مزید خبرں

کووڈ کے بڑھتے معاملات ، انتظامیہ متحرک

جموں کے سبھی ہسپتالوں میں جراحیوں کاعمل موخر

جموں//جموں میں کورونا وائرس کے کیسوں میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انتظامیہ نے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں معمول کے مطابق چل رہی سرجری کو ملتوی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔صوبائی کمشنر جموں کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی مہلک وبا کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ اس وقت وائرس سے نمٹنے کے لئے اپنے تمام وسائل کا استعمال کررہا ہے جبکہ ہسپتالوں سے دبائو کم کرنے کے لئے مریضوں کے چھوٹے اور معمولی آپریشن ملتوی کیے گئے ہیں۔حکمنامہ میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی سہولیات مریضوں کیلئے معمول کے مطابق ہی دستیاب رکھی جائیں گی۔کمشنرموصوف نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہیلتھ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مستعدی کے ساتھ ہسپتال کا معائنہ کریں تاکہ مشکل وقت میں بھی شعبہ کے کام کاج کو صحیح طریقے سے کیا جا سکے۔
 

 کوروناوئرس کے خوف نے خونی رشتے پانی کردئے 

کٹھوعہ میں دو ماہ کی بچی کی لاش کو والدین ہسپتال میں چھوڑ کر فرار 

جموں//صوبہ جموں کے ضلع کٹھوعہ میں دو ماہ کی بچی کی کووڈ سے موت ہونے کے بعد اس کے والدین نے بچی کی نعش کو وہیں پر چھوڑ کر راہ فرار اختیار کی ۔ معاملے کو پولیس کے سپرد کیاگیا ہے اور بچی کی آخری رسوما ت کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔ جموں ڈویژن کے سب سے بڑے زچہ بچہ اسپتال میں ، جموں کے ایس ایم جی ایس اسپتال میں انسانیت کی تذلیل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ علاج کے دوران دو ماہ کی کورونا مثبت بچی کی موت کی اطلاع ملنے پر والدین نے لاش اسپتال میں ہی چھوڑ دی۔اسپتال ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ، والدین اتوار کے روز کٹھوعہ ضلع سے دو ماہ کی بچی کی بچی کو اسپتال لے گئے تھے۔ بچہ کوڈ ٹیسٹ میں مثبت پایا گیا تھا اور علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی تھی۔اسپتال کے عملے نے خاتون اور مرد کو بچی کی ہلاکت کے بارے میں آگاہ کیا اور ان سے کہا کہ جب تک نعش کو خصوصی کیٹ میں رکھنے کا انتظام ہوگا تب تک انتظار کریں اور اپنے کوڈ ٹیسٹ کروائیں۔ لیکن وہ دونوں اسپتال چھوڑ کر واپس نہیں آئے۔ ایس ایم جی ایس کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دارا سنگھ نے اس معاملے کی تصدیق کی۔انہوںنے کہا کہ انہیں فون بھی کئے گئے لیکن میاں بیوی نے فون نہیں اُٹھایا ہے ۔ اب معاملہ پولیس کے سپرد کیا گیا ہے جو بچی کے والدین سے اس معاملے میں بات کریں گے اور بچی کی آخری رسومات اداکرنے کا انتظام کریں گے ۔ 
  
 

صنعت و حرفت محکمہ جموں نے چوبیسوں گھنٹے آکسیجن وار روم قائم کیا

جموں//صنعت و حرفت محکمہ جموں نے جموںصوبے میں آکسیجن کی فراہمی اور تقسیم کی نگرانی / انتظام کرنے کے لئے ریل ہیڈ کمپلیکس کے ادھیوگ بھون میں چوبیسوں گھنٹے آکسیجن وار روم (کنٹرول روم) قائم کیا۔مدھور آنند جونیئر کے اے ایس کو کنٹرول روم کے لئے نوڈل آفیسر نامزد کیا گیا ہے اور متعلق لوگوں کو ایمرجنسی کی صورت میں اِن نمبرات پر 9469593931 اور 9469593933 پر رابطہ قائم کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔وار روم ( کنٹرول روم ) آکسیجن صارفین اور سپلائی کرنے والوں کے ساتھ مستقل رابطے میںرہے گا اورجب بھی ضرورت ہو فوری اِقدامات کریں گے۔