ہر امید وار کی حفاظت اور سلامتی انتہائی اہم:ٹھاکر
حلقہ ڈاڈسرہ کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کئے
سید اعجاز
ترال //بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے کشمیر ترجمان الطاف ٹھاکر نے ڈی ڈی سی حلقہ انتخاب ڈاڈسرہ کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے ۔ اس دوران اُن کے ساتھ پارٹی ورکران کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔الطاف ٹھاکر نے بتایا ڈی ڈی سی انتخابات گائوں کے چھوٹے چھوٹے مسائل کے حل کیلئے عمل میں لانا ضروری تھا ۔انہوں نے بتایاکہ پارٹی نے ہر علاقے کی یکسان ترقی کیلئے کام کیا ہے اور اسی بنیاد پر میں لوگوں کے پاس جا کر ان سے ووٹ مانگوں گا۔ایک سوال کے جواب میں الطاف ٹھا کر نے بتایا کہ جو پارٹیاں ہم پر الزام لگاتی ہیں،وہ صرف ان کی فرسٹریشن ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین لیڈران کو ایک حملے میں مارا گیا ہے اور تب سے آج تک پنچ سرپنچ بند ہیں اور ہم سرکار سے انہیں اپنے علاقوں میں چھوڑنے کیلئے مطالبہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سرکار لوگوں کی فلا وبہبود کیلئے کام کر رہی ہے اور سبھی پارٹیوں کو اس میںتعاون کرنا چاہے ۔ٹھاکر نے بتایا کچھ طاقتیں یہاں کے ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا سبھی پنچ وسرپنچ سیکورٹی کور میں ہیں ۔
مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت
مینڈھر میں بڑے پیمانے پر تلاشی شروع
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے دیہاتوں پر مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت نے سیکورٹی ایجنسیوں کو سخت صورتحال میں ڈال دیا اور سیکورٹی الرٹ جاری کیاگیا ہے۔اس دوران فوج نے تلاشی شروع کردی ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ ہفتہ کی شام تقریباً ساڑھے 6 بجے مینڈھر سب ڈویژن کے گاؤں بسونی گوہلد کے اوپر فضامیں کوئی چیز کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔انہو ں نے بتایا’’لائن آف کنٹرول کے اندر تھا اور ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک ڈرون ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون کی نشاندہی کے فوراًبعد ہی ایک انتباہ جاری کردیا گیا اور جموں وکشمیر پولیس کی ٹیموں کو علاقے میں پہنچایا گیا۔انہوں نے بتایا’’پورے علاقے کو سرچ آپریشن کے تحت لیا گیا ہے اور وسیع پیمانے پر تلاشی جاری ہے‘‘۔ متعلقہ عہدیداروں نے مزید کہاکہ نقل و حرکت بسونی گوہلد اور منکوٹے کے درمیانی علاقہ میں ہوئی۔سینئر سپرانٹنڈنٹ پولیس پونچھ رمیش انگرل نے بتایا کہ ڈرون کی نقل و حرکت پر توجہ دیئے جانے کے فورا ًبعد ہی تلاشی شروع کردی گئی۔
درماندہ 9,38,476شہریوں کی واپسی
جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے 9,38,476شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔سرکاری اَعداد و شما ر کے مطابق جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کی اِنتظامیہ نے ملک کی مختلف رِیاستوں اور یوٹیز سے 1,40,292 درماندہ مسافروں کو لے کر جبکہ براستہ لکھن پور7,98,184اَفراد کو حکومت نے155کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوںکے ذریعے اودھمپو ر اور جموں ریلوے سٹیشنوں پر خیرمقدم کیا ۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اَب تک بیرون ملک سے948مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اَب تک 155کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اَب تک بیرون یوٹی درماندہ 9,38,476شہریو ں کو کووِڈ۔19 وَبا سے متعلق تمام اَحتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا گیا۔
ترال میں غیر قانونی طور ریت اور باجری نکالنے کا سلسلہ جاری
ترال /سید اعجا ز//ترال کے چندری گام اور بے گنڈ علاقے میں نالہ چندری سے غیر قانونی طور ریت اور باجری نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور ریت،باجری اور پتھر نکالنے کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ نالہ میں چند خود غرض عناصر نے مشینیں ،ٹریکٹر اور ٹپرکام پر لگائے ہیں جودوران شب یہاں لوگوں کی نیدیں حرام کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایاکہ ایک لنک روڑ کو استعمال میں لاکر انہوں نے اسے بھی ناقابل آمدورفت بنالیاہے ۔لوگوںنے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ متعلقہ محکمہ کی پشت پناہی سے جاری ہے۔
خیر النساء آغا کو پی ایچ ڈی کی ڈگری عطا
سرینگر// جواہر لعل نہرو یونیورسٹی دہلی نے وسطی ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والی ریسرچ سکالر خیر النساء آغا کو پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا ہے۔موصوفہ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن کی بیٹی ہیں۔انہوںنے اپنا مقالہ بعنوان ’اصول اجتہاد اینڈ شیعہ ریوائیول ان ماڈرن ایران‘ پروفیسر اے کے راما کرشنن کی نگرانی میں مکمل کیا ہے۔موصوفہ نے ایک ٹویٹ میں کہا’’جے این یو کے سینٹر فار ویسٹ ایشین اسٹڈیز نے مجھے انٹرنیشنل اسٹڈیز میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا ہے اور’اصول اجتہاد اینڈ شیعہ ریوائیول ان ماڈرن ایران‘ میرے مقالے کا موضوع تھا۔انہوں نے لکھا ہے’’ میں پروفیسر اے کے راما کرشنن کی مشکور ہوں‘‘۔دریں اثنا آغا سید حسن نے اس سلسلے میں کہا کہ اسلام نے حصول تعلیم پر بہت زور دیا ہے اور اس میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ مؤثر ہتھیار ہے جس سے سماجی برائیوں کی بیخ کنی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔یو این آئی
کاروانِ ادب ڈب گاندربل کی تقریب پر شعری مجموعہ کی رسم رونمائی
سرینگر//کاروانِ ادب ڈب گاندربل کشمیر اور کلچرل اکیڈمی کے باہمی اشتراک سے ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی پہلی نشست میں ہلال تلاش کے شعری مجموعہ’ تلاشِ سخن‘کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ کتاب پرنوجوان قلمکارامتیاز انجم اور مسعود شاداب نے دو مقالے پیش کئے جن پربعد میں سیرحاصل بحث ہوئی۔اس تقریب کی صدارت کاروانِ ادب کے صدر سید اختر حسین منصور نے کی۔ دوسری نشست میں محفلِ مشاعرہ کا انعقادکیا گیا،جس کی صدارت معروف شاعر رشید روشن نے کی۔ مشاعرے میں شبنم تلگامی، فاروق سمبلی،اسداللہ صفوی، ریاض پروانہ، حمید اشفاق، محی الدین شلزاری، سابق علی سابق، اظہر نذیر، سلیم یوسف، ساگر نذیر، محتاج گنستانی، منظور رئیس، غلام حسن حق نوازاور سید اختر منصور سمیت کئی شعراء نے شرکت کی۔
مہلوک پولیس اہلکاروں کے بچوں کے وظیفوں کو منظوری
سرینگر// پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مہلوک اہلکاروں کے بچوں کے حق میں وظیفہ کو منظوری دیتے ہوئے کہا کہ جان بحق ہوئے اہلکاروں کے بچوں کے حق میں مزید اسکیموں کو متعارف کیا جائے گا۔ مہلوک پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ اور بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دلباغ سنگھ نے سال2019-20کیلئے44طلاب کیلئے3لاکھ60ہزار روپے کا وظیفہ منظور کیا۔اس سلسلے میں پولیس ہیڈ کواٹر سے حکم نامہ جاری کیا گیا۔ اس حکم نامہ کے تحت ایک بی ٹیک طالب علم کیلئے12ہزار جبکہ11ویں اور12ویں جماعت میں زیر تعلم28طلاب کیلئے فی طالب10ہزار روپے کا وظیفہ منظور کیا،اسی طرح7 ویںاور10ویں جماعت کے درمیان زیر تعلیم10طلاب کے حق میں فی فرد6ہزار روپے کا وظیفہ منظور کیا گیا۔ پرائمری کلاسوں مین زیر تعلیم4بچوں کیلئے2400روپے کے وظیفے کی منظوری دی گئی۔ یہ رقم سینٹرل پولیس ایجوکیشن فنڈ کی مد سے منظور کی گئی۔بیان کے مطابق سال بھر اس طرح کے وظائف کی منظوری دی جاتی ہے جو مہلوک اہلکاروں کے بچوں کی تعلیم میں معاونت کیلئے دی جاتی ہے۔