مزید خبرں

 مہا نومی اور دسہرہ

ایل جی اور الطاف بخاری کی مبارکباد 

سرینگر //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کشمیر کے عوام کو مہا نومی اور دسہرہ کے موقعہ پر مبارکباد دی ۔ اپنے مبارکبادی پیغام میں لفٹینٹ گورنر نے یونین ٹیر ٹری میں امن ، خوشحالی اور ترقی کی پرارتھنا کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ مہا نومی نو روزہ نوراترہ میلے کے آخرپر منائی جاتی ہے اور شردھالوؤں کی زندگی ایک نئی توانائی اور جوش و خروش سے بھر جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پرارتھنا کرتا ہوں کہ جموں کشمیر میں آنے والی نسلوں کیلئے مثبت تبدیلی لانے میں کامیاب ہوں ۔ دشہرہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یہ دن برائی پر اچھائی کی جیت کے طور پر منایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یہ اُمید دلاتا ہے کہ بڑی سے بڑی مشکل کو بھی عزم اور مثبت نظریے سے شکست دی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے پرارتھنا کی کہ ہم سب برائی پر فتح پائیں اور ایک بہتر دُنیا کی جانب قدم رکھیں ۔ ادھر اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے جموں وکشمیر کی عوام کو مہانومی اور دسہرہ کے موقع پر مبارک باد پیش کی ہے۔ تہنیتی پیغام میں الطاف بخاری نے کہاکہ جموں وکشمیر میں تہوار آپسی بھائی چارہ، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی علامت ہیں۔ انہوں نے جموں وکشمیر کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذہبی تہوار ایک طبقہ کے لوگوں کو دوسرے طبقہ کے لوگوں کے ساتھ جوڑتے ہیں اور آپس میں خوشیاں بانٹنا جموں وکشمیر کے لوگوں کی قدیم روایت رہی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار لوگوں کی زندگیوں میں خوشی لیکر آئیں گے۔
 
 

عارضی ملازمین کا وفدجتیندر سنگھ سے ملاقی

شکایات کے ازالہ کیلئے مداخلت طلب

نئی دہلی//آل جموں و کشمیر کیجول لیبرزیونائٹیڈفرنٹ کے وفد نے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے ملاقات کی اور ان کی شکایات کے ازالے کے لئے ان سے مداخلت طلب کی۔تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وفد کے ممبروں کے ذریعہ اٹھائے گئے ہر مسئلے کو تفصیل سے سنا۔فرنٹ کے صدر تنویر حسین کی سربراہی میں وفد نے مرکزی وزیر کو ایک یادداشت بھی سونپی۔ وفد کے ممبران کا کہنا تھا کہ ملازمین کی معمولی تنخواہ کی وجہ سے وہ مالی پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شکایات پر کسی نے توجہ نہیں دی جبکہ وہ پچھلے کئی سال سے ایمانداری سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔اس ملاقات کے دوران وفد کے ممبروں کی موجودگی میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنرکے مشیر کے کے شرما کو ٹیلیفون پرکیاا اور عارضی ملازمین کے ذریعہ اٹھائے گئے امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے مشیر شرما سے عارضی ملازمین کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرنے اور ان کی پریشانیوں کے ازالے کے لئے ممکنہ اقدامات کرنے کو کہا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مشورہ دیا کہ جلد سے جلد مشیر شرماعارضی ملازمین کے نمائندوں کے مابین ایک میٹنگ منعقد کی جائے اور اس کے بعد متعلقہ محکموں اور افسران سے ملاقات کی جائے۔ انہوں نے وفد کے ممبران کو یقین دلایا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ پھر سے مداخلت کرسکتے ہیں ۔اس وفد کے ساتھ سابق ایم ایل اے بلدیو شرما اور بی جے پی کے سینئر رہنما کلدیپ دوبھے بھی تھے جنہوں نے بھی استدعا کی کہ عارضی ملازمین کے مسئلہ کو انسانی مسئلہ سمجھا جائے۔
 
 
 

ضلع بڈگام میںکئی سیاسی کارکنان اپنی پارٹی میں شامل 

 
سرینگر//اپنی پارٹی کے ایک بیان کے مطابق سنیچر کو مختلف سیاسی جماعتون سے وابستہ افراد بشمول پنچایتی نمائندگان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔ بیان کے مطابق بی ڈی سی چیئرمین رٹھسونہ فاروق احمد، سابق بھاجپا ضلع صدر نذیر احمد خان، ماگام سے یوتھ سول سوسائٹی سیکریٹری محمد ابراہیم شاہ، چرار شریف میونسپلٹی کے نائب صدر بشیر احمد اور سابق بھاجپا ضلع سیکریٹری محمد یوسف گنائی پارٹی میں شامل ہوئے جن کا اپنی پارٹی چیف کارڈی نیٹر عبدالمجید پڈر، صوبائی صدر اشرف میر، ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین،ضلع صدرسرینگر شیخ نور محمد اور چرار شریف حلقہ انچارج مشتاق احمد نے خیر مقدم کیا اوراُمیدظاہر کی کہ اُن کے آنے سے ضلع بڈگام میں پارٹی ڈھانچہ مزید مضبوط ہوگا۔ دریں اثناء اس موقع پر صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے کہاکہ ضلع انتظامیہ بڈگام کو عوامی شکایات کوسنجیدگی سے لینا چاہئے کہ ایس ڈی ایم اور تحصیلدار بیروہ کیوں اپنی ڈیوٹیوں سے غیرحاضر رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بیروہ کے لوگوں کو افسران کے بلاجواز غیرحاضر رہنے سے مشکلات کا سامنا ہے۔
 
 

کوکر ناگ میں آگ،4مکانات خاکستر

مانسبل میں کمپارٹمنٹ نمبر8 میںکئی درخت تباہ

 
سرینگر/ارشاد احمد //کوکر ناگ کے ماگام علاقے میں سنیچر کوآگ کی ایک ہولناک واردات میں 4مکانات خاکستر ہوئے ہیں۔ آگ لگنے کے فوراً بعد فائر اینڈ ایمر جنسی اور مقامی لوگ آگ بجھانے میں مصروف ہوئے تاہم بلال احمد ڈار ،زینہ بیگم ،عبد الرشید ڈار اورریاض احمد ڈارکے رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے۔پولیس نے واقع کی نسبت کیس درج کرلیا ہے۔سندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل کے مانسبل رینج کے کمپارٹمنٹ نمبر 8 میں ہفتہ کی صبح سے ہی آگ نمودار ہوئی جس کی لپیٹ میں درجنوں درخت تباہ ہوئے۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسر اویس میر نے کہا کہ چونکہ پچھلے چند ماہ سے بارشیں نہیں ہوئیں جس کے سبب خشک سالی ہوگئی اور جنگل میں موجود گھاس پوری طرح سوکھ گئی ہے اورمعمولی چنگاری بھی آگ لگنے کا وسیلہ بن سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے عملہ روانہ کرکے بچائو کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
 
 

رام نومی اور دسہرہ پرمیر کی مبارکباد 

 
سرینگر//جموںکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر نے رام نومی اور دسہرہ کے موقع پر پنڈت برادری کو مبارکباد دی ہے ۔ایک بیان میں میر نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوارامن اورخوشحالی کی نوید لیکر آئیں گے۔انہوں نے عوام کی فلاح کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار لوگوں کی زندگیوں میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں۔
 

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تـعزیت

 
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے معروف تاجر دھرم ویر بترہ کے فوت ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے آنجہانی کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی اور اُن کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی۔انہوں نے اُن کی عوامی خدمات خصوصاً لوگوں کے ساتھ ہمدردی کو یاد کیا۔ انہوں نے ماہر تعلیم نثار احمد حافظ ساکن زاڈی مسجد صفاکدل اور قاضی نظام الدین شونٹھو ساکن صنعت نگر کے انتقال پر بھی گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور سینئر لیڈر مبارک گل نے بھی حافظ اور شونٹھو خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔
 
 

برپورہ پلوامہ میں پانی کی قلت

سرینگر// پلوامہ ضلع کے برپورہ علاقے میں پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگوں کو گوناگوں مشکلات درپیش ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق  علاقے میں پانی کی سخت قلت ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے گھر گھر کنویں بھی کھودے گئے ہیں تاہم امسال بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے وہ بھی خشک ہوچکے ہیں۔انہوں نے ضلع حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں ٹینکروں کے ذریعے پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگ راحت کی سانس لے سکیں۔کے این ایس
 

تلواڑہ ریاسی میں پولیس کا عوامی اجتماع

ریاسی/زاہد ملک/ پولیس نے عوام کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تلواڑہ کے عام لوگوں کی پریشانیوں کو جاننے کیلئے ایک عوامی اجلاس منعقد کیا ۔یہ پروگرام ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر افتخار احمد کی صدارت میں ہواجس میں نسپکٹر سمت شرما اور ایس آئی سنیل سنگھ انچارج پی پی تلواڑہ وعلاقے کے معززین نے بھی شرکت کی۔کئی لوگوں نے اجلاس میں بات کی اور علاقے میں پولیس کے کام کی تعریف کی۔ انہوں نے کسی بھی غیر قانونی یا ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے میں ان کی بھر پور مدد اور شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔ اجلاس میں مختلف محکموں سے متعلق مختلف عوامی مسائل اٹھائے گئے ۔ تمام شرکا کی شکایات کو بغور سنا گیا اور انہیں یقین دلایا گیا کہ پولیس سے متعلق ان کے حقیقی مطالبات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے گا اور دیگر محکموں سے وابستہ مطالبات کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لایاجائے گا۔عوام کو علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ۔
 

 آج پھر راجباغ میں میوہ کی خرید فروخت کیلئے بازار سجے گا 

سرینگر //عوام اور کاشتکاروں کی جانب سے اچھے ردعمل کے پیش نظر محکمہ باغبانی کشمیر آج ہارٹیکلچر کمپلیکس راجباغ میں تیسری خریدو فروخت کنندہ میٹنگ کا اہتمام کررہا ہے۔سنڈے مارکٹ کی طرز پر راجباغ میں میوہ کی خرید فروخت کیلئے تیسرے اتوار کو بھی ایک میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور اس موقع پر تازہ اور خشک میوہ جات کی نمائش اور فروخت کیلئے زیادہ سے زیادہ اسٹال لگائے جائیں گے۔اس پروگرام میں کشمیر ڈویژن کے تمام اضلاع کے نامور باغبانی شرکت کررہے ہیں ۔اس کے علاوہ مختلف ثقافتی پروگراموں کا بھی اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔محکمہ باغبانی کشمیر کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بٹ کے مطابق اس پروگرام کا اہتمام پھلوں کے استعمال کے لئے عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کا وقت صبح 11.00 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا اور حکومت کے ذریعہ وقتا فوقتا جاری کردہ COVID-19 وبائی امراض کو پھیلانے والے تمام ایس او پیز کی سختی سے پیروی کی جائے گی۔
 

بی جے پی ڈوگرہ ثقافت کے لئے خطرہ:وکرم ملہوترہ

ڈپٹی میئر کے اپنے وارڈ میں بنیادی سہولیات کا فقدان

جموں//اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے ضلع جموں کے سب سے پرانے محلہ کو نظر انداز کئے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وارڈ نمبر ایک جہاں سے جموں میونسپل کارپوریشن جموں کے ڈپٹی میئر کارپوریٹربھی ہیں، میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کارپوریٹر خاص کر ڈپٹی میئر پرانے شہر میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ملہوترہ نے کہاکہ مبارک منڈی پیلس/کمپلیکس کے آس پاس کے رہائشی علاقہ جات کو نظر انداز کیاگیا ہے جیسے کہ وہ میونسپل کارپوریشن جموں کاحصہ نہیں ہیں۔سڑکوں، نالیوں اور راستوں کی حالت خستہ ہے، صفائی ستھرائی کا فقدان ہے جس کی ایک مثال پنج محلہ چوگان سلاتھیا ہے جہاں کے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ وارڈ نمبر1کو ڈپٹی میئر نے مکمل طور نظر انداز کر دیا ہے ، مقامی لوگوں کی شکایت ہے کہ ایک بچہ نالے میں گرگیا، کئی بار ڈپٹی میئر سے کہاگیاکہ نالے کو کور کیاجائے ، مگر اِس طرف توجہ نہ دی گئی۔ وکرم ملہوترہ نے کہاکہ بی جے پی ڈوگرہ ثقافت کے لئے خطر ہ ہے۔اس سے قبل پروگرام میں وارڈ نمبر ایک کے لوگوں نے اپنی مشکلات ومسائل متعلق ملہوترہ کو آگاہ کیا اور موصوف نے یقین دلایاکہ وہ اُنہیں اجاگر کریں گے۔
 

مہندرااور مہندرا کی جانب سے نئی تھار کا نیا ساماں  متعارف 

ممبئی //مہندرااینڈ مہندرا لمیٹڈ نے نئی تھار کیلئے نئے سامان کو متعارف کیا۔یہ سامان تھار مالکان کی پسنداور مہم کو طرززندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ اس میں تھار کی بیرونی ڈئزاین ،ٹیکنالوجی جس سے مالکان کوزیادہ تحفظ حاصل ہوگا،کوشامل کیا گیا ہے۔تھار کے مالکان اس گاڑی کو اپنے طرززندگی کی توسیع سمجھتے ہیں اوریہی وجہ سے کہ نئے تھار کے سامان کو گاڑی کے مالکان اپنی پسند کے مطابق اپنے منفرد اندازمیں استعمال کرسکیں گے۔مہندراکاسامان تھار کوسڑک پرسب سے بہترین گاڑی کادجہ بنائے رکھنے میں معاون ومددگار ہوگااور مالکان ناممکن کواب ممکن کردکھائیں گے۔سامان کے اقسام کی وجہ سے اب یہ بات بھی ممکن بنی ہے کہ تھار کی دوگاڑیاں لازمی طور ایک جیسی نہیں ہوسکتی۔مرکنڈائز اقسام میں تھار کے اندرون اور بیرون اعلیٰ معیار کے اپیرل اوردیگر فائدہ مند اشیاء شامل ہیں جن سے تھار کا تجربہ منفرد بنے گا۔
 

پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کااظہارتعزیت

سرینگر//پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن جموں کشمیر نے حنفیہ پبلک ماڈل سکول تارزو سوپور کے چیئرمین نیاز احمد بٹ اور ڈاکٹر شکیل احمدکے والد غلام محمد بٹ المعروف مامہ صاب کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ایسوسی ایشن نے سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے ۔
 

کار حادثے میں خاتون سمیت3 زخمی

محمد تسکین
 
بانہال// بانہال کے بنکوٹ علاقے میں کار کے ایک حادثے میں ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں بانہال ہسپتال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ یہ حادثہ سنیچر کی دیر شام بانہال بنکوٹ رابط سڑک پر ریلوے ٹنل نمبر 78 کے نزدیک پیش آیا اور کار ایک دیوار کے ساتھ زوردار طریقے سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں تینوں کار سواروں کو چوٹیں آئی ہیں تاہم خاتون سوار کو شدید زخم آئے ہیں۔ بانہال ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں نے بتایا کہ اگرچہ تینوں زخمی خطرے سے باہر ہیں تاہم احتیاطی طور پر تینوں زخمیوں کو سی ٹی سکین اور مزید جانچ کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیاہے تاکہ کار کی زوردار ٹکر کے نتیجے میں کار سواروں کے سر اور جسم میں لگی چوٹوں پر شک کی کوئی گنجائش باقی نہ رہ پائے۔ اس کار حادثے میں زخمیوں کی شناخت شبیر احمد گیری، فیاض احمد وانی اور فیاض وانی کی والدہ ساکنان بنکوٹ بانہال کے طور کی گئی ہے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی شروع کی ہے۔