مزید خبرں

وادی میں 4.5شدت کازلزلہ

سرینگر//وادی کشمیر میں جمعرات کی شب زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ وادی میں آنے والے زلزلہ کی شدت ریکٹر پیمانے پر 4.5ریکارڈ کی گئی ۔ زلزلہ کا مرکز افغانستان اور پاکستان کے وسط کا علاقہ سوات اور گرد ونواح تھا۔زلزلے کی گہرائی 40 کلومیٹر تھا۔ ادھر دوران شب آئے زلزلہ کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و دہشت کی لہر پھیل گئی ۔
 

کولگام کی زخمی دوشیزہ سکمز میں انتقال کرگئیں

پرویز احمد +خالد جاوید
 
سرینگر //پونیوہ کولگام سے تعلق رکھنے والی لڑکی جمعہ کو سکمز صورہ میں انتقال کرگئیں۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بتایا ’’مذکورہ لڑکی کے گلے پر پھانسی کے نشان اور چھاتی پر زخم تھے ۔ وہ انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں زیر علاج تھیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ آئی سی یو میں لڑکی کی حالت کافی عرصے سے نازک بنی ہوئی تھی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ لڑکی زخموں کی تاب نہ لاکر جمعہ کوبعد دوپہر فوت ہوگئیں‘‘۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 31اکتوبر کو پولیس اسٹیشن دیوسر میں ایک لڑکی کے رشتہ داروں نے شکایت کی تھی کہ دیوسر میں شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے دوران لڑکی کو اغواکیا گیا ۔ اس ضمن میں مقامی لوگوں کے احتجاج کے بعد پولیس نے 341، 366، 376، 511، 354، 323 دفعات کے تحت آیف آئی آر زیرنمبر116/2020درج کیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کی تھی جبکہ پولیس نے دوملزموں کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایچ او دیوسر جاذب محمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لڑکی پہلے دن سے ہی سکمز صورہ میں وینٹی لیٹر پر تھی اورتب سے اسکی حالت نازک بنی ہوئی تھی‘‘۔انہوں نے کہا ’’ ابھی دو گھنٹے پہلے مجھے اسکی موت کی خبر ملی ہے اور میں سکمز کی جانب جارہا ہوں‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں پولیس نے ایک ایف آئی آر نمبر 116/2020درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کی جس دوران دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ لڑکی کے چہرے پر زیادہ زخم تھے جبکہ اسکے گلے پر پھانسی کے نشانات بھی موجود تھے‘‘۔انہوں نے کہا کہ لڑکی کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی پتا چلے گی۔ 
 
 

گنڈ بلاک میںتیاریاں مکمل،93امیدوار میدان میں 

غلام بنی رینہ
کنگن// وسطی گاندربل کے بلاک گنڈ A اور B میں ڈسٹرک ڈیولپمنٹ کونسل اور پنچایتی انتخابات کیلئے آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں جس میں ڈی ڈی سی، سرپنچ اور پنچ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ گاندربل نے اس سلسلے میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے ہیں۔ ڈسٹرک ڈیولپمنٹ کونسل کیلئے 10 امیدوار، 62پنچ، 21سرپنچ قسمت آزما رہے ہیں ۔انتظامیہ نے  127پولنگ مراکز قائم کئے ہیں اور ان پولنگ مراکز پر20,895رائے دہندگان اپنی حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں جن میں 10,966مرد، 9929خواتین ہیںجبکہ پولنگ مراکز پر 762ملازمین کو تعینات کیا گیاہے۔ ووٹنگ صبح 7 سے شروع ہوگی اور دوپہر2 بجے اختتام پذیر ہوگی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال اور ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پو سوال نے گنڈ اے اور بی حلقوں کا دورہ کرکے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ پولنگ مراکز کے باہر سکیورٹی کے کڑے انتظامات رکھے جائیں تاکہ رائے دہندگان کو اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے میں کسی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو منتخب کئے گئے پولنگ مراکز پر عملہ پہنچانے کیلئے احکامات صادر کئے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ پولنگ عملے کیلئے کھانے پینے کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ 
 

 سچائی اور ترقی کی سیاست میں یقین رکھتے ہیں :اپنی پارٹی 

سید اعجاز
ترال // اپنی پارٹی کے ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر نے کہا ہے کہ اپنی پارٹی سچائی اور ترقی کی سیاست کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ’ہم لوگوں کو اس دورمیں بھی جھوٹے اور گمراہ کرنے والے خواب نہیں دکھا تے ہیں‘ ۔انہوں نے کہاکہ گپکار والے 370کی بحالی وعدے کرنے کے ساتھ خود ہی بکھر گئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہماری پارٹی سمیت متعدد لوگوں نے دفعہ 370کی بحالی کے حوالے سے عدالت عظمیٰ میں عرضیاں داخل کی ہیں اورامید ہے کہ ہمارے حق میں فیصلہ سنایاجائیگا۔ انہوں نے کہاگپکار والے لوگوں کے ساتھ جھوٹے وعدے کر کے گمراہ کر رہے ہیں اور  ہم وہ عدہ کریں گے جو پورا کیا جاسکے گا۔ غلام محمد میر اپنی پارٹی کے ڈی ڈی سی امیدوار عبد االسلام ملک کیلئے سید آباد پستونہ ترال اور دیگر علاقوں میں انتخابی مہم چلائی۔ا نہوں نے کہا کہ ترال کو آج تک نظر انداز کیا گیا ہے جسکو اب برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
 

سیکریٹری پھولبانی نے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا

 
جموں//کمشنر سیکریٹری محکمہ پھولبانی ،پارکس اورگارڈنز شیخ فیاض احمد نے سینئر افسران کی میٹنگ میں محکمہ کے جاری منصوبوں کی طبعی اور مالی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ناظم پھولبانی جموں کے ایس ایس چب، ڈائریکٹر فائنانس محکمہ پھولبانی امتیاز احمد وانی، ایگزیکٹیو انجینئر پھولبانی جموں ایس ایس کو کال اور محکمہ کے دیگرسینئر اَفسران نے شرکت کی۔سیکریٹری نے منصوبے کے اخراجات اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ تما م جاری کاموں کومقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ فلوریکلچر کی ترقی کے لئے سینٹرل سپانسرڈ سکیموں کو عملی جامہ پہنائیں۔بعد میں اُنہوں نے باغِ بہواور بھور گارڈن جموں میں لائنگویشنگ کیٹگری کے تحت جاری کاموں اور ایمپہ تھیٹر کے ڈائریکٹوریٹ فلوری کے دفتر کے تعمیراتی کام کا معائینہ کیا۔
 

سمبل میں پرانے پل کی تعمیر6برسوں سے بند

ارشاد احمد
 
سمبل //سمبل سوناواری کے پرانے پل پر 6 برسوں سے کام بند ہے جس کے سبب ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس پل پر 6 سال قبل کام شروع کیا گیا تھا جسے نامعلوم وجوہات کی بنا پر شروع کرنے کے ساتھ ہی بند کردیا گیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس پل پرکو آمدورفت کے قابل نہ بنانے کے سبب انہیں گوناگوں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بارہمولہ،گاندربل، بانڈی پورہ اضلاع کو آپس میں ملانے کے لئے اس وقت دریا جہلم پر واحد ایک پل بنا ہوا ہے جس پر ٹریفک کا زیادہ دباؤ ہونے کی وجہ سے اکثر وبیشتر گھنٹوں ٹریفک جام لگا رہتاہے اور مسافروں، ملازمین اور خاصکر بیماروں کو قیمتی وقت ضائع ہوجاتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار اس ضمن میں حکام کو آگاہ کیا لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ پرانے پل پر فوری طور پر تعمیر کا کام شروع کردیا جائے۔
 

کرالہ گنڈ قاضی آباد کی دینی شخصیت کا انتقال

نماز جنازہ میں بڑی تعداد میںلوگوں کی شرکت

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//ہندوارہ کے کرالہ گنڈقاضی آبادکی معروف دینی و سماجی شخصیت غلام محمد کمہار المعروف مامہ صاحب عہد جوانی میں انتقال کر گئے۔موصوف کو اپنے علاقے میںلوگ عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے ۔اُن کی وفات پر دینی اور سماجی تنظیموں کے علاوہ سماج کے دیگر طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوںنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کااظہار کیا۔موصوف جماعت اسلامی کے رکن تھے اور جسمانی طور ناتواںہونے کے باوجود اپنی زندگی تحریک کے نام وقف کی تھی۔انہوں نے اپنے آبائی گائوں میں اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں کبھی کوئی کوتاہی نہیں کی۔اُن انتقال کی خبر پہنچتے ہی علاقے میں رنج وغم کی لہر دوڑ گئی اور نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور آبائی مقبرہ واقع کرالہ گنڈ میں سپرد لحد کیا گیا۔
 

برپورہ پلوامہ میں پانی کی شدید قلت

 
 سرینگرپلوامہ ضلع کے برپورہ علاقے میں پانی کی عدم دستیابی کے باعث لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے گھر گھر کنوے بھی کھودے گئے ہیں تاہم بارش نہ ہونے کی وجہ سے اب وہ بھی خشک ہوچکے ہیں۔انہوں نے ضلع حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں ٹینکروں کے ذریعے پانی کی سپلائی یقینی بنائی جائے ۔کے این ایس
 

ڈاکٹر فاروق کا شمی اوبرائے کیساتھ اظہارِ تعزیت

 
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی ٹریجرر شمی اوبرائے کے والدِ نسبتی پرمجیت سنگھ راناکے سرگباش ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر آنجہانی کے جملہ سوگواران خصوصاً شمی اوبرائے کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے آنجہانی کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی ۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، پارٹی لیڈران پیر آفاق احمد، تنویر صادق، سلمان علی ساگر ،ترجمان عمران نبی ڈار اور احسان پردیسی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 
 

بار ایسوسی ایشن ہندوارہ کی طرف سے تعزیت 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//بارایسوسی ایشن ہندوارہ کی جانب سے ہفتہ کو ایک تعزیتی میٹنگ میں بار کے ایک ممبر ایڈو کیٹ غلام حسن وانی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیاگیا ۔ایڈ وکیٹ وانی ایک روز قبل انتقال کر گئے ۔ہفتہ کو بار صدر ایڈوکیٹ غلام نبی کبو کی صدارت میں یہ تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سبھی بارممبران نے شرکت کی ۔اس موقع پر مرحوم ایڈوکیٹ غلام حسن وانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور لو احقین سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔