مزید خبرں

نالہ پہروہندوارہ سے بزرگ شہری کی لاش برآمد

اشرف چراغ 
 
کپوارہ// ہندوارہ میں نالہ پہرو سے دماغی طور کمزور بزرگ شہری کی لاش کو بر آمد کیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی صبح کو لکی پورہ کرالہ گنڈ علاقہ میں مقامی لوگو ں نے نالہ پہرو میں ایک بزرگ شہری کی لاش کو دیکھا جس کے بعد انہوں مقامی پولیس تھانہ کو اطلاع فراہم کی ۔پولیس نے مقامی لوگو ں کی مدد سے نالہ پہرو سے دماغی طور ناتواں بزرگ شہری کی لاش کو بر آمد کیا جس کی شناخت غلام احمد میر المعروف امہ لالہ درویش کے بطور ہوئی ۔غلام احمد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران اپنے گھر سے لاپتہ ہو گئے اور بدھ کی صبح کو اس کی لاش نالہ پہرو سے برآمد کی گئی ۔
 

کورونا کمیونٹی میں موجود،رہنماخطوط کی پاسداری لازمی

بانڈی پورہ اورگاندربل کے ڈپٹی کمشنروں کی میڈیا بریفنگ

بانڈی پورہ+گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے کہا کہ ضلع میں کووِڈ صحتیابی کی شرح 99 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔ اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجودہ مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 58 مثبت معاملات سرگرم ہیں اور گزشتہ چوبیس دِنوں میں ڈسٹرکٹ ہسپتا ل میں کووِڈ کا کوئی مریض داخل نہیں ہوا جو ضلع کے لئے اطمینان بخش ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ضلع کے بھٹ محلہ وتلر،منگام وُوسن ، رام واری گنڈ،آستان محلہ ڈنگر پورہ ، بمبو محلہ اور تیلی محلہ لار میں مثبت معاملات اضافہ ہوا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِن علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور انہیں کووِڈ مناسب طرزِ عمل پر سختی سے اپنا چاہیئے کیوں کہ اِن علاقوں کو کنٹین منٹ زون کے طور پر قرار دیا جانا ہے۔اُنہوں نے بی ڈی سیز اور مقامی پی آر آئیزسے اپیل کی کہ وہ لوگوں کو کووِڈ ۔19 ایس او پیز عمل کرنے کی تلقین کریں بالخصوص ان علاقوں میں ٹیکہ کاری کی خصوصی مہم چلائیں۔اُنہوں نے ضلعی لوگوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ کووِڈ انفیکشن سے نمٹنے کے لئے ماسک پہنیں اور بازارون اور دیگر عوامی مقامات پر غیر ضروری اجتماع کرنے سے گریز کریں۔ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجودہ کووِڈ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے  ہوئے کہا کہ پابندیوں میں آسانی کے ساتھ سماجی اور مذہبی اجتماعات بالخصوص شادیاں ہو رہی ہیں۔اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کووِڈ رہنما اصولوں اور ہدایات پر سختی سے عمل کریںتاکہ وائرس کے پھیلائو سے بچا جاسکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کووِڈ رہنما اصولوں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ضلع میں کووڈ منظر نامے کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر اویس نے کہا کہ پابندیوں میں آسانی کے ساتھ ، سماجی اور مذہبی اجتماعات ہو رہے ہیں ، خاص طور پر شادیاں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان افعال کے دوران کوویڈ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوویڈ ہدایات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ انفیکشن میں کسی بھی قسم کے اضافے کو روکنے کے لئے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) اور ایس او پیز اِنتہائی ضروری ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میںصرف 13 مثبت معاملات سرگرم ہیں جن میں 4 افراد حاجن بلاک اور باقی بانڈی پورہ بلاک سے ہیں۔ڈاکٹر اویس نے کہا کہ وبائی مرض ابھی ختم نہیں ہوا ہے کیوں کہ وائرس اَب بھی کمیونٹی میں موجود ہے۔
 
 

لنگیٹ ہندوارہ میں آگ، رہائشی مکان خاکستر 

اشرف چراغ
 کپوارہ// لنگیٹ ہندوارہ میں آتشزدگی کی ایک واردات میںایک رہائشی مکان خاکستر ہو گیا ۔بدھ کی دوپہر کو عبد الخالق آہنگر کے دو منزلہ مکان میںاچانک آگ نمودار ہوئی جس کے بعد آگ نے مکان کو آناً فاناًاپنی لپیٹ میں لے لیا ۔آگ کے شعلے بھڑکنے کے ساتھ ہی ایک فائر ٹینڈر جائے واردات پر پہنچ گیا جس نے بچائو کارروائی شروع کی جبکہ مقامی لوگ بھی آگ بجھانے کے کام میں جٹ گئے تاہم مذکورہ شہری کا رہائشی مکان آگ کی اس واردات میں مکمل طور خاکستر ہوا ۔
 
 
 

۔ 10ویں امتحان کے نتائج

 ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی کامیاب ہوئے طلاب کو مبارکباد

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سی بی ایس ای کے 10ویں امتحان میں کامیابی اور امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انکے بہتر مستقبل کے لئے دعا کی۔انہوں نے کہاکہ اس کامیابی کیلئے اساتذہ کی محنت و لگن کو بھی سراہا۔ڈاکٹر عبداللہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلاب، اُن کے والدین اور اُن کے اساتذہ کو بھی خصوصی طور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جتنی ایک طالب علم کی محنت کام آتی ہے اُتنا ہی والدین خصوصاً اساتذہ کی محنت اور لگن بھی کارفرما ہوتی ہے ۔ پارٹی کے نائب صر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،اراکین پارلیمان محمد اکبر لون، حسنین مسعودی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی کامیاب اُمیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
 
 

مولانا آزاد یونیورسٹی میں داخلے جاری

 آخری تاریخ 9اگست مقرر، بی ایڈ، بی ٹیک ، پالی ٹیکنیک کورسز دستیاب

سرینگر//مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2021-22 کے ریگولر کورسز میں آن لائن داخلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انٹرنس کی بنیاد پر اردو میڈیم سے بی ٹیک، بی ایڈ، ایم بی اے اور پالی ٹیکنیک جیسے پیشہ ورانہ کورسز کے علاوہ مختلف مضامین میں پی ایچ ڈی میں داخلوں کی توسیع شدہ آخری تاریخ 9؍اگست 2021 ہے۔ یونیورسٹی ویب سائٹ manuu.edu.in پر آن لائن فارم اور ای پراسپکٹس دستیاب ہیں۔پروفیسر ایم ونجا ، ڈائرکٹر نظامت داخلہ کے مطابق انٹرنس کی بنیاد پر داخلے کے کورسز میں 10 تا 12؍ اگست فارم کو ایڈٹ کرنے کی سہولت رہے گی۔ 18؍ اگست کو ایڈمٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ یونیورسٹی میں بی ٹیک اور ایم ٹیک کورسز میں کمپیوٹر سائنس و آئی ٹی دستیاب ہے۔ پالی ٹیکنیک ڈپلوما انجینئرنگ میں سیول انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، الکٹرانک اینڈ کمیونکیشن ، انفارمیشن ٹکنالوجی اور الکٹریکل و الیکٹرانکس انجینئرنگ ٹریڈس شامل ہیں۔
 
 

ڈیوٹی سے غیرحاضر18ملازم معطل

سرینگر//ڈپٹی کمشنرسرینگرکی ہدایت پرضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے کئی دفاتر کااچانک معائنہ کیااورملازمین کی حاضری کی جانچ کی۔اس دورے کے دوران 18ملازمین کو ڈیوٹی سے غیرحاضر پایاگیااور فوری طور انہیں معطل کیاگیا۔ان اٹھارہ ملازمین میں سے آٹھ چیف میڈیکل افسر سرینگر کے ملازم تھے،جبکہ پانچ محکمہ مال اورایک ایک محکمہ سماجی بہبودوسرینگرمیونسپلٹی کا اور دو آئی سی ڈی ایس کے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سرینگر نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ دفاتر میں ملازمین کی غیرحاضری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
 
 

ڈگری کالج ترال میں ٹیکہ کاری مہم

 
سید اعجاز 
 
ترال//ڈگری کالج ترال میں بدھوار کوایک بڑی ٹیکہ کاری مہم کے دوران670طلبہ کو کووِڈ- 19سے بچائو کا ٹیکہ لگایا گیا۔اس دوران کووِڈ سے بچائو کی تمام تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا۔ٹیکہ کاری مہم کوکامیاب بنانے کیلئے طلبہ نے عملے کو پورا تعاون دیا۔اس موقعہ پرکالج کے انچارج پرنسپل بشیراحمدشاہ نے نمائندے کو بتایا کہ کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کو روکنے اور طلبہ کو کووِڈ سے بچانے کیلئے اس پروگرام کااہتمام کیاگیاتھا جس دوران سینکڑوں طلبہ کو کورونا ویکسین لگایاگیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکہ کاری لازمی ہے اور اس سے انسان میں قوت مدافعت بڑھ جاتی ہے۔پرفیسر شاہ نے بتایاکہ انہوں نے دو ہزار میں سے ایک ہزار کو مطلع کیا تھا جہاں 900طلباء نے اس کیمپ میں شرکت کی ۔ 
 
 
 

قومی ترانہ گانے کا مقابلہ

اندراج کیلئے چاردِن باقی رہ گئے

سرینگر// حکومت کی جانب سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی رہنمائی میں آزادی کے 75 سال منانے اور اسے’’ آزادی کا امرت مہااُتسو‘‘ کے طور پر منانے کی خاطر قومی ترانہ گانے کے مقابلہ میں2021 ء کے لئے درخواست دینے اور اِندراج کے لئے چار دِن باقی رہ گئے۔اِس پہل کے تحت حکومت نے تمام اَفراد اور گروپوں سے گانے کے مقابلے میں حصہ لینے کے لئے کہا ہے۔مقابلے میں اہل ہونے کے لئے انفرادی / گروپ ممبران کا جموںوکشمیر کا ڈومیسائل ہونا ضروری ہے۔اِنفرادی زُمرے کے تحت 13 سے 18برس عمر تک اور 18برس سے زائد عمر کے دو ذیلی زُمرے میں لوگ مقابلے میں حصہ لے سکتے ہیں جبکہ گروپ زُمر ے میں بھی اِندراجات کئے جاسکتے ہیں۔مقابلہ میں حصہ لینے کے لئے کم سے کم 13 برس عمر مقرر کی گئی ہے ۔اِس مقابلے میں اِندراجات کرنے کی تاریخ یکم ؍ اگست 2021 ء کو شروع ہوئی اور 7؍اگست 2021ء کو ختم ہوگی۔مقابلہ جیتنے والوں کو نقد انعامات سے نوازا جائے گا ۔ پہلا انعام 25ہزار روپے ، دوسرا انعام 11ہزار روپے اور تیسرا انعام 5ہزار روپے کا ہوگا۔اِس مقابلے میں ضلعی سطح کے فاتح ڈویژن کی سطح کے لئے مقابلہ کریں گے اور تمام شرکا ٔ کو شرکت کی سر  ٹیفکیٹ دی جائے گی ۔ تمام اِنفرادی اور گروپ فاتحین کو اَپنے اَپنے ضلع / ڈویژن کی سطح پر یوم آزادی 2021ء کو قومی ترانہ گانے کا موقعہ ملے گا۔اہل اَفراد اور گروپ اس لنک پر اپنے اندراجات کرسکتے ہیں۔ https://
docs.google.com/forms/d/1WuQ7X1d3bTdzEYU1t3TcTs7hDzqOP-enHZUqc-IET8s/edit?edit_requested=trueقومی ترانہ گانے کے مقابلے کی ویڈیو فائل ( ترجیحی طور پر ایچ ڈی ) کو 7؍ اگست 2021 ء تک اَپ لوڈ  کرسکتے ہیں۔
 
 

یوم شہادت حضرت عمرفاروقؓ

ساگر کی انتظامیہ سے انتظامات میسر رکھنے کی اپیل

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے خلفیہ دوم حضرت عمر فارقؓ کے یوم شہادت کے موقع پر درگاہ حضرت بل میں عقیدتمندوں کیلئے خاطر خواہ انتظامات رکھنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سرینگر سے کہا ہے کہ زائرین کیلئے سہولیات بہم رکھی جائیں۔یوم شہادت27 ذو الحجہ بمطابق7اگست منایا جارہا ہے۔ انہوں نے درگاہ حضرتبل ، آثار شریف شہر ی کلاش پورہ، جناب صاحب صورہ، لالبازار، پنجورہ شوپیان، کعبہ مرگ، اہم شریف بانڈی پورہ اور دیگر زیارت گاہوں پر بھی انتظامات رکھنے کی اپیل کی ہے۔
 
 

پلوامہ میں کلاک ٹا ئور کی مجوزہ تعمیر پر لوگوں کے تحفظا ت

 رفع حاجت کیلئے قصبہ میں پہلے بیت الخلاء تعمیر کرنے کی مانگ

سرینگر//   جنوبی قصبہ پلوامہ میںکلاک ٹا ئور کی مجوزہ تعمیر پر انگلی اٹھا تے ہوئے مقامی لوگوں نے پہلے قصبہ میں بیت  الخلاء تعمیر کرنے کی مانگ کی ہے ۔ سی این ایس کے مطابق میونسپل کمیٹی پلوامہ قصبہ کے راجپور ہ چوک میں ایک گھنٹہ گھر تعمیر کر نے کا منصو بہ بنا رہی ہے جس پر لوگوں نے اعتراضات جتلاتے ہو ئے کہا کہ وہ اسکے تعمیر کے خلاف نہیں ہے لیکن اس سے بہتر یہی ہو تا کہ اگر قصبہ میںبیت الخلاء تعمیرکیا جاتا۔ انہوںنے کہا کہ  بازار میں کوئی بھی سرکاری بیت الخلاء موجود نہیں ہے جس کی وجہ لوگ رفع حاجت کیلئے گلی کوچوں،شہید پارک کے ارد گرد، اور سی ایم آ فس کے باہر کھلی جگہ کا استعمال کرر ہے ہیں جس کے سببب بدبو نزدیکی دکانوں داروں اور رہگیروں کیلئے سوہان روح ثابت ہورہی ہے۔ ایک شہری طاریق احمد کا کہنا تھا کہ قصبہ میں ضلع ہیڈ کوارٹر ہونے کے ناطے اکثر لوگوں کا رش لگا رہتا ہے تاہم  وہاں موجود سرکاری بیت الخلاکی عدم دستیابی کے سبب راہگیروںبالخصوص خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ظہور احمد بٹ نامی ایک شہری نے کہا کہ بازار میں بیت الخلاء نہ ہونے کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑتاہے۔انہوں نے کہا ’’ سوچھتا ہی سیوا نعرہ کاغذات تک ہی محدود ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ قصبہ ایم سی پلوامہ کی نگرانی میںآتا ہے تاہم عوام کی سہولیات کے لئے میونسپل کمیٹی آج تک اس مصروف ترین بازار میں بیت الخلاء تعمیر نہیںکر سکی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بازار سے گذ رنے والی دھوبی کول میں کوڑ ا کر کٹ ڈلا جاتا ہے جس کی کافی عرصے سے صفا فی نہیں کی گئی اور اس سے اٹھنی والی غفونت سے لوگ سخت مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔مقامی لوگو ں نے انتظامیہ سے فوری مدا خلت کی اپیل کی ہے اور قصبہمیں وہ تمام سہولیات بہم رکھنے کا مطالبہ کیا جو ایک ضلع ہیڈ کوارٹر پرہونی چاہیے۔سی این ایس 
 
 
 

جلوسِ محرم کی اجازت

پازیٹیو کشمیر کا خیر مقدم

 
نیوز ڈیسک
 
سرینگر//پازیٹیو کشمیر کے سربراہ بھارت راوت نے جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے کشمیر میں محرم جلوس نکالنے سے متعلق لئے گئے فیصلے کا دل کی گہرائیوں سے خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایل جی انتظامیہ کے نہایت ہی مشکور ہیں جنہوں نے تیس سال بعد محرم جلوس نکالنے کی اجازت دینے کا  فیصلہ لے کر شیعہ آبادی کے لئے نہایت حمایتی فیصلہ لیا ہے۔
 
 

زچلڈارہ ہندوارہ میں غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچے منہدم 

 
اشرف چراغ 
 
کپوارہ//ہندوارہ کے مضافاتی علاقہ زچلڈارہ میں تحصیل انتظامیہ نے کاہچرائی پر غیر قانونی طور تعمیر کئے گئے ڈھانچو ں کو منہدم کیا ۔مقامی لوگو ں نے تحصیل انتظامیہ زچلڈار کو ایک تحریری شکایت کی کہ اس علاقہ میں سرکاری کاہچرائی پر غیر قانونی طور کچھ خود غرض عنا صر نے دکانات تعمیر کئے ہیں جس کے بعد تحصیلدار ہندوارہ نے ان لوگو ں کو نو ٹس جاری کی جنہو ں نے کاہچرائی پر غیر قانونی طور دکانات تعمیر کئے تھے کہ وہ اپنی دکانات کو فوری طور مسمار کریں اور کاہچرائی کی زمین سے اپنا قبضہ ہٹائیں لیکن جن خود غر ض عنا صر نے یہ دکانات تعمیر کئے تھے وہ تحصیل دار کی نو ٹس سے ٹس سے مس نہیں ہوئے ۔بدھ کی صبح تحصیلدار زچلڈارہ اپنی ٹیم کے ہمراہ زچلڈارہ کے اس مقام پر پہنچ گئے جہا ںکاہچرائی پر  دکانات کو تعمیر کیا گیاتھا اور انہدامی کارروائی شروع کی ۔تحصیل انتظامیہ نے ان دکانات کو مکمل طور منہدم کیا اور کہا کہ آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیںگی ۔
 
 

منشیات مخالف مہم

کولگام اور شوپیان میںدو افراد گرفتار

 
نیوز ڈیسک
 
سرینگر//پولیس نے کولگام اور شوپیان میں دوافراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کرلی ہیں ۔ پولیس نے بہی باغ میں ایس ایچ او کی سربراہی میں پٹرولنگ کے دوران نونائی توریگام کراسنگ پر ایک مشتبہ شخص کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر اس نے بھاگنے کی کوشش کی ۔ تاہم پولیس نے اس کو پکڑلیا اورتلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اُس کے قبضے سے 10کلو گرام خشخاش پوست بر آمد کیا ۔گرفتار کئے گئے شخص کی شناخت محمد الطاف منٹو ساکن متی بگ یاری پورہ کے طور پر ہوئی۔بہی باغ تھانہ نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف ائی آر نمبر 48/2021 درج کیا ہے۔ اسی طرح شوپیان پولیس نے مدثر احمد کوکا ساکن شلپورہ میلہورہ وچی نامی شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ایف ائی آر زیر نمبر 84/2021 درج کیاہے ۔
 

 کرناہ میں 7اور 8اگست کو مفت میڈیکل کیمپ 

سرینگر//جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے 7اور 8اگست کو کرناہ اور ٹنگڈار میں مفتی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کررہا ہے ۔ کیمپ میں طبی ماہرین لوگوںکاعلاج و معالجہ کریں گے اور مفت ادویات بھی تقسیم کی جائیں گی ۔اس کے ساتھ ساتھ میڈیکل کیمپ میں لوگوں کو کووڈ 19کی جانکاری بھی فراہم کی جائے گی اور مفت ماسک اور سینی ٹائزر بھی تقسیم کئے جائیں گے ۔ کیمپ میں قانونی ماہرین لوگوں کو قانونی جانکاری بھی فراہم کریں گے ۔ا س قانونی جانکاری کیمپ میں ایڈوکیٹ خرم قریشی اور ان کی ٹیم لوگوں کو قانونی مشورے دیں گے ۔ اس دوران سیاحت کے فروغ کیلئے ایک کلچرل پروگرام کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں معروف گلوکار گلزار گنائی اپنے فن سے لوگوں کو محضوظ کریں گے ۔ کیمپ میں معروف ٹریڈ یونین لیڈر اعجاز خان اور خالد محمود کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی شامل ہوں گی ۔