مزید خبرں

راجوری ضلع میں تازہ تصادم 

سرحدی اضلاع میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دئیے گئے 

سمت بھارگو 
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں فوج او ر جنگجو کے مابین ہوئی تازہ جھڑپ کے بعد دونوں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں ۔ضلع کے تھنہ منڈی علاقہ میں ملی ٹینٹوں اور فوج کے مابین ہوئے تصادم میں ایک ملی ٹینٹ اور ایک فوجی آفیسر ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس کے بعد سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ تھنہ منڈی میں ہوئی تازہ جھڑپ کے بعد دونوں اضلاع میں سیکورٹی انتظامات پر مزید توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تازہ آپریشن سے قبل سیکورٹی ایجنسیوں کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ملی ٹینٹوں کی جانب سے راجوری اور پونچھ اضلاع میں ایک مرتبہ پھر سے سرگرمیاں شروع کی جاسکتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل تھنہ منڈی کے بھنگائی علاقہ میں ایک تصادم کے دوران دو ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے تھے تاہم سیکورٹی فورسز کے پاس جانکاری تھی کہ علاقہ میں ابھی بھی ایک یادو ملی ٹینٹ موجود ہیں ۔
 
 

پونچھ میں مشکوک نقل وحرکت 

وی ڈی سی ممبر کی ہوائی فائرنگ 

پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں مشکوک نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے ایک وی ڈی سی ممبر کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے کنیاں گائوں میں بدھ او جمعرات کی درمیانی شب مشکوک نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے ولیج ڈیفنس کمیٹی ممبر کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی سیکورٹی فورسز کی ٹیمیں علاقہ میں پہنچ گئی جس کے بعد علاقہ میں وسیع پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ۔پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
 
 

کوٹرنکہ ۔جمولہ سڑک کی حالت خراب 

محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کوٹرنکہ سے جمولہ جارہی سڑک انتہائی خستہ حال ہونے کی وجہ سے مکینوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جمولہ جارہی سڑک کئی ایک مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی ہے جبکہ نالیوں و حفاظتی باندھ بھی تعمیر نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کیلئے دقتیں پیدا کررہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تعمیراتی ایجنسیوں کی جانب سے گزشتہ تین دہائیوں سے سڑک کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے لیکن ابھی تک مکمل نہیں کیا گیاہے ۔محمد فرید نامی ایک مقامی نوجوان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمولہ سڑک ملازمین و آفیسران کیلئے سونے کی کان سمجھی جارہی ہے جبکہ کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے باوجود بھی پروجیکٹ کو مکمل نہیں کیاجارہاہے ۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ کوٹرنکہ سے جمولہ سڑک کو مکمل کیاجاسکے ۔
 

محرام الحرام کی مناسبت سے مینڈھر میں پروگرام منعقد 

جاوید اقبال 
مینڈھر //محرام الحرام کی مناسبت سے مینڈھر کی جامع مسجد میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں علماء مذہبی سکالروں کیساتھ ساتھ معززین و عام لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان نقشبندی کی قیادت میں منعقدہ پروگرام کے دوران علماء نے امام حسین کی شہادت اور دین کی خدمت کے سلسلہ میں تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔علماء نے کہاکہ امام حسین نے اسلام کے پھیلائو کیلئے اپنی زندگی کی قربانی دی ہے ۔انہوں نے رسول پاک ﷺ کی جانب سے بتائی گئی تعلیمات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔مذہبی سکالروں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے بچوں کو دین کی جانب راغب کریں تاکہ اسلام کے بنیادی مقصد کو حاصل کیا جاسکے ۔اس دوران مولانا محمد سلطاں نقشبندی نے شہادت کربلا پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے اسلام ،ملک اور جموں وکشمیر کی عوام کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔
 

یوم عاشورہ کی مناسبت سے خون کا عطیہ دیا گیا 

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں انجمن جعفریہ کے زیر اہتمام یوم عاشورہ پر خون عطیہ کیمپ لگایاگیا۔ ضلع ہسپتال پونچھ میں منعقدہ اس بلڈ ڈونیشن کیمپ میں درجنوں نوجوانوں نے فی سبیل اللہ مولا حسین علیہ السلام کے نام پر اپنے خون کا عطیہ دیا۔کیمپ میں محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران، علماء کرام، شہر کی اہم شخصیات اور کثیر تعداد میں عزادار مومنین شریک ہوئے۔ اس موقع پر موجود جوانوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے جو قربانی دی ہے۔وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین کی قربانی ہمیں ایثار کا راستہ بتاتی ہیں اس سلسلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے امام کی یاد میں یہ خون عطیہ کیا گیا تاکہ یہ ضرورت مندوں کے کام آ سکے۔
 

میاں بشیر احمد لاروی کی وفات 

کوٹرنکہ کی سیاسی وسماجی شخصیات کا اظہاس افسوس 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //جموں وکشمیر کے معروف مذہبی شخصیت میاں بشیر احمد لاروی کی وفات پر سب ڈویژں کوٹرنکہ کی سیاسی و سماجی اور مذہبی شخصیت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔بدھل کے سموٹ علاقہ کے لون خاندان نے مذہبی رہنما کی وفات پر رنج و غم کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے مرحوم کی وفات سے سماج میں ایک خلا پیدا ہوگئی ہے جس کو پُر کرنے انتہائی مشکل ہے ۔مشتاق احمد لون ولد عبدلغفور لوں نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں مرحوم میں دینی تعلیمات کو عام کرنے کیساتھ ساتھ سیاست میں قدم رکھ کر لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے اہم رول ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم کے لون خاندان کیساتھ قریبی تعلقات تھے ۔ان کے علاوہ سب ڈویژن کے کئی سیاسی ،سماجی و مذہبی شخصیات نے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے میاں بشیر احمد لاروی کو شاندار خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے ان کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ہے ۔
 

فوج نے گلہوتی میں بیداری پروگرام کا اہتمام کیا 

پرویز خان 
منجا کوٹ //فوج کی جانب سے تحصیل منجا کوٹ کے گلہوتی علاقہ میں ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران کووڈ کے پھیلائو کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک فرد کو چاہئے کہ وہ کووڈ کی ویکسین حاصل کرئے جبکہ اس بیداری پروگرام کے دوران ویکسین کے سلسلہ میں سماج میں پھیلائی جارہی افوائیوں کے سلسلہ میں بھی لوگوں کو بیدارکیا گیا ۔انہوں نے پنچایتی اراکین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ عام لوگوں کو تلقین کی جائے کہ وہ مسلسل ہاتھ صابن سے صاف کریں جبکہ پُر ہجوم جگہوں پر ماسک کا استعمال کریں ۔اس بیداری پروگرام کے دوران ملحقہ علاقوں کے 57مکینوں و معززین نے شرکت کی ۔
 

 شاہ محمد تانترے ضلع صدرپونچھ تعینات

جموں//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے جمعرات کے روز پارٹی لیڈر اور سابقہ ایم ایل اے حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے کو ضلع صدر جبکہ سردار سورجن سنگھ کو جنرل سیکریٹری تعینات کیا ہے۔ اِن تعیناتیوں کی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے سفارش کی تھی اور جن کا اعلان پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی طرف سے منظوری ملنے کے بعد کیاگیا۔
 

 اپنی پارٹی کی راجوری گرینیڈ حملہ متاثرین سے تعزیت ک

راجوری//اپنی پارٹی لیڈران نے جمعرات کے روزتین سالہ بچہ جس کی گرینیڈ حملہ میں ہلاکت ہوگئی تھی، کے گھر جاکرافراد خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔ یہاں جاری پریس بیان کے مطابق ضلع صدر راجوری منظور حسین بخاری نے دیگر لیڈران کے ہمراہ چھوٹے بچے کے گھر کا دورہ کیا۔ اپنی پارٹی نے سوگواران کنبہ کے ساتھ دلی ہمدری اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اِس پرتشدد واقعہ کی کڑے لفظوں میں مذمت کی جس نے ایک معصوم کی جان لے لی۔ سنیئرلیڈر فضل چوہان، میڈیا کارڈی نیٹر راجوری رضوان خان براق، سنیئرلیڈر شبیر احمد چوہدری، سرپنچ عالم حسین سابقہ سرپنچ نیرج شرما، یوتھ صوبائی جوائنٹ سیکریٹری ریاض گکھڑ وغیرہ بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ لیڈران نے بچے کی روح کی شانتی اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان بردداشت کرنے کی ہمت عطا کرنے کے لئے اللہ سے دُعا کی۔