مزید خبرں

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹ 

تھنہ منڈی کے لوگوںنے احتجاج کا عندیہ 

طارق شال
 
تھنہ منڈی //راجوری ضلع کے نوشہرہ ، کالاکوٹ اور سندر بنی علاقوںسے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹ کے حق میں جاری ہڑتال کے بعد اب تھنہ منڈی کے لوگوں نے بھی علاقے میں اے ڈی سی پوسٹ دینے پر احتجاج کا عندیہ دیاہے ۔مقامی سیاسی ، سماجی ،دینی و دیگر تنظیموں کے عہدیداران کاکہناہے کہ تھنہ منڈی ایک وسیع علاقہ ہے جہاں حکومت کو فوری طورپر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی عمل میں لانی چاہئے ۔ ان کاکہناہے کہ تھنہ منڈی،درہال ،شاہدرہ شریف اور گھمبیر مغلاں تک پھیلاہواپہاڑی علاقہ ہے اور مقامی لوگوں کو کام کاج کے سلسلہ میں سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑتاہے ۔ادیب و مصنف غلام نبی شہباز راجوروی، عبدالرشید فدا، نیشنل کانفرنس سینئر لیڈربشیر احمد وانی ،راجوری ڈیولپمنٹ فورم چیئر مین شوکت احمد شال، پرنسپل ماڈل بوائز ہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی محمد صدیق گنائی، لٹل اینجلز ہائر اسکنڈری اسکول راجدھانی کے سربراہ ظفر امین میر، مغل روڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائم مقام چیئر مین الحاج عبدالرشید شال، سرپنچ ایسو سی ایشن صدر عبدالقیوم نائیک، امام و خطیب مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی مفتی عبدالرحیم قاسمی ضیائی،امام جامع مسجد غونث نگر مفتی نصیراحمد نقشبندی اور گاندھی گلوبل فیملی کے ضلع صدر الحاج محمد بشیر شال نے کہاکہ  موجودہ مخلوط سرکار کو سب ڈیویژن تھنہ منڈی میں فوری طور پر اے ڈی سی کی تعیناتی عمل میں لانی چاہئے ۔ان کاکہناہے کہ تھنہ منڈی کے سجی بگلہ، سرونوالہ ،بڑی بہک، دیرہ گلی علاقے پسماندگی کاشکار ہیں جہاں کے لوگوں کو میلوں پیدل سفر کر کے ضلع صدر مقام تک پہنچنا پڑتا ہے اور یہ لوگ رات کو گھر واپس بھی نہیں پہنچ پاتے ۔ انہوں نے کہا کہ کالا بن، گھمبیر مغلاں کے حصے کو تھنہ منڈی کے ساتھ جوڑا جائے کیونکہ یہ علاقے نزدیک واقع ہیں ۔ انکا کہنا ہے کہ سرکار کو سنجیدگی کے ساتھ اس معاملے پر غور کرناچاہئے اور جس طرح سے نوشہرہ و سندر بنی کیلئے اے ڈی سی پوسٹ کا اعلان کیاگیاہے اسی طرح سے تھنہ منڈی کو بھی یہ پوسٹ دی جائے ۔انہوںنے کہاکہ اگر حکومت نے اس پر کوئی اقدام نہ کیاتو تھنہ منڈی کے لوگوں کو بھی احتجاج کا راستہ اختیار کرناپڑسکتاہے ۔
 
 

نوشہرہ میں ملک مخالف نعرہ بازی کی مذمت 

خود کو وطن پرست جتلانے والے خاموش کیوں ؟:مدنی

جموں//سنی یوتھ ونگ جموں و کشمیر کے صدر اعجاز احمد مدنی نے نوشہرہ میں احتجاج کے دوران ملک مخالف نعرہ بازی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔انہوں نے پریس کے نام جاری ایک بیان میں کہا کہ نو شہرہ اکثر و بیشتر سُرخیوں میں رہتا ہے،کیونکہ نوشہرہ حلقہِ انتخاب کے ممبر اسمبلی رویندر رینا آئے روز ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں جن کو سن کر ایسا لگتا ہے کہ رینا کے علاوہ کوئی ملک سے جیسے محبت ہی نہیں کرتا،چند ماہ قبل اُنہوں نے ایوانِ اسمبلی میں ممبر اسمبلی اکبر لون کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی کہ اُنہوں نے پاکستان کے حق میں نعرے بلند کئے۔مدنی نے کہا کہ پاکستان کو بار بار کوسنے والے نوشہرہ کے ممبر اسمبلی کے حلقہِ انتخاب میں گزشتہ روز چند ملک کے غداروں نے پاکستان کے حق میں نعرہ بازی کی تاہم ابھی تک اس معاملے پر خود کو ملک کا وفادار کہلانے والے نوشہرہ کے ممبر اسمبلی رویندر رینا کی طرف سے کوئی مذمتی بیان جاری نہیں کیا گیا۔مدنی کاکہناتھاکہ ایسے بیانات پر پونچھ میں کچھ لوگوں کی طرف سے آئے روز احتجاج ہوتے رہتے ہیں ،حال ہی میں ریاستی اسمبلی میں اکبر لون نے پاکستان زندہ باد کہہ دیا تو پونچھ میں کچھ لوگوں نے اُن کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاج کیا،کانگریس کے رہنما سیف الدین سوز نے کوئی بیان دے دیا تو اُن کے خلاف بھی احتجاج کیا گیا ،لیکن راجوری کی تحصیل نوشہرہ میں بھی ویسا ہی ہوا بلکہ اُس سے دو قدم بڑھ کے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے تو اِن لوگوں کے خلاف کوئی احتجاج کیوں نہیںہوا ۔ان کاکہناہے کہ احتجاج کرنے والے تبھی حرکت میں آتے ہیں جب کوئی مسلمان ایسا کرے ۔ان کاکہناتھاکہ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ کیا ان شر پسندوں کے خلاف کارروائی ہوگی جنہوںنے ملک مخالف نعرے بازی کی۔
 
 

میونسپل کمیٹی ملازمین 7 ماہ سے تنخواہوںسے محروم 

کئی کی تعیناتی کنبہ پروری سے ہوئی :ایگزیکٹو افسرکا انکشاف 

طارق شال
 
تھنہ منڈی // میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے عارضی ملازمین سات ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ اسی کمیٹی کے مستقل ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی ۔وہیں ایگزیکٹو افسر نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کئی ملازمین کی تعیناتی کنبہ پروری سے ہوئی ہے ۔میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی میں کام کر رہے عارضی ملازمین کاکہناہے کہ انہیں گزشتہ سات ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی جس کے نتیجہ میں ان کا گزر بسر مشکل ہوگیاہے۔ان کاکہناہے کہ تنخواہ نہ ملنے سے انکے بچوں کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے اور وہ فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے امتحان دینے کے قابل بھی نہیں ۔رابطہ کرنے پر ایگزیکٹو افسرمیونسپل کمیٹی تھنہ منڈی نے بتا یا کہ گزشتہ کئی سال سے کمیٹی میں کنبہ پروری کے طور پرعارضی ملازمین کی بھرتی کی گئی جس کی وجہ سے ان ملازمین کو تنخواہ دینا کمیٹی کے بس میں نہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھنہ منڈی کمیٹی کی آمدنی محدود ہے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ مستقل کام کرنے والوں کو تنخواہ دی جائے گی ۔
 
 
 
 

ولادت جناب زہرا ؑپر سبیل کا اہتمام

پونچھ //دختر پیغمبر اسلامؐ، خاتون جنت بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت پر کورٹ کمپلیکس پونچھ کے تاجروں کی جانب سے ایک سبیل لگائی گئی۔ اس موقعہ پر مولانا سید سجاد حیدر صفوی نے کہا کہ دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا بیس جمادی الثانی ہجرت سے آٹھ سال قبل پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے بیت الشرف میں اس دنیا میں تشریف لائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہزادی کونین اعلی الٰہی اور انسانی کمالات و فضائل کی حامل تھیں، آپ ؑکی الٰہی فضیلت میں یہی کافی ہے کہ آپ ؑجب بھی بزم رسالت میں تشریف لاتی تو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آگے بڑھ کر آپ ؑکا استقبال کرتے اور بی بی دوعالم کو اپنی جگہ پر بٹھاتے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت باسعادت پر ایران اور دیگر ملکوں میں یوم مادر اور یوم خواتین بھی منایا جاتا ہے۔ اس دوران عوام میں تبرک بھی تقسیم کیا گیا۔اس موقعہ پرافتخار علی بزمی، محمد جعفر بٹ، سہیل جعفر میر ،نزاکت علی صوفی، تجمل حسین کاظمی، ظہیر عباس جعفری اور فاروق احمد بھی موجود تھے۔
 
 
 

پی ڈی پی مینڈھر کی شائع شدہ خبر کی تصحیح 

نیوز ڈیسک
 
مینڈھر //پی ڈی پی یونٹ مینڈھر نے گزشتہ روز شائع ہوئی خبر کی تصحیح کرتے ہوئے بتایاہے کہ جمعرات کے روز منعقدہ ماہانہ اجلاس کے دوران تعزیت کا اظہار سابق زونل ایجوکیشن افسر محمد عزیز بھٹی کی موت پر کیاگیا جبکہ غلطی سے اس نام کی جگہ رمضان بھٹی کا نام لکھاگیاہے ۔پی ڈی پی یونٹ مینڈھر کا کہناہے کہ اس غیر ارادتاًغلطی کیلئے وہ معذرت خواہ ہے ۔
 
 

منڈی میں روگی کلیان سمیتی میٹنگ 

تانترے کاڈیجیٹل ایکسرے ،الٹراسائونڈ مشین اور ڈینٹل چیئرفراہم کرنیکا اعلان 

عشرت بٹ
منڈی//سب ضلع اسپتال منڈی میںآر کے ایس (روگی کلیان سمیتی ) کے حوالے سے ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی قیادت میں ایک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جہاں گزشتہ سال کی کار کردگی کا جائزہ لیا گیااور ساتھ ہی رواں برس بہتر نتائج کی ہدایت دی گئی ۔ میٹنگ میں بلاک میڈیکل آفیسر و ممبر آر کے ایس ڈاکٹر مشتاق حسین  بھی موجود تھے جنہوںنے گزشتہ سال کے اخراجات اور آمدنی کی مکمل جانکاری ایم ایل اے کے سامنے رکھی ۔ تانترے نے کہا کہ جس قدر بھی ہوسکے شعبہ صحت میں تبدیلی لائی جائے اور لوگوں کو بہتر سے بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اسپتال میں تعینات ڈاکٹر ایمانداری سے کام انجام دے رہے ہیں اور سبھی ڈاکٹروں و نیم طبی عملے کو چاہئے کہ وہ مریضوں کے ساتھ مزید پیار سے پیش آئیں کیونکہ اسپتال میں جو بھی انسان آتا ہے وہ لاچار اور پریشان ہوتا ہے۔ممبراسمبلی نے کہا کہ اسپتال کی نو تعمیر شدہ عمارت کو جلد از جلد مکمل کیاجائے ۔ان کاکہناتھاکہ اس عمارت سے تمام ڈاکٹروں اور خاص کرکے عوام کو راحت ملے گی ۔تانترے نے کہا کہ اس کے علاوہ  باقی تمام تر سہولیات بھی منڈی اسپتال کو فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام منڈی کو اسکا فائدہ پہنچ سکے ۔اس دوران آر کے ایس سکیم کے ممبر شمیم احمد گنائی نے کہا کہ منڈی سب ضلع اسپتال میں نظام کو بہتر بنانے کیلئے کافی کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ آٹھ ماہر ڈاکٹروں کی اسامیاں خالی ہیں جن کو پرکیاجاناچاہئے اور ساتھ ہی ضروری مشینری فراہم کی جائے ۔میٹنگ میں رکھے گئے مسائل پر بولتے ہوئے ممبر اسمبلی نے کہاکہ ڈیجیٹل ایکسرے مشین ،الٹراسائونڈ مشین اور ڈینٹل چیئروہ اپنے حلقہ اختیارتی فنڈز سے فراہم کریںگے ۔
 
 
 

پروین آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ممبر نامزد 

جاوید اقبال 
 
مینڈھر //کانگریس کی مینڈھر سے تعلق رکھنے والی خاتون کارکن پروین سرور خان کوآل انڈیا کانگریس کمیٹی کاممبر نامزد کیاگیاہے ۔کانگریس کارکنان نے پروین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ پہلی بار خطہ پیر پنچال سے کسی خاتون کو یہ عہدہ دیاگیاہے جس کیلئے وہ کانگریس ہائی کمان کا شکریہ اد اکرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پروین کو یہ عہدہ دینے سے کانگریس مقامی سطح پر مضبوط ہوگی ۔ پروین سرور خان اس وقت کانگریس کی ریاستی سیکریٹری ہیں ۔
 
 
 
 

گاڑیوں کی ٹکر میں 3 افراد زخمی

راجوری //جموں پونچھ شاہراہ پر سندر بنی کے مقام ایک مسافر بس اور کار کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں ۔یہ حادثہ سندر بنی کے نزدیک ٹھنڈا پانی پل پر پیش آیا جس دوران منی بس زیر نمبر JK11-1057کی ٹکر مخالف سمت سے آرہی کار زیر نمبر JK11B-0473سے ٹکراگئی جس کے سبب تین افراد زخمی ہوئے ۔ ان تینوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں وہ زیر علاج ہیں ۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
 
 

مینڈھر میں نقل کے 21کیس بنائے گئے 

جاوید اقبال 

مینڈھر //مینڈھر میں بارہویں جماعت کے امتحانات کے دوران مختلف مراکز میں نقل کے اکیس کیس بنائے گئے ۔ ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے نے مختلف امتحانی مراکز کادورہ کرکے بارہویں کے امتحان میں 21کیس بنائے ۔انہوںنے گزشتہ روز دسویں کے امتحان میں بھی 6کیس بنائے تھے ۔ مینڈھر میں نقل کی وباپر قابو نہیں پایاجاسکاہے اور ہر سال دسویں اور بارہویں کے امتحانات کے دوران کئی کیس بنائے جاتے ہیں ۔ 
 
 

پونچھ میں دو غیر ریاستی بچے لاپتہ 

پونچھ //پونچھ میں دو غیر ریاستی بچے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں ۔اس سلسلے میں پولیس نے عوام سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ ان بچوں کے بارے میں کچھ بھی پتہ چلنے پر فوری طور پر اطلاع دی جائے ۔پولیس کے مطابق ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو کمسن بچے سیزا اور گووند گزشتہ روز پونچھ قصبہ کے نزدیک کچرے سے سامان جمع کرنے کیلئے گئے جہاںسے تاحال واپس نہیں لوٹے ۔ پولیس کے مطابق دونوں بچے پراسرار طور پر لاپتہ ہیں ۔اس سلسلے میں پولیس نے فون زیر نمبر 220258اور ہیلپ لائن زیر نمبر 100جاری کرتے ہوئے لوگوںسے اپیل کی ہے کہ کسی بھی طرح کی جانکاری ملنے پر فوری اطلاع دی جائے ۔پولیس کے مطابق ایس ایس پی پونچھ خود بچوں کی بازیابی کی کوششوں کی نگرانی کررہے ہیں ۔
 
 

مقامی صحافی کیساتھ اظہار تعزیت 

پونچھ//کاشر اد ب پونچھ کے زیر اہتمام ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت صدر احتشام حسین منعقد کیاگیا ۔اس دوران سرنکوٹ کے لٹھونگ گائوں کے رہنے والے غلام عباس کے فرزند ارجمند جواں سال یاور عباس کی اچانک موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ غم مرحوم کے تمام لواحقین کے لئے سخت ترین غم ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خصوصی طور پر صحافی جہانگیر شیخ کو ان کے بھانجے کی موت پر تعزیت کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔اس دوران مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے خصوصی فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔