مزید خبرں

کپوارہ فرضی حملہ کامعاملہ

عدالت میں سابق بھاجپا ضلع صدر کی ضمانتی مسترد 

کپوارہ // اشرف چراغ //کپوارہ عدالت نے سابق بی جے پی ضلع صدر محمد شفیع میر کی ضمانت مسترد کی ۔جمعرات کو محمد شفیع میر اور ان کے بیٹے کے علاوہ ضلع ترجمان بشارت احمد اور 2 محافظوں کو کپوارہ عدالت میں سب جج کے سامنے پیش کیا گیاجہاں ان پر جنگجوئوں کی جانب سے فرضی حملہ کے معاملے کی سماعت ہوئی جس کے دوران سب جج کپوارہ نے ملزمان کی ضمانتی درخواست مسترد کردی ۔واضح رہے کہ 16جولائی کو محمد شفیع میر کے فرزند اشفاق احمد ،ترجمان بشارت احمد گلگام میں غریبوں میں راشن تقسیم کرنے کے لئے گئے جہاں انہوں نے فرضی حملہ کا ڈرامہ رچا کر کہا کہ جنگجوئوں نے اُن پر حملہ کیا تاہم جب پولیس نے ابتدائی تحقیقات کی تو یہ بات سامنے آئی کہ اشفاق کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار کی بندوق سے مس فائر ہوا جس میں محمد شفیع میر کا بیٹااشفاق زخمی ہوا ۔پولیس نے جب تحقیقات میں سرعت لائی تو یہ بات سامنے آئی کہ بی جے پی لیڈر نے فرضی حملہ کا ڈرامہ رچا کر الزام جنگجوئوں پر لگایا ۔ بی جے پی کی ہائی کمان نے معاملہ کانوٹس لیتے ہوئے بھاجپا ضلع محمد شفیع میر صدر کو عہدے سے ہٹایااور تحقیقات میں پولیس کے ساتھ تعاون کیا ۔
 
 

پروفیسر مخمور حسین اردو زبان و ادب کے دیرینہ شیدائی تھے

 عالمی مرکز اقبال کا خراج عقیدت

سرینگر//عالمی مرکز اقبال نے پروفیسر مخمور حسین بدخشی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف اردو زبان و ادب کے دیرینہ شیدائیوں میں سے تھے۔مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کی اور ہمعصر قلمکاروں کو اُن کی اچھی اور فکر انگیز تخالیق پر کسی مصلحت اندیشی کے بغیر دل کھول کر  داد دینا ان کے اوصاف حمیدہ میں شامل تھا۔عالمی مرکز اقبال کے سینئر رکن وجیہہ احمد اندرابی اور اشرف آثاری سمیت دیگر اراکین نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
 
 
 

کولگام میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا

کولگام// ضلع کولگام میں یوم آزادی کے موقع پر خوبصورت اور عظیم الشان تقریبات کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے جائزہ لینے کیلئے افسران کا ایک اجلاس طلب کیا۔اجلاس کے دوران تقریب کے تمام انتظامات کا جائزہ لیا گیا جس میں ضلع ، سب ڈویژنل ، تحصیل ، بلاک ، پنچایت اور سکول سطح پر پرچم کشائی شامل ہے۔
 

ریزن گنڈ سونہ مرگ سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ

غلام نبی رینہ
کنگن//ریزن گنڈ سے سونہ مرگ تک سڑک خستہ حالی کا شکار ہے۔ ٹرانسپورٹروں کے ایک وفد نے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع گاندربل کے ریزن گنڈ سے سونہ مرگ تک سڑک خستہ حالی کا شکارہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کو چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریزن سے لیکر سونہ مرگ تک سڑک سے میکڈم اکھڑنے سے جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈ بن چکے ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کو نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ برس ریزن سے کلن تک جو میکڈم سڑک پر بچھایا گیا وہ غیر معیاری تھا جس کی وجہ سے وہ بیشتر جگہوں پر اکھڑگیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سڑک پر میکڈم بچھانے کا کام جلد ہاتھ میں لیا جائے تاکہ شاہراہ پر چلنے والے ٹرانسپورٹروں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 

مفتی نذیر احمد قاسمی کا آج نالہ بل نوشہرہ میں خطاب

سرینگر/ دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے صدر مفتی ، مفتی نذیر احمد القاسمی آ ج یعنی6 اگست جمعتہ المبارک کو مرکزی مسجد نالہ بل نوشہرہ میں نمازِ جمعہ پر خطاب کریں گے۔ مفتی نذیر کا خطاب ساڑھے بارہ بجے دن شروع ہوگا اورنماز دن کے ایک بجکر پانچ منٹ پر ادا ہوگی۔ نماز جمعہ کے بعد ایک اور خطاب ہوگا۔ عامتہ المسلمین سے اس بابرکت مجلس میں شرکت کی استدعا کی گئی ہے۔
 

اپنی پارٹی کی طرف سے تین عہدیداروں کی تقرری

سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے جمعرات کو صوبہ کشمیر کے مزید عہدیداران کی تقرریاں عمل میں لائیں ۔ایک بیان کے مطابق متعلقہ ضلع لیڈرشپ کے ساتھ صلاح ومشورہ اور صوبائی صدر کشمیر کی سفارش پر جموں وکشمیر اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد اِن تقرریوں کا اعلان کیاگیاہے۔ ہلال احمد شاہ کو ایڈیشنل جنرل سیکریٹری صوبہ کشمیر اور الطاف ملک کو صوبائی سیکریٹری صوبہ کشمیر کے علاوہ عرفان منہاس کو یوتھ ونگ جموں وکشمیر کا جنرل سیکریٹری تعینات کیاگیا۔
 

نئے کشمیر کا دعویٰ سراب ثابت:عثمان مجید

عازم جان 
بانڈی پورہ//جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے نائب صدر عثمان مجید نے کہا کہ ڈی ڈی سی چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بانڈی پورہ کی نمائندگی کرنے کے اہل ثابت نہیں ہورہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ جن ڈی ڈی سی ممبران نے ان کو چنا ہے وہ بھی ان کی کارکردگی سے مایوس ہیں ۔عثمان مجید ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ پانچ اگست 2019کو بی جے پی سرکار نے غیرجمہوری اور غیر آئینی طور دفعہ 370اور 35اے کو ختم کرکے نیا کشمیر قائم کرنے کادعویٰ کیا لیکن وہ سراسر سراب ثابت ہوا ۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر میں زمینی سطح پر تعمیر وترقی میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی ہے ۔عثمان مجید کے مطابق سیاسی سطح پرجمود چھایا ہوا ہے البتہ بیوروکریٹ اور سرکاری افسران من مانی کر کے لوگوں کے بنیادی مسائل کو ازالہ کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہے ہیں بلکہ لاپرواہی برت رہے ہیں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پتھر بازی ودیگر مخالف کیسوں میں ملوث نوجوانوں کو رعایت ملنے سے مثبت ماحول پیدا ہوگا لیکن آئے روز سخت قوانین نافد کرنے سے منفی اثرات مرتب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ماضی میں کسی کے بہکاوے یا جذباتی وابستگی سے پتھر بازی میں ملوث ہوا ہے اس کو موقع ملنا چاہئے۔ انہوں نے بانڈی پورہ ضلع انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بانڈی پورہ سڑک ،پانی ودیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی  سکیموں پر کروڑوں روپئے ہر سال خرچ ہورہا ہے لیکن لوگ پینے کے صاف پانی کیلئے ترستے ہیں۔ 
 

یوم شہادت حضرت عمر فاروقؓ

مولاناہمدانی کاآثار شریف شہری کلاش پورہ میں خطاب

سرینگر// خلیفہ دوم حضرت فاروق اعظمؓ کے یوم شہادت کے سلسلے میں آثار شریف شہری کلاش پورہ میں ایک تقریب کا انعقاد سنیچر7 اگست کو ہورہا ہے۔ تقریب کے آغاز میں مولانا ریاض احمد ہمدانی (سرپرست اعلیٰ بقعہ عالیہ شہری کلاش پورہ)حضرت فاروق اعظمؓ کی شجاعت اور عدل و انصاف پرخطاب کریںگے۔ نماز ظہر ادا کرنے کے ساتھ ہی موئے مقدس آنحضورؐ کی نشاندہی بقعہ عالیہ کے نشادہ مولوی منظور احمد  کرائیں گے۔ دریں اثناء جمعیت ہمدانیہ کی جانب سے بھی 5اگست 2019کے فیصلوں کی فوری منسوخ کا مطالبہ کرتے ہوئے اس دن کو تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیا ۔ جمعیت ہمدانیہ نے جموں وکشمیر کو جان بوجھ کر غیر یقینیت اور بے چینی کے بھنور میں دھکیل دیا۔ جمعیت نے مطالبہ کیا کہ تمام مذہبی، سیاسی اور عام قیدیوں خصوصاً میرواعظ کشمیر مولانا محمد عمر فاروق کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
 

یاری پورہ میں پنجاب کاشہری 16کلو خشخاش پوست سمیت گرفتار

سرینگر// کولگام پولیس نے دوافراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء کو برآمد کیا ۔یاری پورہ علاقے میں ایس ایچ او کی سربراہی میںناکہ چیکنگ کے دوران ایک ٹرک زیر نمبر PB10HA-0839 کی تلاشی کے دوران 16کلو گرام خشخاش پوست بر آمد کیا گیا۔گاڑی کے ڈرائیورجسویر سنگھ ولد پالن سنگھ ساکن پنجاب کوگرفتار کر کے یاری پورہ تھانہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف ائی آر زیر نمبر 51/2021 درج کر کے مزید تفتیش شروع کی ۔
 

 ایک کلو میٹر میں7سپیڈ بریکر

اننت ناگ میںعوام کیلئے سوہان روح

سرینگر//اننت ناگ میں زیر تعمیر سیر ہمدان روڑ پربونہ براڈ سے لیکر براڈ تک ایک کلو میٹر میں7سپیڈ بریکرراہگیروں اور ٹرانسپورٹروں کیلئے باعث عذاب ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ اسپیڈ بریکر گاڑی کی رفتارکم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں تاہم ایمرجنسی کے دوران حادثات پیش آنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ ایمبولنس ، پولیس گاڑیاں اور آگ بجھانے میں کام آنے والی گاڑیوں کی رفتار کو کم کرنے سے بھی جان و مال کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ غیر ضروری اور اضافی سپیڈبریکر ایندھن کی کھپت کو بڑھاتے ہیں ۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مریضوں،بزرگوں اور حاملہ خواتین کیلئے یہ سپیڈ بریکر سوہان روح ثابت ہو رہے ہیںبالخصوص2 موٹر سائیکلوں اور سکوٹروں کو کافی نقصان پہنچتا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ ان غیر ضروری سپیڈ بریکروں کو ہٹانے کیلئے اقدامات کریں۔
 

انجینئر نذیر ایتوکی چیف سکریٹری سے ملاقات 

سرینگر//انجینئرنذیر احمد ایتونے چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کے ساتھ چرار شریف حلقہ میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری نے یقین دلایا کہ چرار شریف حلقہ میں زیر التواء ترقیاتی کام جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا جن کاموں پر تبادلہ خیال کیاگیا اُن میں ہفرو سے مسجد اویسی تک سڑک کی مرمت اورکھیلوں کا میدان،چادری گنڈ میں پل کی مرمت، سائیں داروان اور واگنی روڈ کی مرمت، شمناگ ، ہنجورہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ،بوروا ، نیلناگ ، دھرباغ دیدمیرباغ روڈ کی مرمت، آستان محلہ کے لیے ٹرانسفارمراور دھرباغ گوپالسیف میں واٹر فلٹریشن پلانٹ شامل ہیں۔