مزید خبرں

سابقہ حوالدار مختار احمد کی والدہ کا انتقال 

تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے درہ گاؤں کے رہائشی ریٹائرڈ حوالدار مختار احمد نجار کی والدہ رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں وہ تقریباً 77 برس کی تھیں۔مرحومہ ایک نیک سیرت خاتون تھیں جبکہ ان کی وفات پر کئی سیاسی و سماجی اور مذہبی شخصیات نے دکھ کا اظہا رکرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔ان کی نماز جنازہ آبائی گائوں درہ میں داد کی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔علاقہ کے معززین نے مرحومہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہ وہ لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔
 

راجوری میں 4تجارتی مراکز سر بمہر

سمت بھارگو 
راجوری //کووڈ ایس او پی اور قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے پر راجوری انتظامیہ نے 3تجارتی مراکز کو سربمہر کر دیا ۔تحصیلدار راجوری کی قیادت میں انتظامیہ کی ایک ٹیم نے راجوری قصبہ کا معائینہ کیا ۔اس موقعہ پر موصوف کے ہمراہ ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر راجوری کیساتھ ساتھ دیگر آفیسران و پولیس اہلکار بھی موجود تھے ۔اس سلسلہ میں تحصیلدار راجوری محمد رفیق نے بتایا کہ بیو پار منڈل کی جانب سے ترتیب کیساتھ تجارتی مراکز کھولنے کی تجاویز دینے کے بعد اس فارمولے کو لاگو کیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں زیاد ہ تر تاجر انتظامیہ کیساتھ تعاون کررہے ہیں تاہم کچھ ایک کی جانب سے خلاف ورزیاں بھی کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت حکومت کووڈ کی وجہ سے کئی ایک معاملات سے نمٹنے کی کوشش کررہی ہے تاہم اس مشکل دور میں ہر ایک شخص کو چاہئے کہ وہ انتظامیہ کیساتھ تعاون دے تاہم قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
 
 
 
 

مختلف سکولوں کے ٹیچر محکمہ سے نالاں 

سمت بھارگو 
راجوری //ضلع راجوری کے مختلف سرکاری سکولوں میں تعینات ٹیچروں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ 50فیصد حاضری کے سلسلہ میں روسٹرکی تیاری کیلئے ابھی تک ہدایت جاری ہی نہیں کی گئی ہیں ۔ٹیچروں نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے سرکاری سکولوں میں ٹیچروں کی حاضری میں کمی کے سلسلہ میں دو دن قبل ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کچھ زونل ایجوکیشن آفیسران سکولوں کے ہیڈ کو ٹیچروں کی 50فیصد حاضر کیلئے روسٹر کی تیاری کیلئے روک رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے ہدایت جاری کررہی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے ضلع میں سستی کا مظاہرہ کیاجارہا ہے ۔محکمہ کے ایک آفیسر نے بتایا کہ مذکورہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اس سلسلہ میں آفیسران کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں ۔
 
 

درہال کے مکینوں نے پانی سپلائی کی بحالی کا مطالبہ کیا 

راجوری //تحصیل درہال کے مکینوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رمضان ماہ میں پانی کی سپلائی کو بحال کیا جائے تاکہ ان کی پریشانی کم ہو سکے ۔مکینوں نے کمشنر عظمی کو بتایا کہ ناریاں تا برا پھیر منگ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ تین برسوں سے بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ان کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی فراہمی کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ او ر مقامی انتظامیہ سے رجوع کر چکے ہیں لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی عملی کام نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی دقتیں بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ایک سڑ ک کی تعمیر کے دوران پاپئیں اکھاڑ دی گئی تھی جس کے بعد ان کی مرمت ہی نہیں کی جاسکی ۔مکینوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کی قیادت میں منعقد ہ ایک عوامی دربار میں مذکورہ معاملہ کو اجاگر کیا گیا جس کے بعد آفیسر موصوف کی ہدایت پر کچھ کام کیا گیا لیکن باقی کام کو مکمل ہی نہیں کیا جاسکا جسکی وجہ سے ان کو آج بھی کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پانی لانا پڑتا ہے ۔متعلقہ محکمہ کے ایک آفیسر نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کام کیاجارہا ہے ۔
 
 

چھت سے گر کر خاتون لقمہ اجل 

راجوری //راجوری کی منجا کوٹ تحصیل میں ایک خاتون مکان کی چھت سے گرکر لقمہ اجل بن گئی ۔خاتون کی شناخت رمضان بیگم زوجہ محمد لطیف سکنہ منگل ناڑ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ تحصیل کے سرحدی گائوں منگل ناڑ میں پیش آئے واقعہ کے دوران خاتون اپنے مکان کی چھت کر لقمہ اجل بن گئی جبکہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کیلئے اس کی لاش کو تحول میں لیا گیا ۔
 
 

کووڈ سے متعلقہ افواہوں پر دھیان نہ دیں :تحصیلدار 

 عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی //تھنہ منڈی انتظامیہ نے لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ کووڈ سے متعلقہ کسی بھی قسم کی افواہ پر دھیان نہ دیں جبکہ احتیاطی تدابیر کو ترجیح بنیادوں پر اختیار کریں ۔تحصیلدار تھنہ منڈی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گورنمنٹ کی ہدایات کو مانتے ہوئے اپنے گھروں میں ہی رہیں ماسک کیساتھ ساتھ دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی کیساتھ عمل کریں ۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ سب لوگ عمومی حفظان صحت کو برقرار رکھیں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں کیونکہ اس وبائی بیماری نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کی وجہ سے لوگ بہت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انتظامیہ نے قصبہ کے تمام دکانداروں سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنی دکانیں اپنی باری آنے پر ہی کھولیں باقی اپنے گھروں پر ہی رہیں اور وہاں بھی زیادہ بھیڑجمع نہ ہونے دیں ۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں ، صرف رجسٹرڈ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی خبر اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلانات پر ہی یقین کریں اپنا اور اپنے اہل وعیال کا پورا خیال رکھیں کیونکہ لوگوں کی غیر ذمہ داری اور غیر سنجیدگی کسی بڑی مصیبت کا باعث بن سکتی ہے۔
 
 

فائر وایمر جنسی سروس سٹیشن قائم کرنے کی مانگ 

پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کی عوام نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس سٹیشن قائم کیا جائے تاکہ مشکل وقت میں لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ تحصیل کے مختلف علا قوں میں آگ کی کئی وردات رونما ہو رہی ہیں لیکن آگ پر قابو پانے کیلئے شعبہ کی راجوری سے سروس دستیاب کروائی جاتی ہے تاہم راجوری سے منجا کوٹ میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کی گاڑی کو پہنچنے میں وقت درکارہ ہو تا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حالیہ کئی عرصہ سے تحصیل میں شعبہ کا سٹیشن قائم کرنے کی مانگیں کی جارہی ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک ان کی مانگ پوری نہیں ہو سکی ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس سٹیشن قائم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
 
 

کوٹر نکہ ۔خواص سڑک کی بدحالی عوام کیلئے پریشان کن 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //کوٹر نکہ تا خواص 33کلو میٹر سڑک مکینوں کیساتھ ساتھ مسافرو ں و ٹرانسپورٹروں کیلئے پریشان کن بن چکی ہے تاہم تعمیر اتی ایجنسی و ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس کو معیاری بنانے کیلئے معیاری عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے براہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کوٹرنکہ میں اکثر رابطہ سڑکیں بدحال ہو گئی ہیں جبکہ ان پر چلنے والے مسافر و مالبردار گاڑیاں بھی آہستہ آہستہ خراب ہوتی جارہی ہیں لیکن متعلقہ تعمیراتی ایجنسیاں اور ضلع انتظامیہ ان رابطہ سڑکو ں کو معیاری بنانے کیلئے کوئی دھیان ہی نہیں دی رہی ہیں ۔سماجی کارکن اشفاق حسین لون نے بتایا کہ خواص سڑک کی حالت انتہائی خراب ہ وگئی ہے جس کی اب اکثر حادثات کا خوف رہتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے جبکہ نالیوں و حفاظتی باندھ کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے ۔مقامی معززین نے کہاکہ محکمہ آر اینڈ بی کی لاپرواہی کی وجہ سے مریضوں اور حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کرنے میں دقتیں پیش آتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بارشوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کو جلدازجلد معیاری بنایا جائے تاکہ ان کی پریشانیاں حل ہو سکیں ۔