مزید خبرں

جمعیت علماء کا جموں وکشمیر کی خواتین کو سلام عقیدت

حکومتی پیشکش کے باوجود کسی نے بغیر محرم کے حج فارم نہیں بھرا: مولانا قاسمی

سرینگر//علماء دیوبند کے متحدہ فورم جمعیت علماء اہلسنت والجماعت جموں وکشمیرنے جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والی خواتین کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امسال حکومتی اقدامات وپیش کش کے باوجود کسی بھی خاتون نے بغیر محرم کے حج کا فارم نہیں بھرا کیونکہ اسلام نے عورت کو بغیر محرم کے سفرکرنے خصوصاً حج کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دی ہے ۔ ایک بیان میں جمعیت کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے کہاکہ آج یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے جن 32ہزار 332عازمین حج نے حج فارم بھرے ہیں انُ میں شامل کسی بھی خاتون نے بغیر محرم کے حج فارم نہیں بھرا ہے اور اسطرح انہوںنے غیرت ایمانی اور حمیت اسلامی کا ثبوت دیکر ایک مثال قائم کی ہے ۔
 
 
 

کولگام ٹاسک فورس کیمپ میں مزاحمتی کارکنوں پر زیادتیاں ناقابل برداشت:مسلم لیگ

 سرکار اور پولیس کی پالیسی سے نوجوان خطرناک راستہ اختیار کرنے پر مجبور 

سرینگر//مسلم لیگ نے بلال احمد شیخ، فہیم احمد شیخ، رؤف احمد شیخ،خالد احمد شیخ ساکنان رام پور کیموہ، ماجد احمد زرگرونپوہ،شمس الوقاص گنجی پورہ اور عطا محمد ساکن رینگت کولگام کو پچھلے دو ماہ سے لگاتار آمنو کولگام کے ٹاسک فورس کیمپ میں مقید رکھنے کی مذمت کی ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیمپ میں ان پر جسمانی تشدد ڈھانے اور ان کے عزیزو اقارب کو ان سے ملاقات نہ دینے کو انسانیت سوز اور غیر اخلاقی حرکت سے تعبیر کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مذکورہ نوجوانوں کو آج سے دو ماہ قبل گرفتار کر کے آمنو کیمپ میں رکھا گیا جہاں انہیں مسلسل بدترین قسم کے جسمانی تکالیف سے دوچار کیا گیا اور یہ سلسلہ ہنوز آج تک جاری ہے اور اس دوران ان کے گھروالوں کو نہ ان سے ملاقات کا موقع فراہم کیا گیا اور نہ انہیں ٹاسک فورس کیمپ سے نکال کر کسی تھانے میں یا جوڈیشل ریمانڈ میں دیا گیا بلکہ اطلاع کے مطابق ان کے ساتھ نہایت ہی غیر انسانی سلوک روا رکھا گیا ۔ترجمان کے مطابق ان نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کے لئے انہیں شام کے وقت جج کے پاس لے جا کرریمانڈ حاصل کی جاتی ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ کس طرح قانون کے محافظ ہی قانون کی دھجیاں بکھیر دیتے ہیں۔سجادایوبی نے کہا کہ جس طرح آئے روز نوجوانوں کو جرمِ بے گناہی کی سزا دے کر سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جاتا ہے اس سے نوجوانوں کے متعلق پولیس اور حکومتی پالیسی عیاں ہوجاتی ہے کہ کس طرح ان معصوموں اور بے گناہوں کے گھروالوں کو خوامخواہ پریشانی میں مبتلا کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ خطرناک راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ اس سے پہلے کہ حالات بگڑنے کے خدشات پیدا ہوجائیں ،فوری طور ان گرفتاریوں پر روک لگائی جائے اور ان بے گناہ نوجوانوں کو بلا تاخیر رہا کیا جائے ۔
 
 

میاں الطاف کا پارٹی کارکن کے انتقال پر اظہار رنج

 سرینگر/غلام نبی رینہ/نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبراسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے نیشنل کانفرنس کے دیرینہ کارکن شیخ محمد یوسف ساکن گنڈ کنگن کے انتقال پر مرحوم کے لواحقین سے تعزیت اوریکجہتی کا اظہار کیا ہے۔موصوف نے سنیچر کوصورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں آخری سانس لی،وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔ مختلف سیاسی و سماجی انجمنوں نے شیخ محمد یوسف کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے جملہ سوگوران کے ساتھ تعزیت کی ہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
 
 

عرس حضرت نور شاہ ولیؒپر انتظامات بہم رکھیں:سکینہ ایتو

سرینگر//نیشنل کانفرنس کی شمالی زون صدر سکینہ ایتو نے حضرت نور شاہ ولی بغدادیؒ قاضی گنڈ کے عرس مبارک کے سلسلے میں ضلع انتظامامیہ کولگام سے اپیل کی کہ عقیدتمندوں کیلئے بجلی،پینے کاپانی، صحت و صفائی جیسے انتظامات میسر رکھیں۔ پارٹی کے ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور ضلع سکریٹری ایڈوکیٹ عبدالرحمن تانترے نے بھی انتظامات بہم رکھنے کی اپیل کی ہے ۔
 
 

ہاشم قریشی کا سرحدی تنائو پر اظہار تشویش

سرینگر//ڈیموکرٹیک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے سرحد پر دو طرفہ گولہ باری پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہند وپاک کے درمیان سرحدی کشیدگی جموںکشمیر کے عوام کے لئے 
موت کا سامان بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے لئے جموں و کشمیر ایک منافع بخش انڈسٹری بن چکی ہے کیونکہ ہندوستان اب دنیا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کشمیر کے نام پر اربوں و کھربوں ڈالر بٹور رہا ہے تو دوسری طرف پاکستان بھی کشمیریوں کی حمایتی بن کر عرب دنیا اور دوسرے ممالک سے اپنی اقتصادیات مستحکم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ا سمبلی ممبران اور وزراء ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے سرحد پر جاری خونی کھیل کے سلسلے میں حکومت ہند کی ہٹ دھرمی کے خلاف احتجاج کرتے تو نہ صرف پاکستان کے ساتھ مذاکراتی عمل شروع ہو سکتا تھابلکہ جموں کشمیر میں زمینی سطح پر ماحول سازگار بن سکتا۔
 
 

فریڈم لیگ کا سابق عسکری کمانڈر کو خراج

سرینگر// پیپلز فریڈم لیگ نے رواں تحریک کے ایک عسکری کمانڈر فیاض احمد شاہ العرف فیاض بکسر المعروف شاہد خان کی 25ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کیا۔ایک بیان میں لیگ ترجمان نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں تنظیم کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس سے تنظیم کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے ٹیلیفون پر خطاب کیا۔انہوں نے فیاض احمد شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کو کبھی بھی رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے ہند و پاک کے درمیان سرحدی کشیدگی اور سرحد کے دونوں جانب عام لوگوں کے جانی و مالی نقصان اور زیاں پر تشویش کا اظہار کرتے کہا کہ بھارت کو ضد اور ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کر کے مسئلہ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کرنے کیلئے آگ آنا چاہئے تاکہ جموں کشمیر سمیت پورے برصغیر میں امن و امان کا دوردورہ ہو۔
 
 

 اپنے ساتھی کی رحلت پر الیکٹریکل یونین سوپور کا اظہار تعزیت 

سرینگر // جموں وکشمیر الیکٹریکل ایمپلائیز یونین سرکل سوپور کے ایک تعزیتی اجلاس میںڈویژن سے وابستہ ملازم غلام محمد کمار کے انتقال پر زبردست رنج وغم کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس سیکریٹری سرکل منظور احمد خوان کی صدارت میںمنعقد ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نیک سیرت شریف النفس ، نرم مزاج ، ایماندار اور ملنسارتھے ۔سرکل سیکریٹری کی قیادت میں ملازمین نے مرحوم کے گھر جاکر لواحقین کی ڈھارس بندھائی اور ان کو یقین دلایا کہ جموں وکشمیر الیکٹریکل ایمپلائز اس غم میں برابر شریک ہیں۔