مزید خبرں

نابالغ دوشیزہ کی آبرو ریزی ، 46سالہ ملزم گرفتار

ارشد کاظمی
رام بن //بٹوت بلاک کی پنچایت رکھ جڑوگ کے وارڈ نمبر 6کی رہنے والی ایک نا بالغ دو شیزہ عصمت دری کا معاملہ سامنے آیاہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ملزم منور لعل ولد پرتھوی ناتھ (عرف پروین) عمر 46کو گرفتار کرلیا ہے جو پیشہ سے زمیندار ہو نے کے ساتھ ساتھ دکانداری بھی کر تا ہے اوروہ بٹوت کے مضا فات میں وا قع گائوں بڑتھل بٹوت کا رہنے والا ہے ۔ پولیس تھانہ بٹوت میں پولیس نے اس سلسلے میں متاثرہ بچی کی ماں کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی جس پر اس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 32/2018دفعہ 376آر پی سی کے تحت کیس درج کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔ متاثرہ لڑکی کے والدین کے مطابق لڑکی نا بالغ ہے اور سابقہ ایک سال کے عرصہ سے ملزم منور لعل کی اپنے کنبہ کے دیگر افراد کے ساتھ گھریلو ملازمہ تھی جہاں پر وہ اپنے کنبہ کے دیگر افراد خانہ کے ہمراہ ملزم کے باغ کی رکھوالی کا کام انجام دیتی تھی ۔ منور لعل نے اس کو باغ میں موجود ایک مکان رہائش کے لئے دے رکھا تھا جہاں پر وہ مسلسل آئے رو ز آتا جاتا تھا ۔ والدین کے بقول ان کی بیٹی کے پیٹ میں ملزم منور لعل کا سات ماہ کا بچہ بھی پرورش پارہا ہے جس کو منور لعل بار بار ابارشن کرا نے کا مطالبہ کیا اور ایسا نہ کر نے کی صورت میں لڑکی کو جان سے مارنے کی بھی دھمکیاں بھی دیتارہا۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ اس سلسلے میں لڑکی کی ماں کی شکایت پر ایف آئی درج کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور متاثرہ لڑکی کا ڈاکٹری معائنہ کروایاجارہاہے ۔
 
 

سرکارعوامی مشکلات کے ازالہ کیلئے وعدہ بند: شیخ ناصر

کشتواڑ// محبوبہ مفتی کی سربراہی والی موجودہ سرکار کی طرف سے جاری بہبودی سکیموں کی سراہنا کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر کشتواڑایڈووکیٹ شیخ ناصر حسین نے کہا کہ پی ڈی پی عوامی مشکلات کے ازالہ کیلئے واعدہ بند ہے۔شیخ ناصر نے ان باتوں کا اظہار حلقہ اندروال کے پسماندہ دیہات ہوڑنہ دربیل میں پارٹی کارکنان سے ایک میٹنگ کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔ شیخ ناصر نے کہا کہ ریاست کی وزیر اعلیٰ نے حکومت کو صرف سیکریٹریٹ تک محدود نہ رکھتے ہوئے بذات خود عوام کے درمیان پہنچ کر ا ن کے مسائل سنے اور ان کا ازالہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے تمام خطوں کی یکساں ترقی کے ساتھ ساتھ پسماندہ علاقوں کی بہتر تعمیر و ترقی کیلئے سنجیدہ ہے۔ میٹنگ کے دوران کارکنان نے کئی مقامی مسائل بھی ابھارے جن میں سڑک رابطوں کی تعمیر ، سکولوں کا درجہ بڑھانے اور بجلی اور پینے کے پانی کی بہتر سپلائی کے مطالبات شامل تھے۔ شیخ ناصر نے کارکنان کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات متعلقہ حکام کی نوٹس میں لائیں جائیں گے اور ان کے پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے پارٹی کارکنان پرزوردیا کہ وہ عوام کے درمیان جا کر ان میں سرکار کی طرف سے جاری بہبودی سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔دیگر سینئر کارکنان میں ٹھاکر پورن چند، عطا محمد ڈار، راجندر کمار اور محمد عباس چپو نے بھی خطاب کیا۔
 
 
 

وزیر ٹرانسپورٹ نے کشتواڑ گائوں کے لوگوں کی شکایات سنیں

کشتواڑ//عوامی رابطہ مہم کے تحت ٹرانسپورٹ کے وزیرمملکت سنیل کمار شرما نے تریگام بلاک کے شراول گائوں میں ایک عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپ کی صدارت کی۔وزیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا اور ایس ایس پی ابرار چودھری بھی تھے ۔مقامی لوگوں نے دیہی ترقی سے متعلق کئی معاملات وزیر کے سامنے اُبھارے۔وزیر نے لوگوں کے مسائل بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل مرحلہ وار طریقے پر حل کئے جائیں گے ۔وزیر نے اس موقعہ پر عوامی مطالبے کے ردِّعمل میں شمشان گھاٹ تعمیر کرنے کے لئے 10لاکھ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
 
فوٹوDY CM            
بجلی سبھی کیلئے 
حکومت تمام دیہات کو بجلی فراہم کرنے کی وعدہ بند :نائب وزیر اعلیٰ 
جموں//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت وزیر اعظم کے ایک بڑے قدم ( پاور فار آل) کے تحت بجلی سے متعلق بنیادی ڈھانچے وقت پر مکمل کرنے کی وعدہ بند ہے ۔نائب وزیرا علیٰ پانچ اضلاع جن میں کشتواڑ ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ ، لیہہ اور کرگل کے اُن 53دیہات کو بجلی فراہم کرنے کا آغاز کر رہے تھے جنہیں اب تک بجلی فراہم نہیں کی گئی تھی۔کمشنر سیکریٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہردیش کمار، ایم ڈی جے کے پی ڈی سی شاہ فیصل ، ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ، انتظامیہ ، ائیر فورس اور آرمی کے سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔جے اینڈکے سٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے یہ پروجیکٹ آئی آئی ٹی مدراس کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ سولر پنلز کوچندی گڑھ سے ضلع کشتواڑ کے دور دراز اعلاقوں تک پہنچانے کے لئے انڈین ائیر فورس کی خدمات حاصل کی گئی ۔ان گائوں میں رہنے والے لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے سولر پنل ، انوٹیرس ، بیٹری اور 6 ایل ای ڈی بلب فی کنبہ فراہم کئے جارہے ہیں۔
 

بجلی شارٹ سرکٹ سے صارفین کے بجلی آلات خاکستر

واقعہ ٹرانسفارمر کی خرابی سے پیش آیا :متعلقہ حکام 

محمد تسکین 

بانہال // کھڑی کے سرن علاقے کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی کی لاپرواہی کی وجہ سے برقی تاروں میں 440 وولٹ کا کرنٹ آگیا جس کی وجہ سے جامع مسجد سرن سمیت درجنوں رہائشی مکانوں کی بجلی فٹنگ ، بلب ، سوچ بورڈ وغیر جل گئے اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگوں کو لاکھوں روپے کے نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ نئی لائین بچھانے کی وجہ سے علاقے میں بجلی کی فراہمی پچھلے کئی روز سے بند تھی اور منگل کے روز بجلی جب چھوڑی گئی تو سنگل فیز تھی اور بدھ کی صبح دس بجے جب بجلی دوبارہ آئی تو درجنوں گھروں میں بجلی تاریں جل گئیں اور بجلی بلب ، سوئچ بورڈ ، آٹوکٹ اور دیگر وائرنگ ناکارہ ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ جامع مسجد سِرن ، کھڑی کی مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے اور بجلی فٹنگ ، لائٹنگ سسٹم اور دیگر بجلی کا سامان جل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے رہائشی مکان اگ لگنے سے معجزاتی طور بچ نکلے ہیں۔ لوگوں نے اس معاملے میں محکمانہ تحقیقات اور معاوضہ کا مطالبہ کیا ۔ رابطہ کرنے پر انچارج ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ بجلی سب ڈویژن بانہال افتخار احمد وانی نے کہا کہ ابتدائی جانچ کے مطابق علاقہ سرن میں قائم ٹرانسفارمر میں خرابی انے کی وجہ سے یہ واقع رونما ہوا ہے اور ٹرانسفارمر کو بجلی کی سپلائی سے فی الحال منقطع کیا گیا ہے تاکہ کسی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہ خراب ٹرانسفارمر کی جانچ کی جارہی ہے۔ 
 
 

بانہال۔ منگت رابطہ سڑک 

وفد کی وزیر تعمیرات سے ملاقات ، جلد تکمیل کا مطالبہ 

محمد تسکین  
بانہال // بانہال – منگت رابطہ سڑک کے کام میں کی جارہی سست رفتاری کے معاملے پرمنگت کی عوام کا ایک وفد وزیر تعمیرات نعیم اختر سے جموں میں ملاقی ہوا۔ لوگوں نے وزیر کو بتایا کہ پرائم منسٹر گرامین سڑک یوجنا کے تحت بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کا کام آٹھ سال پہلے شروع کیا گیا لیکن کئی ڈیڈ لائینوں کے باوجود بھی کام کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے پچھلے سال اکتوبر کے مہینے میں اپنے دورہ رام بن کے دوران لوگوں کے ایک وفد کو یقین دلایا تھا کہ پی ایم جی ایس وائی کے حکام اس سڑک کو دسمبر 2017 تک مکمل کرینگے لیکن مارچ کا مہینہ ختم ہونے کا آیاہے لیکن پی ایم جی ایس وائی کے افسران اس سڑک کو مکمل کرنے میں ابھی تک ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزیر کو بتایا کہ علاقہ منگت ، کڈجی اور بجناڑی وغیرہ کے ہزاروں لوگ سڑک رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے ابھی بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور لوگوں کو ابھی بھی روزمرہ کے کام نپٹانے کیلئے کئی میلوں کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے۔ وفد میں شامل منگت کے لوگوں کو وزیر تعمیرات نعیم اختر نے یقین دلایا ہے کہ بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے پی ایم جی ایس وائی کے متعلقہ افسروں اور ڈپٹی کمشنر رام بن کو جوابدہ بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں موقعہ پر ہی ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن اور چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی کو سڑک مکمل کرنے کیلئے ضروری ہدایت جاری کی گئی ہیں تاکہ منگت کی آبادی کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وفد میں عبدالغنی لون ، غلام نائیک ، ماسٹر علی محمد لون ، محمد یوسف نائیک ، بشیر احمد اور غلام قادر کوٹے شامل تھے ۔  
 

ٹھاٹھری کو بھی ضلع کادرجہ دینے کا مطالبہ 

ڈوڈہ //ضلع راجوری کی نوشہرہ تحصیل کو علیحدہ ضلع کادرجہ دینے کی مانگ پر کی جارہی ہڑتال کے پس منظر میں ضلع ڈوڈہ کے سب ڈویژن ٹھاٹھری نے بھی سب ڈویژن کا درجہ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ٹھاٹھری ڈیولپمنٹ فرنٹ ضلع ڈوڈہ کے ممبران نے ریاستی سرکار سے کوٹرنکہ، بسوہلی، بلاور،بھدرواہ ،نوشہرہ ،سندر بنی اور کالاکوٹ کے طرز پر سب ڈویژن ٹھاٹھری کادرجہ بھی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ممبران نے بی جے پی۔ پی ڈی پی مخلوط سرکار کی جانب سے مستحق سب ڈویژنوں کو نظر انداز کرکے غیر مستحق سب ڈویژنوں کا درجہ بڑھانے کا مبینہ الزام لگایا ۔انہوں نے الزام لگایا کہ ایسے انتظامی یونٹوں کا درجہ بڑھانے کی کوئی ٹھوس پالیسی نہیں اور ایسی پالیسیاں متعدد سیاسی لیڈران کے سیاسی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے عمل میں لائی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ موجودہ مخلوط سرکار نے سابقہ سرکاروں کی جانب سے غیر ضروری وغیر جوازیت کاروائیاں انجام دینے کا ریکارڈ کو بھی پار کیا ہے۔
 
 
 

کشتواڑ میںمصوری کا مقابلہ 

کشتواڑ/ / ضلع کے چیر جی علاقہ کے گورنمنٹ ہائی سکول دیدنہ میں فوج کی جانب سے مصوری مقابلہ منعقد کیا گیا ۔تقریب منعقد کرنے کا مقصد نئی نسل کے نوجوانوں میںاپنے تصور کو عملی شکل دینے کا موقعہ فراہم کرنا تھا ۔اس مقابلے کا عنوان “Create with heart, build with the mind”تھا ،جس میںکل  75طلاب نے شرکت کی جن میں سے 32طلبا اور43طالبات تھیں۔طلاب نے اپنے ہنر کا استعمال کرکے ایک جدید اور ترقی پسند ریاست کا تصور پیش کیا۔
 
 
 

محکمہ صحت کے ڈرائیوروں کی تنظیم تشکیل

 ایم ایم پرویز

رام بن//ضلع رام بن کے محکمہ صحت کے ڈرائیوروںکی ضلع باڈی تشکیل دی گئی ہے۔اس سلسلہ میں صوبائی صدر جتیند رسنگھ کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد ہواجس دوران ڈرائیوروں نے اتفاق رائے سے باڈی تشکیل دی ،جس کے مطابق رام لال کوضلع صدر ،جمیل احمد کو نائب صدر، نذیر احمد کو چیئر مین، امرجیت سنگھ کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔اسی طرح سے سریش کمار،نور خان،نریندر سنگھ اور پوریز احمد کو باالترتیب بٹوت ،بانہال، اُکھڑال اور گول کے لئے بطور بلاک صدر نامزد کیا گیا۔اس موقعہ پر صوبائی صدر کو ضلع میں محکمہ صحت کے ڈرائیوروںکو درپیش مسائل جیسے کہ رہائش گاہ کا انتظام ،کواجاگر کیا ۔اجلاس کے دوران ایس آر او 202کو کالعدم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تاکہ نو منتخبہ ملازموں کو انکے ساتھیوں کے برابراُجرت حاصل ہو۔نو منتخب تنظیم کو مبارک باد دیتے ہوئے سی ایم او ڈاکٹر سیف الدین خان اور میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر دھرم ویر سنگھ نے نیک خواہشات کا ااظہار کیا۔
 

 شری چونڈ ماتا یاترا سمیتی کلہانڈ ڈوڈہ کی میٹنگ 

محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ// ڈوڈہ میں شری چونڈ ماتا یاترا سیمتی کلہانڈ ڈوڈہ کی ایک میٹنگ صدر سمیتی مکھن لال شرما ،وپن شرما چیئرمین کی صدارت میں شیو مندر نگری ڈوڈہ میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں یاترا کے متعلق مختلف پہلو پر گفت شنید ہوئی جس میں شیا دھار چونڈ ماتا مندر، ٹرنک دھار چونڈ ماتا، تھاوا کلہناڈ چونڈ ماتا مندر، اور شیو مندر نگری ڈوڈہ میں پینے کے پانی کی سہولیت، کھانے کے انتظامات و دیگر بنیادی سہولیت کے انتظامات کے بارے میں غور و خوض کیا گیا اس کے علاوہ ماہ جون میں  یاترا کو پْرامن  طریقہ سے منعقد کرنے کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی یاترا 25 جون سے 30 جون تک مذکورہ  مندروں سے ہو کر اختتام ہو گی۔تمام حاضر ممبران نے صدر کے کام کاج پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایک ہی آواز میں تمام مسائل کا حل تلاش کیا۔میٹنگ میں ممبران نے یاترا سے متعلق پروگرام کو عنقریب منعقد کرنے کا فیصلہ لیا۔