سی آر پی ایف کا یوم شجاعت
بھدرواہ کی صفائی وستھرائی کیلئے مہم کا آغاز
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //سنٹرل ریزرو پولیس فورس نے پیر کے روز یوم شجاعت منانے کیلئے شہیدوں کے اہل خانہ کو سہولیات دینے اور سوچھ بھارت مشن کے تحت گرلز اسکول نچلاتھارا ،بھدرواہ میں صفائی مہم کا اہتمام کیا ۔سی آر پی ایف کی 33ویں بٹالین نے گُجرات بارڈر پر ’’سردار پوسٹ‘‘ کی جنگ ،جو1965 میں لڑی گئی تھی، جس میں سی آر پی ایف کی دو کمپنیوں نے پاکستان کے بریگیڈ سطح کے حملہ کو پسپا کردیا تھا اور اسکے34 سپاہیوں کو مار ڈالا تھا ۔اس کی یاد میں بھدرواہ میں پیر کے روز اپنا ’’یوم شجاعت‘‘ منایا ۔اس جنگ میں سی آر پی ایف کے 6 بہادر سی آر پی ایف اہلکاروں نے اپنے جان کی قربانی پیش کی تھی، جن کو نذرانہ عقیدت ادا کرنے کے لئے اُن بہادر شہیدوں کے کارناموں کو یاد کیا گیا اور انکے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اس موقعہ پر شہیدوں کے اہل خانہ کی عزت افزائی کی گئی،جس کے بعد ایک صفائی وستھرائی مہم منعقد کی گئی جس میں سکول کے ہیڈ ماسٹر فردوس احمد وانی کے علاوہ سٹاف ممبران ، طلاب، سی آر پی ایف کے جوانوں اورافسروں نے بھی شرکت کی۔سکول کے ہیڈ ماسٹر اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔ سی آر پی ایف 33ویں بٹالین کے انچارج کمانڈنٹ نیرج تیاگی نے تقریب کی صدارت کی۔تقریب اور صفائی ستھرائی کی مہم میں شرکت کرنے والوںمیںساہل گپتا اور جوزف ہریمی بھی شامل تھے۔
ڈوڈہ کانگریس کاسرکار کے خلاف احتجاج
طاہر ندیم خان
ڈوڈہ //عام آدمی کے جان و مال کو تحفُظ دینے میں مبینہ ناکام رہنے اور فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے ملک میں منافرت پھیلانے کے خلاف ضلع کانگریس کمیٹی ڈوڈہ نے بی جے پی کی این ڈی اے والی سرکار کے خلاف یک روزہ بھوک ہڑتال کیا۔ایم ایل سی نریش گپتا کی قیادت میں ضلع کانگریس کمیٹی ڈوڈہ نے پیر کے روز ایک زور دار احتجاجی مُظاہرہ کیا۔ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کارکناں اولڈ بس اسٹینڈ ڈوڈہ کے پاس اکٹھا ہوئے اور ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ریلی کا مقصد ملک بھی میں آپسی رواداری کو فروغ دینا تھا ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریش گپتا نے 2اپریل2018 کے بھارت بند احتجاج کے دوران ہوئے تشدُد پر دکھ کا اظہار کیا،جہاں پر قوم دشمن طاقتوں نے ایس سی/ایس ٹی پُر امن مظاہرہ پر تشدد کیا ۔ ریلی میں ایک ہزار سے زائد کارکناں نے شرکت کی، جس سے کانگریس کے سینئر عہدہ داروں نے خطاب کیا۔ریلی سے ایم ایل سی شام لعل بھگت، عرفی مجید، شیخ مجیب علی، شبیر خان ، ہنس راج کوتوال، جاوید ملک، حنیف شاہ، آصف گٹو، اصغر خان ، وسیم گنائی ،ناصر کے شاہ، گوری عل ،راج کمار،جاوید لون ،مدثر بانڈے نے بھی خطاب کیا۔اس موقعہ پر نریش گپتا نے ضلع انتظامیہ کو اپوزیشن کے ساتھ احسن برتائو کرنے کو کہا اور مبینہ الزام لگایا کہ ضلع میں زمینی سطح پر ترقی کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔.
یوتھ ایمپلائمنٹ گائیڈنس نوڈ
تربیت پانے والوں میں کٹس تقسیم
کشتواڑ//فوج کی جانب سے یوتھ ایمپلائمنٹ گائیڈنس نوڈ کے تحت ضلع کشتواڑ کے ٹیلرنگ تربیت ،پرسنلٹی ڈیولپمنٹ کی تربیت اور جنرل ڈیوٹی کورسز کی معاونت کے لئے مطلوبہ آلات ، کچے مال اور اسٹیشنری کے کٹس تقسیم کئے ۔ ضلع کے دور دراز علاقوں سے کل ملاکر 30 نوجوان بشمول مرد و زن سکل ڈیولپمنٹ کونسل سرٹیفکیٹ کورس میں تربیت پا رہے ہیں۔کورس کا آغاز 5اپریل سے ہوا ۔انڈین آرمی مختلف سماجی بہبودی کی کاموں میں ملوث رہتی ہے جسکا مقصد نوجوانوں اور خواتین کو خود روزگار کمانے کے قابل بنانا ہے۔
سڑک حادثہ میں خاتون زخمی
محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں ڈاک بنگلہ کے نزدیک جموں سے سرینگر جانے والی ایک سی آر پی ایف بس کی زد میں آکر ایک خاتون زخمی ہوئی ہے ،جسے ایمرجنسی ہسپتال بانہال میں بھرتی کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظہ بیگم عمر 55 زوجہ مرحوم غلام حسین ساکنہ کھارپورہ ، بانہال شاہراہ کے کنارے پیدل چل رہی تھی کہ وادی کشمیر کی طرف جانے والی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس نمبر JK-02AT/ 6898 نے ٹکر ماری، جس کی وجہ سے خاتون زخمی ہوگئی اور اسے فوری طور پر مقامی لوگوں کی مدد سے بانہال ہسپتال پہنچایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون کا دائیاں بازو زخمی ہوا ہے۔ بعد معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیا گیا اور خاتون کو ہسپتال سے جانے دیا گیا۔
مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام ،2گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن //سنگلدان پولیس نے مویشیوں کی سمگلنگ کی ایک کو شش ناکام بنا کر 2 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق سنگلدان پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر سیدی دھرام کے مقام پر ایک خصوصی ناکہ لگایا اور 2 مبینہ ملزمان کو 9مویشیوں(6 گائے اور3 بیل) کے ہمراہ گرفتار کیا جنھیں وہ بانہال کی جانب بغیر کسی جائز اجازت نامہ کے پیدل لیجا رہے تھے۔گرفتار شدگان کی پہچان محمد شفیع ولد غلام احمد میر ساکنہ ڈالوا اور مشکور احمد ولد عبدالرشید ساکنہ گول کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر28/2018 تحت سی آر پی سی188گول پولیس اسٹیشن میں درج کیا ہے۔پولیس کے مطابق قومی شاراہ پر مویشیوں کی سمگلنگ کو روکنے کے لئے کئے گئے سخت اقدام کے بعد سمگلروں نے باناہل کے لئے لنک روڈ کا استعمال کیاجاتا تھا ، جس پر ایس ایچ او سنگلدان پولیس اسٹیشن کو لنک روڈوں پر خصوصی ناکہ لگانے کی ہدایت دی گئی تھی ،جس کے تحت پولیس نے ان دو مبینہ سمگلروں کو گرفتار کیا ۔
رام بن میں کانگریس کا احتجاجی دھرنا
ایم ایم پرویز
رام بن //کانگریس کی قومی لیڈرشپ کی جانب سے جاری کئے گئے احتجاجی پروگرام کے تحت ضلع کانگریس کمیٹی نے رام بن میں ریاستی و مرکزی سرکار کے خلاف ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا ۔پارٹی کارکنوں کے ایک گروپ نے زیر قیادت پارٹی صدر ارون سنگھ راجو اور سابقہ ایم ایل اے ماسٹر اشوک کمارضلع ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس میں دھرنا دیا ۔وہ ایس سی/ایس ٹی اور دیگر پسماندہ طبقوں کی ترمیمی ایکٹ کے خلاف سرکار مخالف نعرے بلند کر رہے تھے۔مظاہرین نے میترا کے لئے متبادل سڑک کا مطالبہ کیا ،جو فور لین پروجیکٹ کی وجہ سے خراب ہوگئی ہے۔مظاہرین نے کہا کہ ریاستی پی ڈی پی۔ بی جے پی مخلوط سرکار لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ہر محاذ پر ناکام رہی ہے اور زمینی سطح پر کوئی ترقی نہیں دکھائی دے رہی ۔انہوں نے ریاستی و مرکزی سرکار کی جانب سے مختلف طبقات کے درمیان مبینہ خلیج پیدا کرنے کی بھی مذمت کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ ایم ایل اے نے ضلع میں مقامی نوجوانوں کو جاری ترقیاتی پروجیکٹوں میں روز گار نہ دلانے کی بھی نکتہ چینی کی۔مظاہرین سے پارٹی کے متعدد لیڈران نے خطاب کیا۔
کشتواڑ میں آوارہ مویشیوں پر قدغن کی اپیل
کشتواڑ//قصبہ میں آوارہ مویشیوں کی مٹر گشتیوں پر قدغن لگائے جانے کی مانگ کرتے ہوئے پبلک اوئر نیس فرنٹ نے ضلع انتظامیہ بالخصوص میونسپل کمیٹی پر زور دیا ہے کہ وہ قصبہ میں پھاٹک قائم کر کے آوارہ مویشیوں کو بند کریں تا کہ ان سے پھیلنے والی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں فرنٹ صدر شاکر صدیقی نے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی قصبہ میں صحت صفائی قائم رکھنے میں ناکام رہی ہے اور آوارہ گھومنے والے مویشی مزید گندگی پھیلا رہے ہیں جس پر قابو پایا جانا لازمی ہے ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اس سلسلہ میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
سرپنچ ایسو سی ایشن صدر نے ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//سرپنچ ایسو سی ایشن کشتواڑ کے صدر نے گزشتہ دنوں علاقہ پلمار میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ پریس کے لئے جاری ایک ریلیز کے مطابق انہوں نے سینا بھتی پلمار میں مین روڈ سے دولت رام کے گھر تک تعمیر کئے جانے والے پکے راستہ اور وارڈ نمبر 6میں منریگا کے تحت تعمیر کئے جانے والے دیگر کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مانگ کی ہے کہ تمام ترقیاتی کاموں کا معیار قائم رکھتے ہوئے انہیں مقررہ معیاد کے اندر مکمل کیا جائے تا کہ اس کا لوگوں کا استفادہ ہو سکے ۔ انہوں نے محکمہ دیہات سدھار پر بھی زور دیا ہے کہ وہ منریگا کے تحت اجرتوں کی بر وقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تا کہ علاقہ ہذا کے غریب اور محنت کش عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ایس ڈی ایم مہور کی کاروائی
جی آر ایس معطل،تنخواہ بند
مہور /زاہد ملک//ایس ڈی ایم مہور یاسین چودھری نے ایک شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے جی آر ایس لاڑھ قیوم کو معطل کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق دفتر ہذا کو مذکورہ شخض کے خلاف ایم جی نریگا کاموں کی ادائیگی میں شکایات موصول ہوئی تھیں۔شکایات میں مزید مبینہ الزام لگایا گیا تھا کہ مذکورہ اہلکار ان سے اپنے ذاتی رہائش کی تعمیرکیلئے تعمیراتی میٹیریل کی شکل میں رشوت کا بھی مطالبہ کر تا تھا ۔ایس ڈی ایم نے مذکورہ اہلکار کو معطل کرکے تنخواہ روک دی ہے۔مذکورہ اہلکار کو ایس ڈی ایم کے پاس دو دنوں کے اندر ا ندر اپنے آپ کو پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔