مزید خبرں

 کلسٹر یونیورسٹی میں داخلہ

مشیرشرما نے جائیزہ لیا 

جموں //لیفٹینٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے جموں کلسٹر یونیورسٹی میں انڈر گریجویٹ کورسوں کیلئے داخلہ عمل کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر جموں کلسٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ امسال وبائی صورتحال کے سبب کئی مضامین میں داخلہ عمل متاثر ہوا اور اب زیادہ طلاب نے جموں کے اس کالج میں داخلے کیلئے درخواستیں دی ہیں ۔ اس صورتحال کے پیش نظر مشیر نے سال 2020-21 کی سیشن کیلئے  کلسٹر یونیورسٹی کے مختلف کالجوں میں نشستوں کی صلاحیت2019-20 سیشن کی طرز پر ہی رکھنے کیلئے کہا ۔ اس طرح نشستوں میں 800 نشستوں کا اضافہ ہوا ہے  ۔ مشیر کو بتایا گیا کہ پلوڑہ ،مڑھ ،کنجوانی ، بھگوتی نگر اور جموں کے دیگر نزدیکی کالجوں جو جموں یونیورسٹی کے ساتھ منسلک ہیں میں 1183 نشستیں دستیاب ہیں ۔ ان نشستوں کیلئے داخلے کی آخری تاریخ پہلے ہی جموں یونیورسٹی نے مشتہر کی ہے ۔ وائس چانسلر نے مشیر کو یونیورسٹی کو درپیش دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔ 
 
 

 درماندہ 6,24,842شہری واپس  

 4,078مسافر 34پروازوں میں سرینگر اور جموںپہنچے

جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے6,24,842شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا  رہ کر یوٹی واپس لایا۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اَب تک بیرون ملک سے937مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اَب تک 155کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اَب تک بیرون یوٹی درماندہ 6,24,842شہریو ں کو کووِڈ۔19 وَبا سے متعلق تمام اَحتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا ۔ 16 اکتوبرسے17 اکتوبر 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے   5727درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے۔اَب تک 134ریل گاڑیوں میں یوٹی کے مختلف اَضلاع سے تعلق رکھنے والے 124,596درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔ اس دوران جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں گھریلو پروازو ں کے دوبارہ چالو ہونے کے 145 ویں دِن  4,078 مسافروں کو لے کر سنیچرکو34پروازیں جموں اور سر ی نگر ہوائی اڈوں پر اُتریں۔1264مسافروں سمیت12کمرشل پروازیں جموں ہوائی اڈے اور 2814 مسافروں کو لے کر22پروازیں سری نگر کے ہوائی اَڈے پر اتریں۔واضح رہے کہ25 مئی سے اب تک جموں ایئر پورٹ پر1,334گھریلو پروازیں اُتری ہیں جن میں  134,746مسافروں نے سفر کیا ۔ اسی طرح سری نگر ائیر پورٹ پر2,181گھریلو پروازیںاُتریں ہیں جن میں  2,95,446مسافروں نے سفر کیا ہے۔نیز جموں وکشمیر حکومت نے عالمی وَبا کے پیش نظر اَب تک متعدد ممالک سے تقریباً3,806مسافروں کو خصوصی اِنخلأ پروازوں کے ذریعے جموںوکشمیر یوٹی میں واپس لایا ہے۔ہوائی اَڈے پر اُترتے ہی تمام مسافروں کا کووِڈ۔19ٹیسٹ کیا گیا اوردونوں ہوائی اَڈوں سے اَپنے منازل کی طرف تما م اَحتیاطی تدابیر پر عمل پیر ا رہ کر روانہ کئے گئے۔حکومت نے ہوائی پروازوں کے ذریعے یوٹی میں وارِد ہونے والے تمام مسافروں کی آمد سکریننگ نمونے لینے اور قرنطین مراکز کی طرف لے جانے کے لئے معقول ٹرانسپورٹ اِنتظامات کئے  ہیں اور اِس دوران مرکزی  شہری ہوا بازی اور صحت و خاندانی بہبود کی وزارتوں کی جانب سے مقرر کئے گئے رہنما خطوط اور ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔
 
 

ماس پر موشن کامطالبہ

سوپورمیں11ویں جماعت کے طلاب کااحتجاج

غلا م محمد
 
سوپور//سوپور میں گیارہویں جماعت کے طلبہ نے بغیرامتحان اگلی جماعت میں ترقی دینے کے مطالبے کو لیکر پھر احتجاج کیا۔ہائراسکینڈری اسکول سوپور کے گیارہوں جماعت کے طلبہ نے سنیچر دوپہر کو اسکول کے مرکزی دروازے کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں اگلی جماعت میں بغیرامتحان لئے ترقی دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کووڈ- 19کی وباء پھوٹ پڑنے کی وجہ سے وہ اسکول میں تعلیم مکمل کرنہیں پائے اورانٹرنیٹ کی سست رفتار ی کی وجہ سے وہ آن لائن کلاسز میں بھی شامل نہیں ہوسکے۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان کے مطالبے پرغور کرکے انہیں اگلی جماعت میں بغیرامتحان ترقی دی جائے۔اس دوران طلبہ کے احتجاج کی وجہ سے کچھ وقت کیلئے ٹریفک کی آمد ورفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ 
 

۔49ہیڈ کانسٹیبلوں اور705سینئر کانسٹیبلوں کو ترقی

سرینگر //کشمیرکے صوبائی پولیس سربراہ وجے کمارنے 49ہیڈ کانسٹیبلوں کی بطوراسسٹنٹ سب انسپکٹر اور 705 سینئرکانسٹیبلوں کی ہیڈ کانسٹیبل کے  طورترقی کومنظوری دی ہے ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر نے ترقی پانے والے اہلکاروں اور ان کے کنبوں کو نیک خواہشات اورمبارکباد پیش کرتے ہوئے امیدظاہر کی کہ نئے ترقی پانے والے افسر جانفشانی اور تن دہی سے کام کرکے مفاد عامہ میں جموں کشمیرمیں امن کوبرقرار رکھنے کیلئے کام کریں گے۔ 
 

نذیراحمدخان پی ڈی پی ضلع صدربڈگام نامزد

سرینگر// پی ڈی پی نے نذیر احمد خان کو پارٹی کا ضلع صدر بڈگام نامزد کیا۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اورجنرل سیکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ کی منظوری کے بعد نذیر احمد خان کو ضلع صدر بڈگام جبکہ فیاض احمد ڈار کو انچارج حلقہ بڈگام نامزد کیا گیا۔ پی ڈی پی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پارٹی کے جنرل سیکریٹری نے حاجی بشیر احمد ایتو کو چاڈورہ زون،جبکہ عبدالاسلام بٹ کو زون چرار شریف اور شہنواز احمد میر کو زون خان صاحب کیلئے زونل صدور بھی نامزد کیاگیا۔
 

کنزر میں ڈاکٹر پر تیماردار کو تھپڑ رسیدکرنے کا الزام

مشتاق الحسن
 
سرینگر//کنزرٹنگمرگ میں ایک ڈاکٹر نے مبینہ طور ایک تیماردار کے گال پر تھپڑ رسید کی جب وہ اپنے رشتہ دار کاایکسرے لیکر ڈاکٹر کے پاس گیا ،جوایک حادثے میں زخمی ہواتھا۔لال پورہ کنزر میں سڑک کے ایک حادثے میں عاشق احمد خواجہ نامی شہری زخمی ہواجسے فوری طور پرائمری ہیلتھ سینٹرکنزر پہنچایا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ اسپتال میں ایکسرے مشین نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر نے زخمی عاشق احمد کا ایکسرے کرانے کا مشورہ دیا اور جب اس کارشتہ دار ڈاکٹر کے پاس وہ ایکسرے لیکر پہنچاتووہ اپنے کمرے میں موجود نہیں تھا بلکہ اپنی گاڑی میں سوار تھا۔عاشق احمد کے رشتہ دار کے مطابق ڈاکٹر نے اُس کا ایکسرے پھینک دیااور اُسے ایک تھپڑ رسید کی ۔اس واقعہ پر لوگوں نے برہمی کااظہار کیا۔ادھر بلاک میڈیکل افسر ٹنگمرگ کے مطابق زخمی شہری کے رشتہ دار نے ڈاکٹر کاگریبان پکڑاتھا جس کی وجہ سے انہوں نے اُسے تھپڑ ماردی۔انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعہ کی سوموار کوتحقیقات کریں گی اور اگر ڈاکٹر واقعی قصوروار ہوگا تو اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔  
 
 

مشیر شرما کی نوراترہ پر لوگوں کو مبارکباد 

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے جموں کشمیر کے عوام کو نوراترہ کے مقدس موقعہ پر مبارکباد پیش کی ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے عوام کی خیر و عافیت کی دعا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار امن ، خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو گا اور عالمی وباء کے خلاف جدو جہد سے لوگوں کے عزم کو مستحکم بنائے گا ۔ مشیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہ کر دعا ء کریں اور اس نو روزہ تہوار کے دوران کووڈ 19 حتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں ۔ 
 

پٹن میں  متعدد سیاسی وسماجی کارکن 

اپنی پارٹی میں شامل 

سرینگر//ضلع بارہمولہ کے اسمبلی حلقہ پٹن کے بلاک سنگھ پورہ سے تعلق رکھنے والے درجنوں سیاسی وسماجی کارکنان نے عاشق حسین کی قیادت میں اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔پارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اِن نئے شامل ہونے والے کارکنان کا پارٹی ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون نے خیر مقدم کیا۔ پارٹی میں شمولیت سے قبل عاشق حسین اور اُس کے ساتھیوں نے بلاک سنگھ پورہ میں ترقیاتی مسائل سے متعلق کئی معاملات کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے بلاک سنگھ پورہ اور مضافاتی علاقہ جات کو یکسر نظر انداز کیاگیاہے تاہم نئے کارکنان نے اپنی پارٹی قیادت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر مکمل اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اِ ن کا رویہ عملی ہے۔اس موقع پر شعیب لون نے کہاکہ بدقسمتی سے اسمبلی حلقہ پٹن کو متعلقہ نمائندگان نے صرف ووٹ بنک کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’اپنی پارٹی کا مختلف نظریہ ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہماری کارکردگی کو جج کریں، سعید محمد الطاف بخاری کی دور اندیش قیادت میں ، ہم لوگوں کی فلاح وبہبودی اور اُن کی خدمت کے وعدہ بند ہیں‘‘۔
 

علاقائی جماعتوں کا اکٹھا ہونا

 خوش آئند اقدام:جموں مسلم فرنٹ

سرینگر// جموں مسلم فرنٹ نے جموں وکشمیرکی تمام سیاسی جماعتوںکی جانب سے دفعہ 370 اور35 اے کے تحت خطے کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے متحد طور پر جدوجہد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیاہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا وہ جموں و کشمیر کے تمام باشندوں کے حقوق کی بحالی کیلئے کھڑے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لداخ سمیت ریاست کے عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے آئینی جنگ لڑنے کیلئے جموں و کشمیر کی مرکزی دھارے میں شامل علاقائی جماعتوں کا اکٹھا ہونا خوش آئند اقدام ہے۔جموں مسلم فرنٹ نے ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں ہمارے حقوق کی بحالی کیلئے عوامی اتحاد کے نام سے دستخط کرنے والوں کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔جے ایم ایف نے اتحاد سے اپیل کی ہے کہ وہ معاشرے کے ہر طبقے کو اعتماد میں لیں۔
 
 

ربیع الاول کی آمد 

ڈاکٹر فاروق کی مبارکباد 

سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ربیع الاول کے بابرکت اور فضیلت والے مہینے کی آمد پر عالم اسلام خصوصاً وادی کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کیا ہے۔ اُنہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ربیع الاول کو بابرکت اور فضیلت والا مہینے کی حیثیت میں عطا کیا ہے اور اِسی مہینے کی بارہویں تاریخ کو پیغمبر آخر زمان ؐکی ولادت باسعادت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے اُمید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ یہ مہینہ عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا اور عالم اسلام میں پائیدار امن کا ضامن ثابت ہواور عالم انسانیت کو کورونا وائرس کی وبائی بیماری سے نجات حاصل ہو۔ اُنہوں نے دعا کی کہ ’’خدا وندکریم ہمیں ہمیشہ اپنے دین اسلام کی تعلیم پر گامزن رکھنے میں مدد کرے کیونکہ دین کی دولت اور نعمت ہی ہمارے لئے دو جہاں کی سب سے بڑی کامیابی اور کامرانی ہے‘‘۔اُنہوں نے ڈویژنل انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ایام عید میلادالنبیؐ کے دوران زائرین کیلئے تمام قسم کی سہولیات میسر رکھیں۔
 

اونتی پورہ میں منشیات فروش گرفتار

 اونتی پورہ//اونتی پورہ پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے ایک منشیات فروش کو  04 کلو گرام چرس سمیت گرفتارکرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ اونتی پورہ پولیس نے جموں و کشمیر بینک پنزگام کے نزدیک ایک شخص کو مشتبہ حالت میں گھومتے ہوئے پایا جس کوروک کر اس کی تلاشی لی ۔ دوران تلاشی پولیس نے منشیات فروش کے قبضے سے 04 کلو گرام چرس برآمد کرکے ضبط کی۔ پولیس نے منشیات فروش کو گرفتارکر کے پولیس اسٹیشن اونتی پورہ منتقل کیا، جہاں پر وہ حراست میں ہے ۔ اس کی شنا خت گلزار احمد بٹ ساکن لدرمڈ اونتی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔اونتی پورہ پولیس نے کیس ایف آئی آر زیر نمبر 148/0 متعلقہ دفعات کے تحت اندراج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ۔ پولیس کی طرف سے کمیونٹی ممبران سے گزارش ہے کہ وہ اپنے پڑوس میں منشیات فروشوں سے متعلق کسی بھی معلومات کے ساتھ آگے آئیں۔
 

ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ کا اظہارِ تعزیت

سرینگر// صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے دیرینہ رکن غلام محمد بٹ ساکن بانڈرپورہ بجبہاڑہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً اہل خانہ کیساتھ تعزیت کی ۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ دونوں لیڈران نے مرحوم کی سیاسی اور عوامی خدمات کو یاد کیا۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم اونی اور جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے
 

پروفیسر مشتاق قریشی کا انتقال

 وائس چانسلر طلعت احمد کا اظہار غم

سرینگر //کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے پروفیسر مشتاق قریشی کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیاہے ۔شعبہ کمسٹی کے سابق سربراہ مشتا ق قریشی ہفتے کے روز انتقال کر گئے ۔اپنے تعزیتی پیغام میں ، پروفیسر طلعت نے قریشی کی تعلیمی خدمات کو یاد کیا اور کہا کہ وہ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔پروفیسر طلعت نے کہا کہ یونیورسٹی کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے پروفیسر قریشی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس غم کی گھڑی میں سوگوار کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ، اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔پروفیسر قریشی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر نے کہا کہ پروفیسر قریشی ایک عظیم استاد تھے جن کی یونیورسٹی کے علمی و تحقیقی میدان میں شراکت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر اکبر مسعود ،، ڈین ریسرچ پروفیسر شکیل رومشو، ، ڈین کالجز پروفیسر جی ایم سنگمی کے علاوہ دیگر ممبران نے بھی پروفیسر قرشی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ۔
 

رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی کپوارہ میں میٹنگ 

موجودہ حالات میں سوسائٹی کے کام کاج کا جائرہ لیا گیا 

سرینگر//رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کی ایک اہم میٹنگ زیر صدارت چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع کپوارہ میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں تمام عہدیداروںنے شرکت کی ۔ میٹنگ میں موجودہ صورتحال اور سوسائٹی کے کام کاج کاجائزہ لیاگیا۔ میٹنگ میں وائس چیئرمین صوبہ کشمیر محمد اشرف خان، سیکریٹری شمالی کشمیر محمد امین پیر ، ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجیدآخون، ضلع چیئرمین کپوارہ محمد سکندر میر،ضلع سیکریٹری کپوارہ محمد افضل میر اوراراکین سوسائٹی نے شرکت کی۔بعد میں چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع نے نئے عہدیداروں کو مقرر کیا۔ محمد عبداللہ میر چیف آرگنائزر ضلع کپوارہ، چودھری اعجاز احمد کو جوائنٹ سیکریٹری ڈسٹرکٹ کپوارہ اور اعجاز احمدکوتحصیل سیکریٹری کپوارہ بنایاگیا۔ میٹنگ میںاراکین پر زوردیاگیا کہ وہ عوامی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ 
 

ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے  ویب سائٹ لانچ کی

سرینگر/جموں وکشمیر ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن (جے کے وائی جے اے) نے سرینگر میں ایک تقریب کے دوران ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ www.jkyja.com اور لوگو (علامت) کو لانچ کیا۔ ایسوسی ایشن کے صدراعجاز احمد وار نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب میں نائب صدر بلال فرقانی ، جنرل سکریٹری بلال بشیر بٹ ، ترجمان اعلیٰ رمیز مخدومی ، پبلسٹی انچارج پیر وقارلاسلم ، ایسوسی ایشن کے رابطہ کار بلال احمد بٹ ، عمر بٹ،جاسم رسول ، مزمل مقبول ، سہیل احمد اور دیگر ممبران موجود تھے۔ اس تقریب کی نظامت نائب صدر بلال فرقانی نے انجام دی۔ اس موقع پر فرقانی نے علامت (لوگو) کی مختصر تفصیل بھی پیش کی۔