مزید خبرں

 لداخ میں چین کو  بھاگنے پر مجبور کیا: راجناتھ | ملک کی سالمیت کیلئے جانیں نچھاور کرنے والوں کو ہمیشہ یادرکھا جائیگا

سرینگر//وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے بہادر فوجیوں کی کارروائی سے چینی فوج مشرقی لداخ سے واپس جانے پر مجبور ہوگئی ۔سی این آئی کے مطابق ایف آئی سی سی کے جنرل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمالیہ کے محاذوں پر تعینات ہماری فوج نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کی سالمیت کو کبھی کوئی خطرہ نہیں ہوسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ لداخ میں چینی فوج کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ہماری فوج نے جس بہادری کا مظاہر ہ کیا ،اس کے نتیجے میں چینی فوج کود ہی واپس جانے پر مجبور ہوئی ۔انہوں نے کہا،’’ ہمیں ان جوانوںکی بہادری یاد ہے جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کردیں۔ ملک ہمیشہ ان کا ممنون ر ہے گا۔‘‘راجناتھ سنگھ نے کہا کہ لداخ میںہی نہیں بلکہ جموں کشمیر میں تعینات ہماری فوج نے جنگجویت کا صفایا کیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری فوج نے جس بہادری سے جموں کشمیر میںامن و قانون کی بحالی کیلئے قربانیاں پیش کی ہیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے سب سے بڑے جمہوری ادارے پر حملہ کروانے  والے ملک کو اپنے ارادوں میں ناکامی کے سوا کچھ بھی نہیں ملا جس کا ثبوت آج جموںکشمیر میں لوگوں کی بڑی تعداد کاووٹنگ میں حصہ لینا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ برس دفعہ 370کی منسوخی سے جموں کشمیر کے عوام بہت خوش ہیں جس کے نتیجے میں سخت سردی کے باوجود بھی ہماری مائیں ،بہنیں اور بُزرگ ووٹ ڈالنے کیلئے لمبی لمبی قطاروں میں دیکھے جارہے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ جموں کشمیر کی سرحدیں ہوں یا لداخ میں چین کے ساتھ لگنے والی سرحدیںبھارت کے سپوتوں نے ہر محاذ پر بہادری دکھاکر دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا ہے ۔ 
 
 

لولاب میں ریلی کے دوران | 2 افراد پٹرول بم سمیت گرفتار

اشرف چراغ
کپوارہ//لولاب علاقہ میں پولیس نے الیکشن ریلی میں دو افراد کو پٹرول بم سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس کے مطابق ضلع ترقیاتی کونسل الیکشن ریلی کے دوران دو نوجوان پٹرول بم کی بو تلیں سمیت نمودار ہوئے اور جو ں ہی انہو ں نے ریلی پرپٹرول بم حملہ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے ان کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دونو ں کو گرفتار کیا  ۔بتا یا جاتا ہے کہ لولاب کے واوورہ نشست کے ورنو علاقہ میںپیپلز لائنس کے امیدوار طارق مجنون میر کی الیکشن ریلی تھی جس دوران دو افراد نے پٹرول بم  پھینکنے کی کوشش کی اور دونوں کو دھر لیا گیا ۔ تاہم پولیس نے دونو ں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
 
 

پولیس سربراہ کا سوپور،بانڈی پورہ اور گاندربل کادورہ | ضلع ترقیاتی کونسل انتخاب کے دوران حفاظتی دستوں کے رول کوسراہا

نیوز ڈیسک
سرینگر//جنگجووں اور ان کے آقا ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں لوگوں کی شرکت سے بوکھلا اٹھے ہیں اور وہ ان انتخابات کے دوران ماحول کو بگاڑنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے سوپور، بانڈی پورہ اور گاندربل دور ے کے دوران کیا ۔ ڈی جی پی نے سوپور، بانڈی پورہ اور گاندر بل میں اعلیٰ سطحی میٹنگوں میں سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیا ۔  ان کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر وجے کمار بھی تھے۔ ڈی جی پی نے پہلے شمالی کشمیر کے سوپوار اور بانڈی پورہ کا دوررہ کیا اور دوپہر کے بعد گاندربل ضلع کا دورہ کیا ۔میٹنگ کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے جموں و کشمیر پولیس کے رول کی سراہنا کی اورسیکورٹی فورسز کوجنگجوئوں سے نپٹنے اور پولیس کو سیکورٹی فراہم کرنے کی بھی ستائش کی۔  انہوں نے انتخابات کو پر امن طریقے سے منعقد کرانے کیلئے افسران کی متحدہ کوششوںکی بھی تعریف کی اور تمام افسران کو ہدایت دی  کہ باقی ماندہ ڈی ڈی سی انتخابات کے دوران حفاظتی انتظامات کوسخت کرے۔  انہوں نے کہا کہ جنگجو اور ان کے آقا انتخابات میں لوگوں کی بھاری شرکت کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کاشکارہو گئے ہیں اور ان انتخابات کے دوران ماحول کو بگاڑنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور وہ ان کے عزائم کو ناکام کرنے کیلئے مزید ہوشیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو فورسز اہلکاروں سے اُمید یں وابستہ ہیں اور پولیس کو انکی اُمید وںپر کھرا اترنا ہوگا۔  انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن و امان کو بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں اور ہمیں ان پر نظر رکھنی ہوگی۔  انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اس موقع پر افسران نے ڈی  جی پی کو اپنے علاقوں کی سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ میٹنگ میں ڈی آئی جی نارتھ کشمیر محمد سلیمان چودھری، سی او 22آر آر کنل ابھیشیکھ کمار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ 
 
 

عبداللہ اور مفتی خانوادوں کے سرحد پار رابطے | جموں کشمیرکوترقی سے محروم رکھا:ترون چھگ

سرینگر//عبداللہ اور مفتی خاندانوں پر سرحد پار رابطے رکھنے کا الزام عاید کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چھگ نے کہا کہ بی جے پی جموں جموں کشمیر کے عوام کو بندوق کے سائے سے نکال کر تعمیر و ترقی کے نئے دور کی طرف لے جانے کے لئے پرعزم ہے ۔ ترون چھگ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقیاتی پروگراموں نے جموںکشمیر کے عوام میںایک نئی امید جگا دی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی جنرل سیکرٹری ترون چھگ نے کہا کہ عبد اللہ اور مفتی خاندانوں کے سرحد پار رابطوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو ترقی سے محروم رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70سالوں میں جموں کشمیر کے عوام کو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا سامنا رہا اور نہ ہی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مناسب مواقع پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے دونوں مقامی پارٹیوں کے ساتھ دوستانہ میچ کھیل کر عوام کوجنگوئوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب ،وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقیاتی پروگراموں نے جموں و کشمیر میں عوام کیلئے ترقی کی نئی راہیںکھول دی ہیں اور اب جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا سورج طلو ع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے نوجوانوں کی نئی خواہشیں ہے اور ان کا نظریہ بھی تبدیل ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموںکشمیر کے نوجوان اب گولیاں نہیں بلکہ طبی و تعلیمی سہولیات چاہتے ہیں ۔ چھگ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندری مودی کی فلاحی اسکیمیں جموں کشمیر کے نوجوانوں کیلئے اب فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے ۔
 
 

بھاجپانے کشمیرمیں اپنے لئے جگہ بنالی:شہنوازحسین

 سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی نے کشمیروادی میں اپنے لئے سیاسی جگہ بنا لی ہے اور کشمیرکی روایتی سیاسی جماعتوں کو اس صحت مند جمہوری سیاست سے چڑ ہے  اور وہ کھلے عام یہ کہہ رہی ہیں کہ وہ بھاجپا کوکشمیرمیں جگہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ان باتوں کااظہاربھاجپا کے سینئر رہنما سیدشہنوازحسین نے باغات کنی پورہ بڈگام اور کھریو پلوامہ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ آمرانہ اپروچ جمہوریت کیلئے سم قاتل ہے۔اس موقعہ پربھاجپا کی مقامی رہنما ڈاکٹر درخشان اندرابی نے کہا کہ مایوسی سے نکل کر اب ایک نیا کشمیر اُبھررہا ہے جو ایک قلیل مدت میں پورے ہندوستان کیلئے مشعل راہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا کاترقی کانظریہ پورے جموں کشمیرکو بدل کر رکھ دے گا ۔
 
 

گرورہ بانڈی پورہ میں دوبارہ پولنگ کی جائے: مظفر شاہ 

سرینگر// یواین آئی//جموں و کشمیر عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے ضلع بانڈی پورہ کے گرورہ انتخابی حلقے کے دو پولنگ بوتھوں میں دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ان کا الزام ہے کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے ان دو بوتھوں پر قبضہ کرکے 18 سو ووٹوں میں سے زائد از 16 سو ووٹ اپنے حق میں ڈالوائے ۔تاہم ان کا ساتھ ہی یہ بھی کہنا تھا کہ ان بوتھوں کے علاوہ ضلع میں قائم باقی تمام بوتھوں پر شفاف پولنگ ہوئی۔بتادیں کہ جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لئے اتوار کے روز پولنگ ہوئی تھی۔مظفر شاہ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں ایک پریس کا نفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ گرورہ کے دو پولنگ بوتھوں پر دوبارہ پولنگ ہونی چاہئے ۔ان کا کہنا تھا،’’جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے ان بوتھوں پر چائے اسٹال لگائے تھے وہ لوگوں کو چائے پلاتے تھے اور ان سے ووٹر سلپس حاصل کرکے خود ہی اندر جا کر ووٹ ڈالتے تھے‘‘۔انہوںنے کہا کہ اپنی پارٹی کے لوگوں نے ان پولنگ بوتھوں پر 18 سوووٹوں میں سے زائد از 16 سو ووٹ اپنے حق میں ڈال دئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی الیکشن کمشنر کو تحریری طور پر مطلع کیا ہے اور انہوں نے ان بوتھوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے تھے لیکن اس کے باوجود بھی وہاں غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا۔ شاہ نے کہا کہ ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ضلع افسروں اور وہاں موجود ایس او جی کے خلاف بھی تحت قانون کارروائی کی جانے چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبوں کو پورا نہیں کیا گیا تو ہم ہائی کورٹ کا رخ کریں گے ۔موصوف، جو پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے رکن بھی ہیں، نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ڈی ڈی سی انتخابات وہ پہلے ہی جیت چکے ہیں۔ 
 
 

 گپکار اتحاد سے بھاجپا بوکھلاہٹ کی شکار:ساگر

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ گپکار اتحاد سے بھاجپا بوکھلاہٹ کی شکارہوگئی ہے۔کل یہاںپارٹی ہیڈ کواٹر نوائے صبح کمپلیکس میں شوپیاں کے سنیئر کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ جموں کشمیر کی وحدت ،انفرادیت اور شناخت کے علاوہ بھائی چارے کی مشعل کو فروزاں رکھنے میں عظیم مالی و جانی قربانی دی ہے اور ہر صورت میں جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن اور وحدت کو قائم و دائم رکھنے میں اپنا فخر سمجھا ہے۔ انہوں نے کہا’’ بھاجپا اور آر ایس ایس کو ہمیشہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے ساتھ مخاصمت تھی ‘‘ ۔انہوں نے کہا’’ ان فرقہ پرست لیڈران کو احساس ہے کہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں ان کی ہار مقدر بن چکی ہے،جس کے نتیجے میں انہیں بوکھلاہٹ پیدا ہوگئی ہے‘‘۔علی محمد ساگر نے کہا کہ جب تک نہ جموں کشمیر کے لوگوں کو آئینی اور جمہوری حق جو5اگست2019 سے پہلے حاصل تھے اور جو آئین ہند کی دفعہ370اور35ائے کے تحت اندراج ہے،تب تک جموں کشمیر میں کوئی امن لوٹ آنے کی امید نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی بالادستی مقدم اور ربط و ضبط والے لوگوں کا اشتراک ضروری ہے۔ اس موقعہ پر پارٹی کے صوبائی سیکریٹری شوکت احمد میر،ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد،ڈاکٹر سعید مخدومی،احسان پردیسی،ڈاکٹر سجاد شفیع،ایڈوکیٹ شبیر احمد کلے اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔
 
 

نجیITI'sکے قیام کے بروقت تکمیل کو یقینی بنایاجائے | پرنسپل سیکریٹری سکل ڈیولپمنٹ کی حکام کو تلقین

جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے یہاں جموں و کشمیر کے آئی ٹی آئی کے لئے رہنما اصولوں پر نظرثانی کرنے کے طریقۂ کار اور کے آئی ٹی ای نجی آئی ٹی آئیزکے قیام پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔جموں و کشمیر میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی) اور نیشنل کونسل برائے ووکیشنل ٹریننگ (این سی وی ٹی) کے رہنما خطوط اور اصولوں کے مطابق نئی نجی آئی ٹی آئی کے کام اور قیام سے متعلق مختلف امور پر بحث و تمحیص ہوئی۔ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ جے اینڈ کے سجاد حسین گنائی نے میٹنگ کو نئی آئی ٹی آئی کے قیام کے قواعد و ضوابط کے بارے میں جانکاری دی اور جموں وکشمیر میں حکومت کے ساتھ ساتھ نجی اداروں میں داخلے کے عمل سے بھی آگاہ کیا۔اُنہوں نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر یونین ٹریٹری سرکاری آئی ٹی آئی میں 12000 طلاب نے مختلف ہنروں میں داخلے لئے۔ کووِڈ۔ 19 کے ایس او پی کے مطابق داخلے کے عمل کو آسان بنانے کی وجہ سے داخلے کے دوران بڑی تعداد میں نشستیں پُرکی گئیں۔ڈاکٹر اصغر سامون نے کہا کہ تمام صنعتی تربیتی اِداروں نے طلاب کو روزگار کے حصول کے لئے تربیت دینے کے لئے نیشنل کونسل آف ووکیشنل ٹریننگ کی ہدایت کے تحت ڈائریکٹر جنرل ایمپلائمنٹ اینڈ ٹریننگ جو ہندوستان حکومت کی سطح پر مربوط کرنے کے لئے ایک اعلی ادارہ ہے ملک کی پیشہ وارانہ ترقی کے لئے اپنی ایک ورکشاپ تشکیل دی ہے۔ڈاکٹر اصغرسامون نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ نجی آئی ٹی آئی کے قیام کے عمل کو بروقت تکمیل کرنے کے لئے ہرممکن ضروری اقدامات کریں تاکہ UT کے زیادہ سے زیادہ طلباء مستفید ہوں۔دیگر لوگوں کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ کلدیپ ساپولیا،جوائنٹ ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جموں جی ایم بٹ ، انڈر سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ نوید بدرو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ مندیپ ڈوگرہ پرنسپل گورنمنٹ آئی ٹی آئی جموں راجندر کمار کے علاوہ کشمیر ڈویژن کے محکمہ سکل ڈیولپمنٹ کے اعلی افسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شرکت کی۔
 

’ریاضی میں نئے رجحانات‘ کشمیر یونیورسٹی میں دوروزہ کانفرنس | نوجوان طلباء کو ریاضی کی رف راغب کیا جائے:پروفیسر طلعت احمد

سرینگر//ہماری روزمرہ زندگی میں ریاضی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر طلعت احمد نے کہا ہے کہ ہمیں ریاضی کے میدان میں نئے رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہیے تاکہ ہم کسی سے پیچھے نہ رہیں ۔یوم ریاضی کے موقعہ پرکشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی اور جموں کشمیر حکومت کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محکمہ کے اشتراک سے  ’ریاضی میں نئے ابھرتے رجحانات‘موضوع پرمنعقدہ دوروزہ قومی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر طلعت نے کہا کہ ریاضی کے بنیادی اصولوں کی بہتر سمجھ نوجوان ذہنوں کو اپنی سمجھ پیدا کرنے اور مباحثوں کی قابلیت پیدا کرنے کے اہل بنائے گی اور وہ بہتر اور منطقی فیصلے لیں سکیں گے۔ انہوں نے نوجوان طلباء کو ریاضی کی طرف راغب کرنے پرزوردیا تاکہ وہ ابتدائی سطح سے ہی اس میں دلچسپی لیں اورریاضی کے بارے میں وہموں کو دور کرنے کی تاکید کی۔ اس موقعہ پر رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد جو مہمان خصوصی کے طور موجود تھے،نے کہا کہ ریاضی دیگر شعبوں کو سہل اور آسان بناتی ہے ۔انہوں نے ماہرین تعلیم پر زوردیا کہ وہ اس مضمون کو مقبول بنانے میں اپنا کردار ادا کریں  
 

کشمیر یونیورسٹی میں سات روزہ ورکشاپ | اسکالرتحقیق کے اصولیات کوجانیں اوران پر عمل کریں:رومشو

سرینگر//تحقیق کے اصولیات کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کشمیر یونیورسٹی کے ڈین ریسرچ پروفیسر شکیل رومشو نے اسکالروں پرزوردیاکہ وہ تحقیق کے اصولوں کوجانیں اور اپنے مقصد کے حصول میں ان پر مکمل عمل کریں۔کشمیریونیورسٹی میں ’ریسرچ میتھڈالوجی اِن سوشل سائنسز‘موضوع پر سات روزہ ورکشاپ کے آغاز کے موقعہ پرانہوں نے کہاکہ اس سے ان کی تحقیق کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے اورتحقیق کا معیاربھی بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سوشل سائنسزمیں تحقیق اہم ہے کیونکہ اس سے سماج میں بہت سے مسائل کو اجاگر کرکے انہیں دور کرنے کی راہیں بھی نکل آتی ہیں ۔یونیورسٹی کے میڈیاایجوکیشن ریسرچ سینٹر اور شعبہ سوشل سائنس کے اشتراک سے منعقدہ اس  ورکشاپ میںاپنے کلیدی خطبے میں ڈین بیہیورل سائنس پروفیسر شوکت احمد شاہ نے سوشل سائنسزمیں تحقیق میں درپیش مشکلات اور مسائل کی نشاندہی کی ۔میڈیا ایجوکیشن ریسرچ سینٹر کی سربراہ عالیہ احمد نے کہا کہ نئے خیالات اور نئے نظریے ابھررہے ہیں اورماہرین تعلیم کو نئے خیالات کو نئے زاویوں سے دیکھنے پرمجبور کرتے ہیں۔
 
 

بڈگام میں بغیر پیشگی اطلا ع درخت کاٹناناانصافی | حکام پہلے سرکاری اراضی پربااثر لوگوں کیخلاف کاررائی کریں:تاریگامی

جموں //کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) کے یوسف تاریگامی نے بڈگام میں حکام کی طرف سے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے میوہ درخت کاٹنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم انصاف کے منافی ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ایک بیان میں تاریگامی نے کہا کہ بغیر کسی نوٹس کے درخت کاٹنے کا کوئی جواز نہیں ہے اورغریب کاشتکاروں کو نقصان پہنچایاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ کچھ دہائیوں قبل کسانوں سے کہاگیاتھاکہ وہ اپنے آس پاس کی اراضی پر درخت لگائیں اور آج یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ان کو اس اراضی سے ہٹاکر درخت کاٹے جارہے ہیں۔تاریگامی نے کہاکہ یہاں اثرورسوخ رکھنے والے افراد نے سرکاری اراضی پر مکانات اور تجارتی کمپلیکس بنائے ہوئے ہیں لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی لیکن غریب کسانوں اور کاشتکاروں کو پریشان کیاجارہاہے۔ان کاکہناتھاکہ کاشتکاروں کے ساتھ انصاف کیاجائے اور ان کی محنت پر پانی پھیرنے سے قبل ان لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو سرکاری اراضی پر قابض ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

گلشن کلچرل فورم کشمیر کے اہتمام سے بزم فریاد منعقد

 سرینگر// گلشن کلچرل فورم کشمیرکے اہتمام سے سنور کلی پورہ میں ایک ادبی نشست منعقد ہوئی۔ اس نشست کی صدارت فورم کے صدر سید بشیر کوثر نے کی۔ نشست کے دوران بالترتیب مقبول شیدا اور شمیمہ تبسم کی شاعری پربحث ہوئی۔ گلشن بدرنی، عبدالاحد شہباز اور سید بشیر کوثر نے ان تخلیقات کا بغور جائزہ لے کر جہاں تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کی وہیں تخلیقات کی نوک پلکیں سنوارنے کی تجاویز بھی دیں۔ صدر مجلس  نے اس کوشش کو سراہا۔ اس موقع پر فورم کے جنرل سیکریٹری گلشن بدرنی نے کہاکہ اس طرح نہ صرف بزم فریاد منعقد کرنے سلسلہ جاری ہو گا بلکہ رواں مالی سال کے آخر تک فورم کا سالنامہ’’فریاد‘‘ بھی منظرعام پر آجائے گا۔ مجلس میں شکیل عبداللہ، ادراک نسیم اور بارک خورشید بھی موجود تھے۔
 
 
 
 

کپوارہ میںترقیاتی کمشنر کا صحافیوں کا ساتھ تبادلہ خیال 

کپوارہ//جرنلسٹس اینڈ رائٹر س ایسو سی ایشن کور گروپ اور ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ کے درمیان ایک میٹنگ میں ’میڈیا کا رو ل اور ہماری ذمہ داریا ں‘ کے عنوان پرتبادلہ خیال ہوا ۔ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے کہا کہ آج کے ترقیاتی دور میں میڈیا کی اہمیت مسلمہ ہے جبکہ ٹیکنالوجی نے اس وسیع وعریض دنیا کو ایک گلو بل ولیج میں بدل کے رکھ دیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ میڈیا اس وقت سب سے بڑی طا قت ہے اور اس کے پاس ایسے اختیارات ہیں جن کی بدولت میڈیا لوگو ں کے مسائل انتظامیہ تک پہنچانے میں اہم کر دار نبھایا ہے ۔انہو ں نے مزید کہا کہ میڈیا جمہوریت کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے اور اس سے معاشرے کا آ ئینہ کہا جاتا ہے ۔ترقیاتی کمشنر موصوف نے کہا کہ میڈیا عوام اور انتظامیہ کے درمیان پل کا کام کرتا ہے اور جس طرح سے لوگو ں کے مسائل اجاگر کرتے ہیں وہ قابل سراہنا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ کپوارہ میں میڈیا نے ہمیشہ عوامی مسائل اجاگر کئے اور انتظامیہ سے فوری طور حل کرانے کے لئے توجہ مبذول کرائی ۔اس موقع پر ایسوسی ایشن ممبران میں فیا ض حمید ،اشرف چراغ ،راسخ رسول ،ابرار بٹ ،کامران اشرف ،عرفان لون اور اظہر پیر شامل تھے ۔
 
 

درویش غفار صا حب کرال کا یوم وصا ل آ ج | وترہیل بڈگام میں درود اذکار کی مجا لس کا اہتمام ہو گا 

سرینگر//ملنگ اور با کمال درویش غفار صا حب کرال کا یوم وصا ل آ ج بڑ ی عقیدت واحترام کے ساتھ منا یا جارہا ہے۔ اس ضمن میں ان کے آ ستانیہ عالیہ واقع وترہیل مقام بڈگام میںآ ج یعنی بد ھ کو درود اذکار کی مجا لس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں عقیدت مند تشریف لا رہے ہیں۔ خیا ل رہے کہ منگل اور بد ھ کی درمیان رات یہاں محفل موسیقی کے علاقہ دورود اذکار کی مجالس کا اہتما م کیا گیا ہے جس میں سردی کے باوجود سینکڑوں لوگوں نے شر کت کی۔
 
 
 

آٹو ڈرائیورس ایسوسی ایشن وفد کی آر ٹی او سے ملاقات | جائز مسائل حل کرانے کی مانگ

سرینگر// آٹو رکشھا ڈرائیورس ایسو سی ایشن نے ریجنل ٹرانسپورٹ افسر سے ملاقات کے دوران انہیں درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری شیخ فیاض نے بتایا کہ ایسو سی ایشن کے ایک وفد نے ریجنل ٹرانسپورٹ افسر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔شیخ فیاض کے مطابق آر ٹی او نے اُن کے جائز مسائل حل کرانے کا یقین دلایا۔ اس دوران انجمن کی ایک میٹنگ زیر صدارت فیاض احمد کمار منعقد ہوئی،جس میں اعلان کیا گیا کہ ایسو سی ایشن کا کسی بھی ٹریڈ یونین سے کوئی بھی تعلق نہیںہے۔میٹنگ کے دوران تمام لیٹر ہیڈ، رسید بک اور دیگر کاغذات منسوخ کئے گئے۔
 
 

حضرت سید قاسم شاہ حقانیؒ کا عرس

سرینگر// وادی میں آج بلند پایہ ولی کامل حضرت سید شاہ قاسم حقانی کا عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلے میں ان کے آستان عالیہ واقع نرپرستان فتح کدل میں صبح سے ہی ختمات المعظمات اور مولود خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی،جس کی پیشوائی سجادہ نشین  دربار اکملیہ میر سید مقتدر کاملی نے کی جبکہ مولودی خوانی کی پیشوائی مولانا شوکت حسین کینگ نے کی۔اس موقعہ پر انہوں نے حضرت شاہ قاسم حقانی کی پاک سیرت علمی و روحانی کمالات پر روشنی ڈالی۔مجلس  میں مولای خورشید احمد قانونگو،محمد اشرف عنایتی اور مولوی منظور نے بھی شرکت کی۔
 
 

سویہ بگ بڈگام میں عمر رسیدہ خاتون کی خود کشی کی کوشش

بڈگام/ارشاداحمد//سویہ بگ بڈگام میں ایک ساٹھ سالہ خاتون نے خود پر مٹی کا تیل چھڑک کرخودکشی کرنے کی کوشش کی ،تاہم اہلخانہ اور پڑوسیوں نے خاتون کوشدیدزخمی حالت میں اسپتال پہنچایا۔اطلاعات کے مطابق سویہ بگ بڈگام میں ایک ساٹھ برس کی خاتون نے گھریلوں پریشانیوں سے تنگ آکر خود پرمٹی کاتیل چھڑکااور آگ لگادی ۔اس موقعہ پر دیگر اہلخانہ نے آگ بجھاکر اُسے پڑوسیوں کی مددسے نزدیکی اسپتال پہنچایا جہاں سے اُسے صدراسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔پولیس حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھر ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔
 
 

جموں و کشمیر میں صلاحیتوں سے بھر پور مثال فنکار: امتیاز علی

جموں/یواین آئی// معروف فلم ڈائریکٹر امتیاز علی کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے فنکاروں کی صلاحیتوں کی دنیا میں مثال نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری کشمیر کے نوجوانوں خاص کر فنکاروں سے اپیل ہے کہ وہ سامنے آکر اپنے فن کا مظاہرہ کریں تاکہ اس میں مزید نکھار آسکے ۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا،’’کشمیری نوجوانوں خاص کر فنکاروں کو میرا یہ پیغام ہے کہ وہ سامنے آئیں اور اپنے فن کا مظاہرہ کریں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کے لئے جموں وکشمیر میں بہت سارے پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد نوجوانوں کو اپنے فن کے مظاہرے اور انہیں کچھ نئی تخلیقی چیزوں سے روشناس کرانا ہے ۔جموں و کشمیر کے فنکاروں کی تعریفیں کرتے ہوئے موصوف ڈائریکٹر نے کہا،’’میں لگ بھگ دنیا بھر میں گیا ہوں لیکن جتنے با صلاحیت فنکار میں نے جموں و کشمیر میں دیکھے، اتنے دنیا میں کہیں اور نہیں دیکھے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اس ٹیلنٹ کو استعمال کرنا ہے اوریہاں کے نوجوانوں کو اپنے فن کو مزید مکمل اور نکھارنا ہے ۔