاست یا مرکزکے زیرانتظام علاقہ کو لگتا ہے کہ وہ30ستمبر تک فائنل ائرکے امتحان منعقد نہیں کرسکتا ہے تو اس کیلئے اُسے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کو درخواست دینی چاہیے تاکہ اس تاریخ میں توسیع کی جائے ۔ اٹارنی جنرل تشار مہتہ نے یو جی سی کی طرف سے کہاکہ پوسٹ گریجویٹ کورسز کے داخلہ کی شروعات کرنے کے لئے طلبا کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔یو جی سی نے کہا کہ کچھ ریاستوں کی طرف سے امتحانات منسوخ کئے جانے کے فیصلہ سے اعلی تعلیم کی سطح پر راست طورپر اثر پڑے گا۔ یو جی سی نے ترمیم شدہ رہنما ہدایات جاری کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ آخری برس کے تمام امتحانات کووڈ۔19کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے تحت لئے جائیں گے ۔مسٹر ابھیشیک منو سنگھوی، شیام دیوان اور اروند دتار سمیت سینئر وکلا نے طلبا کی طرف سے عدالت سے اپیل کی کہ کورونا وبا کے قہر کے پیش نظر آخری برس کے امتحانات منسوخ کردیئے جانے چاہئیں۔
بجبہاڑہ میں دل کا دورہ پڑنے سے سکالر فوت
عارف بلوچ
اننت ناگ //بجبہاڑہ میںعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کااِسکالر اچانک دل کادورہ پڑنے سے فوت ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق 28برس کے مبشر حسین شاہ پر اچانک دل کادوہ پڑا۔گھروالوں نے اُسے اگرچہ فوری طور اسپتال پہنچایاگیا تاہم وہ دم توڑ بیٹھا۔ قابل اورذہین مبشرحسین علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے طالب علم ہونے کے علاوہ طلباء تنظیم کے رہنما بھی تھے۔اُ ن کی موت سے علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی۔
آمدن سے زیادہ اثاثے
نائب تحصیلدار کے خلاف معاملہ درج
سری نگر//اینٹی کورپشن بیورونے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کے دفتر میں تعینات نائب تحصیلدار کیخلاف آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کے معاملے میں کیس درج کرکے ملزم کے مکانات کی تلاشی لیکر قابل اعتراض دستاویزات ضبط کیں ۔اطلاعات کے مطابق اینٹی کورپشن بیورو ڈوڈہ نے (اُس وقت کے جوڈیشل کلرک )محمدمختارزرگر ولدعبدالغنی زرگرجواب نائب تحصیلدار ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کے دفترمیں تعینات ہے ،کے خلاف آمدن سے زیادہ جائیدادرکھنے کی پاداش میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آرزیر نمبر02/2020درج کیا۔سپیشل جج اینٹی کورپشن جموںکی طرف سے تلاشی وارنٹ حاصل کرنے کے بعد ٹیمیں تشکیل دی گئیں ،جنہوں نے ملزم کی بھٹنڈی جموں اور پنگریاں ڈوڈہ کے مکانات کی تلاشی لی ۔دوران تلاشی قابل اعتراض دستاویزات کوضبط کیا گیا۔
اپنی پارٹی میں عہدیداروں کا تقرر
غلام حسن میرپارٹی کے سینئر نائب صدرمقرر
سرینگر//’ اپنی پارٹی‘ کے صدر سیدمحمد الطاف بخاری نے پارٹی عہدیداروں کی تقرری کا سلسلہ شروع کیا ہے ،جس دوران غلام حسن میر کو پارٹی کا سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا ۔کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے جمعہ کے روز پارٹی عہدیداروں کے پہلے بیچ کاتقرر کیا، جس میں سینئر لیڈر غلام حسن میر کو پارٹی کا سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا ۔اعجاز احمد خان ،چودھری ذوالفقار علی،ظفر اقبال منہاس اور عثمان مجید پارٹی کے نائب صدور مقرر کئے گئے۔رفیع احمد میر،وجے بقایا اوروکرم ملہوترہ کو پارٹی جنرل سیکریٹری بنایا گیا۔بخاری نے حاجی محمداشرف میر،جگموہن سنگھ رینہ کو بالترتیب کشمیر کے صوبائی صدراور نائب صدکے طورمقرر کیا۔جاوید حسن بیگ کوپارٹی کا ترجمان،منجیت سنگھ اور سید اصغر علی کو بالترتیب صوبائی و نائب صدر جموںمقرر کیا گیا ہے ۔نمرتا شرماکو انجارج جموں خواتین ونگ جموں صوبہ مقرر کیا گیا ہے ۔
ترال میں تلاشی آپریشن ،جنگجوئوں کی کمین گاہ تباہ
سید اعجاز
رال//میڈورہ ترال میں پولیس نے جنگجوئوں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرنیکا دعویٰ کیا ہے۔اونتی پورہ پولیس کی جانب سے بیان میںبتایا گیا ہے کہ فوج پولیس اور سی آر پی ایف نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد تکیہ گلاب باغ ترال نامی گائوں میں جنگجوئوں کی موجود گی کے حوالے سے محاصرہ کیا گیا جس کے بعد علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کی گئی ۔ اس دوران ایک زیر زمین کمین گاہ کا پتہ لگا جسے تباہ کیاگیا ۔پولیس نے بتایا کہ کمین گاہ جیش محمد جنگجو ئوںکی تھی، جس کو وہ استعمال کرتے تھے۔اس دوران ہائیڈ اوٹ سے قابل اعتراض مواد اور کھانے پینے کے برتن اور اشیا ء برآمدکی گئی۔اس حوالے سے پولیس اسٹیشن ترال میں کیس زیر نمبر77/2020درج کیا گیا۔
نئی دلی میں گرفتار بڈگام کانوجوان رہا
سرینگر//نئی دلی میںپارلیمنٹ ہاوس کے باہر مشکوک حالات میں گرفتار کئے گئے بڈگام کے نوجوان کو رہا کیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق گزشتہ دنوں نئی دہلی میں رٹھسونہ بڈگام سے تعلق رکھنے والے منظور احمد آہنگر نامی نوجوان کو اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب سی آر پی ایف اہلکاروں نے اُسے دلی میں پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے مشکوک حالات میں گھومتے دیکھ کر حراست میں لیا تھا جس کے بعد اُسے دلی پولیس کے حوالہ کر دیا گیا تھا ۔ نوجوان کی گرفتاری کے بعد اہل خانہ نے اپیل کی تھی کہ مذکورہ نوجوان تجارت کے سلسلے میں دلی گیا ہوا ہے اور اس کو رہا کیا جائے ۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ نوجوان کو دلی پولیس نے آج رہا کیا ہے ۔ اہل خانہ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منظور سے دلی پولیس نے پوچھ تاچھ کی ہے اور بعد میں اسکو رہا کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گھرواپس آرہا ہے ۔
اننت ناگ میں قرنطین مرکز سے 18 برس کی بنگلہ دیشی لڑکی فرار
اننت ناگ //عارف بلوچ// آکورہ مٹن میں واقع کورونا قرنطین مرکز سے بنگلہ دیش کی 18 سالہ لڑکی کے اچانک فرار ہونے سے سنسنی پھیل گئی ہے جبکہ پولیس نے اس معاملہ میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ مذکورہ لڑکی مارچ میں غیر قانونی طریقہ سے کسی ویزے اور پاسپورٹ کے بغیر ہندوستان میں داخل ہو گئی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے اسے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ علاقہ سے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ تاہم لڑکی کی کم عمری کی وجہ سے اُسے قانون کے مطابق چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔اس دوران کچھ دنوں قبل مذکورہ لڑکی کورونا سے متاثرہ پائی گئی اور اس کو علاج کیلئے آکورہ مٹن کے کورونا سینٹر میں داخل کرایا گیا، جہاں کچھ دن گزارنے کے بعد لڑکی کی دوبارہ کورونا جانچ کی گئی اور اسے پھر سے کورونا متاثرہ پایا گیا۔ اس دوران کورونا سینٹر میں لڑکی کی جان پہچان وہاں پر زیر علاج چند افراد سے ہو گئی اور 25 اگست کو لڑکی کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے بعد وہ ان لوگوں کے ساتھ فرار ہوگئی۔ تاہم محکمہ صحت کی کوششوں کے بعد مذکورہ لڑکی کو سلرعلاقہ سے بازیاب کیا گیا اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کو مطلع کیا گیا۔ جبکہ لڑکی کو قرنطین مرکز سے لے جانے والے 3 افراد کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔تاہم لڑکی کی بازیابی کے بعد معاملہ نے اس وقت سنگین رخ اختیار کرلیا ، جب 26 اگست کو لڑکی کو چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے اہلکاروں کے ساتھ جانے کی تیاری کیلئے کہا گیا ، لیکن اس سے قبل ہی لڑکی پراسرار طریقہ سے کوارنٹائن سینٹر سے فرار ہوگئی اور تب سے لڑکی لاپتہ ہے۔ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی اننت ناگ کی چیئرپرسن توحیدہ مخدومی نے اس سلسلہ میں کہا کہ لڑکی کے اچانک لاپتہ ہونے سے یقینی طور پر سنسنی پھیل گئی ہے اور اس کا غائب ہونا ایک سازش بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں پولیس نے اس لڑکی کو چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی تحویل میں دیا تھا اور تب سے کمیٹی ہی اس کی دیکھ ریکھ کر رہی ہے۔ جبکہ اس عرصہ کے دوران لڑکی کے کسی بھی رشتہ دار نے اس کی خبر پرسی نہیں کی اور نہ ہی کسی نے کمیٹی کے ساتھ رابطہ کیا۔لڑکی نے اپنی شناخت چاندنی دختر محمد یونس میاں ساکنہ بنگلہ دیش کے طور پر بتائی جبکہ لڑکی نے کمیٹی کو بتایا کہ بنگلہ دیش میں اس کا کوئی رشتہ دار نہیں ہے ، اسی لئے اس نے سرحد عبور کر کے ہندوستان میں پناہ لینے کی خواہش کی تھی۔ توحیدہ کے مطابق لڑکی کو بازیاب کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور اس کے لئے پولیس کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی لڑکی کو پہلی مرتبہ کوارنٹائن سینٹر سے شادی کا جھانسہ دے کر وہاں سے نکالا گیا تھا۔ لیکن محکمہ صحت کی بروقت کارروائی کے بعد اس کو بازیاب کر لیا گیا تھا اور جھانسہ دینے کے الزام میں کچھ افراد کو پولیس نے اپنی گرفت میں لے لیا۔ابتدائی کارروائی کے تحت محکمہ صحت کے حکام نے دو ملازمین کو بھی معطل کر دیا۔ تاہم لڑکی کے کوارنٹائن سینٹر سے دوبارہ غائب ہونے سے کئی سوالات پیدا ہو رہے ہیں اور حکام اس کو ایک سازش سے تعبیر کر رہے ہیں۔ پولیس نے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی اور محکمہ صحت کی شکایات پر اس سلسلہ میں لاپتہ اور اغوا کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے اور لڑکی کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی گئی ہے۔
درماندہ 3,63,875شہری واپس جموں کشمیرلائے گئے
جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے 3,63,875شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اَب تک بیرون ملک سے928مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔ اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اَب تک 128کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اَب تک بیرون یوٹی درماندہ 3,63,875شہریو ں کو کووڈِ۔19 وَبا سے متعلق تمام اَحتیاطی تدابیر پر عمل کرکے واپس لایا۔تفصیلات کے مطابق 27اگست سے 28 اگست 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے2926 درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے جبکہ 1108مسافر جمعہ کو107ویں دلّی کووِڈ خصوصی ریل گاڑی سے جموں پہنچے ۔اَب تک 107ریل گاڑیوں میں یوٹی کے مختلف اَضلاع سے تعلق رکھنے والے95,204درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
قاضی گنڈ میں ریچھ پکڑا گیا
عارف بلوچ
اننت ناگ // قاضی گنڈ میں محکمہ وائلڈ لائف نے ریچھ کو پکڑ لیاہے۔جمعہ کی دوپہر منڈہول میں لوگوں کی بھیڑ اس وقت امڈ پڑی جب یہاں میوہ باغ میں ریچھ کو پایا گیا۔ اس بیچ محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار وہاں پہنچے اور انجکشن سے ریچھ کو بے ہوش کرکے اپنی تحویل میں لے جس کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ضلع میں گذشتہ کہی مہینوں سے جنگلی درندوں نے آبادی کی طرف رخ کیا ہے۔جو لائی میں جنگلی درندوں نے دمحال علاقہ میں دو افراد کو اپنا نوالہ بنایا تھا جس کے بعد آدم خور تیندوے کو ہلاک کیا گیا تھا۔
صدر جمہوریہ جموںوکشمیر کی تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کی میٹنگ طلب کریں: بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پینتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسربھیم سنگھ نے صد ر جمہو ریہ ر امناتھ کووند سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں وکشمیر کی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کی جلد از جلد میٹنگ طلب کریں تاکہ ان سے مشورہ کیا جاسکے کہ جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے تعلق سے کیا کِیا جائے۔ انہوں نے درخواست کی ہے کہ وہ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور نیشنل پینتھرس پارٹی کا فوری اجلاس طلب کریں کیونکہ جموں و کشمیر اور لداخ میں صرف تین ہی تسلیم شدہ سیاسی جماعتیں ہیں۔انہوں نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے لیڈروں کو مشورہ دیا کہ پینتھرس پارٹی جموں و کشمیر اور لداخ میں ایک تسلیم شدہ سیاسی جماعت ہے اور کسی بھی سیاسی جماعت کو صوبہ جموں اور اس کی قیادت کو نظرانداز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس کے لیڈروں کو پی ڈی پی اور پینتھرس کی قیادت سے مشورہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے باب ۔تین میں آرٹیکل 35-A سے آرٹیکل 370 کا مکمل طور پر مختلف آئینی معنی اور مینڈیٹ ہے۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی قیادت کو مشورہ دیا کہ تینوں تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کی قیادت کو اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کرنا چاہئے کہ جموں و کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کا تحفظ کیسے کیا جائے، جسے مہاراجہ ہری سنگھ نے 1927 میں 'اسٹیٹ سبجیکٹ' بنایا تھا، جسے ہندوستان کی دستور ساز اسمبلی نے محفوظ رکھا تھا۔ عارضی آرٹیکل 370 کو اب بھی مکمل طور پر ختم نہیں کیا گیا ہے، کیونکہ 370 کے مکمل خاتمے سے مہاراجہ ہری سنگھ کے اس اعلان کو بھی تکلیف پہنچتی ہے جس کے تحت جموں و کشمیر کو آئینی طور پر ہندوستان سے جوڑا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پینتھرس پارٹی انسانی حقوق کے باب 3 کو ہر قیمت پر نافذ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
70غلطیوں کی اصلاح ہونے تک ریاستی درجہ بحال نہیں ہوگا: رینہ
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں و کشمیر صدر رویندر رینہ نے کہا کہ مرکزی زیر انتظام جموں وکشمیرکو ریاستی حیثیت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ کٹھوعہ میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں کہا’’جب تک نیشنل کانفرنس ، کانگریس پارٹی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ذریعہ غلطیوں کو دور نہیں کیا جاتا ، اس وقت تک جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی واپسی میں 200 سال لگیں گے۔کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے رینہ نے کہا کہ غلام نبی آزاد کانگریس پارٹی میں گھٹن کا احساس کررہے ہیں۔انہوں نے کہا ’’آزاد نے پارٹی کے اندر بڑھتی ہوئی ناراضگی پر کھل کر بات کی ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پارٹی میں داخلی جمہوریت نہیں ہے‘‘۔
نالہ سندھ اور دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں کمی
سیلاب کا خطرہ ٹل گیا، عوام نے راحت کی سانس لی
ارشاد احمد
گاندربل//نالہ سندھ اور دریائے جہلم میں پانی کی سطح کم ہونے سے ضلع میں لوگوںنے راحت کی سانس لی ہے۔ دو روز سے جاری موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے نالہ سندھ اور دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوگیاجس کی وجہ سے ضلع انتظامیہ نے دودرہامہ سے لیکر نارائن باغ تک نالہ سندھ کے دونوں اطراف میں رہینے والے مکینوں کو جمعرات کووارننگ جاری کی تھی کہ مسلسل جاری بارشوں کی وجہ سے سیلاب آنے کا امکان ہے تاہم جمعرات رات دیر گئے بارشوں کا سلسلہ رک گیا جس کے نتیجے میں پانی کی سطح میں کمی ہوئی۔ ادھر سمبل سوناواری میں بھی دریا ئے جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا تاہم جمعہ کو موسم میں تبدیلی واقع ہونے سے پانی کی سطح میں کمی ہوگئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کی ہدایت پر تحصیلدار سمبل سوناواری کی قیادت میں ٹیم ،جس میں محکمہ فلڈ اینڈ کنٹرول، پولیس، میونسپلٹی شامل تھے، کے عملہ نے شادی پورہ سے لیکر عشم سوناواری تک دریا جہلم کے کناروں کا جائزہ لیاجہاں صورتحال بہتر تھی ۔
کشمیر یونیورسٹی کے بی جی فسٹ سمسٹر امتحان آن لائن منعقد ہونگے
یونیورسٹی گائیڈ لائنز کے مطابق پریٹیکل امتحانات کا انعقاد ہوگا
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی نے اعلا ن کیا ہے کہ کورنا وائرس کے پیش نظربی جی فسٹ سمسٹر کا امتحان آن لائن منعقد کرایا جائے گا ۔اس ضمن میں کشمیر یونیورسٹی کے ترجمان برائے امتحانات کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کووڈ 19کے پیش نظر یونیورسٹی نے فیصلہ لیا ہے کہ بی جی فسٹ سمسٹر کے امتحان آن لائن منعقد ہونگے ۔ بیان کے مطابق کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کہا ہے کہ امسال بی جی سمسٹر کے امتحانات کو آن لائن طریقے سے یونیورسٹی کے گائیڈ لائیز کے مطابق منعقد کر ایا جائے گا جبکہ فسٹ سمسٹر کے پریٹیکل امتحانات بھی یونیورسٹی گائیڈ لائنز کے مطابق ہی منعقد کر ائے جائینگے اور اس ضمن میں یونیورسٹی کی جانب سے گائیڈ لائینز واضح کر دی جائے گی ۔
ہانجی دانتر سے میر دانتر اننت ناگ کی رابطہ سڑک خستہ حال
سرینگر// اننت ناگ میں رابطہ سڑکیں خستہ حال ہونے کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ضلع اننت ناگ کے ہانجی دانتر سے میر دانتر، بنگہ ڈار جانے والی سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور جگہ جگہ سڑک پر گہرے گڑھ بن گئے ہیں جس کی وجہ سے اس سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کو مشکلات درپیش آرہی ہیں۔سی این آئی کے مطابق ایک مقامی شہری بشیر احمد ملک کاکہنا ہے کہ مسافر اور ٹرانسپورٹر اب اس سڑک پر گاڑی چلانے سے کترارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی بار محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو لوگوں نے سڑک کی خستہ حالی سے آگاہ کیا لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنراور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ رابطہ سڑک کی فوری طور مرمت کی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کاازالہ ہوسکے۔
گوگلوسہ کپوارہ میں اسلامک کوئز کا انعقاد
اشرف چراغ
کپوارہ//قرانک سنٹر گوگلوسہ ترہگام کے زیر اہتمام گوگلوسہ میں اسلامک کوئز مقابہ منعقد کیا گیا جسمیں جماعت ششم سے لیکر دسویں جماعت کے طلبہ نے شرکت کی ۔کوئز پروگرام میں سیرتی تحریری امتحان لیا گیا جس کا بنیادی مقصد حضرت محمد ﷺکی سیرت پاک کی علمیت اور اسلامی معلومات سے واقف کرانا مقصود تھا ۔کوئز پروگرام میں 42طلبہ نے حصہ لیا اور اس دورن سماجی دوری کا خاص خیال رکھا گیا ۔کوئز پروگرام میں خوشبو رمضان نے پہلی ،مسکان فاروق نے دوسری اور انشاء نثار نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور انہیں انعام سے نوازا گیا ۔قرآنک سنٹر گوگلوسہ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حضرت محمد ؐ کی سیر ت پاک کو اجاگر کرنے کیلئے آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کیا جائیگا۔