مزید خبرں

پونچھ میں حدمتارکہ کے نزدیک پاکستانی طیارے کی پرواز

فو ج اور فضائیہ کو چوکنا کردیاگیا،معاملے کی تحقیقات جاری
سرینگر//پونچھ میں حدمتارکہ کے قریب ایک پاکستانی جنگی طیارے کی پروازکے بعد فوج اورفضائیہ کو چوکنا کردیاگیاہے۔سی این آئی کے مطابق سرحدی ضلع پونچھ میں سوموار کی صبح اُس وقت فوج اور فضائیہ کو چوکنا کردیاگیا جب بھارتی سرحدی حدود میں پاکستانی جنگی طیارے کی مشکوک نقل وحمل محسوس کی گئی۔ذرائع کے مطابق پونچھ میں حدمتارکہ کے قریب شاہپوراور سوجیان کے درمیان فضاء میں دھوئیں کی ایک لکیر بن گئی ۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے مشتبہ طیارے نے حدمتارکہ کے قریب کم وبیش ساڑھے تین کلومیٹر تک پروازکی ۔نہوں نے مزید کہا چونکہ یہ بات طے ہے کہ کسی بھارتی طیارے نے وہاں سے کوئی اڑان نہیں بھری اس لئے جو دھوئیں کی لکیر پائی گئی ہے وہ پاکستانی طیارے کی پرواز سے ہی پیدا ہوئی تھی۔ پاکستانی جنگی طیارے کی مشکوک نقل و حمل محسوس ہونے کے بعد بھارتی فضائیہ اور فوج کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سرحدوں پر جنگی طیارے کی مشکوک نقل و حمل کے بعد کشیدگی پھیل گئی ۔ ادھرحکام نے اس معاملے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے فضائیہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے تاکہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تصدیق کی جاسکے۔ذرائع نے مزید کہا کہ اگر چہ فضائیہ کی طرف سے ابھی کوئی بات نہیں کہی گئی ہے تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
 

اوڑی کے دلخراش حادثہ پر نیشنل کانفرنس رنجیدہ

سرینگر//اوڑی میں ماں اور اس کی دوکمسن بیٹیوں کے دم گُھٹنے کی وجہ سے موت پر نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان محمد اکبر لون نے گہرے صدمے کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے اس حادثے میں فوت ہوئی ماں بیٹیوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر محمد شفیع اوڑی، ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار اور سجاد شفیع نے بھی اس دلخراش اور دلدوز واقعہ پر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی لیڈران نے انتظامیہ پر زور دیا کہ مرحومین کے لواحقین کے حق میں بھر پور ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔
 

جموں کشمیرکی موجودہ حالت

این سی اور پی ڈی پی ذمہ دار:عوامی اتحاد پارٹی

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//ریاست کے خصوصی درجے کے خاتمے کیلئے نیشنل کانفرنس ذمہ دار ہے جبکہ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے جموں کشمیرمیں بھاجپا کے ساتھ اتحاد کرکے ریاست کو تباہ کرکے رکھدیا۔ان باتوں کا اظہار عوامی اتحاد پارٹی کے سینئرکارکنوں نے قاضی آباد لنگیٹ میں پارٹی کارکنوںکے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پرضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کیلئے پارٹی کے نامزدامیدوارفاروق احمد وانی اورپارٹی ترجمان شبیراحمدنے ورکروں سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ2018میں نیشنل کانفرنس اور پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کوعوامی اتحاد پارٹی کے صدرانجینئررشید نے متحد ہونے کی دعوت دی تھی،جو انہوں نے مسترد کی اورآج یہ کیسے جھوٹ کے الائنس کی باتیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مفاد پرست نام نہاد اتحاد عوام کااستحصال کرتے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں ۔  انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی پارٹی صدرانجینئررشیدکو رہا کیاجائے۔انہوں نے ریاست کے خصوصی درجے کی بحالی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے عوام سے عوامی اتحاد پارٹی کے امیدوارفاروق احمد وانی کو کامیاب بنانے کی بھی اپیل کی۔
 

لداخ کے دورافتادہ پھوٹوکسر گائوں میں بجلی پہنچائی گئی

لیہہ//لداخ کے پھوٹوکسرگائوں میں سوموار کو پہلی بار بجلی کے بلب روشن ہونے سے لوگوں میں خوشی کی لہردوڑ گئی۔ملک بھر میں اگرچہ لوگ جدید ترین آلات کااستعمال کررہے ہیں لیکن اس دورافتادہ گائوں میں ابھی تک بجلی نایاب تھی۔لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین وسی ای اوتاشی گیلاسن نے پھوٹوکسر گائوں کیلئے این ایچ پی سی کی ترسیلی لائن کا افتتاح کیا۔پورے گائوں کے لوگ بجلی کی روشنی دیکھ کر خوشی سے پھولے نہیں سمائے ۔ایک مقامی شہری چنڈول نے کہا کہ گائوں میں بجلی دیکھ کرہم خوش ہوئے اوراب ہمارے بچے اچھی طرح پڑھ پائیں گے اورآگے بڑھیں گے۔  گیالسن نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی دوراندیش قیادت نے دین دیال اپادھائیائے گرام جیوتی یوجنا شروع کی  اور لداخ کے ممبر پارلیمان جیمانگ سرنگ کی کوششوں سے اس دورافتادہ گائوں کو بھی بجلی کے نور سے منور کیاگیا۔انہوں نے مزید پانچ گائوں تک بھی بجلی پہنچانے کا یقین دلایا۔