مزید خبرں

کولگام میں11اینٹ بٹھ سربمہر

خالدجاوید
 
کولگام//ڈپٹی کمشنرکولگام نے حبلش اور دیوسرعلاقوں کے دورہ کے دوران چار اینٹ کے بٹھے مقفل کئے ۔اینٹ کے یہ بٹھے بغیرلائسنس کام کررہے تھے۔مابعد ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پرمحکمہ مال،محکمہ خوراک ورسدات اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے دیگر کئی اینٹ بٹھوں کا معائنہ کیااورحکومت کی طرف سے اینٹوں کی مقررہ قیمتوں پرعملدرآمد کاجائزہ لیا۔معائنہ ٹیم نے مزید سات اینٹ بٹھوں کودیوسراور حبلش میں سربمہر کیاجوبغیر لائسنس کام کرررہے تھے اور اینٹوں کی زیادہ قیمتیں وصول کررہے تھے۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے مشترکہ ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ ناجائزاینٹ بٹھوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں اور بغیر لائسنس اور زیادہ قیمتیں وصولنے والے بٹھوں کو سیل کریں۔
 
 
 
 

ریاستوں کو جنگی بنیادوں پر ویکسین فراہم کئے جائیں:کانگریس

سرینگر//جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے بدھوار کو مرکز پرزوردیا کہ وہ ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کو کووِڈ – 19ویکیسن مہیا کریں اورجنگی بنیادوں پر تمام عمر کے لوگوں کی ٹیکہ کاری کو یقینی بنائیں ۔پردیش کانگریس کمیٹی نے یہ بھی کہاکہ ویکسین خریدنے اور مہیا کرنے کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے ۔پارٹی صدر غلام احمد میرنے ویکسینوں کی قلت پرتشویش کاظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو مرکز کے اُس رویہ پرتشویش ہے جو وہ کورونا وباء کو قابو کرنے کیلئے اختیار کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے ویکسینوں کی قلت پر فوری طور قابو پانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہی اس صورتحال سے نجات ملے گی جس کا اس وقت ریاستوں کو سامنا ہے۔میر نے کہا کہ اس عمل میں مزید تاخیر سے لوگوں کو اور زیادہ خطرہ ہوگاجس کا کہ لوگوں کو خوف ہے ۔میر نے مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ ویکسینشن پروگرام پر اپناموقف صاف کریں۔
 
فوت ہوئے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو70لاکھ کی امداد
سرینگر//دوران ڈیوٹی فوت ہوئے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کوزیادہ سے زیادہ مدد دینے کی دوڑدھوپ میںجاری رکھتے ہوئے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے70لاکھ روپے کی امداد امنظور کی ہے۔بیس بیس لاکھ کی خصوصی بہبودی امدادسارجنٹ محمد یونس اور سارجنٹ ظہوراحمد کے لواحقین کو دی گئی جو دوران ڈیوٹی بیماری کی وجہ سے فوت ہوئے۔ایک ایک لاکھ روپے کی رقم اس سے قبل متعلقہ یونٹوں کی طرف سے متوفین کے گھروالوں کو ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے ادا کی گئی ہے۔ مالی امداد پولیس کے کنٹری بیوٹری فنڈ سے ادا کی گئی ۔اس کے علاوہ ایس پی اولیاقت علی ،پروین کمار،امیتیازاحمدوانی،محمدسروراور اروندکمارکے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی رقم خاص امدادکے طور منظور کی گئی۔پچاس پچاس ہزار روپے کی رقم پہلے ہی متعلقہ یونیٹوں نے ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے ان کے گھروالوں کے دیئے ہیں ۔
 
 
 

ژالہ باری متاثرین کی امداد کی جائے:نیشنل کانفرنس 

سرینگر// نیشنل کانفرنس نے شمال و جنوب میںتباہ کن ژالہ باری سے ہوئے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل باد وباراں اور ژالہ باری سے میوہ باغات اور فصلوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔پارٹی کے ضلع صدور قیصر جمشید لون، جاوید احمد ڈار،حاجی عبدالاحد ڈار، عبدالمجید لارمی اور الطاف احمد وانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ژالہ باریاور تیز آندھی کے ساتھ ساتھ موسلا دار بارشوں سے میوہ باغات میں قہر مچ گیا اور سبزیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ان لیڈروں نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں،محکمہ مال،باغبانی اور محکمہ زراعت کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثر مالکان باغات اور دیگر متاثرین کے حق میں فوری امداد پہنچانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
 

ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام کی ٹریڈرس ایسو سی ایشن سے ملاقات 

کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے منی سیکریٹریٹ میں تاجر انجمن کولگام کی میٹنگ کی صدارت کی۔یہ میٹنگ ضلع میں جزوی طور پرغیر مقفل کرنے کے حکم کے بعد طلب کی گئی تھی اور اِس میں اے ڈی سی ، اے سی آر ، ڈی ایس پی ۔ ایچ کیوکے علاوہ ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے صدر اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔دورانِ میٹنگ ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے ممبران کو وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے مارکیٹوں میں ایس او پیز عمل پیرا رہنے اور رہنما اصولوں کو یقینی بنانے میں ان کے رول سے آگاہ کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے انہیں اِنتظامیہ کی طر ف سے جاری کردہ دکانوں اور کاروباری اداروں کے کھولنے کے روسٹر پر بھی سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ مارکیٹوں میں غیر ضروری رَش میں کمی یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کہ وہ کووِڈ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے ایس او پیز اور رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کریں گے۔ڈاکٹر بلال نے ضلع کے تمام شراکت داروں سے تعاون کی خواہش ظاہر کی اور 45 برس سے زیادہ عمر کے ہر فرد پر زور دیا کہ وہ کووِڈ ۔19 حفاظتی ٹیکے جلد از جلد لگائیں۔
 

منشیات مخالف مہم

کوکرناگ اوربڈگام میں 3افرادگرفتار

سرینگر//پولیس نے اننت ناگ اوربڈگام اضلاع میں منشیات مخالف مہم کے دوران بڑی مقدارمیں نشہ آورادویات کوضبط کیا جبکہ تین افرادکی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور2 گاڑیوں کوضبط کیا ۔ کوکرناگ میں پولیس نے ہانگل گنڈ کے مقام پر ایک گاڑی زیر نمبرJK03E-4284کی تلاشی لی، تلاشی کے دورانگاڑی سے کوڈین فاسفیٹ کی کئی بوتلیں برآمدکی گئیں۔پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور عبد المجید میر ساکن ہاکھورا بدسگام کو گرفتار کر لیا۔اس دوران بڈگام پولیس نے دو افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے 198بوتلیں کوڈین فاسفیٹ برآمدکیںاور گاڑی کو ضبط کرلیا۔بڈگام پولیس نے دُرباغ چاڈورہ کے قریب ایک ناکہ قائم کیا۔ ناکہ پارٹی نے چیکنگ کے دوران ایک سینٹرو کار زیر جسٹریشن نمبرJK04B-3653کی چیکنگ کی جس میں2افراد سوار تھے۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے198 کوڈائن فاسفیٹ بوتلیں برآمد کی گئیں۔ دونوں کو موقع پرہی گرفتار کیا گیا اور آمدورفت کے لئے استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ۔
 

راجوری میں ’گدا گر‘ خاتون کے گھر سے لاکھوں روپئے برآمد

سرینگر//جموں کے راجوری علاقے میں انتظامیہ نے ایک خاتون گدا گر کے رہاشی مکان سے لاکھوں روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ مذکورہ خاتون کے رہائشی مکان کی مرمت اور چھت لگانے کے لئے رہائشی مکان کا دورہ کرنے کے لئے پہنچی تو وہاں انہوں نے مکان کے اندر سے مختلف ڈبوں میں رکھے گئے لاکھوں روپئے کے کرنسی نوٹ برآمد کئے۔ مدد کی غرض سے گئے افسران لوکھوں روپئے دیکھ کر حیران رہ گئے۔ضلع انتظامیہ نے نائب تحصیلدار کی سربراہی میں ضعیف العمر خاتون کی جانب سے جمع کئے گئے پیسوں کی گنتی کے لئے ٹیم تعینات کردی ہے۔نائب تحصیلدار کی سربراہی میں ٹیم مذکورہ خاتون کی جانب سے گداگری کے دوران جمع کیے گئے نوٹوں کی گنتی کررہی ہے۔ آخری اطلاعات ملنے تک دو لاکھ روپئے سے زیادہ کی گنتی کی گئی تھی جبکہ گنتی کا کام جاری ہے اور مذکورہ خاتون کسی امداد کی مستحق نہیں بلکہ دوسروں کو امداد کرنے کے قابل ہے۔انتظامیہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں گداگری ایک پیشہ بن گیا ہے اور ایسے عناصر کی وجہ سے وہ لوگ بھی امداد سے محروم ہوجاتے ہیں جو اس کے مستحق ہوا کرتے ہیں۔کے این ایس
 

کشمیری زبان میں قرآن پاک کاترجمہ

 آڈیو فارمیٹ میں دستیاب

سرینگر//میر واعظ فائونڈیشن نے اطلاع دی ہے کہ بیان الفرقان آڈیو فارمیٹ میں تمام اہم آڈیو اسٹریمنگ پر اپ لوڈ کیا جاچکا ہے۔ لوگ  کشمیری زبان میں قرآن پاک کاترجمہ سننے کے لئے آسان رسائی کی سہولت فراہم ہوگی۔واضح رہے کہ اس سے کشمیر اوربیرون کشمیرمقیم کشمیریوں کے استفادہ کیلئے آڈیو کمنٹری کا فریضہ میر واعظ محمد احمد نے انجام دی ہے۔
 

سیاحت سے جڑے لوگوں کی ٹیکہ کاری میں تیزی لائی جائے:رفیع میر

سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری فیع احمد میر نے ضلع اننت ناگ میں انسداد ِ کووڈ انتظامات اور اِس حوالہ سے کئے گئے اہم اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ضلع کادورہ کرنے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا خیر مقدم کیا ۔ ایک بیان میں میر نے کہاکہ ضلع اننت ناگ کے لوگ کووڈ کے پھیلاؤ کی روکتھام کے لئے ضلع سول اور پولیس انتظامیہ کے اقدامات سے مطمئن ہیں اور تیزی کے ساتھ ٹیکہ کاری مہم قابل ِ ستائش ہے۔ انہوں نے مشورہ دیاکہ سیاحتی مقام پہلگام پر سیاحت سے جڑے اسٹیک ہولڈرز کی صد فیصد ویکسی نیشن کی جائے تاکہ مرحلہ وار طریقہ سے مقامی سیاحت سے وابستہ افراداپنا کاروبار شروع کر سکیںکیونکہ پہلگام میں معیشت کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ہوٹلوں کو کھولنے کے لئے قابل ِ عمل رہنما خطوط اپنائے جائیں تاکہ سیاح آئیں اور پہلگام میں مقامی معیشت بہتر ہوسکے۔
 

پہلگام میں آگ ، 2رہائشی مکانات خاکستر

سرینگر//لیور پہلگام میں آتشزدگی کی ایک واردات میں2مکانات خاکستر ہوگئے۔ محمد شفیع اور ریاض احمد پسران غلام محمد گنائی کے مکان میں سلنڈر سے گیس کا اخراج ہوا اور آگ ظاہر ہوئی۔ آگ لگتے ہی گیس سلنڈر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا اور آگ کے شعلے بلند ہوگئے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائرسروس عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایاگیا۔ آتشزدگی میں لاکھوں روپے کا مال و اسباب جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔
 
 

چرار شریف حادثہ، ملزم گرفتار

سرینگر// بڈگام میں پولیس نے ایک معاملہ کو حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ملوث ڈرائیور کو گرفتار کیاہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق 30مئی کوفتلی پورہ چرار شریف میںایک نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل پر نوجوان کو ٹکر مارا اور ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی زخمی نوجوان کو صدر ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ بیٹھا۔ پولیس نے معاملہ کی تحقیقات کی اورگاڑی کی تلاش شروع کی۔ پولیس نے فرار ہوئے ڈرائیور کی شناخت جہانگیر احمد ڈار ولد محمد شعبان ڈار ساکن وشروئی شوپیاں کے بطور کی۔ ملزم  کو گرفتار کرکے گاڑی کو ضبط کیاگیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ 
 

نیلہ نجون کنگن میں عمارتی لکڑی ضبط

غلام نبی رینہ
کنگن//فارسٹ پروٹکشن فورس نے نیلہ نجون کنگن میں عمارتی لکڑی ضبط کی گئی۔فارسٹ پروٹکشن فورس نے سندھ رینج کنگن کے نیلہ نجون میں ایک مصدقہ اطلاعات ملنے پر 28مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کی ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورس مامر کنٹرول رول محمد یونس کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نیلہ نجون میں یہ عمارتی لکڑی ضبط کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔