مزید خبرں

ٹنگپونہ پلوامہ سرکاری سکول میں11سال بعد تدریسی عمل بحال 

سرینگر// ٹنگپونہ پلوامہ گورنمنٹ پرائمری سکول میں 11سال بعد تدریسی عمل بحال ہونے پر لوگوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سکول میںسال2010میں جب کوئی بچہ زیر تعلیم نہیں تھا تو انتظامیہ نے اسے ایک اور سکول میں ضم کیا ۔تاہم گائوں میں سکول کی عدم دستیابی وادی کشمیر میں مسلسل گزشتہ کئی سال کے حالات کے بعد یہاں کی مقامی آبادی نے سرکاری سکولوں میں اپنے بچوں کو داخل کرنے کا من بنا لیا ہے تاہم سکول بند ہونے کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ ریاض احمد نامی ایک مقامی شخص نے بتایا گزشتہ دنوں سرکاری پرائمری اسکول میں 11سال کے بعد تدریسی عمل پھر سے شروع ہوا اورتا حال  53 بچوں کو داخلہ کرایا گیا ہے۔کے این ایس کے مطابق اگرچہ یہ بچے پہلے کسی پرائیویٹ ادارے میں زیر تعلیم تھے تاہم ان کے والدین نے وہاں پر ان کا داخلہ منسوخ کر کے ان بچوں کا سرکاری سکول میں داخلہ کروایا گیا۔غلام محمد نامی ایک اورشہری نے بتایا گیارہ سال قبل سکول کو بند کیا گیا تھا تاہم انہوں نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس اسکول کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اپنے بچوں کو اسی سکول میںداخل کیا ہے۔ایک خاتون نے بتایامہنگائی عروج پر ہے جبکہ روز گار کے وسائل موجود نہیں ہیں خاص کر گزشتہ 2سال سے لوگ انتہائی مالی بد حالی کے شکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہم نے بچوں کو سرکاری سکولوں کے سوا کہیں تعلیم نہیں دے سکتے ہیں ۔چیف ایجوکیشن آفیسر پلوامہ سونی سونہم قریشی نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ یہاں پر کوئی بھی بچہ زیر تعلیم اس وقت نہیں تھا جس کی وجہ سے اسکول کو دوسرے اسکول کے ساتھ کلب کر دیا گیا تھا۔انہوں نے اساتذہ اور بچوں کو مبارک باد دی ہے۔
 

ویری ناگ میں1ماہ سے لاپتہ شہری کی لاش بر آمد

عارف بلوچ
 
اننت ناگ // ویری ناگ میں پولیس نے جنگلاتی علاقہ سے ایک لاپتہ شہری کی لاش بر آمد کی ہے۔رین چوگنڈ علاقہ میں مقامی لوگوں نے ایک شخص کی لاش نزدیکی جنگل میں پائی۔اس بیچ پولیس کو مطلع کیا گیا جنہوں نے لاش کو تحویل میں لے لیا۔ لاش کی شناخت 64 سالہ محمد اسماعیل سیال ولد کالو سیال ساکنہ پرتاپ پورہ چوگام قاضی گنڈ کے بطور ہوئی ہے۔مذکورہ شخص 16 فروری 2021 سے لاپتہ تھا۔اہل خانہ نے گمشدگی کے حوالے سے پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں کیس درج کیا تھا۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات کے بعد ورثاء کے حوالے کی ہے۔
 

سمبل میں تین افراد گرفتار

جعلی نوکریاں فراہم کرنے کا الزام

عازم جان 
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ پولیس نے سمبل سوناواری میں جعلی نوکریاں فراہم کرنے کا ایک سکنڈل طشت از بام ہوا ہے اور تین اشخاص کو اس ضمن میں گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ ایف آئی آر نمبر23/2021درج کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے شکایت ملنے پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دیکر فوری طور پر کارروائی کرنے کا حکم دیا۔پولیس ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کرکے ابتدائی مرحلے میں تین افراد صدر کوٹ بالا اور اشم کے رہنے والے تین اشخاص کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کردی ہے جن پر الزام ہے کہ وہ سیدھے سادھے جوانوں کو نوکری کا جھانسہ دیکر رقومات اینٹھتے تھے۔
 
 

بنک کھاتے میں8لاکھ روپے کا غبن

سرکاری ملازم اور ٹھیکیدار پر فردم جرم عائد

سرینگر//انسداد بدعنوانی کے ادارے اینٹی کورپشن بیوروں نے محکمہ دیہی ترقی پانپورکے ملازم اور ٹھیکیدار کے خلاف سرکاری بنک کھاتے میں8لاکھ روپے سے زائد رقم کے غبن میں فرد جرم عائد کیا،جبکہ ملزم کو جوڈیشل حراست میں لیا گیا۔بیورو نے محکمہ دیہی ترقی پانپور کے حلقہ کونہ بل میں تعینات سابق(فی الوقت سبکدوش) ملٹی پرپز ورکر ملازم  اور ایک ٹھیکدار کے خلاف کئی دفعات کے تحت پلوامہ میں انٹی کورپشن عدالت میں فرد جرم پیش کیا۔بیورو کا کہنا ہے تفتیش کے دوران یہ منظر عام پر آیا کہ 8لاکھ39ہزار27روپے کی رقم جعلی مزدوروں کے نام پرجے اینڈ کے بینک پامپور سے پنچایت سکریٹری کے سرکاری اکاؤنٹ سے دھوکہ دہی کے ساتھ مبینہ طور پر نکالا گیا ہے اور اس کو غیر حقیقی جاب کارڈ ہولڈروں کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کیا گیا ہے جو یا تو رشتہ دار ہیں یا سہولت کار عبد الرشید ڈار کے ہمسایہ۔انہوں نے بتایا کہ بعد میں ملزم عبدالرشید ڈار نے ان جاب کارڈ ہولڈرز کے اکاؤنٹ سے رقم نکالی ہے۔ بیوروں نے کہا کہ محکمہ کے ملازم نے ٹھیکدار کے ساتھ ملی بھگت کرکے جعلی دستاویزات تیار کئے،اور انکی بنیاد پر انہوں نے بنک سے رقومات نکالے۔ بیورو کا کہنا ہے کہ دونوں ملزماں کو سب جیل پلوامہ میں آئندہ سماعت تک بند رکھا گیا ہے،جبکہ کیس کی آئندہ سماعت یکم اپریل کو ہوگی۔
 
 

کرشی وگیان بھون اننت ناگ میں سمینار

 خودروزگار اسکیم کے اغراض و مقاصد بیان 

عارف بلوچ
 
اننت ناگ // کرشی وگیان بھون اننت ناگ میں پسماندہ طبقات سے وابستہ افراد کیلئے ایک سمینار منعقد کیا گیاجس میں زرعی یونیورسٹی کی طرف سے دی جارہی مختلف اسکیموں پر مفصل روشنی ڈالی گئی۔سمینار میںدرجہ فہرست ذات اور قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد کو خودروزگار اسکیم کے تحت تربیتی کورس مکمل کرنے پر یونیورسٹی کی جانب سے اسناد فراہم کی گئیں۔اس موقع پر پرنسپل منظور احمد کا کہنا تھا کہ اس تربیتی کورس کا مقصد دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو خودروزگار اسکیم سے مستفید کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت خواہشمند افراد کو سبسڈی کے تحت لون فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شہد یا دوسرے یونٹ قائم کرسکیں۔انہوں نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو استفادہ حاصل کرنے پر زور دیا۔
 

گاندربل میں مارکیٹ چیکنگ

قصوروار دکانداروں سے جرمانہ وصول

ارشاد احمد
 
گاندربل//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل فاروق احمد بابا نے گاندربل کے مختلف علاقوں میں خوراک قانون کے تحت غیر معیاری اور ناقص اشیائے خوردنی فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ 23 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔گاندربل کے مختلف علاقوں سے شکایات موصول ہورہی تھیں کہ دوکاندار، ہول سیل مالکان اور دیگرتاجرغیر معیاری اشیائے خوردنی فروخت کررہے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل فاروق احمد بابا نے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فوڈ سیفٹی محکمہ کے عملہ کو متحرک کرکے بازاروں کی چیکنگ کی گئی جس دوران کھانے پینے کی مختلف اشیاء  کے نمونے حاصل کرکے ان کو جانچ کرنے کے لئے لیبارٹریوں میں بھیجا گیا جن کھانے پینے کی اشیاء کے نمونے ناقص اور غیر معیاری ثابت ہوئے ان دکانداروں،کمپنیوں اور ہول سیل مالکان پر فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت ایک لاکھ 23 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔

 

ڈی آئی سی سرینگر کی مہم

Udhyam پورٹل پر 350 یونٹ رجسٹرڈ

سرینگر //ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سنٹر (ڈی آئی سی) سرینگر کے مطابق محکمہ کی جانب سے 8 سے 17 مارچ 2021 کے دوران شروع کی جانے والی ایک مہم کے دوران 350 یونٹ ہولڈرز نے ادھیم پورٹل پر اپنے یونٹ رجسٹر کئے ہیں۔ محکمہ نے اس سلسلے میں تمام انڈسٹریز اسٹیٹس میں میلوں کا اہتمام کیا ہے کہ تاکہ یونٹ ہولڈروں کو اسکیم کے فوائد کے بارے میں حساس کیاجائے۔ ادھیم رجسٹریشن مکمل طور پر آن لائن ہے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے خود اعلان پر مبنی مفت رجسٹریشن ہے ، جو اندراج کے بعد مستقل رجسٹریشن نمبر حاصل کریں گے۔ اندراج کا عمل مکمل ہونے کے بعد یونٹ ہولڈر کو ایک سرٹیفکیٹ آن لائن جاری کی جائے گا۔ وہ یونٹ ، جن کے پاس EM 2 یا UAM رجسٹریشن ہے یا MSME کی وزارت کے تحت کسی بھی اتھارٹی کے ذریعہ جاری کردہ کوئی رجسٹریشن ہے ، انہیں لازمی طور پر ادھیم پورٹل پر اپنا اندراج کرنا ہوگا۔یہ نیا نظام موجودہ EM 2 کی رجسٹریشن کے نظام کی جگہ لے گا اور ان لوگوں کو فائدہ پہنچائے گا جنہوں نے اپنے یونٹ کو پورٹل میں رجسٹرڈ کیا ہے۔
 

 بژھ پورہ سے عمر ہیر تک اندرونی سڑک انتہائی خستہ 

لوگوں کا عبور و مرور دشوار

سرینگر//بژھ پورہ سے عمر ہیر تک جانے والے اندرونی سڑک مکمل طور پر خستہ ہونے کے نتیجے میں مقامی لوگوں کا اس سڑک پر چلنا پھرنا دشوار بن گیا ہے جبکہ سڑک سے بہنے والے نالے کا پانی لوگوں کے گھروں اور صحنوں میں گھس جاتا ہے ۔ مقامی لوگوں نے سڑک کی مرمت اور ڈرنیج سسٹم قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔بژھ پورہ عمر ہیر تک جانے والی اندرونی سڑک جس کو عرف عام میں کاوج نار سے بھی جانا جاتا ہے انتہائی خستہ ہونے کے نتیجے میں لوگوں کو عبور و مرور میں شدید دشواریاں پیش آرہی ہے ۔ مقامی لوگوںنے کہا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کا یہ حال ہے کہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بن گئے ہیں جن میں بارش کا پانی جمع ہوکر یہ کنوئوں کی شکل اختیار کرلیتے ہیں اور اس سڑک پر چلنے والے اکثر و بیشتر ان گڑھوں میں گر کر چوٹیں کھاتے ہیں ۔ لوگوںکے مطابق سڑک سے ایک نالہ بھی گزرتا ہے جس کا پانی لوگوں کے گھروں اور صحنوں میں گھس جاتا ہے جو سیلابی صورت اختیار کرلیتا ہے جس کے نتیجے میں لوگ سخت ذہنی کوفت کے شکار ہوتے ہیں ۔ لوگوںنے محکمہ آر اینڈ بی پر سخت الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کو اگرچہ اس بارے میں کئی بار مطلع کیا گیا تاہم سڑک کی مرمت کیلئے انہوںنے آج تک کوئی بھی قدم نہیں اُٹھایا۔ مقامی لوگوںنے گورنر انتظامیہ اور محکمہ کے چیف انجینئر سے اپیل کی ہے کہ وہ مذکورہ سڑک کی مرمت اور ڈرنیج سسٹم قائم کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائیں بصورت دیگر لوگ سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ 
 

جے کے پی سی سی صدر کی طارق قرہ سے ملاقات 

سیاسی معاملات اور امورات پر تبادلہ خیال

سرینگر//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر جی اے میر نے سینئر لیڈر اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ممبر طارق حمید قرہ کے ساتھ ا ان کی سرینگر رہائش گاہ پر قریب دو گھنٹے تک ملاقات کی۔جس دوران سیاسی معاملات اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے نچلی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے کے طریقے اور ذرائع کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے عوام الناس کے حقیقی تحفظات کو دور کرنے اور ان کی شکایات کے ازالے کے سلسلے میں انتظامیہ کے غیر حساس رویہ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
 

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کاخواجہ محمد شفیع سے اظہار تعزیت

بارہمولہ// فیاض بخاری//جموں کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور چیئرمین مبارک گل نے سوسائٹی کے چیئرمین برائے شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع کے چاچا خواجہ بشیر احمد ساکن دھنی سیداں اوڑی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کی ۔اس سلسلے میں چیئرمین ضلع بارہمولہ عبدالمجید آخون کی قیادت میں ایک وفد نے مرحوم کے گھر جا کر تعزیت پرسی کی۔ لواحقین کے مطابق مرحوم کی اجتماعی فاتحہ خوانی آج گیارہ بجے دن خواجہ بشیر احمد کے گھر پر منعقد ہو رہی ہے۔
 

بڈگام میں شہری چرس سمیت گرفتار 

سرینگر//بڈگام پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران ایک شہری کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چرس برآمد کرلیا۔ چرار شریف تھانہ کے افسران نے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں ایک شہری معراج الدین شاہ ساکن نوہارکے گھر پر چھاپہ مارا ۔ تلاشی کے دوران مذکورہ شہری کے گھر سے 900 گرام چرس برآمد ہوا۔ اسے گرفتار کرکے پولیس تھانہ منتقل کردیا گیا ہے۔اس مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 08/2021 درج کرلیا گیا ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
 

امروئی کرناہ میں مفت میڈیکل کیمپ 

کرناہ// کرناہ کے دور دراز گائوں امروئی میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کی کوشش میںخاتم نور میموریل چرٹیبل ٹرسٹ کے اشتراک سے فوج نے ایک میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ ٹرسٹ کے چیئرمین انجینئر محمد شفیع پسوال نے بتایاکہ میڈیکل کیمپ میں مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میڈیکل کیمپ میںطبی مشاورت کے علاوہ مفت دوائیاں تقسیم کی گئیں۔
 
 

 ترال بس اسٹینڈ میں موجود نل جل شکتی محکمہ نے بند کردیا 

مسافروں ، دکانداروں اورٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا 

سید اعجاز
 
ترال// ترال میں 120دیہات کے لئے مخصوص بس اسٹینڈ میں موجود نل کو محکمہ جل شکتی نے بند کر دیا ہے جس پر مقامی تاجروں، مسافروں اورٹرانسپوٹروں کے علاوہ عام لوگوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ نل بس اسٹینڈ میں کئی دہائیوں سے چل رہا تھا تاہم آج اچانک بند کیا گیا ۔جل شکتی محکمہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرنے اس سلسلے میںبتایا کہ یہ نل غیر قانونی طور لگایا گیا ہے جسے مرغ فروش استعمال کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ دکاندار اور ٹرانسپورٹروں کی طرف سے لکھ کے دینے کے بعد ہی نل لگایا جائے گا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے اس ضمن میں بتایا کہ اس حوالے انہیں کوئی علمیت نہیں ہے تاہم وہ فوری طورمسئلہ پتہ کریں گے۔
 

سرینگر کے 50باغ مالکان دورے پر روانہ

نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا لازمی :ڈائریکٹر

 سرینگر//ڈائریکٹر ہاٹی کلچر کشمیر اعجاز احمد بٹ نے سرینگر سے تعلق رکھنے والے 50فروٹ گرورس کو کل ہری جھنڈی دکھا کر دورے پر روانہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نے کہاکہ دورے کا مقصد باغ مالکان کو نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا مقصود ہے۔ فروٹ گرورس کو نئی سائنسی طور طریقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی خاطر ڈائریکٹر ہاٹی کلچر نے سرینگر کے پنزی نارہ، زکورہ ، شالیمار ، کھنموہ ، ہارون علاقوں سے تعلق رکھنے والے 50فروٹ گرورس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ مذکورہ فروٹ گرورس کو زینہ پو رہ شوپیاں میں جدید سائنسی تقاضوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے گی۔ ڈائریکٹر نے کہاکہ زینہ پورہ شوپیاں میں ماہرین باغ مالکان کو سیب باغا ت کو تحفظ فراہم کرنے اور سائنسی طور طریقوں سے چھڑکاو کرنے کے بارے میں جانکاری فراہم کریںگے۔ انہوںنے کہاکہ ہاٹی کلچر محکمہ نے رواں برس کے دوران بین الاقوامی ممالک سے نئی اقسام کے پھل دار پودے لائے ہیں اور اْنہیں باغ مالکان میں تقسیم کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
 

سمبل میں 3قمار باز گرفتار

۔15020روپئے ضبط

عازم جان
 
بانڈی پورہ///سمبل بانڈی پورہ میں پولیس نے سماجی برائیوں کا خاتمہ کرنے کی مہم جاری رکھتے ہوئے وں کودائوپرلگائے گئے ہزاروں روپے اورتاش کے پتوں سمیت رنگے ہاتھوں کوگرفتارکیا۔ایس ایچ او سمبل سجاد احمد نے ایس ڈی پی او سمبل کی ہدایت پر مصدقہ اطلاع ملنے پر غلام رسول گوروساکن ننی نار سمبل میںہلال احمد ڈار ساکن گاندربل اورعادل احمد صوفی کورنگے ہاتھوں جوا کھیلنے میں مصروف پایااوراس موقع پردائو پر لگائے گئے 15020روپئے ضبط کرلئے۔پولیس نے اس سلسلے میںایک کیس درج کرلیا ہے ۔
 

شوپیاں تھانہ میں خواتین ہیلپ ڈیسک کا افتتاح

شاہد ٹاک
 
 شوپیان// شوپیان پولیس نے کسی طرح کی پریشانی یا زیادتی کا سامنا کرنے والی خواتین کیلئے شوپیان تھانہ میں خواتین ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کیا۔ایس ایس پی شوپیاں امرتپال سنگھ نے اس ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ اے ایس پی شوپیان ، ڈی وائی ایس پی  شوپیان ، ڈی وائی ایس پی اوپریشنز کیلر ، ایس ایچ او شوپیان اور دیگر افسران موجود تھے۔افتتاحی موقع پر ایس ایس پی نے کہا کہ ہیلپ ڈیسک کا مقصد خواتین کو گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والے تمام معاملات پر نظر گزر رکھنا ہے۔  ہیلپ ڈیسک کا موبائل نمبر 9596755301 ہے۔ایس ایس پی شوپیاں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوپیاں پولیس معاشرے میں امن کو یقینی بنانے اور ضلع سے گھریلو تشدد کے خطرے کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
 

سابق چیف سیکریٹری میر نصراللہ کے انتقال پر

نیشنل کانفرنس اور تاریگامی کا ااظہارِ تعزیت

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فارو ق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے سابق آئی اے ایس آفیسر و چیف سکریٹری پروفیسر میر نصراللہ ساکن سونہ وار کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔دونوں لیڈران نے مرحوم زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ دریں اثناء عمر عبداللہ نے مرحو م کے گھر واقعہ سونہ وار جاکر پسماندگان کی ڈھارس بندھائی اور تعزیت پرسی کی۔ اس موقعے پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت ،کلمات اور فاتحہ خوانی اداکی گئی۔ اُن کے ہمراہ صوبائی صدر ناصر اسلم وانی بھی تھے۔ادھر سابق چیف سکریٹری میر نصراللہ کی وفات پر غم کا اظہار کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے انہیں زبردست خراج عقیدتپیش کیا۔انہوں نے کہا کہ نصراللہ ایک قابل اور ذہین  افسر تھے اور بحیثیت چیف سکریٹری ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 

خطاطی کے ناموراْستاد محمد صدیق کی برسی آج

سرینگر//کشمیر کے خطاطی کے نامور اْستاد اور قلمکار مرحوم محمد صدیق نجارکی چٹھی برسی آج یعنی 19مارچ کو منائی جارہی ہے۔مرحوم محمد صدیق(ساکنہ راہ بابا صاحب سرینگر) سال2015 ء میںدِل کا دورہ پڑنے سے اِنتقال کرگئے تھے۔ محمدصدیق نے وادی کے کئی اخبارات میں کام کرنے کے علاوہ کلچرل اکیڈیمی میں بھی ایک مْدت تک خطاطی کے سکول کے اْستاد کی حیثیت سے فرائض انجام دئے تھے۔آج اْن کی برسی کے موقع پر اْنکے رشتہ دار اور دوست و احباب اْن کو یاد کرکے اْن کے حق میں مغفرت کی دْعائیں کررہے ہیں۔صدیق صاحب کا شمار صفحہ  اوّل کے خطاطوں میں ہوتا تھااور انہوں نے بہت سارے شاگردوں کی اِس حد تک تربیت کی تھی کہ وہ بھی اِس فن میں مہارت حاصل کرگئے اور اْنکے روزگار کا بندوبست ہوگیا۔وہ تمام شاگرد اور دوست و احباب آج محمد صدیق کو خراجِ عقیدت ادا کرتے ہوئے اْن کے حق میں دْعا کررہے ہیں۔