مزید خبرں

اشیائے ضروریہ کی قلت تشویشناک: ٹریڈ الائنس

سرینگر//کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے سرینگر جموں شاہراہ بند ہونے کے نتیجے میں وادی میں اشیائے ضروریہ اور ادویات کی قلت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں اعجاز شہدار نے کہاکہ ہنگامی بنیادوں پر ایندھن،رسوئی گیس اور ادویات کے علاوہ اشیائے ضروریہ کو دستیاب رکھا جائے۔ انہوںنے کہاکہ متواتر طور پر سرینگر جموں شاہراہ بند ہونے کے نتیجے میں جہاں وادی میں اشیائے خوردنی کی قلت پیدا ہوگئی ہے وہی پیٹرول،ڈیزل،کھانے پینے کی اشیاء،گیس اور ادویات بھی نایاب ہوگئی ہے جس کے سبب عوام مشکلات میں پڑگئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی کے سبب گراں فروشی زوروں پر ہے اور متعلقہ محکمے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اعجاز شہدار نے کہا کہ ادویات اور خصوصی طور پر حیات بخش ادویات کی عدم دستیابی سے بیماروں میں سخت تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
 

پانپور میں میونسپل کمیٹی کی سراہنا 

سڑکوں سے برف ہٹاکر قابل آمدورفت بنایا

ترال //سید اعجاز//پانپور میں میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے برف ہٹانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بازاروں کے بعد گلی کوچوں اور عبادت گاہوں سے  برف ہٹالیا ہے جس پر لوگوں نے محکمہ کی سراہنا کی ہے۔ میونسپل کمیٹی پانپور کے اہلکاروں نے منگل کو قصبے میں برف ہٹانے کا کام جاری رکھتے ہوئے گلی کوچوں اور عبادت گاہوں تک جانے والی تقریباً تمام سڑکوں کو قابل آمد رفت بنا لیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا بھاری برف باری کی وجہ سے گلی کوچوں میں چلنا محال بن گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔اس دوران کمیٹی کے منظور احمد پانپوری نے بتایا میونسپل کمیٹی کا پہلا ٹارگٹ اہم دفاتر اور اداروں تک سڑکوں کو برف سے ہٹاناتھا جس کے بعد گلی ،کوچوں،مساجد اور خانقاہوں تک صفائی کی گئی ہے ۔
 
 

صدرکوٹ پائین میں سڑک حادثہ میں18سالہ بائیک سوار لقمۂ اجل 

بانڈی پورہ//عازم جان //صدر کوٹ پائین میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں 18سالہ نوجوان لقمہ اجل بن گیا ۔لطیف احمد میر گوجرولد ہدایت اللہ ساکنہ چک گرورہ موٹر بائیک زیر نمبرJK02N/1293چلا رہا تھا اور تیز رفتاری کے ساتھ بس زیر نمبرJK13/3815کے ساتھ ٹکراگیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوا۔ خون میں لت پت لطیف احمد کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر 05/2021 درج کرکے روپوش ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی کارروائی شروع کی ہے۔
 

محکمہ صحت میں میڈیکل افسران کے تبادلے اور تقرریاں

 سرینگر//نیوز ڈیسک//محکمہ صحت و طبی تعلیم نے 7میڈیکل آفیسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات صادر کئے ہیں جن میں 4انچارج بلاک میڈیکل افسران بھی شامل ہیں۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم کی جانب سے منگل کو جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر 31(HME)JKبتاریخ 12جنوری میں انچارج بی ایم او چرار شریف ڈاکٹر مستورہ اختر کو انچارج بی ایم او پٹن تعینات کیا گیا جبکہ انچارج بی ایم او پٹن ڈاکٹر تصور کو انچارج بی ایم او چرار شریف تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر نگینہ کوثر این ٹی پی ایچ سی بلاک درہال کو بطور انچارج بی ایم او درہال تعینات کیا گیا ہے۔ ضلع اسپتال ریاسی میں تعینات ڈاکٹر ووویک منگوترا کو بطور انچارج بی ایم او پرول تعینات کیا گیا ہے۔ انچارج بی ایم او پرول ڈاکٹر راجندر کمار لنگر کو ضلع اسپتال جموں کے دفتر میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پرائمری ہیلتھ سینٹر سیدھو شوپیان ڈاکٹر عادل رسول ملک کو گورنمنٹ ڈینٹل کالج تبادلہ کیا گیا ہے۔ ڈینٹل سرجرن ڈاکٹر سعید اشتیاق گیلانی کو ڈینٹل کالج سرینگر سے تبدیل کرکے پی ایچ سی سیدھو شوپیان میں تعینات کیا گیا ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ان تمام ڈاکٹروں کے تبادلے عارضی بنیادیوں پر کئے گئے ہیں جبکہ عدالت عالیہ میں دائر کیس کے نتائج کا اثر تبادلوں پر نہیں ہوگا۔  
 

بانڈی پورہ اور بڈگام میں 2 خواتین حرکت قلب بند ہونے سے فوت

بڈگام//ارشاد احمد//بانڈی پورہ اور بڈگام میں2 خواتین حرکت قلب بند ہونے سے جان بحق ہوگئیں۔سمبل سوناواری کی 30 سالہ مبینہ بیگم ،جو رشتہ داروں کے گھر واقع ضلع بارہمولہ میں تھی ، دل کا دورہ پڑا ۔اگرچہ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ڈاکٹروں کے مطابق حرکت قلب بند ہونے سے اس کی موت ہوچکی تھی۔ادھر ناگام چاڈورہ بڈگام کی رہنے والی 40 سالہ دلشادہ زوجہ عبدالرشید گنائی بھی حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوگئی۔
 

زم زم پورہ زنڈفرن بارہمولہ میں گھپ اندھیرے میں

 بارہمولہ //فیاض بخاری //زم زم پورہ زنڈفرن نارواو بارہمولہ میں بجلی ٹرانسفارمر پچھلے ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ خراب ہوگیا ہے جس کی وجہ سے  مقامی آبادی برقی رو سے محروم ہے۔ مقامی آبادی کاکہنا ہے کہ زم زم میں وارڑ 1اور 2 کا 100 کے وی ٹرانسفارمر گزشتہ ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ خراب ہوگیا جس کے نتیجے میں 60 کنبے مسلسل گھپ اندھیرے میں ہیں۔آبادی کاکہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کے سبب وہ گوناگوںمشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر بارہمولہ غلام نبی انتو سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ میں زیادہ صلاحیت والے ٹرانسفارمر کو نصیب کیا جائے تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔اس سلسلے میں پی ڈی ڈی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ دراصل آج کل لوگ ہیٹر اور بوائلر استعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسفارمراوور لوڈ ہوتاہے اور خراب ہوجاتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے۔
 

سیاسی جماعتیں خصوصی درجہ کی بحالی کیلئے آواز اٹھائیں: انجینئر یتو 

سرینگر //سینئر سیاسی رہنما نذیر احمد یتو نے پی اے جی ڈی ،اپنی پارٹی اور جموں وکشمیر کی دیگر تمام سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملیں۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر کی عوام سیاسی نعروں اور دوہری پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاستدان واقعی سنجیدہ ہیں تو انہیں بہت جلد اس کیلئے وزیر اعظم سے ملاقات کرنی چاہئے اور اس کا مطالبہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ 1947سے لیکر آج تک ہند۔پا ک ڈائیلاگ ایشو کے نام پر سیاسی جماعتوں نے صرف لوگوں سے ووٹ مانگے ہیںاور صرف کھوکھلے نعرے لگائے ۔انہوں نے کہا اگر پی اے جی ڈی کو 370 اور 35 اے کی بحالی کیلئے ووٹ مل گئے ہیں، تو انہیں اس پر کام شروع کرنا چاہئے اور خاموش تماشائی نہیں بننا چاہئے۔