مزید خبرں

بھیم سنگھ کا ہندوستانی پارلیمنٹ سے مداخلت کا مطالبہ

جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستانی پارلیمنٹ سے ہندستانی آئین کی دفعہ۔370اور جموں وکشمیر آئین کے سیکشن 92کے تحت مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس سے جموں وکشمیر میں رہنے والے ہندستانی شہریوں کو مزید اموات اور تباہی سے بچایاجاسکے۔انہوں نے ہندستانی پارلیمنٹ کو یاد دلایا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے لوگوں کی خواہش پر، جن کی قیادت شیخ عبداللہ نے کئی برسو ں تک کی، 26اکتوبر، 1947کو باقی ریاستوں کی طرح الحاق نامہ پر دستخط کئے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ آئینی اسمبلی کی غلطی ہے کہ جس نے جموں وکشمیر کے لوگوں کی مرضی کے بغیر دفعہ 370لائی اور جموں وکشمیر کو الحاق والی فہرست سے باہر رکھا گیا۔
 
 
 
 

این آئی اے کا دعویٰ جھوٹ کا پلندہ:فرنٹ آر 

سرینگر//لبریشن فرنٹ)آر(کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے اپنے مشترکہ بیان میں این آئی اے کی جانب سے حریت قیاست کے خلاف چارج شیٹ دائر کرنے اور ان کی ضمانتی درخواست کی نفی اور اس سلسلے میں طول دینے کی کارروائی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت این آئی اے کو رواں جدوجہد آزادی کے خلاف پروپگنڈا کے طور استعمال کررہا ہے ۔انہوںنے این آئی اے کا دعویٰ جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دراصل انہوں نے مزاحمتی قائدین کے خلاف ایک نفسیاتی جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔انہوں نے صحافی کامران یوسف کے خلاف عائد الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گرفتاری براہ راست آزاد صحافت پر ایک حملہ ہے ۔بیرسٹر ترمبو اور وجاہت قریشی نے پارٹی کے محبوس چیئرمین فاروق احمد ڈار کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہاڑ جیل میں محبوسین کو انتقامی بنیادوں پر طبی سہولیات بہم نہیں رکھی جارہی ہیں۔
 
 

۔5 سالہ بچی تیندوے کا نوالہ بن گئی

احمد آباد کولگام میں کہرام

کولگام /خالد جاوید /احمد آباد دمحال ہانجی پورہ میں کل شام تیندوے نے 5سالہ بچی کی چیر پھاڑ کرکے اسے ہلاک کرڈالا۔سنیچر کی شام7بجے ارفاد جان دختر عبدالحمید چوپان اپنے صحن میں کھیل رہی تھی کہ اس دوران وہاں تیندوا نمودار ہوا اور مذکورہ بچی کو اٹھا کر لے لیا ۔بچی کی چیخ و پکار سن کر لوگ جمع ہوئے اور تیندوے کو دھونڈنے لگے ۔بعد میں لوگوں نے گائوں کے باہر بچی کی لاش دیکھی جسے تیندوے نے چیر پھاڑ کر ہلاک کرڈالا تھا ۔علاقہ میں خوف و دہشت پھیل گیا ہے ۔
 
 

 این سی سی دستہ وزیراعلیٰ سے ملاقی

جموں//جے اینڈ کے این سی سی دستے نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔اس دستے میں 109کیڈٹ شامل تھے جس کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل این سی سی جموں وکشمیر میجر جنرل نیلندر کمار کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ نے 26جنوری پریڈ کے دوران بہتر کارکردگی دکھانے کے لئے دستے کو مبارک باد دی اور انہیں آگے کے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کی نیک خواہشات دیں۔وزیرا علیٰ نے ریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کیڈٹوں کو تربیت دینے کے لئے ڈائریکٹوریٹ کے افسروں کی سراہنا کی۔اس موقعہ پرمیجر جنرل کمار نے جے اینڈ کے ڈائریکٹوریٹ آف این سی سی کے پچھلے سال کی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی ۔
 
 
 

بارہمولہ میں مارکیٹ چیکنگ 

 قصورواردکانداروں کے خلاف کارروائی

بارہمولہ//اے ڈی سی بارہمولہ فاروق احمد بابا کی قیادت میں افسران کی ایک ٹیم نے بارہمولہ کے کئی بازاروں کا معائنہ کیا تاکہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے اور معیاری اشیاء کی فروخت یقینی بن سکے۔اس موقعہ پر قانونی ضوابط کی خلاف ورزیوں میںملوث کئی دکانداروں پر جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ غیر معیاری مصالحہ جات موقعہ پر ہی ضائع کئے گئے۔
 
 

۔599کروڑ روپے کے 43 سی آر ایف پروجیکٹ منظور 

جموں//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے ایوان میں حکیم محمد یاسین کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو سال 2016-17کے دوران 599.20کروڑ روپے کے 43 سی آر ایف پروجیکٹوں کی منظوری ملی جو تکمیل کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پچھلے دو برسوں کے دوران 2275.75کروڑ روپے کے 148 سڑک پروجیکٹ مرکزی سرکار کو منظور ی کے لئے بھیج دئیے ۔انہوںنے کہا کہ تاہم رہ گئے پروجیکٹوں پر غور کیا جارہا ہے۔اس موقعہ پر وزیر نے خانصاحب حلقے کے کئی سڑک پروجیکٹوں پر ہور ہی پیش رفت کا بھی تفصیل سے ذکر کیا۔ جی ایم سروری نے اس موقعہ پر ضمنی سوال پوچھا۔اس دوران انہوں نے قانون ساز اسمبلی میں عثمان مجید کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ صاحب سے لے کر چھنا پال چھٹی بانڈے 5.5کلومیٹر لمبی سڑک کو بڑھاوا دینے کا ڈی پی آر 4.08کروڑ روپے کی لاگت سے مرتب کیا جارہا ہے ۔
 
 

ڈاکٹر فاروق کا اظہارِ تعزیت

سرینگر//نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے دیرینہ رکن خواجہ غلام نبی وانی ساکن برنوار چاڈورہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے پسماندگان خصوصاً اُن کے فرزندان کیساتھ دلی تعزیت کی اور اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال ، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور وسطی زون صدر علی محمد ڈارنے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادھر پارٹی کے کئی عہدیداران نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ 
 
 
 

سوگام میں سٹیٹ بنک کے اے ٹی ایم کا افتتاح

کپوارہ //سٹیٹ بینک آف انڈیا نے سوگام شاخ میں اے ٹی ایم نصب کرکے صارفین کی دیرینہ مانگ کو پورا کیا۔ افتتاحی تقریب پر سیکٹر ہیڈکواٹر 8 کے کمانڈر برگیڈئر موہت ترویدی، شمالی اور جنوبی کشمیر میں ایس بی آئی کے صوبائی سربراہ سنیل شرما، ایس ڈی پی او لولاب، سی او 28آر آر ہرش جاہ اور سوگام شاخ کے منیجر مصطفی حبیب بھی موجود تھے۔صارفین سے بات کرتے ہوئے بریگریڈر موہت ترویدی نے بتایا کہ ایس بی آئی ملک کے اعلیٰ بینکوں میں سے ایک ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھی آراستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اے ٹی ایم سے سوگام کے لوگوں کو راحت نصیب ہوگی ۔اس موقعے پر سنیل شرما نے تمام صارفین کا شکریہ ادا کیا جو تقریب میں موجود تھے۔ 
 
 

میرواعظ اور دیگر مزاحمتی لیڈروں کا جموال کے ساتھ اظہار تعزیت

سرینگر//حریت (ع) کے چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کشمیر ٹائمز کے چیف ایڈیٹر پربودھ جموال کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے پربودھ جموال اور انورادھا بھسین جموال کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ میرواعظ کی ہدایت پر ایک وفد جس میں میر غلام رسول، ٹی آر ڈوگرہ، کے کے سنگھ، فرحان چودھری، جاوید احمد خان، محمد افضل اور ایودھیا راج شامل ہیں نے ان کے گھر جاکر میرواعظ کی جانب سے غمزدہ خاندان کے ساتھ اس سانحہ پر تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ جے کے ایل ایف)آر(کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی ،اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے بھی غمزدہ خاندان کیساتھ گہری ہمدری اور یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے مرحومہ کے روح کی شانتی کیلئے دعا کی ہے۔
 
 
 

شبیر شاہ کی خالہ رحلت کرگئیں

سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ کی خالہ 75سالہ سلیمہ خاکی زوجہ مرحوم غلام احمد خاکی نئی بستی اسلام آباد سنیچر کی صبح انتقال کرگئیں۔اس سلسلے میں پارٹی کا ایک وفد ایڈوکیٹ فیاض سوداگر کی قیادت میں اسلام آبادگیا اور نماز جنازہ میں شرکت کی۔وفد نے بعد اذاں مرحومہ کے اقرباء کے ساتھ یکجہتی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وفد نے مرحومہ کے حق میں مغفرت کی دعا کرتے ہوئے موجود حاضرین سے اپیل کی کہ وہ شبیر احمد شاہ کی سلامتی و رہائی کیلئے خصوصی دعا کریں۔
 
 
 

بیجبہاڑہ میں 10فروری کو قومی لوک عدالت کا انعقاد ہوگا

اننت ناگ//چیئرمین تحصیل لیگل سروسز کمیٹی بجبہاڑہ کے مطابق سب جج بجبہاڑہ کے عدالتی احاطے میں 10فروری2018کو ایک قومی لوک عدالت کا انعقاد ہوگا جس میں مختلف تنازعات اور معاملات باہمی افہام وتفہیم سے نمٹائے جائیں گے۔اس سلسلے میں خواہشمند افراد سے 9فروری تک تحصیل لیگل سروسز کمیٹی اوربارایسو سی ایشن کے ممبران کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔
 
 
 
 

سوئیبگ میں شبانہ توڑ پھوڑ اور گرفتاریاں غیر جمہوری عمل:حریت ع

سرینگر//حریت (ع)نے سوئیبگ بڈگام میں ایس اوجی اور فورسزکی طرف سے شبانہ توڑ پھوڑاور نوجوانوں کی گرفتاریوں پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے سویبگ میں پولیس اور سرکاری فورسز کی جانب سے شبانہ چھاپوں کے دوران درجنوں افراد کی گرفتاری کو ریاستی دہشت گردی کا بدترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ سویبگ علاقے کے متعدد محلوں میں پولیس اور فورسز کے چھاپے کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ مکانوں کی توڑ پھوڑ اور مکینوںکو ہراساں کیا گیا ۔ترجمان نے کہا کہ اس طرح کا غیر جمہوری عمل ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔
 
 
 
 
 

ڈی سی کپوارہ نے ضلع میں مختلف کاموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا

سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے محکمہ دیہی ترقی اورپنچایتی راج کے آفیسران اورانجینئروں کی ایک میٹنگ میں ضلع میں مالی صورتحال اورترقی کاموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کپوارہ اور جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ نیز ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر نے ترقیاتی کمشنر کو ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے محکموں کی طرف سے جنوری2018ء تک کی حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی جس میں کاموں کے لئے فراہم کئے جارہے ایام کار،آدھار سیڈنگس،ایف ٹی او کی صورتحال ،ایم جی نریگا ،ایس بی ایم اورپی ایم اے وائی وغیرہ شامل ہے۔جبکہ میٹنگ میں واجب الادائیگی کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ سے خطاب کے دوران ترقیاتی کمشنر نے عمل آوری ایجنسیوں پر کاموں کی رفتار میں سرعت لانے اوررواں ماہ میں ہی کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ اس مقصد کے لئے اضافی افرادی قوت اورمشینری کو بروئے کار لایاجانا چاہیے۔
 
 

 محمد رمضان خان کا پی ایس اے کالعدم

عازم جان 
 
بانڈی پورہ //پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان کا پبلک سیفٹی ایکٹ عدالت عالیہ نے کالعدم کیا ہے چنانچہ محمد رمضان خان ولد غلام نبی خان ساکن گنڑ پورہ بانڈی پورہ کو پولیس نے 27 ستمبر 2017 کو گرفتار کر لیا ہے اور پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کورٹ بلوال جیل بھیج دیا گیا۔ ایڈوکیٹ شفقت نذیر نے عدالت عالیہ پی ایس اے کو کالعدم کے لیے عرضی پیش کی جس پر2"فروری 2018 کو سماعت کے دوران دلائل سننے کے بعد سیفٹی ایکٹ کو کالعدم قرار دیا ہے۔
 
 
 
 

مفتی سعید کی کاوشیں قابل سراہنا: پروفیسر مٹو

جموں//وزیرا علیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے کل کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید کی ریاست کے تئیں امن اور کلہم ترقی کی جانب قابل سراہنا ہے اور جس سے صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔پروفیسر مٹو نے ان باتوں کا اظہار معروف سماجی کارکن اور سول سوسائٹی کے ممبران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔پروفیسر مٹو نے کہا کہ مرحوم مفتی نہ صرف پی ڈی پی کے آئینہ تھے بلکہ لوگوں کے جذبات کے ترجمان تھے۔اس کے علاوہ مرحوم ایک مانے ہوئے مدبر سیاست داں تھے جنہیں ریاست کے تمام لوگ عزت کی نگاہوں سے دیکھتے تھے۔انہوں نے کہاکہ مفتی محمد سعید عدم تشدد کے پیرو کار اور انہوںنے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کے ساتھ رہنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے تمام طرح کے تشدد سے پاک ماحول قائم کرنے کی وکالت کی ہے ۔پروفیسر مٹو نے کہاکہ سابق وزیرا علیٰ التوا میں پڑے معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے میں یقین رکھتے تھے۔