مزید خبرں

ڈی جی پی کا پی سی آر اور زینہ کوٹ کا دورہ |  پولیس ہاؤسنگ کالونی کیلئے مجوزہ سائٹ اور مختلف یونٹوں کا معائنہ

سرینگر// ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ جو اس وقت وادی کشمیر میں ایک ہفتہ طویل دورے پر ہیں، نے کل پولیس کمپلیکس پی سی آر سرینگر اور زینہ کوٹ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر وجے کمار اور ڈی آئی جی وسطی کشمیر بھی تھے۔انہوں نے پہلے پی سی آر کمپلیکس اور بعد میں زینہ کوٹ کا دورہ کیا ، جو جموں و کشمیر کے لئے بالترتیب این جی او یا’’ائو آر میس‘‘ اور پولیس ہاؤسنگ کالونی کا مجوزہ مقام ہے۔ پی سی آر میں ڈی جی پی نے مختلف یونٹوں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کو ملنے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈی جی پی کو ایس ایس پی پولیس کنٹرول روم شاہد معراج اور دیگر افسران نے ان یونٹوں کے کام کرنے اور پولیس اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلات فراہم کی۔ ڈی جی پی نے افسران کو پولیس کنٹرول روم کمپلیکس میں این جی او میس کی تعمیر کے لئے موزوں اراضی کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی اور موجودہ سہولیات میں بہتری لانے پر بھی زور دیا۔بعد میں پولیس سربراہ نے زینہ کوٹ میں پولیس ہاؤسنگ کالونی کی تعمیر کے لئے مجوزہ مقام کا دورہ کیا۔ رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے یہ اراضی حکومت نے جموںوکشمیر پولیس کو الاٹ کردی ہے۔ ڈی جی پی نے  پولیس کنٹریکشن ڈویژن اور ایس ایس پی سری نگر کی تکنیکی ٹیم سے موقع پر ہی منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ پولیس کنسٹریکشن اور دیگر افسران کی فنی ٹیم کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ  مرکزی زیر انتظام والے خطے میں زیر التواء منصوبوں پر کام تیز کرے جو وبائی امراض کی وجہ سے سست روی کے شکار ہوئے۔ انہوں نے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام منظور شدہ منصوبوں کے ماسٹر پلانز کی تیاری کا اعادہ کیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پولیس کالونیوں اور دیگر مقامات پر مختلف قسم کے کام کی فوری ضرورتوں کی نشاندہی کریں اور ان کی ترجیح پر توجہ دیں۔ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر حسیب مغل ، 44 ویںبٹالین سی آر پی ایف کے کمانڈنگ آفیسر نند کے پونیہ ، ایس پی ویسٹ شہزاد سلاریہ ، پی سی ڈی کی تکنیکی ٹیم اور انجینئر اس موقع پر موجود تھے۔
 
 

شاہنواز حسین کی زیارت مخدوم صاحبؒ پر حاضری

سرینگر//بی جے پی کے قومی ترجمان اور سابق مرکزی وزیر سید شاہنواز حسین نے بدھ کو پائین شہر میں حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی۔سابق مرکزی وزیر اور بھاجپا کے سنیئر مرکزی لیڈر سید شاہنواز حسین نے بدھ کو پائین شہر میں واقع حضرت مخدوم صاحبؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی۔شاہ نوازحسین نے کشمیرمیں امن ، خوشحالی اور ترقی وادی کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دعا کی۔شاہنواز حسین نے کہا کہ انہوں نے آستان عالیہ پر سکون اور راحت محسوس کی۔
 
 
 
 
 

مستقبل کی راہوں کاانتخاب | طلاب کی ہرسطح پر بہتر کونسلنگ کی جانی چاہیے:پروفیسرطلعت 

سرینگر//نوجوان طلباء کو اپنی مخصوص صلاحیتوں جو اُن میں موجودہوں،کے مطابق اپنے مستقبل کی راہوں کا انتخاب کرنے سہولیت فراہم کی جانی چاہیے۔اس بات کااظہار کشمیریونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے یونیورسٹی کے کیریئرپلاننگ اینڈ کونسلنگ مرکز اورجموں کشمیرچپٹر آف کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے اشتراک سے منعقدہ یک روزہ پروگرام کے افتتاح کے موقعہ پر کیا۔انہوں نے کہاکہ ماہرین کی طرف سے مسلسل رہنمائی اور صلاح مشوروں سے ہمارے طلباء اپنے مستبقل کے بارے میں صحیح فیصلہ لینے کی پوزیشن میں ہوں گے ۔ پروفیسر طلعت نے کہا کہ متعدد طلاب کو ان شعبوں جن میں جانے کی انہیں شدید خواہش ہوتی ہے،اور جن میں وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں،کے بارے میں غلط اطلاعات ہوتی ہیں اور یہاں کیریئر یا مستقبل کاانتخاب کرنے کے بارے میں صلاح کاروں کی ضرورت ہوتی ہے جو ان غلط فہمیوں کا طلاب میں ازالہ کرسکیں.۔ انہوں نے کہا کہ کونسلنگ ایک دوطرفہ عمل ہے جس میں کونسلر طلاب کی سنتا ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں اور اس کے بعد انہیں اپنے تجربے،علم اورمہارت کی بناپرتجاویز دیتا ہے ۔وائس چانسلر نے سینٹر فار کیریئر کونسلنگ کو ایسے پروگرام ،جو جموں کشمیرکے طلاب کے مفاد میں ہے،کا اہتمام کرنے کیلئے سراہا ۔اس موقعہ پر سینٹر فار کیریئر پلاننگ اینڈکونسلنگ کے ڈائریکٹرپروفیسرمحمد شفیع نے کہا کہ سینٹر اپنے منڈیٹ کو پورا کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے اورمرکزہرسطح پر طلاب کو بہتر مشورے اور صلاح دیتا رہے گاتاکہ وہ اپنے لئے صحیح کیریئر کاانتخاب کرسکیں۔
 
 
 

سرکردہ ثقافتی و ادبی شخصیات کو خراجِ تحسین | کلچرل اکیڈیمی لال منڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد

 سرینگر//سرکردہ ثقافتی و ادبی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے ایک خصوص تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب اکیڈیمی کے صدردفتر واقع لال منڈی میں منعقد ہوئی جس میں ماہِ دسمبر کے دوران انتقال کرچکی سرکردہ ادبی و ثقافتی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اْن کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ ان شخصیات میں پروفیسر حامدی کشمیری، غلام نبی فراق، حکیم منظور، غلام نبی ناظر، ارجن دیو مجبور، بشیر اختر، محی الدین شاہ، آنند لہر، فرید پربتی، محمد احمد اندرابی، عمر مجید، سجاد حسین اور حنیف ترین شامل ہیں۔تقریب کی صدارت  پروفیسر فاروق فیاض نے کی جبکہ ایوانِ صدارت میں پروفیسر نذیر ملک اور اکیڈیمی کے چیف ایڈیٹر محمد اشرف ٹاک بھی موجود تھے۔تقریب میں کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سابق سربراہ پرفیسر نذیر احمد ملک نے" عصری حِسیت اور کشمیر" کے عنوان سے توسیعی خطبہ پیش کیا۔ تقریب میں جن شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اْن میں نذیر احمد فدا، ڈاکٹر نیلوفر ناز نحوی، محمد امین بٹ، ڈاکٹر تنویر طاہر، ڈاکٹر شکیل شفائی، سہیل سالم اور شزادہ سلیم  قابلِ ذکر ہیں۔پروفیسر فاروق  فیاض نے اکیڈیمی کو تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان شخصیات نے گذشتہ نصف صدی کے دوران ہمارے ادبی اور ثقافتی منظر نامے پر دورس اثرات مرتب کئے ہیں۔تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے انجام دئے جبکہ ایڈیٹر کشمیری کلچرل اکیڈیمی جاوید اقبال نے شکرانہ کی تحریک پیش کی۔
 
 
 

آلوچی باغ میں چھاپہ | 4 جواری رنگے ہاتھوں گرفتار

نیوز ڈیسک
سرینگر// سماجی جرائم کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے کل آلوچی باغ علاقہ میں 4جوارایوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے دائو پر لگائی گئی رقم ضبط کی ۔پولیس بیان کے مطابق پولیس سٹیشن شیر گڈھی نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر چھاپہ ڈالا اور 4جواریوں زبیر احمد بٹ ،حامد جان ،واحد رفیق اور محسن بشیر کو رنگے ہاتھوں دھر لیا ۔پولیس نے دائو پر لگائے گئے7320روپے اور تاش کے پتے ضبط کئے ۔پولیس نے ان کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 76/2020 کے تحت کیس درج کرکے انہیںشیر گڈھی تھانے میں بند کردیا ۔
 
 

نوجوان اداکار عبیداشرف کاانتقال 

سرینگر//نوجوان اداکارعبیداشرف کا بدھوار کو دل کاشدیددورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔وہ معروف ڈرامہ اداکار اورٹیلی ویژن آرٹسٹ اورریڈیو انائونسر محمد اشرف وانی ساکنہ رعناواری سرینگر کے فرزند تھے۔21برس کے عبیداشرف نے کئی ڈراموں نے بھی کام کیاتھا۔ان کے انتقال پر ریڈیو،ٹیلی ویژن اورڈارمہ آرٹسٹوں نے سخت دکھ کااظہار کرتے ہوئے محمداشرف وانی کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا ہے۔
 
 
 

ڈاکٹرفاروق کانورالدین شاہ کے انتقال پراظہاردکھ

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے معروف تاجر خواجہ نور الدین شاہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ پر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی۔ مرحوم نیشنل کانفرنس کے سابق لیڈر اور ممبر اسمبلی محمد یاسین شاہ کے چاچا تھے۔
 
 
 

حاجی بہائو الدین زرگر کی وفات پر این سی اور پی ڈی پی کا اظہار تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے سرینگر کے معروف تاجر اور دینی شخصیت حاجی بہائو الدین زرگر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے ۔نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے بہارو الدین زرگر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کو کشمیریت اور ملی اتحاد کیلئے جانا جاتا تھا۔ پارٹی کے ضلع صدر پیر آفاق،غلام قادر پردیسی اور احسان پردیسی نے بھی اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہارر کیا۔ادھرپی ڈی پی کے سینئر رہنمااور  صدر ضلع سرینگر محمد خورشید عالم اور پی ڈی پی زون پریزیڈنٹ خانیار محمد شفیع کندنگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں انجمن ذرگراں کے صدر بہاوالدین ذرگر کے اچانک انتقال کو بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کے حق میں مغفرت کی دُعا کیاور سوگواراں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ جمعیت ہمدانہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی ،حاجی عبدارشید گانی،محمد یاسین زہرا،محمد اشرف عنایتی، معراج الدین گانی اور میر غلام محمد ساقی نے بھی مرحومین کے حق میں دعائے مغفرت کی اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
 
 
 

انجمن نصرۃ الاسلام کے جنرل سیکرٹری فوت

سرینگر/ /انجمن نصرۃ الاسلام کے جنرل سیکریٹری سابق چیف انجینئر محمد ابراہیم شاہ مختصر علالت کے بعدکل اپنی رہائش گاہ گوگجی باغ سرینگر میں انتقال کر گئے۔میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق مسلسل نظر بندی کی وجہ سے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت نہیں کرسکے چنانچہ انجمن کا ایک اعلیٰ سطحی وفد انجمن کے قایمقام جنرل سیکریٹری الحاج خواجہ الطاف احمد بٹ کی قیادت میں مفتی غلام رسول سامون، ایم ایس رحمن شمس، مشتاق احمد صوفی، محمد یوسف بٹ، اور انجمن کے دیگر عملہ اور ارکان کے ہمراہ نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ جنازے کی پیشوائی مفتی غلام رسول سامون نے ادا کی اور علاقہ بھر کے لوگوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی اور بعد میں مرحوم کو پْر نم آنکھوں سے اپنے آبائی مقبرہ ملہ کھاہ سرینگر میںدفن کیا گیا۔انجمن نے مرحوم محمد ابراہیم شاہ کی انجمن کے تئیں ایک دہائی پر مشتمل تعلیمی اور اصلاحی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کا خاندان روز اول سے نہ صرف میرواعظ خاندان کے ساتھ منسلک رہا بلکہ اپنی عقیدت و محبت کی بنیاد پر انجمن کے تعلیمی اور سماجی کاموں کے فروغ میں پیش پیش رہا۔میرواعظ نے محمد ابراہیم شاہ کی وفات کو ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے جملہ پسماندگان کیلئے صبر جمیل اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی اجتماعی فاتحہ خوانی 18دسمبر2020 ء جمعتہ المبارک کو بعد نماز جمعہ اڑھائی بجے اپنے آبائی مقبرے واقع ملہ کھا ہ متصل مسجد غزالی پر انجام دی جائیگی۔