مزید خبرں

گگن گیر اور چندوسہ میںآگ،2رہائشی مکانات خاکستر

غلام نبی رینہ+ فیاض بخاری
 
کنگن +بارہمولہ//گگن گیرمیں آتشزدگی کی ایک واردات میں پرستان پٹرول پمپ کے نزدیک محمد اسماعیل چیچی ولد شیر زماں چیچی کا رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز گنڈ نے جائے واردات پر پہنچ کرمقامی لوگوں کی مدد سے آگ کو مزید پھیلنے پر قابو پالیا تاہم ایک رہائشی مکان مکمل طور خاکستر ہوگیا جبکہ رہائشی مکان میں موجود املاک بھی تباہ ہوگیا۔ گنڈ پولیس کے مطابق آگ بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ گئی ہے۔ چندوسہ بارہمولہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوا جس میں لاکھوں روپے کی مالیت کا ساز سامان رکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا ۔ سکھ پتی چندوسہ علاقے میں بدھ کی شام دیر گئے نرندر سنگھ ولدپر تپال سنگھ نامی شہری کے دو منزلہ رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے بعد آگ کے شعلوں نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس ہولناک واردات میںمجموعی طور لاکھوں روپے کی املاک خاکستر ہوئی ۔بعد میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کے اہلکاروں نے پولیس و عام لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا اور باقی نقصان سے بچایا۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ۔  
 

غیر قانونی طور ریت ،بجری اور

 مٹی نکالنے سے پرہیز کریں:ڈی سی پلوامہ

پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر غلام محمد ڈار کی صدارت میںافسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میںدریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں سے غیر قانونی طو رریت،بجری اور مٹی نکالنے پر روک لگانے اورملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لئے کئے جارہے اقدامات کا جائز ہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایس ای ہائیڈرولک ،ایگزیکٹیو انجینئر اری گیشن وفلڈ کنٹرول اورتحصیلدار پلوامہ ،کاکہ پورہ اورپانپور کے علاوہ متعلقہ ایس ایچ اووز بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میںدریائے جہلم اوردیگر ندی نالوں سے ریت،مٹی اوربجری نکالنے پر پابندی کے باوجود بعض لوگ پانپور،کاکہ پورہ ،گالندر چکی کوٹ ،پچتنگ،ڈوگری پورہ اور نالہ رمبی آرہ سے ریت اورمٹی نکالنے کی غیر قانونی سرگرمیوں میںملوث ہیں ۔ترقیاتی کمشنر نے آفیسران پر زوردیا کہ اس سلسلے میں فوری طور کارروائی کریں اور ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے علاوہ ٹپر،ٹریکٹر اورمیکنیکل بوٹ ضبط کریں۔

 
برفانی تودا گرنے سے سونہ مرگ میں مزدور زخمی
 غلام نبی رینہ
 
کنگن // شتکڑی سونہ مرگ میں اس وقت ایک بہت بڑا حادثہ ٹل گیا جب پہاڑی سے ایک بھاری برفانی تودا گر آیا جس میں ’اپکو ‘نامی کمپنی سے وابستہ ایک مزدور کی ٹانگیں پھنس گئیں تاہم وہاں موجودہ دیگر مزدوروں نے اسے برفانی تودے سے نکال کر ہسپتال پہنچایا جہاں پر اسکی حالت بہتر بتائی جارہی ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ جمعرات کوشتکڑی سونہ مرگ میں 6.5کلو میٹر لمبی زیڈ موڑ ٹنل کے وسٹ پورٹل کے نزدیک کمپنی میں کام کررہے مزدور مصروف تھے کہ اس دوران پہاڑی سے ایک بھاری برفانی تودا گر آیا جس میں درم پرکاش سنگھ ولد نرندر پرکاش سنگھ کی دونوں ٹانگیں پھنس گئیں تاہم وہاں موجود دیگر مزدوروں نے اسے فوری طور نکالا اور اسے ’اپکو ‘ہسپتال گگن گیر میں داخل کرایا گیا جہاں اسکی حالت بہتر بتائی جارہی ہے ۔اپکو کے ڈپٹی جنرل منیجر ماکھن سنگھ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وسٹ پورٹل شتکڑی میں ٹنل پر کام چل رہا تھا کہ اس دوران پہاڑی سے برفانی تودا گر آیا جس کے نتیجے میں ایک مزدور کی ٹانگوں میں چوٹ آئی تاہم اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور اس کی حالت بہتر ہے ۔
 
 

مخلوط سرکار ہر محاذ پر ناکام این سی لیڈر

سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈر ایڈوکیٹ نظیر احمد ملک نے مخلوط سرکارپر الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ سرکار ہر محاز پر ناکام ہوچکی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایک جواب دہ سرکار کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ قانون نام کی کوئی چیزیہاں موجود نہیںہے اورنہ ہی ترقیاتی کاموںکی عمل آوری میں شفافیت ہے۔ایڈوکیٹ ملک کا کہنا ہے کہ ریاستی عوام خاصکر بے روز گار نوجوان ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئے روز کسی نہ کسی معصوم کو ماراجاتاہے جس کے خلاف بعد میں احتجاجی مظاہروں کے دوران سینکڑوں معصوم نوجوانوں کو زخمی یا گرفتار کیا جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سرکارکی پالیسیوں کے سبب ریاست کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا گیاہے۔
 

قاضی گنڈ میں5قمار باز گرفتار،دائو پر لگی رقم ضبط

عارف بلوچ
 
ڈورو+بڈگام //قاضی گنڈ میں پولیس نے بس اسٹینڈ کے نزدیک 5قمار بازوں کو گرفتار کرلیاہے ۔پولیس نے دائو پر لگی رقم بھی ضبط کر کے ملزمان کے خلاف کیس درج کیا ہے ۔ادھرقماربازوں کیخلاف مہم جاری رکھتے ہوئے بڈگام پولیس نے4جواریوں کودائوپرلگائی گئی رقم سمیت گرفتارکرلیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ مصدقہ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او بیروہ بڈگام ولایت حسین کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم نے گرڈاسٹیشن کھاگ کے نزدیک چھاپہ ڈالکریہاں جوے بازی میں مصروف 4قمار بازوںاکبراحمدشیخ ،منظوراحمدلون ،ایازاحمدشاہ اورعبدالرشیدشیخ کوگرفتارکر لیا جبکہ اُن کی تحویل سے موقعہ پردائوپرلگائے گئے2200روپے اورتاش کے پتے بھی ضبط کئے گئے ۔ 
 

نیشنل فرنٹ کا کامران کی رہائی پراظہار اطمینان

سرینگر//نیشنل فرنٹ نے فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُن سبھی کشمیری قیدیوں کو رہا کرنے پر زور دیا ہے جو ایسے ہی بے بنیاد الزامات کی بناء پر ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔فرنٹ ترجمان نے کامران کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کامران اور اُس کے سبھی گھروالے ایک کٹھن آزمائش میں مبتلاتھے۔ترجمان نے نئی دلی پر زور دیاکہ نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم خان سمیت اُن سبھی قیدیوں کی رہائی عمل میں لائے جنہیں بے بنیاد الزامات کا سامنا ہے۔انہوںنے کہا کہ انسانی خون کا زیاں افسوسناک ہے حالانکہ محض سیاسی اقدامات ہی کشمیر کے ساتھ ساتھ جنوب ایشیائی خطے میں بسنے والے انسانوں کو درپیش مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں۔لہذا نئی دلی پر یہ ذمہ داری عاید ہوتی ہے کہ وہ ضد اورہٹ دھرمی کی راہ ترک کرکے سیاسی اقدامات کے ذریعے کشمیر مسئلہ حل کرنے کے اقدامات کرے تاکہ برصغیر میں پائیدار امن و استحکام قائم ہو۔ 
 

بھاجپا نے کھنموہ حملے کی مذمت کی

سرینگر //بھارتیہ جنتا پارٹی نے کھنموہ میں محمد انور خان پرہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں بھاجپا لیڈران نے محمد انور خان پر جنگجووں کے حملے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ بی جے پی کے میڈیا سیکریٹری الطاف ٹھاکر نے کہا ہے کہ کشمیر میں بی جے پی کی مضبوطی نے قوم دشمن عناصر کوپریشان کیا ہے اور وہ کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوششیں کررہے ہیں مگر ہم وزیر اعظم نریندرمودی کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ دہشت گردوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ کشمیری نوجوان بہتر راستہ کی تلاش سے نہیں رکیں گے‘۔ 
 
 

لداخ خطے میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی بھیجیں:دورجے 

جموں//اس سال خوشگوار موسم کے مد نظر سرینگرکرگل  لیہہ کی چار سو کلو میٹر لمبی شاہراہ کو مارچ کے آخری ہفتے میں ٹریفک کے لئے دوبارہ کھولنے کی کوششیں کی جارہی ہے۔بیکن حکام ، آرمی اور سول انتظامیہ کے اشتراک اس شاہراہ بالخصوص زوجیلہ سے برف اور پسیاں ہٹانے کا کام شد و مد جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ عمل اس ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار امداد باہمی اور امور لداخ کے وزیر چیرنگ دورجے نے افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد سال 2018-19کے لئے لداخ خطے کو اشیائے ضروریہ بھیجنے کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔میٹنگ میں ایم ایل اے زانسکار سید باقر حسین رضوی ، ایگزیکٹیو کونسلر ( ہیلتھ) ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ گیال پی وانگیال ، کمشنر سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ہردیش کمار سنگھ، کمشنر سیکرٹری جنگلات سوربھ بھگت ، ضلع ترقیاتی کمشنر لیہہ انوے لواسہ ، ضلع ترقیاتی کمشنر کرگل گلزار حسین ، چیف انجینئر پاور اور پی ڈی سی لداخ کے کے رینہ ، ڈائریکٹر ایئریا پلاننگ شوکت اعجاز ، آر ٹی او کشمیر خورشید احمد شاہ ، رجسٹرار کواپریٹیو سوسائٹیز پیزادہ حفیظ اللہ شاہ ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے کشمیر این اے وانی ، پرنسپل سی سی ایف روی کیسر، ایم ڈی ایس آر ٹی سی میر افروز احمد ، جیکفیڈ ، ایف سی آئی ، آئی او سی اور امور لداخ محکمہ کے اعلیٰ افسران اور بی آر او اور ٹریفک پولیس کے افسران موجود تھے۔وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پہلے مرحلے میں لداخ خطے کو تمام تر اشیاء جن کی وہاں کمی ہے ترجیحی بنیادوں پر بھیجیں۔انہوں نے ٹرانسپورٹ محکمہ سے کہا کہ وہ گھمری سے دراس تک ایک موبائیل ورکشاپ دستیاب رکھیں تاکہ کوئی بھی سامان سے بھری ہوئی ٹرک شاہراہ خراب نہ ہوجائے جسے ٹریفک کے نقل و حمل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔
 
 
 

نقب زنوں نے 9دوکانوں سے سازوسامان اڑالیا

امام صاحب میں دوکانداروں کا احتجاج

شاہد ٹاک
شوپیان//آڑ خیر امام صاحب شوپیان میں نقب زنوں نے دوران شب 9 دوکانوں سے سازوسامان اڑالیا۔نقب زنوں نے دکانوں کے شٹر توڑ کر دکانوں میں موجود نقدی اور لاکھوں روپے مالیت کی کریانہ چیزیں اڑا لیں۔یہ سنسنی خیز واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا۔ اس واقع کے خلاف دکانداروں نے شوپیان بجبہاڑہ سڑک بندکرکے احتجاج کیا۔ پولیس نے واقع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نقب زنوں نے سات دکانوں کے شٹر توڑ کر سارا مال اڑا لیاہے۔
 

 ایشورنسس کمیٹی کی میٹنگ ،کئی محکموں کی کارکردگی پر غور و خوض

جموں//قانون ساز کونسل کی ایک گورنمنٹ ایشورنسس کمیٹی میٹنگ ایم ایل سی سریندر موہن امباردار کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ امداد و باز آباد کاری ، صنعت و حرفت اور تعمیرات عامہ کی کارکردگی پر غور و خوض کیا گیا۔ارکان قانون سازیہ شیام لال بھگت اور ظفر اقبال منہاس سے میٹنگ میں شرکت کی ۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار ،کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ سنجیو ورما اور کمشنر ریلیف اینڈ رہبلیٹیشن ایم ایل رینہ نے میٹنگ میں شرکت کے د وران کمیٹی کو ایوان میں دی گئی یقین دہانیوں پر عمل درآمد کے بارے میں تفاصیل پیش کیں۔
 

بھارت وادی میں قتل وغارت کو کامیابی نہ سمجھے:محاذ آزادی

سرینگر//محازآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی اورصدر سید الطاف اندرابی نے ہاکورہ معرکہ میںجاں بحق ہوئے نوجوانوںکوخراج عقیدت پیش کیا ہے۔تنظیم کے ترجمان محمد یوسف گلکار کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سید اویس شفیع اور عیسیٰ فاضلی جیسے ذہین و فہیم اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اپنا روشن مستقبل عوام کی عزت و عظمت کی خاطر قربان کررہے ہیں اور کشمیری عوام بھی ان جوانوںکے لہوکے تقدس کی محافظ بن کر تحریک کے ساتھ والہانہ عقیدت رکھتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکمرانوں کو وادی کے اندر قتل و غارت کو اپنی کامیابی قراردینے کے بجائے فہم وفراست کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ کشمیر میں کھیلا جارہا خونین کھیل کہیں برصغیر کی ثباہی کی باعث نہ بن جائے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے فریقین بہت ہی مضبوط ایٹمی قوتیں ہیں جو زیادہ دیر تک کشمیر کی غیر یقینی اور غیر مستحکم صورتحال کے متمحل نہیں ہوسکتے،اسلئے ترجیحی بنیادوں پر مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کی کوششوں میں سرعت لائیں تاکہ خطہ کو تباہی سے بچایا جاسکے۔
 

پیپلز لیگ کا اویس شفیع کے لواحقین سے اظہار ہمدردی

سرینگر// پیپلز لیگ نے کوکرناگ جھڑپ میں جا ں بحق ہوئے جنگجو سید اویس شفیع کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہ سرفروش قوم کیلئے اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں ۔ پیپلز لیگ کے عبدالرشید ڈار ،ماسٹر عبدالرشید اور صدر ضلع غلام قادررینا کی قیادت میں ایک وفد نے سید اویس شفیع کے گھرجاکر لواحقین سے ہمدردی کااظہار کیا اور لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچایا ۔
 

سمبل میں محکمہ مچھلی پالن کا تربیتی پروگرام 

بانڈی پورہ//محکمہ فشریز نے آج سمبل بانڈی پورہ میں آتما کے تحت فش فارمرس کے لئے ضلع سطح پر ایک تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا۔پروگرام کے انعقاد کا مقصد کسانوں کو تیکنیکی جانکاری فراہم کرنا تھا کہ تاکہ وہ ماہی گیری اودیگر زرعی سرگرمیوں کو فروغ دے سکیں۔پروگرام کی صدارت اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز بانڈی پورہ سجاد حسین نے کی۔اس موقعہ پر تیکنیکی ماہرین کے علاوہ متعلقہ آفیسران اوربڑی تعداد میں کسان بھی موجود تھے۔پروگرام کے دوران ماہرین نے تقاریر کیں اور شرکاءکو فش فارمنگ اوراینمل ہسبنڈری کے فروغ کے لئے جانکاری دی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز نے بتایا کہ محکمے کی طرف سے ماہی گیری کے شعبے کو نئی بلندیوں کی طرف گامزن کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس مقصد کے لئے نئی اور اختراعی سکیموں کی عمل آوری جاری ہے۔اے ڈی نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران مختلف بہبودی سکیموں پر 23لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔
 
 

گاندربل میں منرل بلاکوں کی نیلامی جائزہ

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ایک میٹنگ کے دوران گاندربل کے نالہ سندھ میں منرل بلاکوں کی نیلامی کے لئے کواپریٹوز کی تشکیل کی پیش رفت جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران کواپریٹوز کی تشکیل کے مختلف امور کاجائزہ لیا گیا۔ترقیاتی کمشنر نے کواپریٹوز اورمعدنیاتی محکمہ کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا تاکہ ضلع کے محنت کش طبقے کو فوائد حاصل ہوں۔دریں اثنا¿ ترقیاتی کمشنر نے ڈپٹی رجسٹرار کواپریٹوز کو باقی کواپریٹوز کے اندراج کے عمل میں سرعت لانے اوراس کام کو 30مارچ2018ءتک مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ منرل بلاکوں کی نیلامی کا کام مقررہ قت میں مکمل کیاجاسکے۔اس موقعہ پر اے ڈی سی،ضلع منرل آفیسر،ڈپٹی رجسٹرار کواپریٹوز،لیڈ بنک منیجر گاندربل اورکوارپیٹو بنک منیجر کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجو دتھے۔
 
 

عوامی مجلس عمل کی ضلع صدربڈگام سے تعزیت پرسی

سرینگر//عوامی مجلس عمل کے سربراہ اور حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی ہدایت پر تنظیم کے ایک وفد نے بڈگام جاکر تنظیم کے ضلع صدر حکیم غلام محمد کی شریک حیات کی اجتماعی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ وفد میں غلام قادر بیگ، پیر غلام نبی ، مشتاق احمد صوفی، فاروق احمد سوداگر، محمد صدیق ہزار، محمد یوسف بٹ اور محمد اشرف چنگا وغیرہ شامل تھے۔تقریب میں ضلع بڈگام کے تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں کے علاوہ مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تعزیتی تقریب کی صدارت مرکزی رہنما غلام قادر بیگ نے انجام دی جبکہ پیرغلام نبی نے موت و حیات کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔
 

سکولوں کی اپ گریڈیشن ،حکیم یاسین کی حلقہ انتخاب خانصاحب میں جائزہ میٹنگ 

سرینگر//پی ڈی ایف چیئرمین اورممبراسمبلی خانصاحب حکیم محمد یاسین نے سی ای اوبڈگام اورزیڈ ای او خانصاحب کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں حلقہ انتخاب خانصاحب کے مختلف علاقوں میں نئے مڈل، ہائی،، ہائرسینکڈری اسکولوں کو کھولنے اور اپ گریڈ کرنے سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ حکیم یاسین نے کہا کہ مجوزہ مڈل، ہائی اور ہائر سیکندڑی اسکولوں کی شناخت کے بارے میں پہلے سے ہی وزیر تعلیم الطاف بخاری اوراتعلیمی اداروں کے متعلقہ افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ سکولوں کے لئے درکار لوازمات کے بارے میں متعلقہ انتظامیہ کو پہلے ہی با خبر کیا جاچُکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اور اپ گریڈ سکولوں سے خانصاحب کے دور دراز علاقوں کے طلاب کو کافی فائدہ ہوگا۔ حکیم یاسین نے محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران سے کہا کہ طلباءکےلئے ضروریات کو یقینی بنانے کےلئے اسکولوں کا از خود و معائنہ کریں۔ 
 

میر ظہور نے ایس سی اے آر ڈی بینک کے کام کاج کا جائزہ لیا

جموں/ /جنگلات و پشو پالن اور امداد باہمی کے وزیر مملکت میر ظہو ر احمد نے جموں میں جے اینڈ کے ایس سی اے آر ڈی بینک کے علاقائی دفتر کا اچانک معائینہ کر کے اس بینک کے کام کاج جائزہ لیا ۔اس دوران وزیر نے بینک کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ بینک کی مالی حالت میں بہتری لانے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔وزیرنے بینک حکام پر زور دیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے ریاست کے زیادہ سے زیادہ کسانوں کو قرضے فراہم کریں۔ انہوں نے کہاکہ سکیموں اور فلاحی پروگراموں کی عمل آوری میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور سے دور کیا جانا چاہیئے تاکہ سماج کے کمزور طبقے کے لوگوں کو فائدہ مل سکیں۔میٹنگ کے دوران بینک کی مجموعی مالی صورتحال کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بینک نے پچھلے برسوں کے دوران لگ بھگ تمام مالی امور میں نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے۔وزیر نے بینک حکام کو یقین دلایا کہ حکومت اس بینک کو مستحکم کرانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مستحقین کو بروقت قرضے فراہم کئے جانے چاہئیں۔بینک کے ایم ڈی نے وزیر کو جانکاری دی کہ بینک نے پچھلے پانچ برسوں کے دوران 210 فیصد ترقی حاصل کی ہے ۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ جنوری 2009سے بینک نے لگ بھگ 200کروڑ روپے کے ڈیپازٹس جمع کئے ہیں ۔ اس موقعہ پر انہیں بینک کے کام کاج سے متعلق دیگر پہلوﺅں کے بارے میں بھی تفصیل سے جانکاری دی گئی۔