مزید خبرں

رعناواری ہسپتال کے آکسیجن پلانٹ کی صلاحیت میں اضافہ

سری نگر//یواین آئی//ضلع انتظامیہ سری نگر کی طرف سے ضلع کے ہسپتالوں میں نئے آکسیجن جنریشن پلانٹ نصب کرنے اور پرانے پلانٹوں کی پیداواری صلاحیت میں مزید اضافہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔انتظامیہ نے سری نگر کے رعناواری علاقے میں واقع جواہر لعل نہرو میموریل ہسپتال میں نصب آکیسجن پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 625 لیٹر فی منٹ سے 1000 لیٹر فی منٹ بڑھا دی ہے ۔اس بات کی جانکاری ضلع مجسٹریٹ سری نگر اعجاز اسد نے جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں دے دی ہے ۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا،’’جے ایل این ایم ہسپتال رعناواری میں آکسیجن جنریشن پلانٹ کی گنجائش کو 625 لیٹر فی منٹ سے بڑھا کر 1000 لیٹر فی منٹ بنا دیا گیا، اب اس ہسپتال میں آکیسجن جنریشن کی پیداواری صلاحیت 2300 لیٹر فی منٹ ہے‘‘۔
 

ناظم سیاحت کاٹیکہ کاری مراکزکادورہ

سر ی نگر//سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے یہاں مختلف ٹیکہ کاری مراکز کا دورہ کیا اور 18برس کی عمر سے 45 برس عمر تک کے سیاحتی شراکت داروںکے کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگانے کا جائزہ لیا۔سیکرٹری سیاحت نے اِس مقصد کے لئے تشکیل دیئے گئے نہرو پارک ، نگین اور دیگر حفاظتی ٹیکوں کے مراکز کا دورہ کیا اور سیاحت کے مختلف تجارتی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ استفسار کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاحت سے وابستہ لوگوں کو فرنٹ لائن ورکر قرار دیا ہے اور اس مہم کا مقصد عوام کے ساتھ زیادہ باہمی رابطے میں آنے والے لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت کرناہے۔سرمد حفیظ نے تمام شراکت داروں سے کہا کہ وہ اِس مہم سے فائدہ اٹھائیں اور جلد سے جلد کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں۔
 

چاڈورہ اسپتال میں بچوں کیلئے مخصوص کوروناوارڈ

کپوارہ میں سرپنچوں اور پنچوں کی آن لائن تربیت 

کپوارہ+بڈگام//کپوارہ اور بڈگام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے جمعرات کوان اضلاع کی پنچایتوں میں کووِڈ کیئرسینٹر قائم کرنے کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے حکام کی ایک میٹنگ میں ضلع کی تمام 385پنچایتوں میں کووِڈ کیئرمراکزکے کامیاب قیام کویقینی بنانے کیلئے افسران پر اضافی تال میل کے ساتھ کام کرنے پرزوردیاتاکہ مقامی سطح پر وباء پرقابو پایاجاسکے۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ سرپنچوں اور پنچوں کوآن لائن تربیت دی گئی ہے تاکہ کووِڈ کیئر مراکز کاکام کاج بلا خلل ممکن ہوسکے۔اس کے علاوہ میٹنگ میں بتایاگیا کہ بلاک میڈیکل افسر اور بلاک ڈیولپمنٹ افسرمتعلقہ مراکزکیلئے طبی اور دیگر سازوسامان فراہم کریں گے۔ادھر ڈپٹی کمشنر بڈگام شہبازاحمد نے سب ضلع اسپتال چاڈورہ میں پچاس بستروں پر مشتمل ایک کووِڈ کیئرسہولت جس میں بچوں کیلئے بھی وارڈموجود ہے،کاافتتاح کیا۔اس موقعہ پرڈپٹی کمشنر نے کہاکہ پچاس بستروں کے علاوہ اس مرکز میں بچوں کیلئے 30بستروں پر مشتمل مخصوص وارڈ بھی بنایا گیا ہے تاکہ کووِڈ کی ممکنہ تیسری لہر کامقابلہ کیاجائے۔اس موقعہ پرڈپٹی کمشنر نے غیرسرکاری رضاکارتنظیم K4کی سراہنا کی جنہوں نے بچوں کے وارڈ کیلئے18اکسیجن کنسنٹریٹر فراہم کئے۔
 

ٹیکہ کاری وباء کے خاتمے کی کلید:پروفیسرطلعت

سرینگر//کشمیریونیورسٹی کے ملازمین کیلئے ٹیکہ کاری کا تیسری مہم جمعرات کو شروع ہوئی۔اس دوران کووِشیلڈٹیکہ کی 200خوراکیںدن بھر ملازمین کو دی گئی۔اس مہم کا اہتمام یونیورسٹی کے صحت شعبہ نے میڈیکل کالج سرینگر کے اشتراک سے کیاتھا۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کی صد فیصد ٹیکہ کاری کویقینی بناناچاہتی ہے تاکہ تعلیمی اورتحقیقی سرگرمیاں بلاخلل جاری رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکہ کاری اس وباء کے خاتمے کی کلید ہے،اس لئے ہرایک کو یہ ٹیکہ لگانا چاہیے۔
 

مرحوم محمداشرف صحرائی کے محبوس فرزندان کووِڈمیں مبتلاء

کپوارہ//اشرف چراغ//حال ہی میں فوت ہوئے سینئرعلیحدگی پسند رہنمامحمد اشرف صحرائی کے دومحبوس فرزند جیل میں کورونا وائرس میں مثبت پائے گئے ہیں اور ان کو جیل حکام نے کپوارہ پولیس لائنز میں قرنطین کیا ہے۔ محمداشرف صحرائی کے دو فرزند مجاہداشرف اور راشداشرف،جن کو پولیس نے ان کے والد کے جنازے پر ملک مخالف نعرے لگانے کے الزام میں گرفتار کر کے کپوارہ جیل میں قید کیا ہے،جیل میں کورونا وائرس میں مبتلاء ہوگئے ہیں ۔مرحوم محمداشرف صحرائی کے اہل خانہ نے دونوں محبوس بھائیوں کی کورونا وائرس میں مثبت ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کو پولیس لائنز کپوارہ میں قرنطین کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ محمد اشرف صحرائی کا انتقال 5 مئی کو حراست کے دوران جموں میڈیکل کالج میں ہوا تھا۔مرحوم گزشتہ9ماہ سے اُدھمپور جیل میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت قید تھے۔
 

سب ضلع اسپتال سوپور میں کووِڈمریض کی ہنگامی جراحی 

سوپور//غلام محمد//سوپور اسپتال میں بدھوار کوکووِڈ مثبت مریض کاپہلاہنگامی آپریشن کیاگیا۔کووِڈ – 19کے نوڈل افسر ڈاکٹر شاہد نبی نے بتایا کہ ایک جوان مردجسے گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہ مولہ سے سب ضلع اسپتال سوپور ریفر کیاگیاتھا، Appendicitesیعنی ورم زائدہ کے شدیددردمیں مبتلاء تھا۔اگر اس کا بروقت آپریشن نہیں کیاجاتا تو اس کی جان کو خطرہ تھا۔انہوں نے کہا کہ اس مریض کی جراحی ڈاکٹر لیاقت ملک (سرجن) اورڈاکٹرریاض احمددیگلو(اینستھیساسٹ)نے انجام دی اور ان کے معاون غلام نبی ،سجاداحمد(سرجیکل اسسٹنٹ) اورفیاض احمد(اینستھیسیاٹیکنیشن )تھے۔ڈاکٹر شاہد نے کہا کہ جراحی کے بعد مریض بہتر طور صحتیاب ہورہا ہے ۔ڈاکٹر شاہد نے کہا کہ کووِڈ کی دوسری لہر شروع ہونے کے بعدگزشتہ دوماہ کے دوران انہوں نے سب ضلع اسپتال سوپور میں 37حاملہ خواتین کی لیپراسکوپی جراحی انجام دی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع بارہ مولہ میں سب ضلع اسپتال سوپور واحداسپتال ہے جہاں کووِڈ مریضوں کی جراحیاں انجام دی جاتی ہیں۔
 

پولیس کی آمد پر آنچار میں پتھرا ؤاور ٹیئر گیس شلنگ

سرینگر//ارشاداحمد//سرینگر کے علاقہ صورہ سے ملحقہ آنچار میں اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے جب پولیس کے اعلی حکام جناب صاحب صورہ میں موجود کورونا لاک ڈائون کا جائزہ لینے آئے تھے۔صورہ کے علاقہ آنچار میں اس وقت شرپسندوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں جب ایس ایس پی سرینگر جن کے ہمراہ دیگر پولیس افسران کووِڈ – 19سے متعلق ایس او پیز کے نفاذ کا جائزہ لینے اور کووِڈ – 19کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے  لاک ڈاون کا معائنہ کرنے آئے تھے۔ولیس ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پولیس چوکی احمد نگر میں امن و امان کے مسائل اور جرائم کے مختلف امور کے بارے میں ایس ایس پی سرینگر،ایس پی حضرت بل کے علاوہ دیگر پولیس کے اعلی افسران نے ایک نشست کا انعقاد ہوا۔.نشست کے اختتام کے بعد پولیس عہدیداروں نے صورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں لاک ڈائون کا جائزہ لینے کے لئے آنچار میں واقع جناب صاحب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر شرپسند جو پہلے ہی مزار کے قریب جمع ہوچکے تھے ،نے پولیس پارٹی پر پتھرا کیا جس کے جواب میں پولیس نے ٹیئر گیس شلنگ کرکے پتھرائو کررہے نوجوانوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا،تاہم اس موقع پر کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
 

بانڈی پورہ،بڈگام اور شوپیان اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی میڈیابریفنگ

 کووڈ-  19 تخفیفی اقدامات کی جانکاری دی 

بڈگام//ڈپٹی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرز،ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد اور ڈپٹی کمشنر شوپیان سچن ویشیا نے ان اضلاع میں کووڈ 19 تخفیف اقدامات اور انتظامات کے بارے میں میڈیا کو بریف کیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی  بڈگام نے بتایا کہ ضلع میں اب تک مجموعی طور پر 11132 مثبت معاملات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 7590 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحت یابی کی شرح 67.59 فیصد ہو گئی ہے اور آئندہ چند روز میں یہ بہتر ہو گی ۔ ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت لوگوں کو اس مہلک وائرس پر قابو پانے کے لئے ضروری طبی سہولیات فراہم کرکے ان کی مدد کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کر رہی ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع میں ڈی ایچ ایس ، پی ایچ سی اور دیگر صحت مراکز میں بھی کافی مقدار میں ادویات دستیا ب ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ کووِڈ۔ 19معاملات کی روکتھام کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جارہے ہیںاور مختلف ٹیمیں تحصیل دار ،بی ڈی اوز وغیرہ پر مبنی تشکیل دی گئی ہیں تاکہ وہ دیہات میں گہری نگرانی رکھ سکے۔۔ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے ضلع میں کووِڈ کی صورتحال کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں مثبت معاملات کی شرح اَب 10فیصد سے کم ہو کر 6.7 فیصد ہو گئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اَب تک 8131معاملات سامنے آئے ہیں جن میں 958 فعال مثبت معاملات ہیں ۔ اُنہوںنے کہا کہ صرف 98 مثبت مریض ہسپتال میں الگ تھلگ رکھے گئے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہاں 1100 آئیسولیشن بیڈ دستیاب ہیں جن میں 130 آکسیجن معاون بیڈ بھی شامل ہیں ۔ڈی سی نے کہا کہ مائیکرو کنٹین منٹ ضلع میں 22 مائیکرو کنٹین منٹ زون ہیں اور ان علاقوں میں ٹیکہ کاری مہم شروع کی گئی ہے۔
 
 

کسانوں اور میوہ اُگانے والوں کوبھی امداددی جائے:حکیم 

سرینگر //کووِڈ- 19اموات سے متاثرہ کنبوں اور لاک ڈائون سے متاثرہ سیاحتی شعبہ سے وابستہ لوگوں کیلئے امدادی اسکیم کا اعلان کرنے کیلئے پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے لیفٹینٹ گورنر کی ستائش کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے مانگ کی کہ زمینداری پیشہ خاص کرمیوہ صنعت سے وابستہ لوگوں کیلئے بھی امدادی پیکیج کا اعلان کیاجاناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون  اورژالہ باری کی وجہ سے کسانوں کاذریعہ معاش بری طرح متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ کسانوں کو بھکمری سے بچانے کیلئے ان کو فوری طور حکومت کی طرف سے عبوری راحت فراہم کی جانی چاہیے۔  حکیم یاسین نے کہا کہ میوہ اُگانے والوں کیلئے بھی امدادی پیکیج کا اعلان کیا جانا لازمی ہے کیوں کہ کورونا لاک دائون کی وجہ سے میوہ اُگانے والے خاص کر گیلاس باغ مالکان اپنے میوہ کو بیرونی منڈیوں تک نہیں پہنچا سکیںاور لاک ڈائون کی وجہ سے اس سال بھی گیلاس کی پیداوار مالکان باغ کے گھروں میں سڑ رہی ہے۔
 
 

گجر بستی گنڈ ٹاپ دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم 

عارف بلوچ
اننت ناگ// موجودہ حکمران جہاں جموں وکشمیر کی یکساں تعمیر وترقی، گھر گھر بجلی، سڑک، تعلیم اور دیگر سہولیات بہم رکھنے کی باتیں کررہے ہیں وہیں دوسری طرف آج بھی ایسے علاقے نظر آرہے ہیں جو اس جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیںجس کی تازہ مثال ڈورو شاہ آباد کے بٹہ گنڈ ٹاپ گجر بستی سے ملتی ہے، جو ڈورو ہیڈکوارٹر سے محض 8کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے ۔ بستی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں بجلی، سڑک اور تعلیم کے حوالے سے بے تحاشہ مسائل درپیش ہیں جبکہ ارباب اقتدار نے آج تک اس دوردراز پہاڑی علاقہ کی جانب اپنی توجہ مبذول نہیں کی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو وہ لوگ یہاں سے منتقل ہو کر کسی دوسری جگہ رہائش پذیر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ بستی میںبنیادی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے آج تک کئی بار انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا لیکن آج تک خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔واضح رہے کہ بٹہ گنڈ ٹاپ گجر بستی گائوں کی مجموعی آبادی قریبا ً200ہے جو مال مویشی پالنے اور کھیتی باڑی کا کام کرتے ہیں۔مقامی سرپنچ فیاض احمد شیخ نے بتایاکہ گائوں میں سڑک نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو عبور ومرور میں مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ بجلی نے پانچ سال قبل کھمبے نصب تو کئے لیکن پانچ سال گزر جانے کے بعد بھی ابھی تک ترسیلی لائن نہیں بچھائی جس کے باعث لوگ آج بھی روایتی طرز پر روشنی کا انتظام کرتے ہیں ۔ایک مقامی شہری غلام رسول نے کہا کہ انہیں طرح طرح کے مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ گائوں میںتعلیمی ادارے اور طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے انکے بچوں کا مستقبل مخدوش بن چکا ہے ۔لوگوں نے ایل جی انتظامیہ و ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلہ سے اپیل کی کہ وہ اس پسماندہ گجر بستی کے لوگوں کو بنیادی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے اقدامات کریں۔
 

عوام دوسرا ٹیکہ لگانے کیلئے اِندراج کریں:حکومت

جموں//حکومت نے عوام سے کہا ہے کہ جس نے بھی جموں و کشمیر سے باہر کووِڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگایاہے وہ اگلے تین دِن کے اندر اَپنے ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر میں دوسرا ٹیکے لگانے کے لئے اَپنا اِندراج کرائیں۔اِس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فیملی ویلفیئر ، ایم سی ایچ اور امیونائزیشن نے جاری ایک بیان میں ایسے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ جموںوکشمیر سے باہر کی جانے والی اپنی ویکسی نیشن کے پہلے عارضی سند (ڈاؤن لوڈ) کے ساتھ آئیں۔
 
 

نورباغ کے طالب علم کی لاش دریا جہلم سے برآمد، علاقہ میں صف ماتم

ارشاد احمد
سرینگر//سرینگر کے علاقہ نورباغ میں دریائے جہلم میں پھسلنے والے سترہ سالہ گیارہویں جماعت کے طالب علم کی لاش گزر بل سے بازیاب کی گئی۔پولیس حکام نے بتایاکہ مومن احمد ڈار ولد غلام احمد ساکن ویر چھتہ بل نامی17سالہ نوجوان گیارہویں جماعت میں زیر تعلیم تھااور21مئی کووہ علاقے میں بنے عارضی پل کو عبور کرنے کے دوران دریائے جہلم میں پھسل گیا تھا۔ نوجوان کی لاش پولیس نے نورباغ کے گزر بل سے دریائے جہلم سے برآمدکی اور قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش کو آخری رسوم ادا کرنے کے لئے پسماندگان کے سپرد کردی گئی ۔
 
 

دماغی صحت کی ابتدائی امداد کے بارے میں ویبنار

باقاعدگی سے ورزش ،دوستوں اورافراد خانہ سے روابط کی تجویز پیش 

سرینگر// جموں و کشمیر اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر سرینگر ، ڈاکٹربغیر سرحد(ایم ایس ایف) ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکومت ہند ، انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز انڈیا (آئی ای آئی) جے اینڈ کے سینٹر سرینگر اورصوبائی انتظامیہ کشمیر کے تعاون سے دماغی صحت کی ابتدائی طبی امداد کے بارے میں ویبنارمنعقد ہوا۔اس موقع پرایم ایس ایف کشمیر کے مینٹل ہیلتھ منیجر ڈومینیکو اسپگنولو مہمان خصوصی تھے۔ چیئرمین انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز عامر علی،پروجیکٹ کوآرڈی نیٹر ایم ایس ایف رافی مٹاٹینو، فیکلٹی این آئی ڈی ایم ڈاکٹر عامر خان، ایم ایس ایف سے ڈاکٹر ارشد حسین بیگ ، اعجاز احمد صوفی اور کونسلر ایجوکیٹر نہالنے ماہرین کی حیثیت سے شرکت کی ۔ ویبنار میں 250 سے زائد شرکاء شریک ہوئے ، جن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، سینئر افسران ، کونسل اور کارپوریٹ ممبران انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز ، ایس ایس ایم کالج آف انجینئرنگ پریہاسپورہ ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی سرینگر کے طلباء اور اسٹاف کے علاوہ ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ماہرین محمد سہیل وانی اور بلقیس ڈاراور یوگیتا گریبال ، ینگ پروفیشنل این آئی ڈی ایم شامل تھے۔اس موقع پر عامر علی نے کہا کہ’ دماغی صحت ہماری تندرستی اور فلاح و بہبود کے لئے بہت ضروری ہے اور وبائی بیماری کی وجہ سے بچوں ، نوجوانوں ، بڑوں ، بزرگوں اور خاص طور پر اہل افراد وغیرہ کی ذہنی صحت متاثر ہوئی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو اپنے گھروں میں قید رکھنے پر مجبور کیا گیا ہے اور ان کی جسمانی سرگرمیاں کم ہوگئی ہیں ، ان کی مایوسی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے ، گھریلو تشدد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور غریب افراد کا معاش متاثر ہوا ہے ، جس سے ذہنی تناؤ پیدا ہوتا ہے۔ ایم ایس ایف کی کونسلر نہال نے کووڈ صورتحال کے دوران ذہنی صحت سے متعلق مسائل پر قابو پانے کے ل ذہنی صحت کی ابتدائی طبی امداد کے طریقوں اور نکات کو تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ نفسیاتی امداد صرف متاثرہ شخص کی رضامندی کے ساتھ شفقت آمیز انداز میں دی جانی چاہئے۔ ذہنی صحت کا پہلی امداد ایک بہترین سننے والا ہونا چاہئے اور اس کی حمایت کو احسان کے طور پر نہیں دیا جانا چاہئے ، بلکہ متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کے ساتھ ہونا چاہئے۔ انہوںنے تناؤ کی سطح پر قابو پانے میں مدد کیلئے باقاعدگی سے گہری سانس لینے کی ورزش اور دوستوں اور کنبہ کے ساتھ روابط کی تجویز پیش کی۔
 

 نوجوان ذہنی پریشانیوں میں مبتلا 

 فوج کی طرف سے انڈور کھیلوں کا انعقاد 

سرینگر//کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی موجودہ صورتحال میں کشمیری نوجوانوں کا ذہنی دباؤ کم کرنے کی غرض سے فوج نے جنوبی کشمیر کے دیالگام علاقے میں ایک پہل کے تحت انڈور گیمز ایونٹ کا اہتمام کیا جس میں علاقے کے سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔فوج کے مطابق اس طرح کی پہل کا مقصد نہ صرف نوجوانوں کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا بلکہ کورونا کی وجہ سے پیدا شدہ حالات اور ذہنی تناؤ کو دور کرنے کی ایک کوشش بھی تھا۔اس ایونٹ میں مقامی نوجوانوں نے والی بال ، بیڈ منٹن ، ٹیبل ٹینس ، کیرم اور شطرنج کے کھیلوں میں حصہ لیا اور فوج کے ہمراہ تفریح اور فرصت کے لمحات گزارے۔ 19 راشٹریہ رایفلز کے کمپنی کمانڈر میجر راہل کے مطابق کورونا کے دوران سیر و تفریح کے مواقع کافی سمٹ چکے ہیں ایسے میں ذہنی تناؤ کا بڑھنا ایک عام بات ہے۔ ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے فوج نے کی ایک کوشش کے طور پر اسطرح کا پروگرام منعقد کیا۔ 
 
 
 

آروی ایس آئی ٹی لندن کی امدادی کارروائی

ڈپٹی کمشنر جموں کو5آکسیجن کنسنٹریٹر فراہم

سرینگر//آر وی ایس آئی ٹی لندن نے 5 آکسیجن کنسنٹریٹر جموں ہسپتالوں کے لئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ڈی سی) انشل گرگ کے حوالے کردئے۔موصولہ بیان کے مطابق آر وی ایس آئی ٹی نے پہلے ہی £ 4000 سے زیادہ کاسامان خرچ کیا ہے اور ضرورت کی دوائیاں ، خوراک اور دیگر سامان تقسیم کرنے میں مدد کی ہے۔جموں میں آر وی ایس آئی ٹی کے ذریعہ کئے گئے کچھ کاموں کی تفصیل دیتے ہوئے آر وی ایس آئی ٹی جموں کے ڈائریکٹر راجیش گپتا نے کہا’’آر وی ایس آئی ٹی مقامی ضروریات کو محسوس کرتا ہے اور سمجھتا ہے۔ ہم نے ڈی سی جموں کو5 آکسیجن کنسنٹریٹر عطیہ کیے ہیں جو کم سے کم ہم کر سکتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ پہلے سے ہی یہ کام مختلف مقامی اسپتالوں میں ہورہا ہے۔ایک ذمہ دار تنظیم کی حیثیت سے ، آر وی ایس آئی ٹی جموں میں اپنے 65 سے زائد عملے کے ممبروں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے ترغیب دے رہی ہے اور اس دوران ہمارے ملک اور ہمارے لوگوں کی مدد کرنے میں یہ ہماری چھوٹی شراکت ہے۔ لندن میں مقیم آر وی ایس آئی کے ڈائریکٹر وکرانت گپتا نے کہا’’مجھے بہت خوشی اور فخر ہے کہ برطانیہ سے بھیجے گئے آکسیجن کنسنٹریٹر 24 مئی کو جموں پہنچ گئے ہیں۔ جن کو فوری استعمال کے لئے بھیجا گیا ہے ۔‘‘۔آر وی ایس آئی ٹی لندن میں واقع ایک ایم این سی ہے جو برطانیہ ، یورپ اور امریکہ میں مقیم کاروباری اداروں کو آئی ٹی تکنیکی خدمات مہیا کرتا ہے۔ جموں میں قائم اس نیٹ ورک کے ساتھ65 سے زیادہ افراد کام کر رہے ہیں۔
 

بار ایسوسی ایشن نے ایڈوکیٹ زاہد علی کی رہائی کا خیر مقدم کیا

سرینگر//جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے جماعت اسلامی کے ترجمان زاہد علی لون کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے سینئر ترجمان جی این شاہین کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم ایڈوکیٹ لون کی دو برس سے زائد عرصے تک زیر حراست رہنے کے بعد رہائی کا خیرمقدم کرتے ہیں‘‘۔انہوںنے کہا’’ہم ایک بار پھر انتظامیہ کے سامنے اپنا مطالبہ رکھتے ہیں کہ وہ  اگست  2019 سے زیر حراست لیے گئے افراد کے معاملات پر نظر ثانی کرے اور ان کی رہائی عمل میں لائے‘‘۔ایسوسی ایشن نے خطے کی عدالتوں سے بھی گذارش کی ہے کہ وہ ان معاملات کی سنوائی سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ترجیحی بنیاد پر کرے۔قابل ذکر ہے کہ ایڈوکیٹ زاہد علی کومارچ 2019کوگرفتار کیا گیا تھا اور پھر گزشتہ برس اپریل کی 11 تاریخ کو رہا کیا گیا تھااور پھر دوبارہ جون کی 30 تاریخ کو گرفتار کیا گیا تھا تب سے وہ سینٹرل جیل سرینگر میں زیر حراست تھے۔
 
 

مجلس تحفظ اتحاد بڈگام کا اجلاس 

۔300بستروں پر مشتمل ضلع ہسپتال کے سرکاری اعلان کا خیر مقدم

سرینگر//مجلس تحفظ اتحاد ضلع بڈگام کا ایک اجلاس جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میںآغا سید مجتبیٰ عباس کی صدارت میں منعقد ہوا ۔موصولہ بیان کے مطابق اجلاس میں ضلع بڈگام کے اطراف و اکناف میں تعمیر و ترقی اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے حکومت کی سرد مہری کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے کہا گیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ضلع بڈگام کی آبادی سرکاری سطح پر نا انصافیوں کے دیرینہ سلسلے کے خلاف منظم صدائے احتجاج بلند کریں ۔اجلاس میں اس بات پر سخت افسوس اظہار کیا گیا کہ جب سے ضلع بڈگام معرض وجود میں آیا ہے، حکمران طبقہ ضلع کی تعمیر و ترقی کے لئے وقتافوقتا بڑے بڑے خوشنما اعلانات کرتا رہا لیکن عین موقع پر ان ترقیاتی منصوبوں کو کسی اور جگہ منتقل کیا جاتا رہا اوریہ سلسلے ہنو ز جاری ہے۔بیان کے مطابق ضلع کیلئے ایک پالی ٹیکنیک کالج کے قیام کا اعلان کیا گیا لیکن اس کو بھی کسی دوسری جگہ منتقل کیا گیا ۔ اجلاس میں ضلع کیلئے 300بستروں پر مشتمل ہسپتال کے حالیہ سرکاری اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ہسپتال کی تعمیر کا کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے تاکہ عوام مطمئن ہوجائے اوریہ اعلان بھی سابق اعلانات کی طرح کوئی مذاق ثابت ننہ ہو۔
 
 

پردیش کانگریس کمیٹی اور نیشنل کانفرنس کا پنڈت نہرو کو خراج عقیدت 

سرینگر //جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے جنرل سیکریٹری سریندر سنگھ چنی ، مشتاق احمد کھانڈے ، عبدالرشید ڈاراورنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو ہندوستان کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کوخراج عقیدت پیش کیا۔جے کے پی سی سی کے جنرل سکریٹری سریندر سنگھ چنی ، مشتاق احمد کھانڈے ، عبدالرشید ڈار سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے سرینگر دفتر میں کو اس سلسلے میں پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی بے لوث خدمات کو یاد کیا۔ سریندر سنگھ چینی نے کہا کہ پنڈت نہرونے پہلے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مضبوط ہندوستان کی بنیاد رکھی ، اس کے نتیجے میں ، ہندوستان کو دنیا میں تیز رفتار ترقی پزیر ملک کی پہچان ملی۔ادھر  نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پنڈت جواہر لال نہرو کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کو انفرادی حیثیت اور شناخت فراہم کرنے میں ان کا اہم کردار تھا۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ آنجہانی کو خراج عقیدت ادا کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے ہے کہ انہوں نے جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے انہیں عملی جامہ پہنایا جائے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ آنجہانی پنڈت جواہر لال نہرو نے مہاتما گاندھی کے ہمراہ برطانوی سامراج کو بھارت سے باہر کرنے اور تحریک آزادی ہند کو نئی جہت دینے میں نا قابل فراموش رول ادا کیا ،جس کیلئے پوری قوم انکی مرہون منت ہے۔
 

بجبہاڑہ میں4کلو چرس ضبط

عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ کے کرنڈی گام بجبہاڑہ میں پولیس نے چرس ضبط کرکے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔بجبہاڑہ تھانہ سے وابستہ ایس ایچ او کی سربراہی میں محکمہ مال اور ایکسائز کی مشترکہ ٹیم کرنڈی گام علاقہ میں پوست کی کاشت ہٹانے کی مہم چلا رہی تھی کہ اس دوران وہاں پر تین افراد سے منشیات کی بھاری کھیپ بر آمد کی گئی۔پولیس کے مطابق ضبط کی گئی منشیات میں 4کلو کے قریب چرس اور 35کلو بھنگ پائوڈر شامل ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے نثار احمد شیخ ، عبدالرحمان بٹ اور غلام نبی پرہ کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کیا ہے۔پولیس کی جانب سے اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
 

ڈورو میں آشا ورکروں کا احتجاج 

عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ میں آشا ورکروں نے انتظامیہ کی پالیسی کے خلاف احتجاج کیا ۔ضلع کے ڈورو شاہ آباد میں درجنوں احتجاجی آشا ورکروں نے کہا کہ جس طرح سے محکمہ صحت کے ملازمین اس وقت اس وباء میں سرکار کے ساتھ شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔ اسی طرز پروہ بھی محکمہ صحت کے ملازمین کے ساتھ شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔احتجاجی ورکروں نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کے مطالبات کو منظور کیا جائے ۔
 
سکمز میں یکم جون کو عطیہ خون کا کیمپ 
سرینگر//جی آ ر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے سکمز ہسپتال میںیکم جون 2021 کو عطیہ خون کا کیمپ منعقدہورہا ہے ۔ اس کیمپ کا افتتاح سکمز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہنگر کریں گے ۔ ٹرسٹ نے اس سلسلے میں عام لوگوں خاص کر رضاکار نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ اس کیمپ میں خون عطیہ کرکے ضرورتمند مریضوں کی زندگیاں بچانے میں رول اداکریں ۔ اس ضمن میں ٹرسٹ کے سربراہ اشتیاق بیگ نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان فون نمبرات9419016571–6005234300پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔

 

 ڈاکٹر محبوب بیگ اور عبد الغفار صوفی کو صدمہ 

محبوبہ مفتی اورڈائریکٹر ہیلتھ سمیت پی ڈی پی لیڈران کا اظہار رنج 

سرینگر//پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محبوب بیگ کے بھائی اورسینئر لیڈر عبد الغفار صوفی کے بردارنسبتی ڈاکٹر نظیر احمد حکیم کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ موصولہ بیان کے مطابق پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی اور لواحقین سے تعزیتی پرسی کی ۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر نظیر نے زندگی بھر لوگوں کی خدمت کی تھی اور اپنے پیشہ کے ساتھ ساتھ لوگوں کی فلاح ان کی ترجیحات میں شامل تھی ۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ ڈاکٹر نظیر حکیم کو جنت میںجگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق بخشے ۔ ادھر پارٹی کے نائب صدر عبد الرحمان ویری ، غلام نبی لون ہانجورہ ، ڈاکٹر محبوب بیگ ، نظام الدین بٹ ، نعیم اختر ، ظہور احمد میر ،سید فاروق اندرابی ، آسیہ نقاش ، ایڈوکیٹ محمد یوسف بٹ اور اعجاز احمد میر کے علاوہ دیگر لیڈران نے بھی  سوگوارخاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ادھرڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نذیر حکیم کے انتقال پر تعزیت کی۔انہوںنے ایک بیان میں ان کی موت پر صدمے کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے لئے دعا کی۔ انہوں نے محکمہ صحت کی جانب سے سوگوار کنبہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔اپنے تعزیتی پیغام میں ڈائریکٹر موصوف نے ان کی موت کو ایک بہت بڑا المیہ قرار دیا۔
 

عوامی مجلس عمل کا اظہار تعزیت

سرینگر// عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے بانی سربراہ مرحوم میرواعظ مولوی محمد فاروق کے سمبندھی ڈاکٹر مفتی شجاع الدین ولد مرحوم مفتی رشید ساکن  حیدر پورہ سرینگر کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ ڈاکٹر مفتی شجاع الدین مختصر علالت کے بعد اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے ۔تنظیم نے مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مفتی خاندان کی ملت کشمیر کے تئیں بے لوث خدمات ایک سنہری تاریخ ہے۔عوامی مجلس عمل نے تنظیم سے جڑی کئی اہم شخصیات جن میں تنظیم کے سابق حلقہ صدر لالبازار خواجہ عبدالرحمن بیگ ساکن ناری بل بوٹہ کدل ، بشیر احمد میر متصل میرواعظ منزل راجوری کدل حال بادام واری حول سرینگر اور حاجی غلام احمد وانی ساکن سنگین دروازہ حول کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی سیاسی،سماجی اور فلاحی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا ہے ۔تنظیم نے مرحوم عبدالرحمن بیگ کی تنظیمی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ بیگ خاندان نے ہر مرحلے پر تنظیمی پروگراموں کو آگے بڑھانے کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ اسی طرح سے میراور وانی خاندانوں نے ہر مرحلے پر تنظیمی پروگراموں کو آگے بڑھانے میں پیش پیش رہے ہیں۔بیان میںمیرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کی جانب سے سبھی غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اورمرحومین کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی۔اس دوران تنظیم کے مختلف وفود نے حاجی محمد الطا ف ، مفتی غلام رسول سامون،مولانا شمس اور خواجہ غلام قادر بیگ کی قیادت میں سوگوار کنبوں سے تعزیت پرسی کی ۔
 

 اشرف بن سلام سے تعزیت 

سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے اشرف بن سلام کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار نے انکی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے ساتھ منسلک دیگراداروںنے بھی غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کااظہارکیا ہے اوردعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے ۔
 

ٹھیکیدار ایسوسی ایشن بانڈی پورہ کا اظہار تعزیت

 بانڈی پورہ/عازم جان /بانڈی پورہ ٹھیکیدار ایسوسی ایشن کے ضلع صدر نصیر احمد میر نے باغ بانڈی پورہ کے بزرگ ٹھیکیداراور ایسوسی ایشن کے بنادی ممبر غلام قادر شاہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
 

 مولانا محمد یعقوب باباکے ساتھ اظہار تعزیت

سرینگر//جمعیت اہلحدیث قمرواری نے وادی کے معروف عالم دین مولانا محمد یعقوب باب المدنی کے والد کے انتقال پر دکھ کا اظہارکیا ہے۔ حلقہ صدر قمرواری بلال بن عبداللہ نے مفتی محمد یعقوب با با اور محمد اسحاق با باکے والدکی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندان کے غم میں برابر شریک ہیں۔